Tag: پنجاب

  • راولپنڈی میں فائرنگ سےایک ہی گھر کے 4 افراد جاں بحق

    راولپنڈی میں فائرنگ سےایک ہی گھر کے 4 افراد جاں بحق

    راولپنڈی : مندرہ چکوال روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ہی گھر کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو جاں بحق کردیا ہے،تا حال قتل کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

    ریسکیو اداروں نے فوری فائرنگ کے نتیجے میں جان بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے تمام افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

    پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور اہل محلہ کا بیان بھی قلم بند کر کے میتیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے اسپتال سے رابطہ کر لیا ہے،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور دو بچیاں شامل ہیں۔

    تا ہم ابھی تک قتل کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے اہل محلہ کا کہنا ہے کہ مقتولین شریف لوگ تھے اور اِن کا کسی سے کوئی جھگڑا یا تنازعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

    پٔولیس نے مختلف پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں ہیں اور جلد ہی قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

  • کتابیں باہر سے خریدنے پر اسکول پرنسپل کا بچے پر تشدد

    کتابیں باہر سے خریدنے پر اسکول پرنسپل کا بچے پر تشدد

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ایک نجی اسکول کے پرنسپل نے کتابیں باہر سے خریدنے پر 9 سالہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے کنگنی والا کے رہائشی محنت کش محمد اشفاق کا 9 سالہ بیٹا قمر حسین ہاشمی کالونی کے نجی اسکول میں زیر تعلیم ہے۔

    اسکول پرنسپل عزیز الرحمن نے بچے سے اسکول سے کتابیں خریدنے پر زور دیا تو بچے نے بتایا کہ اس کے والدین نے اسے تمام کتابیں باہر سے خرید کر دے دی ہیں۔

    جس پر طیش میں آ کر مبینہ طور پر اسکول کے پرنسپل عزیز الرحمن نے بچے کو جوتوں کے ساتھ شدید تشدد کا نشانہ بنا کر گھر بھجوا دیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملنے پر بچے کے والد محمد اشفاق نے پولیس سے رابطہ کیا جس پر تھانہ سبزی منڈی پولیس نے بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔

    دوسری جانب بچے کے والد نے زخمی قمر حسین کو علاج کےلیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔

    مزید پڑھیں: چترال:نجی اسکول کے پرنسپل کا طلبہ پر وحشیانہ تشدد، مقدمہ درج، پرنسپل گرفتار

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چترال میں نجی اسکول کے پرنسپل کو بچوں پر وحشیانہ تشدد کرنے پر گرفتار کیا تھا۔

  • چیچہ وطنی،ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ختم،گنتی کا عمل شروع

    چیچہ وطنی،ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ختم،گنتی کا عمل شروع

    لاہور : ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا۔

    تفصیلات کےمطابق آج صبح سے بچیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل پُر امن طریقے سے جاری رہا اور مقررہ وقت تک لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے رہے تا ہم ووٹ کا ٹرن آؤٹ معمول سے کم دیکھنے میں آیا۔

    پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے دروازے بند کردیے گئے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل پریزائڈنگ آفیسر کی زیرز نگرانی شروع کردیا گیا ہے پولنگ کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

    اس حلقےمیں تحریک انصاف کے رائے محمد مرتضیٰ اقبال، ن لیگ کےچوہدری محمد طفیل جٹ اور پیپلزپارٹی کے شہزاد سعید چیمہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ حلقہ این اے 162 کی نشست عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے رائے حسن نواز کی جانب سے اثاثے چھپانے کے باعث نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے رائے محمد مرتضیٰ اقبال، ن لیگ کےچوہدری محمد طفیل جٹ اور پیپلزپارٹی کے شہزاد سعید چیمہ کے علاوہ چار آزاد امیدوار بھی انتخابی دنگل میں ہیں۔

    حلقہ این اے 162چیچہ وطنی شہر ،کسوال اور ہڑپہ کی دیہی آبادی پر مشتمل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ چھ ہزار ہے۔جن میں سے ایک لاکھ 74 ہزار مرد اور ایک لاکھ بتیس ہزار خواتین ووٹرز ہیں۔

    اس حلقے میں کل 293 پولنگ اسٹشینز بنائے گئے ان میں سے 22کوحساس ترین قرار دیا گیا ہے۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے حلقےمیں پولیس کے ساتھ پاک فوج بھی پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف چیچہ وطنی آکر اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں جلسے کر چکے ہیں۔

  • لال مسجد کیس، پرویز مشرف اشتہاری قرار،جائیداد ضبط کرنے کا حکم

    لال مسجد کیس، پرویز مشرف اشتہاری قرار،جائیداد ضبط کرنے کا حکم

    اسلام آباد: لال مسجد کیس میں مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ضمانت ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطاق سابق صدر اور  ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے خلاف اسلام آباد کی عدالت میں دائر لال مسجد پر حملہ کیس کی سماعت کی گئی، دورانِ سماعت ملزم کی مسلسل غیر حاضیر پر سیشن جج عبد القادر میمن نے پرویزمشرف کی جائیداد اور ضمانت ضبط کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دے دیا۔

    عدالت نے کیس کے ضامن نذیر احمد اور جان محمد کے شورٹی بانڈز بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے، سیشن جج نے اپنے فیصلے میں  پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں کو بھی غیر موثر قرار دے دیا۔


    یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں اسلام آباد میں قائم لال مسجد آپریشن کیا گیا تھا جس میں متعدد فوجی شہید اور لال مسجد کے درجنوں طلبہ ہلاک و زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سنگین غداری کیس میں غیر حاضری، پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم

    دوسری جانب آئین شکنی کیس میں بھی عدالت نے ملک بھر میں سابق صدر کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد تمام صوبوں میں نوٹس جاری کرتے ہوئے پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا گیا تھا۔

  • تحریک انصاف نے عابد شیر علی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

    تحریک انصاف نے عابد شیر علی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے دھمکیاں دینے والے وزرا اور رہنماﺅں کے خلاف قانونی جارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد عابد شیر علی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ پر قائدین اور کارکنوں کو دھمکیاں دینے والے مسلم لیگ (ن) کے وزراءاور رہنماﺅں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سب سے پہلے وزیر مملکت عابد شیر علی کیخلاف درخواست دائر کی جائیگی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے مرکزی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کی ذمہ داری لگا ئی ہے کہ وہ فیصل آباد میں جا کرعابد شیرعلی کیخلاف پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کرائیں جس کے بعد فرخ حبیب نے عابد شیر علی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : رائیونڈ مارچ روکنے کیلئے مسلم لیگ یوتھ ونگ کی ڈنڈا بردار فورس قائم

    اس کے علاوہ کے مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار وں سمیت دیگررہنماﺅں جن میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءااللہ بھی شامل ہیں پر مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

    واضح رہے اس سے قبل عمران خان کے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کے لیے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نے ڈنڈافورس قائم کر دی ہے جوائنٹ سیکرٹری پنجاب یوتھ ونگ شعیب بٹ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس میں کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ اگر عمران خان رائے ونڈ مارچ کریں گے تو لیگی کارکن ان پر ڈنڈے برسائیں گے۔

    شعیب بٹ کا مزید کہنا تھا کہ گلوبٹ ہم نہیں تحریک انصاف والے ہیں جو پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں انھوں نے کہاکہ اگر عمران خان رائے ونڈجائیں گے تو ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور یہ ساری ڈنڈابردار فورس رائے ونڈ کا تحفظ کرے گی اور اگر کوئی رائے ونڈ کی طرف آئے گا تو اسکا بھرپور مقابلہ کرے گی۔

  • ملتان: انٹر میں پہلی پوزیشن لینےوالا طالبعلم دنیا میں نہ رہا

    ملتان: انٹر میں پہلی پوزیشن لینےوالا طالبعلم دنیا میں نہ رہا

    ملتان: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا طالب علم وقاص رؤف اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وقاص نے انٹر آرٹس کے امتحانات میں 1013 نمبر حاصل کرکے لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی،تاہم جب بورڈ حکام نے ان کے گھر پر رابطہ کیا تو ان کے والد نے افسوس ناک خبر سنائی کہ ان کا ہونہار بیٹا انتقال کرچکا ہے۔

    وقاص کے والد عبدالرؤف کے مطابق رواں برس 11 جولائی کو ان کے بیٹے کو برین ہیمرج ہوا اور دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث وہ دنیا سے کوچ کر گیا۔

    وہاڑی سے تعلق رکھنے والے طالب علم وقاص کے والد بیٹے کی پوزیشن کا سن کر آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے اس کا انعام وصول کیا۔

    اس موقع پر وقاص کے والدکا کہنا تھا کہ وہ اللہ کی رضا پر راضی ہیں اور انھیں اپنے بیٹے پر فخر ہے۔

  • لاہور فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 3مزدور جاں بحق

    لاہور فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 3مزدور جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے شاہ پور کانجراں میں فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے باعث چھت مزدوروں پر گرنے سے3 مزدورجاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہ پور کانجراں میں فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے باعث فیکٹری کی چھت مزدوروں پر آگری جس کے نتیجے میں ایک مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 4 مزدوروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    فیکٹری حادثے کے دو مزدور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی تعداد3 ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت صفدر، خضر اور وقاص کے نام سے ہوئی ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فیکٹری میں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔

    شہبازشریف نے جاں بحق مزدوروں کےلواحقین سےدکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمی مزدوروں کو بہترین علاج معالجےکی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

  • ملک بھرمیں کومبنگ آپریشن جاری، طالبان کمانڈر اسلام وزیر 4ساتھیوں سمیت گرفتار

    ملک بھرمیں کومبنگ آپریشن جاری، طالبان کمانڈر اسلام وزیر 4ساتھیوں سمیت گرفتار

    لاہور : ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران اے پی ایس حملے میں ملوث طالبان کمانڈر اسلام وزیر چارساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا جبکہ پنجاب میں بھی سیکیورٹی اداروں کی تابر توڑ کاروائیاں جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے، لوئر دیر سے اے پی ایس حملے میں ملوث طالبان کمانڈر اسلام وزیر چارساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا، اسلام وزیر پر متعدد دہشت گرد کاروائیوں سمیت مقامی رہنما کے قتل کا بھی الزام ہے۔

    پنجاب میں بھی سیکورٹی فورسز کی تابڑتوڑ کاروائیاں جاری ہے، گجرات کے علاقے رکھ پبی سے پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، آپریشن میں ایلیٹ فورس کے ایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

    آئی جی پنجاب کے مطابق عید کی چھٹیوں میں بارہ سو سینتالیس کومبنگ آپریشن کے گئے، جس میں تیرہ سو انہترملزمان فورسز کے ہاتھ لگے، ان میں دو سو اٹھاسی اشتہاری اور مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔

    لاہور سے ایک سو پچاس ملزمان کو گرفتار کیا گیا، فیصل آباد میں چار سو سے زائد چھاپے مارے گئے، کارروائیوں میں چھ سو باسٹھ ملزمان کو تحویل میں لیا گیا، ملتان سے ایک سو اکتالیس اور سرگودھا سے ایک سو تئیس افراد پکڑے گئے، ڈیرہ غازی خان سے ستاون مشتبہ کو حراست میں لیا گیا۔

    آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے مطابق ٹارگٹڈ کاروائیوں میں تین سو پانچ ملزمان سے خطرناک اسلحہ بھی برآمد ہوا اور ستائیس ہزار سے زائد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی حیدر علی کی شاندار کارکردگی

    پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی حیدر علی کی شاندار کارکردگی

    ریو ڈی جنیرو: پاکستان کے پیرالمپیئن حیدر علی نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں ایتھلیٹ حیدر علی نے لانگ جمپ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

    para-2

    حیدر علی نے اس مقابلے میں 6.28 میٹر طویل چھلانگ لگائی۔ مقابلے میں چین کے شانگ گوانگزو نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔

    اکتیس سالہ حیدر علی کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ سے ہے اور وہ ریو پیرالمپکس میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔

    para-3

    یہ پیرالمپکس میں حیدر کا دوسرا تمغہ ہے۔انہوں نے 8 سال قبل بیجنگ پیرالمپکس میں بھی لانگ جمپ مقابلے میں ہی چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

    اس سے قبل قومی پیرالمپکس کمیٹی مالی مسائل کا شکار تھی اور کمیٹی نے کھلاڑیوں کو ریو بھیجنے کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی تھی۔ بعد ازاں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے حیدر علی اور ان کے ٹرینر کو ریو بھیجا گیا۔

    para-4

    واضح رہے کہ 1992 سے پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی بھیجے جانے کے بعد حیدر واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک پاکستان کے لیے تمغے حاصل کیے ہیں۔

  • عید کی چھٹیاں ختم، سرکاری اسکول و دفاتر کھل گئے

    عید کی چھٹیاں ختم، سرکاری اسکول و دفاتر کھل گئے

      اسلام آباد: عید ختم نہیں ہوئی لیکن سرکاری طور پر دی گئی چھٹیاں ختم ہوگئیں۔ سندھ اور پنجاب میں عید کے تیسرے دن اسکول اور سرکاری دفاتر کھل گئے۔

      عید قربان کے تیسرے روز چھٹیاں ختم ہوگئیں اور سندھ اور پنجاب میں اسکول اور دفاتر کھل گئے تاہم اسکولوں اور دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی۔

      کراچی کے 90 فیصد سے زائد سرکاری اسکولوں میں اساتذہ تو اسکول آ پہنچے مگر جنہیں پڑھنا تھا وہ نہ آئے۔

      بہاولپور کے اسکول میں جب صرف تین طلبا آئے تو پرنسپل نے خود ہی چھٹی دے دی۔ اساتذہ و طلبا کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

      واضح رہے کہ اس سال وفاقی حکومت نے صرف 3 چھٹیاں دی تھیں۔ ہر سال عید الاضحیٰ کی حج کے دن کی ملا کر 4 چھٹیاں دی جاتی ہیں مگر اس بار اس کے برعکس صرف 3 چھٹیاں دی گئیں۔