Tag: Punjab by-polls

  • ہم نے کسی کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نہیں نکالا، پنجاب الیکشن کمشنر

    ہم نے کسی کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نہیں نکالا، پنجاب الیکشن کمشنر

    لاہور : صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پی ٹی آئی کے الزام کی تردید کردی، اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن میں بیٹھنےکی اجازت ہے۔

    صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے مظفر گڑھ میں قائم پولنگ اسٹیشن47،46سے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالنے کی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔

    اپنے ایک جاری بیان میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین پولنگ اسٹیشن پر خواتین پولنگ ایجنٹس اور مردوں کے پولنگ اسٹیشن پر مرد پولنگ ایجنٹ بیٹھتے ہیں۔

    ریٹرننگ آفیسرکا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن 44پر پی ٹی آئی پولنگ ایجنٹ امیر بخش موجود ہے، پولنگ اسٹیشن 46 پر پی ٹی آئی کا کوئی ایجنٹ نہیں پہنچا۔

    صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن میں بیٹھنے کی اجازت ہے، بغیر تصدیق الزامات سے پولنگ عمل کو متنازع نہ بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ مظفر گڑھ کے دو پولنگ اسٹیشن سے تحریک انصاف کے  پولنگ ایجنٹس کو بیٹھنے نہییں دیا جارہا۔

     

  • پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو لاہور کی حدود سے باہر نکال دیا

    پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو لاہور کی حدود سے باہر نکال دیا

    لاہور: پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مقبول گجر کو لاہور کی حدود سے باہر نکال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما مقبول گجر کو لاہور کی حدود سے نکال دیا گیا، جب کہ ان کے ہمراہ دوسری گاڑی میں سوار 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں شہریار، رانا صداقت اور حنیف نواز شامل ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبول گجر پولیس ایکشن کی وجہ سے لاہور سے باہر گئے۔

    دوسری طرف خیبر پختون خوا کے رہائشی علی امین گنڈاپور کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، کے پی اور پنجاب کو ملانے والا ڈیرہ دریا پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    زلفی بخاری کی گرفتاری کیلیے پولیس کا پی ٹی آئی دفتر پر چھاپہ

    ضمنی انتخابات میں پنجاب حکومت کی پولیس گردی بھی جاری ہے، پی پی 228 لودھراں میں پی ٹی آئی امیدوار عزت جاوید کے گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس نفری میں سول کپڑوں میں اہل کار بھی شامل تھے۔

    رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا پولیس مجھے لینے آئی کہ آپ خیبر پختون خوا سے ہیں، پولیس کہتی ہے خیبر پختون خوا کا کوئی آدمی یہاں نہ ہو، پولیس الیکشن پر زبردستی اثر انداز ہو رہی ہے۔

    ادھر جھنگ میں زلفی بخاری کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس نے پی ٹی آئی دفتر پر چھاپے مارے۔

    ڈیرہ غازی خان پولیس نے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دست بردار ہونے والے امیدوار علی محمد کھلوال کو گرفتار کیا، علی محمد کھلوال حلقہ پی پی 288 میں پی ٹی آئی امیدوار سیف الدین کھوسہ کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔

  • پنجاب ضمنی انتخابات : پولیس نے حکمت عملی مرتب کرلی

    پنجاب ضمنی انتخابات : پولیس نے حکمت عملی مرتب کرلی

    لاہور : پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس نے حکمت عملی مرتب کرلی۔

    اس حوالے سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے مختلف مقامات پر پولیس کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 3100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر مرد و خواتین پولیس اہلکار تعینات ہیں،20صوبائی حلقوں میں 52 ہزار سے زائد پولیس اہلکاران و افسران تعینات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کیٹیگری اے میں 676 ، بی میں 1197 اور سی میں 1258پولنگ اسٹیشن شامل ہیں جبکہ خواتین کے پولنگ بوتھوں پر خواتین اہلکار تعینات ہیں۔

    ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب سنٹرل پولیس آفس میں صورتحال کی نگرانی کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کسی جگہ پولنگ کا عمل متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا، اسلحے کی نمائش ، ہوائی فائرنگ، جھگڑے، کیمپ اکھاڑنے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس ہوگا، سیاسی جماعتوں کے 1100 سے زائد کارکنان و امیدواران سے ضمانت نامے لے لیے۔

  • اب تک پولیس چوکس اور غیر جانب دار نظر آرہی ہے: شاہ محمود قریشی

    اب تک پولیس چوکس اور غیر جانب دار نظر آرہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اب تک پولیس چوکس، غیر جانب دار اور ان کا رویہ مناسب نظر آرہا ہے، تین بجے بارش کی پیش گوئی ہے، ووٹر جلد از جلد ووٹ کاسٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پولنگ کا ماحول پرامن ہے، ہم نے ماحول کو پر امن رکھنا ہے، 2 پولنگ اسٹیشنز سے شکایات آرہی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملت کالج ممتاز آباد سے شکایت آئی ہے کہ پولنگ عملے نے مسم لیگ ن کا اسٹیکر لگا رکھا ہے جو مناسب نہیں، ایک اور پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ افسر بچیوں کو کہہ رہی ہیں کہ شیر پر مہر لگاؤ۔

    انہوں نے کہا کہ درخواست کی ہے پولنگ اسٹیش کے اندر اتھارٹی لیٹر کے ساتھ ایجنٹ کو موجود ہونا چاہیئے، یو سی 62 کے خواتین پولنگ اسٹیشن پر ابھی تک عملہ نہیں پہنچا تھا، آر او سے بات ہوئی وہ متبادل عملہ بھیج رہے ہیں امید ہے پولنگ شروع ہوچکی ہوگی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب تک پولیس چوکس، غیر جانب دار اور ان کا رویہ مناسب نظر آرہا ہے، تین بجے بارش کی پیش گوئی ہے، ووٹر جلد از جلد ووٹ کاسٹ کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے مزید 3, 2 ایم پی ایز مستعفی ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، اگر وہ مستعفی ہو چکے تو پنجاب میں تحریک انصاف کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔

  • ہمارے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن نہیں جانے دیا جارہا، شہباز گل

    ہمارے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن نہیں جانے دیا جارہا، شہباز گل

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ کے دو پولنگ اسٹیشنز سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن44اور46پراپنی مرضی سے پولنگ شروع کردی گئی۔

    شہبازگل کا کہنا تھا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق منظم دھاندلی کے تحت دونوں حلقوں میں 10سے15ہزار جعلی ووٹ ڈالیں جائیں گے۔

    مظفرگڑھ کا ڈی سی او شریف خاندان کا غلام ہے، ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی پھرسائیڈ کردی گئی، جب وقت بدلے گا تو قانون کے مطابق حساب لیں گے۔

    ڈی سی او مظفرگڑھ کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے، قانونی طور پر پولنگ شروع ہونے پر تمام پولنگ ایجنٹ کو خالی بیلٹ باکس دکھائے جاتے ہیں جبکہ وہاں سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا۔

    پولنگ اسٹیشن44اور46پر اپنی مرضی سے پولنگ شروع کردی گئی، ہمیں نہیں پتہ وہاں پر پولنگ شروع ہوئی تو پہلے ہی کتنےووٹ ڈلے ہوئے تھے۔

    معظم جتوئی کے دونوں حلقوں میں یہ کارروائی کی جارہی ہے، پی ٹی آئی دونوں حلقوں میں 15سے 20ہزار ووٹوں سے جیت رہی ہے، ن لیگ کےانتخابی کیمپ میں کوئی حرکت نہیں۔

    پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ پوری طرح سے متحرک ہے، عمران خان اسٹیٹس کو کےخلاف تنہا جنگ کررہا ہے، ان کو پولنگ اسٹیشن کے اندر مرضی کا ماحول مل رہا ہے۔

    احسن اقبال نے چور چور کہنے والی خاتون سے انتظامیہ کے ذریعے معافی منگوائی، پی پی 273میں بھی پولنگ ایجنٹس کوباہرنکالاجارہاہے، ہمارےپولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن نہیں جانے دیا جارہا،
    عوام نے آواز نہیں اٹھائی تو پاکستان نے سری لنکا بن جانا ہے۔

    پاکستان قومی غیرت کے لیے کھڑا نہ ہوا تو پاکستان کا وہی حال ہوگا جو لیبیا کا کیا گیا، تگڑی فوج بھی تبھی کام کرسکتی ہے جب معیشت مضبوط ہو۔

    معیشت چور تو دے نہیں سکتے، مظفرگڑھ میں ٹیمیں موجود ہیں، عوام کا مینڈیٹ نہ ماننے پر1971میں پاکستان کا نقصان ہوا، دھاندلی مت کرائیں مصنوعی نظام زیادہ دیر کھڑا نہیں رہ سکتا.

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالاجارہا ہے، کیا فائدہ قانون نافذ کرنے والوں کی موجودگی کا۔

    پی ٹی آئی کے خلاف ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر فیصلےکیے جارہےہیں، جنہوں نے ملک کا نقصان کیا ان کی اولادیں اپنا تعارف نہیں کرا پاتیں، ہم پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں، آج گھر میں بیٹھے تو پاکستان کا نقصان ہوجائے گا۔

    عمران خان نے جو غیرت اور عزت دی اسے آج بحال ہونے دیں، اپنے ووٹ کو آج چوری نہ ہونے دیں، پنجاب اور مظفرگڑھ کے عوام آج ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

  • پنجاب ضمنی انتخابات: ووٹرز کی شکایات کے لیے نمبرز جاری

    پنجاب ضمنی انتخابات: ووٹرز کی شکایات کے لیے نمبرز جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

    الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ پولنگ کے سلسلے میں کنٹرول روم قائم کیا جا چکا ہے، ووٹرز 042-99212209 اور 042-99212620 پر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

    صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا ووٹرز بلا خوف و خطر ووٹ کاسٹ کرنے گھروں سے نکلیں، پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ادھر چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے بھی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں انھوں نے عوام سے کہا کہ ووٹرز نکلیں اور اپنا حق استعمال کریں، ووٹ دینے سے جمہوریت مضبوط ہو گی، اور پاکستان کو مزید استحکام ملے گا۔

    پنجاب ضمنی انتخابات: پولنگ شروع

    چیف الیکشن کمشنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کاروائی کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، جس میں انھوں ںے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی اور پر تشدد واقعات روکے جائیں۔

    سی ای سی نے ہدایت کی ہے کہ ریٹرننگ افسران قانون کی خلاف ورزی اور پر تشدد واقعات کا فوری نوٹس لیں، اور جہاں ضروری ہو وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ قانونی خلاف ورزی اور پر تشدد کیس فوری طور پر الیکشن کمیشن بھجوائے جائیں۔

  • ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں: وزیر اعظم

    ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے ووٹرز کو راغب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں۔

    شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے، ووٹ کی اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیں۔

    وزیر اعظم نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ایک شخص کی انا، انداز سیاست، نا اہلی نے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا، پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں ہے۔

    انھوں نے لکھا اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ڈالیں، مجھے آپ کے قوت انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا، شہریوں کو مفت ادویات اور طلبہ کو وظائف سے محروم کیا گیا، اور سرکاری اسامیوں اور تبادلوں کی کھلےعام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لا قانونیت عروج پر رہی۔

    شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان پی ٹی آئی کے دور میں اپنی منزل سے دور ہو گیا، اس کا اظہار آپ نے اپنے ووٹ سے کرنا ہے۔