Tag: Punjab govt

  • پنجاب کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس کی سہولت ختم کرنے پر غور

    پنجاب کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس کی سہولت ختم کرنے پر غور

    لاہور : پنجاب کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس ختم کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے، وزیر قانون جیلوں میں وی آئی پی کلاس ختم کرنے کے حوالے سے آئندہ ہفتے محکمہ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس کی سہولت ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ، وزیر قانون راجہ بشارت اس حوالے سے آئندہ ہفتے محکمہ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے مخلتف تجاویز پیش کی جائیں گی ، پاکستان کی تاریخ میں جیل میں قید سیاسی رہنماؤں کو بی کلاس کی سہولت فراہم کی جاتی رہی ہے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی حکومت کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی سہولت دی گئی ہے، بی کلاس کے قیدی کو بیرک میں ٹی وی، کرسی، میز، بستر اور اخبار سمیت جیل میں گھر کے کھانے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔

    جیل مینوئل کے مطابق قیدیوں کو ناشتے میں ایک پراٹھا اور چائے فراہم کی جاتی ہے۔ دوپہر اور رات کے کھانے میں چھ روز گوشت اور ایک دن سبزی کے ساتھ دو روٹیاں فراہم کی جاتی ہیں۔

    خیال رہے نواز شریف کیلئے ان کے گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے آئندہ چند روز میں حکم نامہ جاری کردیا جائے گا۔

  • وزیراعظم کی صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے آئندہ مالی سال کیلئےبجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر اسٹیٹ بینک کی شرکت کی جبکہ چیئرمین ایف بی آر،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، مشیر تجارت، وزیرخزانہ پنجاب  ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری، سیکرٹری خزانہ پنجاب بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو صوبائی بجٹ کے حجم اور ممکنہ اہداف پر بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں کہا گیا صوبائی بجٹ پی ٹی آئی منشورکے تحت  بنایا جا رہا ہے، بجٹ میں انسانی، سماجی ترقی کے لئے رقم مختص کی جا رہی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا بجٹ تیاری میں زراعت،صنعتی ترقی پربھی خصوصی توجہ دی گئی ، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کوفروغ دیا جائے  گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطح پر مثالی اقدامات کئے جائیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر   بجٹ بنانے کی ہدایت

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں دونوں نے آئندہ مالی سال کے لیے پیش کیے جانے والے متوقع بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

    وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر   بجٹ بنانے کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم ہدایت کر چکے ہیں کہ بجٹ میں اخراجات میں ممکنہ حدتک کفایت شعاری اختیار کی جائے۔

  • داتا دربار کے باہر  خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال

    داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال

    اسلام آباد : لاہور میں داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کر دی، ذرائع کا کہنا ہے خود کش دھماکے کے تانے بانے ماضی میں پولیس پر ہونےوالے حملوں سے ملتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کر دی ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داتا دربار خود کش دھماکے کے تانے بانے ماضی میں پولیس پر ہونے والے حملوں سے ملتے ہیں، خود کش دھماکے اورمال روڈ پر پولیس پر کئے گئے حملے میں استعمال کیا گیا بارودی مواد مماثلت رکھتا ہے ۔

    رپورٹ کے مطابق خود کش حملہ آور کو جیکٹ ہدف کے قریب کسی علاقے می پہنائی گئی جو اس نے جسم کے نچلے حصے میں باندھ رکھی تھی۔

    وزیر اعظم کو ارسال کی رپورٹ میں دہشت گردی کی کارروائی کے بعد اب تک ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔

    مزید پڑھیں : داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    گزشتہ روز داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور25 زخمی ہوئے تھے ، آیہ جی پنجاب نے بتایا تھا ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا،  دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی ومذہبی شخصیات نے داتا دربار کے باہرخودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد کا پیغام دیا۔

  • مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    لاہور :صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مسلم مزا رات کو سیاحت کے حوالے سے پر کشش بنانے پر عمل در آمد کا آغاز ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراوقاف کا کہنا تھا کہ مزاروں پر سیاحت کے فروغ کےسلسلے میں ایک تفصیلی روڈ میپ جاری کر دیا گیا ہے،اس روڈ میپ پر عمل در آمدکے لئے حکومت تمام حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کت لئے اقدامات کرے گی۔

    انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کہا کہ مزارات اور مقدس مقامات کے راستوں کو پر کشش بنایا جائے گا۔جبکہ سٹریٹ لائٹس،پینے کے پانی کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ اطراف میں سایہ دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ ہر گیٹ پرواک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ تمام مقامات پر پولیس کے ناکے بھی لگائے جائیں گے اور زائرین کے لئے ہر طرح کی سکیورٹی کے فول پروف اورقیام و طعام کے بھی انتظا مات کئے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سرانجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کےلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے – کرپشن کا ناسور ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے -سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا-کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا ۔

    پیر سید سعیدالحسن شاہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ بدعنوان عناصر کے باعث پاکستان آج ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے – کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں جسے مکمل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے دیکھاتھا۔

  • وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار

    وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار

    لاہور : وزیراعظم عمران خان کی اظہار ناراضگی کے بعد وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی عون چوہدری نے بڑھی ہوئی تنخواہ نہ لینے کااعلان کردیا اور کہا پہلے سے ملنے والی تنخواہ بھی شوکت خانم کے لیے وقف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی برہمی کے بعد پنجاب کی کابینہ میں سے پہلے رکن نے اضافی تنخواہ لینے سے انکار کر دیا۔

    وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بڑھی ہوئی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تنخواہوں میں اضافے پروزیراعظم کا مؤقف سو فیصد درست ہے، پہلے سے ملنے والی تنخواہ بھی شوکت خانم کے لیےوقف ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزراء خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کافیصلہ سخت مایوس کن ہے، پاکستان خوشحال ہوجائےتوشاید یہ قابلِ فہم ہومگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل دستیاب نہیں،یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا ، جس کے مطابق اراکین اسمبلی کوماہانہ ایک لاکھ 95 ہزارتنخواہ ملےگی جبکہ اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 80 ہزارروپےکردی گئی۔

    اسپیکرپنجاب اسمبلی ہر ماہ 2 لاکھ 60ہزار روپے ، ڈپٹی اسپیکر 2 لاکھ 45ہزار روپے اور وزیراعلیٰ پنجاب4 لاکھ 25 ہزار روپے تنخواہ ماہانہ لیں گے۔

  • پنجاب حکومت کا صوبے میں5 نئے اسپتال بنانے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا صوبے میں5 نئے اسپتال بنانے کا فیصلہ

    لاہور : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے میں 5 نئے اسپتال بنانے کی منظوری دے دی، تمام اسپتال200 بیڈز پر مشتمل ہوں گے ، مرحلہ وار 2 سے 3 سال میں اسپتال مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں پانچ نئے اسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منظوری دے دی ہے۔

    نئےاسپتال میانوالی،اٹک،لیہ ،مظفرگڑھ،راجن پور میں بنائےجائیں گے، لیہ اور میانوالی میں اسپتال کے لئے جگہ حاصل کرلی گئی ہے، تمام اسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہوں گے ۔

    نئےاسپتالوں کےساتھ پیرامیڈیکل اور نر سنگ کالج بھی ہوں گے جبکہ مرحلہ وار 2 سے 3 سال میں اسپتال مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 9 بڑی بیماریوں کا علاج کراویا جاسکے گا۔

    مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام، 9 بڑی بیماریوں کے علاج کا 70 فیصد خرچہ حکومت اٹھائے گی

    ہیلتھ کارڈ  جن  بیماریوں اور سرجریز پر  کے لیے قابلِ استعمال ہوگا، ان میں ایکسڈینٹ (ٹریفک حادثات)، ہیڈ انجری، نیورو سائنسس، عارضہ قلب اور اسٹنٹ ڈالنے کی سہولت شامل ہیں۔

    خیال  رہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پائی پائی امانت سمجھ کر دیانت کےساتھ عوام پرخرچ کر رہے ہیں، نئے پاکستان میں ہر علاقے کو یکساں ترقی دیں گے، تحریک انصاف ترقی کےسفرکو پسماندہ علاقوں تک لےجائے گی۔

    ان  کا کہنا تھا کہ سابق دورمیں قومی وسائل کابےدریغ ضیاع کیاگیا، ماضی کی حکومتوں نےعوام کی بنیادی ضرورتوں کونظرانداز کیا گیا۔

  • پنجاب حکومت کا نواز شریف کیلئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا نواز شریف کیلئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ

    لاہور :  پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے، مریم نواز نے  نواز شریف کے علاج کیلئے ایمرجنسی سہولیات کیلئے ٹویٹ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لئے مریم نواز کے ٹویٹ پر حکومتی ردعمل آگیا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لئے ایمرجنسی ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ایمرجنسی ایمبولینس کسی بھی وقت کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی جائے گی اور ایمبولینس میں ایمرجنسی سے نمٹنے کی تمام سہولیات موجود ہوں گی۔

    دوسری جانب ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب شہباز گل نے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کے حوالے سے پی آئی سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نواز شریف کو شفا دے، ایمرجنسی کے لئے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھیجا جا رہا ہے، 3 کارڈیک ڈاکٹرز اور 3 ٹیکنیشنز وہاں موجود رہیں گے۔ نوازشریف کے علاج پر فوکس ہونا چاہیئے۔

    ان کا کہنا تھا نواز شریف پر سیاست کی جا رہی ہے، کل ان سے ملاقات کر کے صحت دریافت کی تھی، قیدی کی صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، آج جیل حکام نوازشریف کو خود ملیں گے اور انہیں پاکستان میں کہیں بھی علاج معالجے کی پیشکش کریں گے۔

    موبائل یونٹ کی فراہمی کے حوالے سے مریم نواز کے ٹویٹ پر شہباز گل نے کہا کہ ویسے تو تمام قیدیوں کو یہ سہولت دینی چاہیئے، میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا موبائل یونٹ نواز شریف کے علاوہ دوسرے قیدیوں کو بھی سہولت دے گا، عبدالعلیم خان بھی وہاں موجود ہیں، جس کو کارڈیک ایشو ہوا قیدی چیک کروا سکیں گے۔

    مزید پڑھیں : نواز شریف مریم نواز ملاقات، جیل میں‌ جان بچانے والے خصوصی یونٹ کے انتظام کی درخواست

    گذشتہ روز مریم نواز نے نواز شریف کے علاج کیلئے ایمرجنسی سہولیات کیلئے ٹویٹ کیا تھا، جس میں جیل انتظامیہ نے نوازشریف کی صحت سے متعلق جلد اقدامات کی درخواست کی تھی۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرزکے مطابق نوازشریف کےدل کی بیماری بگڑرہی ہے، زندگی بچانے کے یونٹ کا انتظام کریں، نواز شریف تین بار وزیر اعظم رہے، وہ سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، یہ سہولت ان کا حق ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، نواز شریف جس ڈاکٹر یا اسپتال سےعلاج چاہتے ہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر  مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

    خیال رہے 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پرضمانت پررہائی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، فیصلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا نوازشریف کوایسی کوئی بیماری لاحق نہیں جس کاعلاج ملک میں نہ ہوسکے، عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کو جناح اسپتال سے ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کبڈی کھیلنے پر پابندی عائد

    پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کبڈی کھیلنے پر پابندی عائد

    لاہور: سرکاری اسکول میں تھپڑوں کے کھیل سے طالب علم کی ہلاکت کے بعد پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں کبڈی کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محسن وال کے سرکاری اسکول میں تھپڑوں کے کھیل سے طالب علم بلال کی ہلاکت کے بعد پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بریک کے دوران کبڈی اور اس طرح کے دوسرے کھیل جن سے کھلاڑی کی زندگی کو خطرات لاحق ہوں کے کھیلنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

    اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بریک کے ذمہ داران اساتذہ پر ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ بریک کے دوران اور دیگر اوقات میں تعلیمی اداروں میں کبڈی اور دیگر خطرناک جسمانی کھیلوں پر پابندی عائد کریں۔

    پنجاب حکومت نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کبڈی اور اس جیسے کھیل حادثات کا باعث بنتے ہیں، تعلیمی اداروں میں بریک ٹائم کے دوران انچارج بریک ٹائم کبڈی اور اس جیسے دوسرے کھیل کو روکیں گے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: اسکول میں تھپڑ مارنے کا کھیل، طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    واضح رہے کہ میاں چنوں کے علاقے محسن وال کے سرکاری اسکول میں دو بچے ایک دوسرے کو تھپڑ مارنے کا مقابلہ کررہے تھے اور باقی لڑکے ان کے گرد کھڑے ان کو جوش دلا رہے تھے کہ بلال نامی طالب علم عامر کا تھپڑ کھا کر گرا اور موت کے منہ میں چلا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سرکاری اسپتالوں میں نرسز کے موبائل فون استعمال پر پابندی

    سرکاری اسپتالوں میں نرسز کے موبائل فون استعمال پر پابندی

    لاہور : پنجاب بھرمیں سرکاری اسپتالوں میں نرسز کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کو پیاری پیاری سیلفیاں اچھی نہ لگیں، محکمہ صحت پنجاب نےنرسوں پہ ستم ڈھادیا، محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی نرسز پر دوران ڈیوٹی موبائل فونز استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

    ڈی جی نرسنگ پنجاب کی جانب سے احکامات جاری کردیئے گئے جبکہ ٹیچنگ، ڈی ایچ کیواورٹی ایچ کیو کی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ڈی جی نرسنگ پنجاب کے مطابق احکامات پرعملدرآمدکےلیےاچانک دورے کیے جائیں گے۔

    محکمہ صحت نے وارننگ دی ہے،جو احکامات کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں اشتہارات کی بندر بانٹ، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس، تشہیری اخراجات کا ریکارڈ طلب

    پنجاب میں اشتہارات کی بندر بانٹ، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس، تشہیری اخراجات کا ریکارڈ طلب

    لاہور : چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے اشتہارات کی بندر بانٹ پر از خود نوٹس لے لیا۔ پنچاب حکومت سےاشتہارات کے اخراجات کی تفصیلات دس دن میں طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے لاہور رجسٹری میں پنجاب کے اسپتالوں کی حالت زار پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے حکومت کی جانب سے اشتہارات کی بندر بانٹ پر از خود نوٹس لے لیا۔

    عدالت نے حکومت پنجاب سےتشہیر کے لیے کیے گئے اخراجات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ اشتہاری مہم کم کردیں، ریکارڈ سے ہمیں پتہ چل جائے گا کہ پنجاب حکومت صحت کے معاملے میں مخلص یہ نہیں، اگر ہے تو ہمیں مداخلت کی ضرورت نہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صحت شہریوں کا بنیادی حق ہے، مفت ادویات مل نہیں رہیں اور تشہیر پر خرچہ کیا جارہا ہے، وقت ابھی سے شروع ہوتا ہے، 10 دن میں تفصیلات پیش کی جائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔