Tag: Punjab Police

  • پولیس اہلکار اور ان کے اہل خانہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    پولیس اہلکار اور ان کے اہل خانہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    لاہور: پنجاب پولیس نے اپنے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس میں طبی علاج کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے پولیس اہلکاروں کی طبی امداد کے لیے 34.5 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ریٹائرڈ کانسٹیبل محمد اقبال کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ ٹریفک وارڈن فرحان پرویز کو گردے کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیے گئے،کانسٹیبل ضیاء اللہ کو سرجری کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔

    پنجاب پولیس دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم

    ہیڈ کانسٹیبل عرفان شاہد کو کینسر کے علاج کے لیے ڈھائی لاکھ روپے اور سب انسپکٹر اورنگزیب کو دل کے علاج کے لیے دو لاکھ روپے دیے گئے، اسسٹنٹ سب انسپکٹر احسان، قمرالدین اور دلدار سبحانی کو ایک ایک لاکھ روپے ملے۔

    مزید برآں، ریٹائرڈ کانسٹیبل اصغر علی اور فرحت عباس کو دو دو لاکھ روپے مختص کیے گئے، ترجمان نے تصدیق کی کہ فنڈز کی منظوری میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سفارش پر دی گئی۔

  • پنجاب پولیس دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم

    پنجاب پولیس دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم

    پنجاب پولیس ملک کی اندرونی سرحدوں کی حفاظت، دہشگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پرعزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران خوارجی دہشتگردوں کے 31 حملے ناکام بنائے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان میں 22، میانوالی میں 09 خوارجی حملے ناکام بنائے گئے۔

    آئی کی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں 43 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، خوارجیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 15 پولیس افسران و اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

    پنجاب پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف فقیدالمثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، بارڈر ایریاز کی پولیس چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سرحدی پولیس چوکیوں کو جدید تھرمل امیجنگ کیمروں، گنز، سرویلنس آلات، سامان اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔

     آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹرائی بارڈر سرحدی تھانوں اور چوکیوں پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ، دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں،پنجاب پولیس کے جوانوں کا مورال بلند، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے۔

    https://urdu.arynews.tv/ctd-arrests-10-alleged-terrorists-from-punjab/

  • پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، علاقے سے ڈاکوؤں کا قبضہ چھڑالیا

    پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، علاقے سے ڈاکوؤں کا قبضہ چھڑالیا

    راجن پور : روجھان میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکوؤں کا قبضہ چھڑا لیا گیا ہے۔

    پنجاب کے ضلع راجن پور میں پولیس کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں بڑی کامیابی ملی ہے ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس نے کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکوؤں کا قبضہ ختم کروا لیا ہے۔

    کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے تمام ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا۔ گرینڈ آپریشن کے دوران دوخطرناک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو بھی شدید زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ گرفتار ڈاکو قتل ،اغوا اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔

    یہ علاقہ نو سال سے ڈاکوؤں کے قبضے میں تھا، گرینڈ آپریشن کے دوران ایک مغوی محمد آصف کو بھی بازایاب کرا لیا گیا۔

    محمد آصف کو عمرانی گینگ نے کچھ روز قبل بیمار جانوروں کا معائنہ کرنے کے لیے بلا کر اغوا کیا تھا۔ گرینڈ آپریشن میں پنجاب پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈوز  نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ حصہ لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں بھی پنجاب پولیس نے کچے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرکے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق روجھان پولیس کی جانب سے راجن پور کچہ کے علاقے روجھان میں عمرانی گینگ اور لونڈ گینگ کے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چک عمرانی میں کارروائی کی گئی تھی۔ پولیس کی پیش قدمی پر ڈاکو دریا کے راستے فرار ہوگئے بعد ازاں جن میں سے دو ڈاکو گرفتار کرلیے گئے۔

  • پنجاب پولیس ہائی الرٹ، گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم

    پنجاب پولیس ہائی الرٹ، گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم

    لاہور: پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو گئی ہے، اور گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے سلسلے میں پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ افسران مسیحی عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کے سیکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔

    آئی جی پنجاب نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور اسنائپرز تعینات کیے جائیں، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں، اور تعینات پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں، اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔

    ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ علمائے کرام، مسیحی کمیونٹی، اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

  • سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار

    سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار

    لاہور : پنجاب پولیس نے قتل اور سنگین وارداتوں کے مقدمات میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار کرلیے جنہیں آج پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    اے آّر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس اسپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم کی نے متحدہ عرب امارات میں کارروائی کی ہے۔

    اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ قتل اور سنگین وارداتوں میں مطلوب2اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کی ٹیم مجرموں کو دبئی سے لے کر آج صبح اسلام آباد پہنچے گی، رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری ملزمان کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم ولید اور علی زیب گوجرانوالہ پولیس کو قتل، اقدام قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھے، دونوں اشتہاری ملزمان جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہوگئے تھے۔

    پنجاب پولیس نے انٹرپول سے مجرمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، گرفتاری کیلئے کوششیں جاری رکھیں اور متحدہ عرب امارات پولیس کے تعاون سے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی اے نے 2 خطرناک اشتہاری ملزمان کو یو اےای سے گرفتار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ایف آئی اے نے 2 اشتہاری ملزم کو یو اےای سے گرفتار کرلیا 

    دونوں گرفتار ملزمان علی رضا اور محمد نادر کو یو اے ای سے گرفتار کرکے لاہور ایئرپورٹ لایا گیا تھا، گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔

    ملزم محمد نادر کے خلاف تھانہ کوٹ مبارک، ڈی جی خان میں مقدمہ ہے جبکہ ملزم علی رضا کے خلاف تھانہ بھگتا والا سرگودھا میں مقدمہ درج ہے۔

  • پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنادیا

    پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنادیا

    پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں سرحدی چیک پوسٹ پر خارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنادیا، پنجاب، خیبرپختونخوا بارڈر  پر تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ کا یہ پانچواں حملہ تھا۔

    پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سحری کے وقت 10 سے 12 دہشتگرد چیک پوسٹ پر 3 اطراف سے حملہ آور ہوئے، دہشتگردوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحے کے ساتھ حملہ کیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کرلی گئی ہے، جوابی کارروائی سے دہشتگرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے، آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن(ر)سجاد حسن خان نے اس آپریشن کی کمانڈ کی، ڈی پی اوڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر کمانڈ کیوآرایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچیں۔

    پنجاب پولیس کے مطابق سرحدی علاقے میں پولیس ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے، دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو شاباشی دی اور کہا خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم متزلزل نہیں کرسکتے۔

  • ماہ صیام کی آمد، پنجاب پولیس کے سیکیورٹی انتظامات و تیاریاں مکمل

    ماہ صیام کی آمد، پنجاب پولیس کے سیکیورٹی انتظامات و تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کی آمد کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سیکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد نفری تعینات ہوگی۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نفری میں پولیس افسران، اہلکار اورکمیونٹی رضاکار شامل ہوں گے، لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر 5 ہزار سے زائد افسران، اہلکارتعینات ہونگے۔

    پنجاب بھرکی حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ نصب جبکہ 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔

    آئی جی پنجاب کے مطابق گزشتہ رمضان کے سکیورٹی ایس او پیز سے مزید بہتر پلان تشکیل دیا گیا، سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظررکھے، سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

    قبل ازیں کراچی میں پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ 2 اہلکار معمولی زخمی ہیں تاہم ایک اہلکار کی آنکھ کے پاس چھرّا لگا ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 خارجی ہلاک

    پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر پریڈی تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے مرکزی دروازے کے قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    کریکر دھماکے سے تھانے کی دیوار پر نشانات پڑگئے، واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرناشروع کردیے۔

  • پنجاب پولیس کو وارننگ دے رہا ہوں غلط حکم نہ مانیں: علی امین گنڈاپور

    پنجاب پولیس کو وارننگ دے رہا ہوں غلط حکم نہ مانیں: علی امین گنڈاپور

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو وراننگ دے رہا ہوں غلط حکم نہ مانیں ورنہ نتائج آپ نے خود بھگتنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2017 کے پولیس ایکٹ پر کام کررہے ہیں، کوئی بھی اپنی طاقت کو بے جا استعمال نہیں کرسکتا۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت میں پولیس سے وہ کام کرائے گئے جو وہ نہیں کرنا چاہتے تھے، غیر جمہوری طریقے سے آئے ہوئے لوگوں نے آئین کو تباہ کردیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں ہمیں حکم ملے گا جلسہ کریں گے یہ گولیاں، تشدد ہمارا وقت ضائع کرسکتا ہے لیکن مقصد تبدیل نہیں کرسکتا میں وزیراعلیٰ ہوں اپنے وسائل استعمال کروں گا۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو وراننگ دے رہا ہوں وہ کسی کا غلط حکم نہ مانیں، نتائج آپ نے خود بھگتنے ہوں گے، عظمیٰ بخاری کہتی ہے میں خبیر پختونخوا میں جلسہ کروں، میں کیوں یہاں جلسہ کروں، پورے پاکستان میں جلسہ کرونگا، بلاول، مولانا فضل الرحمان اور دیگر جلسے کررہے ہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔

    علی امین کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے خود بولا کہ مجھے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرو، مولانا آپ مان گئے امریکا کے کہنے پر آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔

  • پنجاب پولیس کے جوانوں کو باڈی کیم فراہمی کے حوالے سے بڑی خبر

    پنجاب پولیس کے جوانوں کو باڈی کیم فراہمی کے حوالے سے بڑی خبر

    لاہور: پنجاب پولیس کے جوانوں کو باڈی کیم سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے جاری، پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے لیے احکامات کے تحت پولیس جوانوں کو شفافیت اور بہتر رویہ یقینی بنانے کے لیے باڈی کیم سے لیس کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔

    وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے باڈی کیم اور سوشل میڈیا استعمال پر پابند ی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے، جس کے تحت اب آپریشن، انویسٹیگیشن اور ٹریفک ونگ کے اہلکار کیمرے لگائیں گے۔

    کیمروں سے لیس کیے جانے پر پولیس اہلکاروں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی، پولیس اہلکاروں کے لیے باڈی کیم کی فراہمی کے لیے اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اوّلین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی، انھوں نے کہا باڈی کیم کا مقصد پولیس کے رویے میں بہتری اور مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔

    پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں پر نئی پابندی عائد

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ٹک ٹاک، فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں پر نئی پابندی عائد

    پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں پر نئی پابندی عائد

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ٹک ٹاک، فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے پر پابندی لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے وہ جوان جو اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کی بجائے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، ان سب کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے افسران و ملازمین کیلئے سوشل میڈیا استعمال کی پالیسی جاری کردی ہے، پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    آئی جی پنجاب کے احکامات پر اے آئی جی آپریشنز نے سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی او یونٹ ہیڈ کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر کوئی سرگرمی نہیں کی جائے گی۔

    سوشل میڈیا پر پولیس اہلکاروں کے ذاتی، سیاسی یا مذہبی خیالات شیئر نہیں کیے جاسکتے۔ پولیس کی سرگرمیوں سے متعلق سرکاری چینل صرف ڈی پی او یونٹ سربراہ کے ذریعہ چلایا جائے گا۔

    پالیسی کے مطابق سوشل میڈیا سرگرمی کیلئے نجی افراد کو پولیس کی گاڑیاں یا دفاتر کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

    اس کے علاوہ سوشل میڈیا پالیسی کے نفاذ کیلئے آر پی اوز اور یونٹ کے سربراہان ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔
    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب پولیس کے افسران اور خواتین اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز آئے روز وائرل ہو رہی تھیں۔