Tag: punjab goverment

  • ٹڈی دل کی نشونما نہ رُکی تو پورے ملک میں پھیلنے کا خطرہ ہے، رپورٹ

    ٹڈی دل کی نشونما نہ رُکی تو پورے ملک میں پھیلنے کا خطرہ ہے، رپورٹ

    اسلام آباد : ٹڈی دل پوری دنیا کی زراعت کیلئے خطرہ بن چکاہے، ملک کا3لاکھ مربع کلومیٹر رقبہ ٹڈی دل سے متاثرہ ہونے کا خدشہ ہے، ٹڈی دل کی نشونما کو نہ روکا گیا تو پورا ملک متاثر ہوگا۔

    یہ بات حکومت پنجاب نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتائی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے حملوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کا3لاکھ مربع کلومیٹر رقبہ ٹڈی دل سے متاثرہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کا60 ،سندھ کا25، پنجاب کا15 فیصد رقبہ ٹڈی دل سے متاثر ہوسکتا ہے، ٹڈی دل کی نشونما کو نہ روکا گیا تو پورا ملک متاثر ہوگا، پنجاب اور سندھ ٹڈی دل کے پیداواری زون میں آتے ہیں، سروے سے متعلق تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ48ہزار 85 ہزار، 483 ہیکٹر ایکٹر پر سروے مکمل کیا گیا، ٹڈی دل کو تلف کرنے کے لیے771 مختلف ٹیمیں کام کررہی ہیں،771ٹیمیں دو ہزار 682 افراد پر مشتمل ہیں۔

    حکومت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ، 49 ہزار، 68 ہیکٹر ایکٹر رقبے پر اسپرے کیا جاچکا ہے، ٹدی دل پوری دنیا کی زراعت کیلئے خطرہ بن چکا ہے، پنجاب کا15 فیصد ایریا ٹڈی دل سے متاثر ہوا۔

    ٹڈی دل کی افزئش کی وجہ سے اسے روکنا ممکن نہیں لگ رہا، این ڈی ایم اے اور مقامی حکومت ٹڈی دل سے نبردآزما ہیں،5طیارے،50 اسپرےمشینیں اور 50 اینٹرو مولو جسٹس کی ضرورت ہے، ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں اور گروپس تشکیل دے دیے ہیں۔

  • ساہیوال واقعہ ، وزیراعظم عمران خان پنجاب حکومت کے اقدامات پر سخت ناراض

    ساہیوال واقعہ ، وزیراعظم عمران خان پنجاب حکومت کے اقدامات پر سخت ناراض

    اسلام آباد : ساہیوال واقعے  پرپنجاب حکومت کے اقدامات اور سی ٹی ڈی کے کردار نے وزیراعظم کو ناراض کردیا ، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کسی ادارے کے لاقانونیت  پر مبنی قدم کادفاع نہیں کرسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ساہیوال واقعے میں پنجاب پولیس بالخصوص سی ٹی ڈی اور پنجاب حکومت کے اقدامات پر سخت برہم ہوئے اور وزرا کی بغیر تحقیقات کے بیان بازی پرناراضی کااظہار کیا ہے۔

    [bs-quote quote=”وزرا تحقیقات سے پہلے میدان میں کیوں کودے، انکوائری سے پہلے بیانات کیوں دیئے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”وزیراعظم عمران خان”][/bs-quote]

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے وزرا تحقیقات سے پہلے میدان میں کیوں کودے، انکوائری سے پہلے بیانات کیوں دیئے، پولیس کوایساقدم نہیں اٹھانا چاہیے ، جس سے لاقانونیت کاپہلواجاگر ہو۔

    وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا حکومت قانون کی حکمرانی اورشہریوں کاتحفظ چاہتی ہے، کسی ادارے کےلاقانونیت پر مبنی قدم کادفاع نہیں کر سکتے۔

    یاد رہے کہ ہفتے کے روز ر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے،عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ  مطابق گاڑی میں سوار افراد میں سے کسی نے بھی پولیس پر فائرنگ نہیں کی، ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران گاڑی سے کسی قسم کا اسلحہ بارود بھی برآمد نہیں ہوا، گاڑی میں شادی پر جانے کے لئے بچوں کے کپڑے ملے جنہیں پولیس نے اسلحہ بنادیا بیگ ملے۔

    سی ٹی ڈی نے واقعہ کے بعد کئی بار موقف تبدیل کئے اور عینی شاہدین سے متضاد بیان دیا تھا۔

    دوسری جانب واقعے  میں زخمی ہونے والے بچے عمیرخلیل کا کہنا تھا کہ ’’ہم اپنے گاؤں بورے والا میں چاچو رضوان کی شادی میں جارہے تھے، فائرنگ میں مرنے والی میری ماں کانام نبیلہ ہےاوروالدکانام خلیل ہے۔مرنےوالی بہن کا نام اریبہ ہے‘‘۔

    بچے نے مزید بتایا کہ ’’ہمارےساتھ پاپاکےدوست بھی تھے،جنہیں مولوی کہتےتھے، فائرنگ سے پہلے پاپا نے کہا کہ پیسےلےلو، لیکن گولی مت مارو۔ انہوں نے پاپا کو ماردیا اور ہمیں اٹھا کر لے گئے،پاپا،ماما،بہن اورپاپاکےدوست مارےگئے‘‘۔

    مزید پڑھیں : ذیشان کا تعلق داعش سے تھا، وزیر قانون پنجاب

    واقعے کی اطلاعات کے بعد وفاقی وزیرفوادچوہدری نےکہا تھا کہ سی ٹی ڈی کاجواب آگیا ہے،سی ٹی ڈی نےکہاہےیہ کافی بڑےدہشت گردہیں،بظاہرلگ رہا ہے کہ دہشت گردوں نےانسانی ڈھال استعمال کی۔

    وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت  نے ساہیوال واقعے میں جاں بحق ہونے والے ذیشان  کو داعش سے تعلق رکھنے دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ  ابھی کسی کو چارج شیٹ نہیں کررہے، سی ٹی ڈی نے 100 فیصد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

    راجا بشارت کا کہنا تھا  سی ٹی ڈی کے مطابق ذیشان دہشت گرد تھا، گاڑی سے دو خودکش جیکٹیں، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔۔ ذیشان کے گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کے شواہد بھی ملے ہیں،  دیشتگردوں کا پیچھا نہ کیا جاتا تو بڑی تباہی پھیلا سکتے تھے۔

  • حکومت طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی، وزیر تجارت پنجاب

    حکومت طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی، وزیر تجارت پنجاب

    لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پڑھے لکھے ہنر مند طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی۔

    \ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں انجمن تاجران کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سابق حکمران پنجاب کو چودہ سو ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے ہیں۔

    ہم مسائل سے گھبرانے والے نہیں ہیں دن رات محنت کرکے عوام کے مسائل کم کریں گے، انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت پڑھے لکھے ہنر مند طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی، اس قرضے پر شرح سود انتہائی کم ہوگی۔

    میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کا افسر اب فیکٹریوں پر چھاپے نہیں مار سکے گا، کاروباری طبقہ میں پھیلائی جانے والی خوف و ہراس کی فضا کم کریں گے، تاجر بھی دیانت داری سے ٹیکس ادا کریں۔

    صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی بزنس مین کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے مل سکتا ہے، تاجروں کو ہر ممکن سہولیات دیں گے، کاروباری طبقہ کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔

  • شہباز شریف نے غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، رپورٹ

    شہباز شریف نے غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، رپورٹ

    لاہور : شہبازشریف نے دورہ وزارت اعلیٰ میں ملنے والے تمام غیر ملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، ان میں سے تین قیمتی ترین تحفے وہ اپنے گھر لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے غیر ملکی تحائف سے متعلق رپورٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تمام غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے۔

    حکومت پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو سال دوہزار تیرہ سے دوہزار اٹھارہ تک پینتیس غیر ملکی تحائف ملے، ان میں سے تین تحائف انہوں نے اپنے گھر منتقل کردیئے۔

    شہباز شریف بھارتی ہائی کمشنر سے ملنے والا چاندی کا برتن، چین سے ملنے والی بیش قیمت گھڑی اور آذربائیجان کے وزیر کی جانب سے ملنے والا اللہ تعالی کے ناموں سے مزین قیمتی قالین اپنے گھر لے گئے، قانون کے مطابق دس ہزار مالیت تک کا تحفہ گھر لے جایا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف بیٹوں کوتحائف کی مدمیں 17کروڑکےذرائع آمدن نہ بتاسکے، نیب رپورٹ

    واضح رہے کہ نیب لاہور نے چند روز قبل اپنی تفتیشی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف دوران تفتیش بیٹوں کو دیئے گئے تحائف کی مد میں17کروڑ روپے کے ذرائع آمدن بھی نہ بتاسکے۔

    ان کے اکاؤنٹ میں سال2011سے2017 کے دوران14کروڑ روپے آئے، مسرور انور اور مزمل رضا نامی افراد متعدد بار شریف فیملی کے اکاؤنٹ میں رقوم منتقل کرتے رہے۔

    یہ رقوم آشیانہ ہاؤسنگ کے ٹھیکے کے پروسس کے دوران منتقل کی گئی۔ شہباز شریف رقم کی ترسیل کے حوالے سے بھی نیب کو  تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

  • پنجاب حکومت نے نوازشریف کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی کیمرے اورلائٹیں ہٹا دیں

    پنجاب حکومت نے نوازشریف کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی کیمرے اورلائٹیں ہٹا دیں

    لاہور : نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء کے قریب لگائے گئے سیکیورٹی کیمرے اور اضافی لائٹیں اتار لی گئیں، کروڑوں روپے مالیت کے یہ سی سی ٹی وی کیمرے پنجاب حکومت نے لگوائے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ رائیونڈ کے اطراف سے اچانک کروڑوں مالیت کے سی سی ٹی وی کیمرے اور اضافی لائٹس ہٹا دی گئیں ہیں، حکومت پنجاب نے سرکاری خزانے سے کروڑوں کے کیمرے لگائے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ اقدام کس کے کہنے پر اٹھایا گیا۔

    اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں چیف جسٹس کے سیکیورٹی سے متعلق احکامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے اور اس پر کاری ضرب لگانے والے وزیر اعظم کی سیکیورٹی چھین لو،خدانخواستہ اُسے کچھ ہوا تو ذمہ دار صرف آپ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے والے وزیراعظم کی سیکیورٹی چھین لو،مریم نواز

    واضح رہے کہ دو روز قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کے لیے تعینات پولیس نفری کو واپس بلانے کا حکم دیا تھا، لیکن اس میں سیکیورٹی کیمروں سے متعلق کوئی ہدایات نہیں دی گئی تھی۔

    علاوہ ازیں پنجاب میں دو ہزار سے زائد مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی و انتظامی شخصیات سے پولیس سیکورٹی واپس لیتے ہوئے پانچ ہزار سے زائد پولیس جوانوں کو واپس بلایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے

    سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے

    لاہور : نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری پر ترجمان پنجاب حکومت کی جانب سے  عائد الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم نے آشیانہ اقبال اسکیم کا14ارب روپے کا ٹھیکہ منظور نظرافراد کو دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری ادارے کے اختیارات سے تجاوز ہے۔

    ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ ایسی سیکڑوں مثالیں موجود ہیں کہ سمن پرحاضرنہ ہونیوالوں کو نیب نے گرفتار نہیں کیا، ان کی گرفتاری فرض شناس افسر سے زیادتی کے مترادف ہے۔

    ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری افسرکی ضابطہ کار سے ہٹ کر گرفتاری سے انتظامی مشینری میں بےچینی پائی جاتی ہے، سرکاری مشینری میں اضطراب سے عوامی امور متاثر ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے کسی اقدام سے کسی فرد کی تذلیل یا تضحیک کا تاثرنہیں ملنا چاہیے، پنجاب حکومت کا ترقی کا سفرجاری رہے گا۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ پر اختیارات کا ناجائز استعمال اورکرپشن کا الزام ہے۔

    ملزم نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا 14 ارب روپے کا ٹھیکہ منظور نظرافراد کو دیا، آشیانہ اقبال اسکیم کی 32 کینال اراضی پیراگون سٹی کو غیرقانونی طور پر دی گئی تھی۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ احد چیمہ کو انکوائری کے دوران صفائی کا پورا موقع دیا گیا لیکن انکوائری کے دوران وہ الزامات کا دفاع نہیں کرسکے، ترجمان نے واضح کیا کہ احد چیمہ کی گرفتاری ملکی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری کی خبر سن کر ڈی ایم جی افسران اکٹھے ہوگئے، افسران نے احد چیمہ کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دے دیا۔


    مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی، سابق ڈی جی ایل ڈی اے گرفتار


    ڈی ایم جی افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے فوری طور پر رابطہ کرکے اپنے خدشات سے آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران کو وزیراعلیٰ کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ احدچیمہ کی رہائی جلد کرالی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحریک انصاف نے پنجاب حکومت سے جواب مانگ لیا

    سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحریک انصاف نے پنجاب حکومت سے جواب مانگ لیا

    لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحریک انصاف نے پنجاب حکومت سے جواب مانگ لیا، پی ٹی آئی نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ فوری منظر عام پر لائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب کے نام خط لکھ دیا، خط پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر خون کی ہولی کھیلی گئی، خواتین سمیت سولہ افراد جاں بحق،سو زخمی ہوئے، جسٹس باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ کی تفصیل دی جائے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ تین سال گزرنے کے باوجود متاثرین انصاف کے منتظر ہیں، کمیشن رپورٹ کے لیک حصے کے مطابق کارروائی کے احکامات پنجابحکومت نے دیئے۔


    مزید پڑھیں  : سانحہ ماڈل ٹاؤن، پاکستان عوامی تحریک آج دھرنا دے گی


    تحریک انصاف کے جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے سترہ جون دو ہزار چودہ کو کہا تھا ذمے دار وہ ہوئے تو مستعفی ہو جائیں گے، رپورٹ میں واضح ہوچکا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب ہی ذمے دار ہیں،استعفیٰ کیوں نہ دیا؟راناثنا اللہ کو بھی ذمے دار ٹھہرایا گیا، پھر انہیں بطور وزیر قانون کیوں بحال کیا؟

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ فوری منظر عام پر لائیں، رپورٹ سامنے نہیں لائی جاتی تو عدالت عظمیٰ اس دہشتگردی کا نوٹس لے۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل پولیس کی جانب سے ماڈل ٹاون میں منہاج القرآن مرکز کے ارد گرد سے رکاوٹیں ہٹانے کے نام پر آپریشن کیا گیا جہاں کارکنوں اور پولیس کے درمیان مزاحمت ہوئی، پولیس کے شدید لاٹھی چارج کے سبب 14 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مجرموں کوعبرت ناک سزا دیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

    مجرموں کوعبرت ناک سزا دیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں قوم کےعزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتی ہیں،دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے کہ پاکستان ترقی نہ کرئے، ہم ان کے عزائم کو پسپا کردیں گے.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفر کردار تک پہنچیں گے، دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے کہ پاکستان ترقی نہ کرئے، ہم ان کو شکست دیں گے.

    انہوں نے کہا کہ واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہرآنکھ اشکبار ہے، وطن کی سلامتی کے لئے شہید مبین اور شہید زاہد گوندل اوراہلکاروں نے جان کے نذرانے پیش کیے، شہید افسروں اوراہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی.

    وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دیگر شہریوں کی شہادت پر بھی دلی صدمہ ہے، قوم شہدا کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشت گرد انسانیت کےسفاک دشمن ہیں،قوم جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کےغم میں برابرکی شریک ہے

    شہباز شریف نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں قوم کےعزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتی ہیں ، دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک سرزمین کوپاک کرکے رہیں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ضرور سرخرو ہوگی۔

  • ملزمان کو سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شناخت کرلیا ہے: پنجاب حکومت

    ملزمان کو سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شناخت کرلیا ہے: پنجاب حکومت

    لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شناخت کرلیا ہے، دہشت گرد جلد ہماری گرفت میں ہوں‌ گے.

    ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز رونما ہونے والے نا خوشگوار واقعے کے ملزمان کو سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شناخت کرلیا ہے.

    صوبائی حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ملزمان ہماری گرفت میں ہونگے، پنجاب میں کسی آپریشن کی ضرورت نہیں ہے،رینجرز اور فوج پہلے ہی آپریشنز کررہے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک اور پولیس افسران کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا ہے ، جوانوں کی شہادت پر ان کو سلام پیش کرتے ہیں‌.

    ملزمان کو قرار واقعی سزا دینگے تاکہ اس قسم کے واقعات مستقبل میں رونما نہ ہو۔

    مزید پڑھیں: لاہور دھماکا: ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 13 شہید، 70 زخمی

    گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے سامنے دھماکے کے سبب ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 13 افراد شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوئے تھے.

    nactaa

    واضح رہے نیکٹا کی جانب سے 7 فروری کو مراسلے کے ذریعے سے اس واقعے کے متعلق آگاہ کردیا گیا تھا.

  • لاہور: ینگ ڈاکٹرزکا دھرنا ختم، واٹربورڈ ملازمین کا احتجاج جاری

    لاہور: ینگ ڈاکٹرزکا دھرنا ختم، واٹربورڈ ملازمین کا احتجاج جاری

    لاہور : ینگ ڈاکٹرز نے مذاکرات اور پنجاب حکومتی یقین دہانی کے بعد پانچ دن سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ واٹر بورڈ مینجمنٹ کے ملازمین اپنے بچوں کے ہمراہ کلب چوک پر دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لاہور پولیس پانچ روز بعد مال روڈ کا ٹریفک بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرزاورمیو ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اسد اسلم کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور حکومتی یقین دہانی کے بعد ڈاکٹرز نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔


    Young doctors end sit-in after govt assurance by arynews

    دوسری جانب واٹر بورڈ مینجمنٹ کے ملازمین ابھی بھی اپنے بچوں کے ہمراہ کلب چوک پر دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے دھرنا ختم کرنے سے پہلے لاہور پولیس کے سربراہ اور مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر نے واٹر بورڈ مینجمنٹ کے ملازمین اور ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ مذاکرات کر کے پانچ روز بعد مال روڈ عام ٹریفک کیلئے کھلوایا اور مظاہرین کو کلب چوک منتقل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : لاہور: ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج پانچویں روز جاری

    سی سی پی او امین وینس سہیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت ہم مال روڈ کو بند کرنے نہیں دیں گے، شہریوں کو اس سے بہت اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

      ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد اب واٹر بورڈ مینجمنٹ کے ملازمین مذاکرات کیلئے حکومتی وفد کے منتظر ہیں تاکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے انہیں حکومتی یقین دہانی کرائی جائے۔