Tag: Punjab Rain

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس گئے، موسم خوشگوار

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس گئے، موسم خوشگوار

    لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوشگوار ہو گیا، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں باران رحمت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آج صبح باران رحمت برسنے کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیا اور سردی جاتے جاتے رک گئی،
    وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی جھڑی لگ گئی قصور، جھنگ، وہاڑی ،بھکر، صفدرآباد، کندیاں، میاں چنوں، بہاولنگر سمیت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے کورونا وائرس سے خوف زدہ عوام کے چہرے پہ مسکراہٹ آگئی اور انہوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • پنجاب میں بارش، محکمہ موسمیات کی کراچی میں بھی برسات کی پیشگوئی

    پنجاب میں بارش، محکمہ موسمیات کی کراچی میں بھی برسات کی پیشگوئی

    اسلام آباد /کراچی  : پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھا بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم خوشگوار بنا دیا ہے، دوسری جانب لاہور میں تیز ہواؤں کے چلنے سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

    علاوہ ازیں فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، چکوال، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین، پنڈی بھٹیاں، جہلم، ڈسکہ اور شیخوپورہ میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم کافی بہتر ہوگیا جبکہ گوجرانوالہ میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش سے 86 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی ۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر کراچی میں آئندہ تین روز تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، میٹ آفس نے مزید کہا کہ پری مون سسٹم وقت سے پہلے شروع ہوجائے گا اور کراچی میں یہ سسٹم 15 جون سے فعال ہوگا۔

    جس کے تحت کراچی کے مخلتف علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔

  • پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش نے تباہی مچادی

    پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش نے تباہی مچادی

    لاہور : پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش نے تباہی مچادی، کہیں مکان کی چھت گری کہیں شہر تالاب بن گیا۔

    پنجاب میں مسلسل برسات نے شہریوں کو مشکلات نے دوچار کردیا ہے، فیصل آباد میں آٹھ ملی میٹر بارش نے شہر کو نہر بنادیا، بارہ گھنٹے کی بارش نے کمزور گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی سمیت چار افراد زخمی ہوئے ۔

    گوجرانوالہ میں وقفے وقفے سے ہلکی اور موسلادھار بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کردیا، شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بجلی کا نظام تہس نہس ہوگیا۔

    رائے ونڈ نواب ٹاؤن میں دو منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی، بارش نے بجلی کا نظام بھی چوپٹ کردیا، سو سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے، جس سے متعدد علاقوں میں لوگ بجلی سے محروم رہے، مسلسل بارش سے ہوا بازی کا نظام بھی مفلوج ہوگیا۔

    علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کئی پروازیں خراب موسم کے باعث نہ اترسکیں، جس سے لوگوں کو پریشان کا سامنا کرنا پڑا۔

    پیر محل میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ، موسم تو خوشگوار ہوا لیکن سڑکوں کی حالت بگڑ گئی، ساہیوال شہر اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

    بارشوں کے باعث این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف حصوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی ہے، دریائے چناب اورجہلم کے قریبی علاقہ مکینوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

  • پنجاب: تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں منسوخ

    پنجاب: تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں منسوخ

    لاہور: شدید بارشوں اورسیلاب کے پیشِ نظر تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے تمام محکمے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کریں۔

    پنجاب میں تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں بند کر دی گئیں، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کی زیرصدارت امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا ۔

    اجلاس میں خوراک، صنعت، ماحولیات کے وزراء ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر شریک ہوئے، چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام محکمے خصوصاً صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات میں گریڈ انیس کے افسر کو تعینات کریں جو اپنے دفتر میں چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں۔

    سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کی جائیں، حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تمام محکمے صوبے کے دیگر علاقوں میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی جامع انتظامات کریں۔

  • سیلاب کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف، چنیوٹ اور جھنگ میں تباہی کا خدشہ

    سیلاب کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف، چنیوٹ اور جھنگ میں تباہی کا خدشہ

    پنجاب : آزاد کشمیر اور پنجاب میں بارش اور سیلاب نے شدید تباہی مچا رکھی ہے اور اب یہ سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

    حافظ آباد روڈ کے ساتھ دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے، ہیڈ قادر آباد پراس وقت پانی کا بہاؤ آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک ہے، بالائی پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد چناب اورجہلم میں بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حافظ آباد روڈ کے ساتھ دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے باعث سیلابی پانی نواحی گاؤں ٹای گورایا میں داخل ہوگیا جبکہ  پنڈی بھٹیاں حافظ آباد روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    آٹھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا حافظ آباد میں ہیڈ قادر آباد کے مقام سے گزر رہا ہے، جو چنیوٹ سے ہوتا ہوا تریموں بیراج پہنچے گا، دریائے جہلم کا سیلابی ریلا منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا،خوشاب سے ہوتا ہواجھنگ کے متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے لیکن جہلم کا بڑا ریلہ تریموں بیراج پہنچے گا۔

    آٹھ سے نو لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلوں کے باعث جھنگ اور اس کی نواحی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، تریموں بیراج سے پانی کے بہاؤ کی گنجائش چھ لاکھ چالیس ہزار کیوسک ہے، بیراج بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری کے مقام پر حفاظتی پشتے میں تین مقامات پر شگاف ڈالا جا سکتا ہے۔

    تریموں بیراج سے نکلنے کے بعد یہ سیلابی ریلا شورکوٹ ،گڑھ مہاراجہ ،احمدپور سیال، ملتان، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان سے ہوتا ہوا پنجند پہنچے گا، سیلاب کے پیش نظر دریا کے قریب واقع آبادیوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ سیلابی ریلا چنیوٹ سے گزرا تو تئیس دیہات صفحہ ہستی سے مٹا گیا ۔

    مو ضع حسین، موضع ابہلو سمیت تحصیل بھوانہ کے گاؤں ڈوب گئے، جس کے باعث اہل علاقہ پھنس گئے، دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، سیالکوٹ کے نالوں میں آنے والے سیلابی ریلے تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ گئے لیکن تباہی و بربادی کے آثارچھوڑ گئے۔

    سیلاب کے باعث سیالکوٹ کے بیشتر علاقوں میں نظام زندگی تاحال مفلوج ہے، سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور شاہراہ سری نگر کا بڑا حصہ سیلاب میں بہہ گیا۔

  • پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچادی، 50افراد جاں بحق

    پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچادی، 50افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب اور آزاد کشمیر میں لگاتار بارشوں نے تباہی مچا دی، دیواریں، درخت اور چھتیں گرنے سے پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

    گذشتہ روز سے شروع ہونے والی مون سون کی طوفانی بارشوں نے کئی گھروں کے چراغ گل کردیئے، لاہور کے مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت سولہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے، لاہور میں بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سمن آباد اور جوہر ٹاؤن میں دو افراد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔

    چھتیں گرنے سے سبزہ زار میں ایک اور جی او آر بہاولپور ہاؤس میں ملازمین کوارٹر میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے جبکہ فیصل آباد میں پانچ ، گوجرانوالہ چھ، سیالکوٹ میں پانچ، پسرور میں تین قصور میں چار ، خانیوال میں بارشوں نے تین افراد کی جان لے لی۔ حکومت پنجا ب نے بارشوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لئے پانچ لاکھ روپے فی کس کےامداد کا اعلان کیا ہے۔

    آزادکشمیر میں بھی تین فوجیوں سمیت سات شہری لقمہ اجل بنے، موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی میں نالہ لئی بپھر گیا، نالہ لئی میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر قریبی آبادیوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

    راولپنڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں کٹاریاں اور گوالمنڈی کے قریب پانی کی سطح سترہ فٹ تک پہنچ گئی، سیلاب کے پیش نظر فوج کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں  راولپنڈی میں مکان کی چھت گرنے سے انیس افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے دستے سیالکوٹ، نارووال، ہیڈمرالہ، وزیرآباد، جلالپور جٹاں کیلئے روانہ کردیئے گئے ہیں۔ لاہور کے نواحی علاقے شاہدرہ میں بھی سیلاب کے خدشے کے پیش نظر فوجی دستوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔