Tag: punjab bar council

  • ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر پر ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کرنے والی خواتین گرفتار

    ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر پر ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کرنے والی خواتین گرفتار

    لاہور: ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر پر ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کرنے والی خواتین گرفتار ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ممبر پنجاب بار کونسل منیر بھٹی کے گھر ہونے والی ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کی 3 ملزم خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔

    منیر بھٹی کے گھر پر ڈکیت خواتین نے واردات میں ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹے تھے، اور ملازم کو قتل کر دیا تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق منیر بھٹی اہل خانہ کے ہمراہ گھر واپس لوٹے تو گھریلو ملازم کی پھندا لگی لاش ملی، اور گھر سے ‏ڈیڑھ کروڑ روپے کے طلائی زیورات غائب تھے۔

    سی آئی اے کینٹ پولیس نے 30 ‏گھنٹوں میں ملزمان کو ٹریس کر کے بسمہ زوہن، امبرین اور کویتا مسیح کو دھر لیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ خواتین ملزمان ڈکیتی کے لیے گھر میں داخل ہوئیں، سی سی ٹی وی کیمرے بند کیے، اور مزاحمت کرنے ‏پر ملازم کو گلا دبا کر قتل کر دیا، پولیس نے مال مسروقہ، طلائی زیورات، گھڑیاں، چوری کی گئی کلاشنکوف بھی برآمد کر لی۔

  • اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف

    لاہور: پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے سیکریٹری پنجاب بار کونسل اشرف راہی کے قتل میں ملوث ایک قریبی رشتے دار کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے رشتہ دار بلال کے زیورات لاکر میں رکھوائے تھے، لیکن پھر اس نے زیورات نکلوا کر غائب کر دیے اور رشتہ دار کو جعلی زیورات دے دیے۔

    پولیس حکام کے مطابق دھوکا کرنے اور جعلی زیورات دینے پر رشتہ دار بلال نے کرائے کے قاتلوں کی مدد سے اشرف راہی کو قتل کیا۔

    سیکریٹری پنجاب بار کونسل کو قتل کر دیا گیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے بادامی باغ کے علاقے میں پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری کو قتل کر دیا گیا تھا، وہ اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ ان پر دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے۔

  • پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب بار کونسل پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کے لیے وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انکوائری کے لیے طلب کرنے پر مشتعل وکلا نے نامعلوم افراد کے ساتھ لاہور میں پنجاب بار کونسل کے دفتر پر دھاوا بول دیا، بار کونسل میں توڑ پھوڑ اور خوف و ہراس پھیلانے پر 8 وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس نے وکلا کے خلاف سول لائن تھانے میں سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، مقدمے میں دہشت گردی، جان سے مارنے کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل ہیں۔

    مقدمے میں نامزد کیے گئے ملزمان میں 2 خواتین سمیت 8 افراد شامل ہیں، نامزد ملزمان نے پنجاب بار کونسل کے عملے سمیت دیگر افراد پر تشدد کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی۔

    ملزمان کو سوشل میڈیا پر ججز اور وکلا سے متعلق تضحیک آمیز پوسٹ اپلوڈ کرنے پر طلب کیا گیا تھا، مقدمہ سیکریٹری پنجاب بار کونسل اشرف راہی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔

    مقدمہ متن کے مطابق مسلح ملزمان نے پنجاب بار کونسل انکوائری کی درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دیں، ملزمان نے پنجاب بار کے اسٹینو، سیکشن آفیسر اور دیگر عملے کو یرغمال بنایا، پولیس کی مداخلت کے بعد ملزمان کی گرفت سے تمام افراد کو بازیاب کرایا گیا۔

    پولیس نے حملے میں ملوث ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لیا، مقدمے میں عامر، ندیم، نسرین چوہان، حنا رحمان، کرامت، ساجد، علی نفیس اور مختار نامزد کیے گئے ہیں۔

  • فیصل آباد : فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف پنجاب بار کونسل کی سخت کارروائی

    فیصل آباد : فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف پنجاب بار کونسل کی سخت کارروائی

    فیصل آباد : پنجاب بارکونسل نے ضلع کچہری میں گزشتہ دنوں وکلاء  گروپوں کے مسلح تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ میں ملوث وکلاء کا لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں پریکٹس سے بھی روک دیا، بارکونسل نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تین اپریل کو ہونے والے وکلاء کے دوگروپوں میں تصادم کا پنجاب بارکونسل نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بارکونسل نے گزشتہ روز فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار وکیل لیاقت جاوید اور اس کے3وکیل بیٹوں کا لائسنس معطل کردیا ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت چاروں وکیل باپ بیٹوں کو وکالت کی پریکٹس سے بھی روک دیا گیا، سیکریٹری پنجاب بار کونسل نے لائسنس معطلی کا مراسلہ جاری کردیا۔

    پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی13اپریل کو معاملے کی مزید سماعت کرے گی، یاد رہے کہ فیصل آباد کی ضلع کچہری میں3اپریل کو ہونے والے جھگڑے پر ملزمان نے وکیل محمد حسین پر تشدد اور فائرنگ کی تھی، تھانہ کوتوالی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، پنجاب بارکونسل

    الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، پنجاب بارکونسل

    لاہور : پنجاب بار کونسل نے قومی سلامتی اداروں کے خلاف بیان بازی پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    پاک فوج کے خلاف الطاف حسین کے بیان پر پنجاب بار کونسل کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس کی صدارت وائس چیئرمین فرخ اعجاز بیگ نے کی۔

    پنجاب بارکونسل کے اجلاس میں الطاف حسین کےخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ پنجاب بار کونسل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی جائے۔

    فرخ اعجاز بیگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج کےخلاف کسی قسم کی بیان بازی برداشت نہیں کریں گے اور سب پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • پنجاب بارکونسل کے انتخابات، پولنگ جاری

    پنجاب بارکونسل کے انتخابات، پولنگ جاری

    لاہور: پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے حوالے سےپولنگ کا عمل جاری ہے، صوبے بھر سے پچھتر نشستوں کے لیے تین سو ساٹھ امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

    پنجاب بار کونسل کے انتخابات صوبے بھر میں منعقد کیے جارہے ہیں جس کے لیے دو سو اٹھائیس پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں اکیاسی ہزار وکلاء اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں ۔

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب انتخابات کے لیے ریٹرننگ آفیسر جبکہ سیشن جج پریزائیڈنگ افسران کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں،، پنجاب بار کے انتخابات کے موقع پر عدالتی تعطیل کی گئی ہے جس کی وجہ سے مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی ۔

    لاہور کی سولہ نشستوں کے لیے انہتر امیدوار میدان میں ہیں جس کے لیےہائیکورٹ میں پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گٗئے ہیں۔

    انتخابات کے لیے وکلاء کو ہی عدالت میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں،، پنجاب بار کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شام پانج بجے تک جاری رہے گا جس کے بعد ایڈووکیٹ جنرل انتیس نومبر کو حتمی نتائج کا اعلان کریں گے۔