Tag: Punjab Police

  • سرحدی اضلاع کی پولیس کو تھرمل کیمرے، نائٹ وژن ماؤنٹڈ گنز دیے جائیں گے

    سرحدی اضلاع کی پولیس کو تھرمل کیمرے، نائٹ وژن ماؤنٹڈ گنز دیے جائیں گے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں سرحدی اضلاع کی پولیس کو تھرمل کیمرے اور نائٹ وژن ماؤنٹڈ گنز دیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک اہم اجلاس میں لا اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول سے متعلق فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد اور اسمگلنگ، بجلی چوری، اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں کچے کے علاقوں سمیت پنجاب بھر میں گینگز کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ بھکر، میانوالی، لیہ سمیت 8 سرحدی اضلاع کو مزید محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا شر پسندوں کے مذموم عزائم سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے، اور سرحدی اضلاع کو تھرمل کیمرے، نائٹ وژن ماؤنٹڈ گنز فراہم کریں گے، اے پی سیز، لوکیٹر، کوارڈ کاپٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مریم نواز کے ’’محفوظ پنجاب‘‘ وژن کے تحت افسران کو ٹاسک دیے گئے ہیں، ڈکیتی، اغوا و دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے اہداف اور ٹائم لائن بھی مقرر کیا گیا ہے۔

  • پولیس افسران کی 3 سے زائد چھٹیوں پر پابندی عائد

    پولیس افسران کی 3 سے زائد چھٹیوں پر پابندی عائد

    لاہور: پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں افسران و اہلکاروں کی 3 روز سے زائد چھٹی پر پابندی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے انوکھا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے افسران و اہلکاروں کی 3 روز سے زائد چھٹی پر پابندی لگا دی۔

    ڈی آئی جی کی جانب سے جاری کراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پیز، ڈویژنل ایس پیز اور اہلکاروں کو 3 دن سے زائد چھٹی نہیں دے سکتے، 3 روز سے زائد چھٹی حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے اجازت لینا ہوگی۔

    مراسلے کے مطابق افسران ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی اجازت کے بغیر کسی کو معطل نہیں کر سکتے۔ حکم نامے پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ایک ماہ پہلے مراسلہ جاری کیا جس پر عملدر آمد نہ ہو سکا جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر مراسلہ جاری کر دیا۔

    مراسلہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سی آئی اے اور ایس پی انویسٹی گیشنز کو روانہ کیا گیا ہے، حکم نامے پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی ہوگی۔

  • پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا جھوٹا قرار دے دیا

    پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا جھوٹا قرار دے دیا

    لاہور : پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر9 مئی کی وائرل تصاویر اور ویڈیوز کو جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منظم مہم اور شہریوں کو گمراہ کرنے کی سازش تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرجھوٹی تصاویر اور ویڈیوز کی حقیقت بیان کردی، پرانی تصاویر اور ویڈیوز کے اصل حقائق عوام کی آگاہی کیلئے ٹوئٹر پر جاری کردیئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پنجاب پولیس کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ مذکورہ تصاویر، اور ویڈیوز کئی ماہ پہلے واقعات پر مبنی ہیں جنہیں 9مئی سے جوڑ کر پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس کے مطابق کے پی، سندھ میں پیش آنے والے واقعات کی تصاویر کو غلط رنگ دیکر پیش کیا گیا، اس منظم مہم کا مقصد شہریوں کو گمراہ کرکے بدنام کرنا تھا۔

    ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کے بروقت رسپانس کے باعث جھوٹا پروپیگنڈا زائل ہوگیا، جھوٹے پروپیگنڈے پرسائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی ہوگی۔

    پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ قومی اداروں پر الزام تراشی میں ملوث شرپسندوں کو کسی صورت رعایت نہیں ملے گی، پولیس نے سوشل میڈیا پر نازیبا پوسٹ لگانے والوں کیخلاف کاروائی کیلئے ایف آئی اے سے رابطہ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پرٹرولنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سوشل میڈیا پرچیک لگانے کیلئے سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس نے کام شروع کردیا، بیرون ملک سے آپریٹ ہونے والے اکاؤنٹس بلاک کرائے جائیں گے۔

     

  • پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    لاہور: پنجاب پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پنجاب میں جلائی جانے والی گاڑیوں اور نقصان پہنچائی جانے والی عمارتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے۔۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27 اور فیصل آباد پولیس کی 21 گاڑیوں کو جلایا، راولپنڈی پولیس کی 19، میانوالی پولیس کی 9، سیالکوٹ پولیس کی 5، ملتان پولیس کی 4، گوجرانوالہ پولیس کی 3 اور اٹک، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 جبکہ 8 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں، پولیس اسٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔

  • تحریک انصاف کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری، گھروں میں موجود خواتین پر پولیس کا تشدد

    تحریک انصاف کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری، گھروں میں موجود خواتین پر پولیس کا تشدد

    لاہور: پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا، چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گھروں میں موجود خواتین پر تشدد بھی کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے پارٹی کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا۔

    پولیس نے سینیئر رہنما عندلیب عباس کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی۔

    انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) رہنما وقاص افتخار بٹ کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

    اس دوران وقاص افتخار بٹ کے گھر کے دروازے توڑ دیے گئے اور خواتین پر تشدد کیا گیا۔

    پارٹی رہنما حماد اعوان کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا جبکہ سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے حکم پر شروع ہونے والے آپریشن کی قیادت آئی جی خود کر رہے ہیں۔

    آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    آئی جی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے لیے پنجاب سے 2 ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے، مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی سی اور مختلف اضلاع سے 2 ہزار کی مزید نفری آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔

    آئی جی کے مطابق کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال کردی گئی ہیں، آج اندرونی علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا جائے گا، سندھ پولیس بھی اپنے علاقوں میں آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے سے مجرموں کی پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا۔

  • بیرون ملک سے مزید10 اشتہاری ملزمان گرفتار

    بیرون ملک سے مزید10 اشتہاری ملزمان گرفتار

    لاہور : پنجاب پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات تیز کردیئے، اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بیرون ملک سے مزید10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاریوں کو سعودی عرب، یو اے ای، مسقط اور یونان سے واپس پاکستان لایا جارہا ہے۔ رواں سال قتل، اقدام قتل اور اغواء برائے تاوان میں ملوث 28اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک سے گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نارروال پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں عاکف حمید کو دبئی، ظہیر کو مسقط ، یاسر کو یونان سے گرفتار کیا گیا جبکہ ڈی جی خان پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں غلام فرید، محمد اصغر کو یواے ای، ظفر اقبال کو سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ملتان پولیس کو مطلوب 2 اشتہاریوں محمد مجاہد کو سعودی عرب، محمد وسیم کو یو اے ای سے، سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اشتہاری طیب علی اور اٹک پولیس کا اشتہاری ملزم عبادت یو اے ای سے گرفتار کیا گیا۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ہدایات جاری کی ہیں کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے تعاون سے مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا جائے، اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ انٹرپول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جائیں۔

  • پنجاب :  بڑے شہروں کے 12 ڈی پی اوز تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب : بڑے شہروں کے 12 ڈی پی اوز تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور: پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلے کردیے گئے، متعدد ڈی پی اوز کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق ڈی پی او قصور عمران کرامت بخاری کو ہٹا دیا گیا، عمران کرامت بخاری کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں طارق عزیز سندھو کو ڈی پی او قصور، عاصم افتخار کو ڈی پی او ننکانہ صاحب مقرر کیا گیا ہے جبکہ سردار مواہرن خان کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ذیشان رضا کو ڈی پی او سیالکوٹ، محمد فیصل کو ڈی پی اوسرگودھا، رانا طاہر رحمان کو ڈی پی او نارووال اور واحد محمود کو ڈی پی او چکوال مقرر کردیا گیا۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی پی او چکوال کامران نواز کو سینٹرل پولیس آفس اور ڈی پی او خانیوال نعیم عزیز کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس حکام نے رانا عمر فاروق کو ڈی پی او خانیوال، سید اسد مظفرکو ڈی پی او گجرات مقرر کیا ہے، ڈی پی او اٹک فضل حامد کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ناصر محمود باجوہ کو ڈی پی او جہلم اور فہد احمد کی ڈی پی او حافظ آباد تقرری کی گئی ہے۔

  • پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ملتان: پنجاب پولیس کی فرعونیت کم نہ ہو سکی، ملتان میں مرغی کی ایک دکان پر ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے پرانا شجاع آباد روڈ پر ایک پولیس اہل کار نے مرغی کی دکان کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا، اہل کار شہری کو لاتوں اور تھپڑوں سے پیٹتا ہوا باہر لے گیا۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کار ملازم پر تھپڑ برسا رہا ہے اور لاتیں بھی ماریں۔

    مرغی کی دکان کے ملازم کو دکان بند نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، یہ واقعہ 12 اگست کو پیش آیا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق تشدد کرنے والے پولیس اہل کار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

  • پنجاب پولیس کے 55 ایس پیز، ڈی ایس پیز تبدیل

    پنجاب پولیس کے 55 ایس پیز، ڈی ایس پیز تبدیل

    لاہور: پنجاب پولیس کے 55 ایس پیز، ڈی ایس پیز کو تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے 55 ایس پیز، ڈی ایس پیز تبدیل کر دیے گئے، لاہور پولیس کے متعدد ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی ان میں شامل ہیں، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    عمران کرامت بخاری ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ تعینات، سرفراز ورک ایس پی آپریشنز سٹی، عثمان ٹیپو ایس پی انویسٹی گیشن سٹی تعینات کر دیے گئے۔

    عیسیٰ سکھیرا ایس پی آپریشنز صدر، حسن جاوید ایس پی آپریشنز ماڈل ٹاؤن، حمزہ امان اللہ ایس پی آپریشنز کینٹ، رضا تنویر ایس پی انویسٹی گیشن صدر، اور آفتاب پھلروان ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن تعینات کر دیے گئے۔

    ایس پی رضوان طارق، ایس پی محمد عمران، ایس پی وقار عظیم، اور ایس پی اخلاق اللہ کو سی پی او رپورٹ کا حکم دیا گیا۔

    خالد سعید ڈی ایس پی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب، حسن عزیز ڈی ایس پی برکی سرکل تعینات کیا گیا، جب کہ ڈی ایس پی طارق ظفر، عاطف معراج کو سی پی او رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی محمد اسلم، ظفر اقبال اور ڈی ایس پی ڈیفنس سرکل غلام دستگیر کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔