ننکانہ صاحب : بھارت سے چھوڑے گئے پانی کے ریلے میں کرتارپور گردوارہ ڈوب گیا دربار باباگرونانک کی عمارت میں 6 فٹ تک پانی داخل ہوا، جس سے 200 سے 300 افراد پھنس گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شدید سیلاب کے پیش نظر راوی دریا میں بھارت سے چھوڑا گیا پانی دربار بابا گرو نانک میں داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں دربار کی عمارت میں 6 فٹ تک پانی بھر گیا۔
دریاوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے باعث کرتارپور کے تمام علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور تقریباً 200 سے 300 افراد محصور ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ سیلابی پانی کارتارپور کے گھروں اور کھیتوں میں داخل ہو چکا ہے ، جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے اور کم بلندی والے علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ایمرجنسی آپریشنز شروع کر دیے ہیں جبکہ دریا کے کنارے رہائش پذیر افراد کو اضافی احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان آرمی کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر محصور افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے ریسکیو آپریشنز کر رہی ہیں۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب راوی دریا کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے نارووال شکرگڑھ روڈ بند ہوگئی، جس سے اہم راستے بلاک ہو گئے اور سیلابی پانی تیزی سے پھیل گیا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ بھیکو چک کے قریب ڈیم کے ٹوٹنے کی وجہ راوی دریا میں پانی کی غیر معمولی شدت ہے، جہاں شکرگڑھ کے کوٹ نیناں پر 250,000 سے زائد کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں بھیکو چک، نوشہرہ، نوگازہ، منڈیکھیل، بھاجنا اور کارتارپور مین ہائی وے سمیت کئی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
حکام نے سیلابی علاقوں میں رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ آنے والے دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کی بارشیں اور دریاوں میں اوپر سے پانی کی آمد کے باعث پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر ایمرجنسی انتظامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
(27 اگست 2025): پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے 6 اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج مصروف عمل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجاب کے چھ اضلاع میں پاک فوج کل رات سے سیلابی صورت حال سے نبٹنے کے لئے مصروف عمل ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ اور نارووال اضلاع میں پاک فوج کل رات سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کر رہی ہے، پاک فوج اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں پاک فوج گزشتہ رات سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کررہی ہے۔
خیال رہے کہ دریائے چناب میں رسول نگر کے قریب بند میں شگاف پڑ گیا، محکمہ آب پاشی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بند باندھنے کی کوشش کر رہے ہیں، بند باندھنے میں مقامی لوگ بھی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
ہیڈ خانکی روڈ پر برج چیمہ کے قریب دریائے چناب اوور فلو ہو گیا۔ پانی دریا کے کناروں سے نکل کر ہیڈ خانکی روڈ سے دوسری طرف بہنے لگا، ہیڈ خانکی روڈ زیر آب آنے سے متعدد دیہات کا آپس میں رابطہ منقطع ہوگیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوٹ مومن میں دریائے چناب سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریائے چناب میں ریلے کے باعث کوٹ مومن کے 41 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
بھارت کی آبی جارحیت کے نتیجے میں پنجاب کے دریا بپھر گئے ہیں، پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، مختلف مقامات پر پانی آبادیوں میں داخل ہوچکا ہے۔ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
پنڈی بھٹیاں:
پنڈی بھٹیاں میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے خیمہ بستی قائم کردی گئی ہے۔
مقامی افراد کو فوری علاقہ خالی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اسسٹنٹ کمشنرکی جانب سے مساجد میں اعلانات کئے گئے ہے۔
گجرات:
گجرات میں سیلاب کی ممکنہ صورت حال کے پیش نظر آج عام تعطیل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر نورالعین اورڈی سی سیالکوٹ صبا اصغر علی ہیڈمرالہ پرموجود ہیں۔
ڈی سی نورالعین کا کہنا ہے کہ شہباز پور پل کے نیچے پھنسے 20 افراد کو ریسکیوکرلیا گیا ہے۔
پسرور:
آج ضلع سیالکوٹ کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ڈی سی سیالکوٹ صبا اصغرعلی نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں، سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہری گھروں میں رہیں اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ شہری دریاؤں اور ندی نالوں پر ہرگز نہ جائیں۔
اوکاڑہ:
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ میں دریائے راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، ماڑی پتن کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،
دریائے راوی کے کنارے آباد دیہات سے لوگوں کا انخلا جاری ہے، دیہات میں مساجد سے اعلانات کرکے لوگوں کی محفوظ مقامات پرمنتقلی کا کہا جارہا ہے۔
ہیڈ بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 73 ہزار کیوسک سے زائد ہوگئی اوکاڑہ کے محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ ہیڈ بلوکی پر پانی کا اخراج 61 ہزار کیوسک سے زائد ہے۔
اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ کیمپ قائم کر دیئے گئے، عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
قادرآباد:
دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 78 ہزار 804 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق قادرآباد بیراج پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 77 ہزار 592 کیوسک ہے، سیلابی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، اس کے علاوہ محکمہ انہار اور ریسکیو ادارے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
حویلی لکھا:
حویلی لکھا کے مقام پر دریائے ستلج میں ہیڈ سیلمانکی پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ہیڈسیلمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 355 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حویلی لکھا میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، بیلٹ ایریا میں سیلابی پانی داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات اور بستیاں زیرِ آب آگئیں مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
نقل مکانی شروع کردی گئی ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں متحرک ہے سیلابی صورتحال پر ضلعی ادارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے
وزیرآباد:
وزیرآباد میں بیلہ کے گاؤں نوگراں کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہوگیا، نوگراں کیاطراف دریائے چناب کا پانی داخل ہونا شروع ہوگیا، بیلہ کے گاؤں بہرام میں پولیس و انتظامیہ کے مساجد سیحفاظتی اعلانات کیے جارہے ہیں۔
عوام کو گاؤں چھوڑ کر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر وزیرآباد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پاک فوج ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
جلال پور بھٹیاں:
جلالپوربھٹیاں کے مقام پر دریائے چناب ہیڈ قادر آباد پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ ہیڈ قادرآباد میں پانی کی آمد 2 لاکھ 78 ہزار 892 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ قادرآباد میں اخراج 2 لاکھ 70 ہزار 292 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جلالپوربھٹیاں میں سیلابی صورتحال کے سبب ضلعی انتظامیہ کا ہائی الرٹ جاری ہے۔
سیلابی ریلا دیہات بھون فاضل، محمود پور اور چاہ چورہ میں داخل ہوگیا، متعدد دیہات میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے علاقہ مکینوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔
لاہور:
لاہور میں دریائے چناب، ستلج اور راوی میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوگئی، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ مرالہ پر دریائیچناب کا بہاؤ 7 لاکھ 69 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خانکی بیراج پر پانی کابہاؤ 7 لاکھ 5 ہزارکیوسک تک پہنچ گیا، قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 14ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ مرالہ اور خانکی بیراج پر انتہائی اونچے درجے کاسیلاب ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
لاہور : صاف ستھرا پنجاب کے تحت کوڑا ٹیکس نافذ کردیا گیا ، کس سے کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے شہر میں گھروں، کمرشل مارکیٹوں اور دکانوں سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، شہریوں کو آئندہ ہفتے کچرا اٹھانے کے بل بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پوش علاقوں اور کمرشل مارکیٹوں میں فی مرلہ کے حساب سے بل وصول کیا جائے گا۔
مرحلہ وار لاہور کے 9 ٹاؤنز میں سینٹریشن بل بھیجے جائیں گے۔ بلز کی ترسیل ریونیو اور آپریشنل فیلڈ سپروائزر کے ذریعے کی جائے گی۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ شہری یہ بل بینک یا آن لائن کیش ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا مقررہ نرخوں کے تحت شہر میں 5 سے 40 مرلہ کی عمارتوں کو 300 سے 5 ہزار روپے تک کا بل جاری کیا جائے گا، جبکہ دیہات میں اسی رقبے کی عمارتوں کا بل 200 سے 400 روپے ہو گا۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں سینٹریشن بل پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد لاگو کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر صفائی اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
فورٹ عباس(23 اگست 2025): پولیس کا کہنا ہے کہ دوست نے پیسوں کیلئے دوست کو چھری مار کر زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے فورٹ عباس میں دوست نے دوست پر حملہ کردیا پولیس کا کہنا ہے کہ بابر ملک رقم دینے کیلئے ساتھی محمد سعید کے ہمراہ جارہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 57 چوک کے قریب پیچھے بیٹھے دوست نے چھری سے گردن پر وار کیا، ملزم محمد سعید 4 لاکھ روپے اٹھا کر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں شدید زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں بہاولپورو کٹوریہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
اس سے قبل راولپنڈی میں دوست کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس حکام کے مطابق کلر سیداں پولیس نے چند روز قبل اپنے دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ارسلان نے پرانی رنجش پر چھریوں کے وار سے اپنے دوست عبدالرحیم کو قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی۔
حافظ آباد (23 اگست 2025): پنجاب میں مضر صحت شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی ہے، اطلاع ملتے ہی ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے واقعے کا نوٹس لے لیا، اور اسپتال اور جائے وقوعے پر ٹیمیں روانہ کر دیں۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مبینہ طور پر مضر صحت شوارما کھانے سے 3 فیمیلیوں کے 9 افراد متاثر ہوئے ہیں، جو سول اسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں، اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلی چیکنگ کے بعد شوارما پوائنٹ کو سیل کر دیا ہے، 40 کلو گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بھاری مقدار میں فرائز اور سلاد کو تلف کر دیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متاثرین نے گزشتہ رات شوارما، برگر اور ونگز کھائے تھے، جس پر آج ان کی حالت غیر ہوئی، ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران شوارما پوائنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے، اشیا پر تاریخ اجرا و تنسیخ موجود نہ تھی، آئل کی تبدیلی کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، حشرات کی بھی بھرمار پائی گئی، جس پر شوارما پوائنٹ سیل کر دیا گیا۔
لاہور (21 اگست 2025): پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا تاہم صوبے میں مجموعی طور پر یہ نتائج مایوس کن رہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ تاہم تمام بورڈز کے مجموعی نتائج مایوس کن رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں 14 لاکھ 80 ہزار 299 طلبہ وطالبات نے نویں جماعت کا امتحان دیا۔ ان میں سے 7 لاکھ 64 ہزار 280 امیدوار کامیاب ہوئے جب کہ 7 لاکھ 14 ہزار 19 طلبہ فیل ہوئے۔
صوبے بھر میں نویں جماعت میں کامیاب امیدواروں کا تناسب لگ بھگ 50 فیصد رہا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر نے بھی پنجاب بورڈز کے نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر تعلیم رانا سکندر کے حلقے میں 13 اسکولوں کے نتائج بھی مایوس کن رہے۔ ان اسکولوں کے 1462 بچوں نے نویں جماعت کا امتحان دیا۔ ان میں سے صرف 276 بچے پاس اور 1186 طلبہ فیل ہوئے۔ کامیابی کا تناسب صرف 19 فیصد رہا۔
لاہور (13 اگست 2025): چین کی جانب سے پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ایم او یو پر دستخط بھی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چین کی جانب سے پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ بینک آف پنجاب اور چینی کمپنی چیلنج فیشن پرائیوٹ لمیٹڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرےگا اور صوبے میں 100 ایکڑ پر جدید ترین اسپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔
چیلنج گروپ کے تحت پنجاب میں پاکستان کی بڑی ایڈوانس ٹیکسٹائل مل لگائی جائے گی اور ماہانہ 6 ملین میٹر فیبرک استعمال کر کے 2 سے 8 ملین گارمنٹس پروڈکشن کی کرے گا۔
چینی گروپ کے ذریعہ 8 ماہ کے دوران 18 ہزار اور 5 سال میں 25 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ یہ گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس ایکسپورٹ کرے گا جب کہ گارمنٹ کی تیاری کیلیے خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرے گا۔ اس منصوبے سے سالانہ 100 ملین ڈالر سے زائد کی برآمدات متوقع ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں متعین چینی قونصل جنرل اور چیئرمین چیلنج گروپ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیلنج گروپ کے ویگوہانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کوسراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاک چین تجارتی، کاروباری شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں جدید ترین گارمنٹ سٹی بنا رہے ہیں، جس کے لیے چیلنج گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے اور اس کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
لاہور : پنجاب کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز سے ہزاروں کلو مضر صحت گوشت برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوال اور میانوالی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک نے الگ الگ کارروائیوں میں ہزاروں کلو بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کردیا، جبکہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس چلانے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ نیوال کے علاقے بلاک نمبر 2 اور لکڑ منڈی میں قائم غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز پر چھاپے کے دوران 7 ہزار کلو مضر صحت گوشت ضبط کیا گیا جو مختلف اضلاع میں سپلائی کیا جانا تھا۔
سلاٹر ہاؤس مالکان نے ٹیم کو دیکھ کر گوشت گھر کی پیٹیوں اور بیڈز کے نیچے چھپایا، تاہم تمام گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر آپریشن ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کے مطابق ان سلاٹر ہاؤسز کی کئی دنوں سے نگرانی کی جا رہی تھی، جبکہ 7 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے۔
دوسری جانب میانوالی کے پپلاں میں فوڈ اتھارٹی نے 3 غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز پکڑے، جہاں سے 10 من ناقص گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ویٹرنری ماہرین نے گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا، تینوں سلاٹر ہاؤسز کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں ناقص گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت یا اطلاع کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔
لاہور : مون سون کا ایک اور سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار ہے ، جس کے پیش نظر فلڈ وارننگ جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا، جس کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فلڈ وارننگ جاری کر دی۔
جس میں دریائے چناب اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن سمیت نارووال، گجرات، جھنگ، ملتان، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، گجرانوالہ، وزیرآباد اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے اور عوام کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، دیر، چترال، سوات، کشمیر، گلگت بلتستان، خضدار اور ژوب میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر ہلکی بارش متوقع ہے۔