Tag: punjab fog

  • شدید دھند : فضائی اور زمینی سفر کرنے والوں کیلئے اہم خبر

    شدید دھند : فضائی اور زمینی سفر کرنے والوں کیلئے اہم خبر

    ملتان / لاہور : پنجاب میں شدید دھند کے باعث فضائی اور زمینی سفر کرنے والے مسافر گھر سے نکلنے سے پہلے آگاہی ضرور حاصل کریں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شدید دھند کے باعث ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے، ملتان ائیرپورٹ پر مسقط اورجدہ سے آنے والی پی آئی اے کی پروازوں کارخ موڑ دیا گیا۔

    اس کے علاوہ مسقط سے آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ جدہ سے آنے والی پرواز کو لاہور روانہ کیا گیا ہے۔

    ملتان ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جدہ اور شارجہ جانے والی2 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، ملک اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر ایئر پورٹ پہنچنے سے قبل متعلقہ ایئر لائن سے ضرور رابطہ کریں۔

    دوسری جانب ترجمان موٹروے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ملتان موٹروے بھی فیض پور سے درخانہ تک دھند کے باعث بند جبکہ سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔

    ترجمان موٹروے کا مزید کہنا ہے کہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم، موٹر وے ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے، لہٰذا شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹ کا استعمال اور تیزرفتاری سے حتی الامکان گریز کریں۔

  • پنجاب میں دھند کی وجہ سے اتوار کو پروازوں میں تاخیر کا امکان ہے،  پی آئی اے

    پنجاب میں دھند کی وجہ سے اتوار کو پروازوں میں تاخیر کا امکان ہے، پی آئی اے

    کراچی : پنجاب میں شدید دھند کے باعث صرف بڑی شاہراہیں اور موٹر ویز ہی نہیں بلکہ ایئر لائیز کی پروازیں بھی متاثر ہورہی ہیں، دھند کی وجہ سے 15 دسمبر اتوار کو پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی.کے302 پانچھ اور303 پونے چار گھنٹے کی تاخیر سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

    اس کے علاوہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے304 ایک گھنٹہ30 منٹ لیٹ ہوگی۔

    پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور رحیم یار خان دھند کی وجہ سے بری طرح متاثر ہیں جس کی وجہ سے اندرون ملک پروازیں صرف حد نگاہ بہتر ہونے پر چلائی جائیں گی جبکہ غیر ملکی پروازیں حد نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ائر پورٹ پر اتاری جائیں گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نےمسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ تمام مسافروں کو ان کے درج شدہ نمبرز پر پروازوں کی تاخیر سے متعلق مطلع کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے مسافر ایئرپورٹس جانے سے پہلے پی آئی اے کے کال سینٹر سے اپنی پروازوں سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔

  • خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کےباعث بند کردی گئی، بارش کا امکان

    خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کےباعث بند کردی گئی، بارش کا امکان

    لاہور : خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند کردی گئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کو اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث خانیوال ملتان موٹروے کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال میں دھند شدید نوعیت کی ہے۔

    اس کے علاوہ ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور میں بھی دھند کا راج برقرار ہے۔ قومی شاہراہ پرحد نگاہ صفرسے200میٹرتک ہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی ہے۔

    ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی رات کے اوقات میں شدید سردی اور صبح ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  • پنجاب کے مختلف علا قوں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر ہوگئی

    پنجاب کے مختلف علا قوں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر ہوگئی

    لاہور : پنجاب میں دھند کا راج ہے، لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں دھند کے سبب کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔

    موسم سرما کی آمد اور شدید دھند نے ٹریفک روانی کو بری طرح متاثر کردیا ہے، شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو لاہور سے سیال موڑ تک، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹر وے ایم فور کو فیصل آباد سے گوجرہ تک بند کردیا گیا ہے۔

    محسن وال میں موٹرسائیکل سواردھند کےسبب نہرمیں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، اوکاڑہ میں شدید دھند کے سبب دو ٹریفک حادثات میں چار طالبات سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔

    smog-post-3

    میاں چنوں میں ٹرک ڈارئیور کو دھند میں چھپا کھمبا نظر نہ آیا، حافظ آباد، کوٹ مومن، مانگا منڈی، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں بھی شدید دھند کا راج ہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    موٹر حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضرووی سفر سے گریز کریں، دورارن سفر کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن ون تھری زیرو پر رابطہ کریں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق، دھند کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔


    مزید پڑھیں : پنجاب میں دھند کے سبب حادثات: ہلاک افراد کی تعداد 17 ہوگئی


    خیال رہے کہ دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، اور دو روز میں 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    پنڈی بھٹیاں میں موٹروے سکھیکی کےقریب دھند کےباعث پندرہ مسافر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں تھیں، خطرناک حادثہ میں متعدد افراد جان کھو بیٹھے ۔

  • فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند

    فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند

    لاہور: فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے.

    پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح سویرے دھند کا راج رہا، فیصل آباد کے علاقے شریں والا میں دھند کے باعث کرین اور سات بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں شدیددھند ،حد نگاہ صفر ہوگئی تھی۔

    فیصل آباد کے چک جھمرہ میں دھند کے باعث ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دودھ فروش جاں بحق ہوگیا۔

    شیخوپورہ میں سیائیاں والا کے قریب دھند کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ دھند کے باعث ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد کیلئے بند کردیا گیا تھا۔

    اوکاڑہ اور گردو نواح میں شدید دھند ، جی ٹی روڈ پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی، عار فوالا اور گردونواح میں بھی سردی کی شدت کے ساتھ شدید دھند کا راج رہا ڈسکہ اور حویلی لکھا کے گردونواح کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا رہا.