Tag: پنجاب

  • انسداددہشت گردی فورس کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    انسداددہشت گردی فورس کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    لاہور: انسداددہشت گردی فورس کے پہلےدستےنےفوج سےتربیت حاصل کرلی۔آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ امن عامہ اور سیکیورٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں انسداددہشت گردی فورس کے پہلےکورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب منعقد ہوئی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعظم نوازشریف، اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خصوصی مہمان تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجنرل راحیل شریف نے کہا کہ امن عامہ اور سیکیورٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے شاندار عملی مظاہرہ کیا۔پریڈ میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے انٹیلیجنس اہلکار کس کس روپ میں کام کرتے اس کا بھی عملی مظاہرہ کیاگیا۔

    پاس آؤٹ کرنیوالےفوج کے تربیت یافتہ جوانوں کے پہلےدستے میں چارسواکیس جوان شامل ہیں جن میں سولہ خواتین اہلکار بھی ہیں۔ ایلیٹ فورس میں مجموعی طورپرایک ہزار ایک سو بیاسی اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی جس کا دورانیہ نو ماہ ہے۔

  • پولیس 15، انٹیلی جنس عمارت حملے کے مجرموں کو پھانسی کی سزا

    پولیس 15، انٹیلی جنس عمارت حملے کے مجرموں کو پھانسی کی سزا

    لاہور:انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حساس عمارتوں پر حملے کے تین مجرمان کو تئیس بار سزائے موت کا حکم سنادیا۔

    پولیس نے 15 بلڈنگ اٹیک کے تین ملزمان عابد اکرم، شبیر احمد اور سرفراز احمد کو عدالت میں پیش کیا۔

    سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ نامزد ملزمان پولیس 15 اور انٹیلی جنس ایجنسی کی عمارت پرحملے میں ملوث ہیں اوراس بات کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

    ملزمان کے وکیل نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ وکیل نے درخواست کی کہ عدالت ان کے موکلین کو بری کیا جائے۔

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تینوں مجرموں کو سزائے موت دینے کا حکم دیا۔

    عدالت نے مجرمان کو حکم دیا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیا۔

    2009میں پولیس 15 اورانٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں لگ بھگ تئیس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

  • پیٹرول کے بعد گیس کے بحران نے سراُٹھالیا

    پیٹرول کے بعد گیس کے بحران نے سراُٹھالیا

    اسلام آباد: پاکستان میں بحران پر بحران پیدا ہورہے ہیں لیکن بحران کی ذمہ داری قبول کرنے والا کوئی نہیں۔ عوام کبھی گیس کو ترستے ہیں تو کبھی ایندھن کی قلت کو روتے ہیں۔ہمارے ملک میں بحران تو بہت ہیں پر مرد بحران کوئی نہیں۔

    پنجاب میں ابھی پیٹرول غائب ہونے کے مسئلے پر گرد بیٹھی بھی نہ تھی کہ گیس بحران نے سر اٹھا لیا۔ سخت سردی میں پریشان عوام کریں تو کیا کریں۔

    بس حکومت کو کوسنے دے دے کر دل کی بھڑاس نکال لیتے ہیں۔مگر مسئلہ جوں کا توں ہے، ملتان میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔

    گیس کا پریشر انتہائی کم ہے نہ صبح کا ناشتہ بنتا ہے اور نہ ہی رات کے کھانے کی تیاری کی جاتی ہے، والدین بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے ہوٹلوں کا مہنگا اور غیر معیاری کھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    فیصل آباد میں کئی ماہ سے گیس کی قلت بدستور جاری ہے۔ عوامی شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ پنجاب میں پیٹرول بحران کے موقع پر کراچی میں مسلسل سی این جی کی فراہمی جاری رہی۔ لیکن اب  یہ عیاشی بھی ختم ہو گئی ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی نےواضح طور پرکہہ دیاہے کہ آئندہ ہفتے کراچی میں تین دن سی این جی نہیں ملے گی۔ کراچی کی سڑکوں کو اب گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہوں گی اور ہیٹرول پمپوں پر بے ہنگم ہجوم ہونگے.

    کراچی میں آئندہ ہفتے منگل ، جمعرات اور ہفتہ کو سی این جی اسٹیشنز چوبیس چوبیس گھنٹے کیلئے بند رہیں گے۔اور کراچی کی سڑکیں کار پارکنگ کا منظر پیش کریں گی۔

  • پٹرول بحران حکومت کے خلاف سازش کا نتیجہ لگتا ہے ، اسحاق ڈار

    پٹرول بحران حکومت کے خلاف سازش کا نتیجہ لگتا ہے ، اسحاق ڈار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جاپان توانائی کے شعبے میں فنڈنگ کرنے پرتیارہوگیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں بحران کا ادائیگیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٍجاپان اورپاکستان کے درمیان انفارمیشن گیپ تھا جسے دور کیا گیا ہے اور’جائیکا‘پاکستان کے لاکھڑا پاور پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرے گا۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ جاپان اس پروجیکٹ میں 85 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

    اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے میں بھی جائیکا کے ساتھ پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں بتایا کہ قبضے کے باعث کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ میں مشکلات ہیں۔

    پنجاب میں گزشتہ سات روز سے جاری پٹرول بحران پراسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ’’سب کچھ ٹھیک تھا خدا جانے یہ بحران کیسے آگیا‘‘۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی نے ہماری حکومت کے خلاف سازش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بحران کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی جارہی ہیں، طلب اور رسد میں توازن کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے ذمے پاکستان اسٹیٹ آئل کے کوئی بقایا جات نہیں ہیں اورنہ ہی مالی معاملات کی وجہ سے بحران آیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے بحران پرقابو پانے کی ہرممکن کوشش کررہےہیں۔

  • بورےوالا: بس اورٹرک میں تصادم،ڈرائیور جاں بحق،10زخمی

    بورےوالا: بس اورٹرک میں تصادم،ڈرائیور جاں بحق،10زخمی

    بوُرےوالا: چَنوُں موڑپربس اورٹرک میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ڈرائیورجاں بحق ہوگیا جبکہ دس افرادزخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چَنوُں موڑ کے قریب بس اورٹرک میں تصادم ہوا جس کے سبب ہونے والےحادثے میں بس ڈرائیورموقع پرہی دم توڑ گیا۔ جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

    زخمی ہونے والے افراد میں بچے اورخاتون بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیاجب بس موڑکاٹتے ہوئے سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

  • پیٹرول کا بحران شدت اختیارکرگیا، حکومتی حکمت عملی ناکام

    پیٹرول کا بحران شدت اختیارکرگیا، حکومتی حکمت عملی ناکام

    لاہور : پنجاب بھر میں پیٹرول کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں سے پیٹرول کی قلت کی اب تک کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب میں پٹرول کا بحران شدت اختیارکرگیا ہے جبکہ ملک کے باقی صوبوں سے پٹرول کی قلت کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ۔

    پیٹرول کی قلت کا سارادباؤ پنجاب پر ہی پڑرہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے اور صنعتی شہر کراچی میں پیٹرول کی سب سے زیادہ کھپت ہونے کے باوجود یہاں پیٹرول کی سپلائی برقرار ہے۔

    جبکہ طویل فاصلوں کے باعث خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں پیٹرول کی قلت ہونے کا امکان تھا ، لیکن وہاں سے بھی اب تک ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    بحران کی شدت کم کرنے کےلیے گذشتہ روز لاہور ریجن میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کی حکومتی ہدایت پر چند اسٹیشنز کھولے گئے جس سے صورتحال میں بہتری نہ لائی جا سکی آئل فراہم کرنے والی کمپنیاں بیس دن کیلئے پیٹرول کا کوٹہ رکھنے کی پابند ہیں ۔

    سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں نہ ہو سکا ۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ کیامحض چند افسران کی معطلی کا فی ہے ۔کیا اس سنگین بحران پر وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی پر بھی کوئی ذمہ داری عائد ہوتی ہے یا نہیں، کیا وہ استعفی دیں گے۔

  • پٹرول بحران، انتظانی نااہلی، وزارتِ خزانہ یا پی ایس او ذمہ دارکون؟

    پٹرول بحران، انتظانی نااہلی، وزارتِ خزانہ یا پی ایس او ذمہ دارکون؟

    پنجاب :لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرول کی قلت پانچویں روزبھی برقرار ہے۔ شہریوں کو اذیت میں مبتلاکرنےکا ذمہ دار کون ہے۔

    انتظامی نااہلی نے عوام کو نئی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، پٹرول سستا ہوتے ہی نایاب کیوں ہوگیا؟ بتایا جارہا ہے کہ پی ایس اوکا سرکلر ڈیٹ دو سو ارب روپے تجاوز کر گیا ہے۔

    اس بار مالی بحران نے صورتحال کو سنگین کردیا ہے، پٹرول کی قلت کی بڑی وجہ اثاثوں میں کمی ہے، مارکیٹ میں پٹرول کی قلت پیدا کر کے اشیاء کو مہنگا کر دیا جاتا ہے۔

    اجارہ داری کے منصوبوں کے تحت کمیشن لے کر معاہدے ہوتے ہیں اور آخر میں تمام بوجھ صارف کو ہی اٹھانا پڑتا ہے، کمزور مالیاتی اداروں،غیر ملکی قرضوں اور بڑھتےہوئےحکومتی اخراجات سے ملک میں زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم ہوگئے ہیں۔ جس کا تازہ ثبوت پاکستان اسٹیٹ آئل کا مالی بحران ہے ۔

    وزارتِ خزانہ، وزارتِ پٹرولیم اور وزارتِ پانی و بجلی سے پی ایس او کے واجبات کی مد میں فوری طور پرپچاس ارب روپے کی ادائیگی کو یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی۔

    اگر بروقت ادائیگی نہ ہوئی تو پاور سیکٹر کو ایندھن کی فراہمی میں واضح کمی کردی جائےگی، جس کے بعد عوام کو بجلی کے اذیت ناک بحران کا سامنا ہوگا۔

  • پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کا بحران پانچویں روز بھی جاری

    پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کا بحران پانچویں روز بھی جاری

    پنجاب: لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں پٹرول کی قلت پانچویں روز بھی برقرار ہے، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کا حصول بحران پانچویں روز بھی جاری ہے، پٹرول نہ ملنے پر دفاتر اور اسکولوں میں حاضری کم ہے، پٹرول کی قلت کا یہ عالم ہے کہ شہر کے نوے فیصد پمپ بند ہیں اور جن پر پٹرول پر دستیاب ہیں، وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہے۔

    پٹرول نہ ملنے پر رکشہ ڈرائیورز مسافروں سے منہ مانگے دام وصول کرتے رہے اور شہر کے بعض علاقوں میں پٹرول بلیک میں بھی فروخت ہو رہا ہے۔

    لاہور میں پیٹرول کے حصول کے لیے آنے والے ایک شہری کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوز دکاندار صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، پیٹرول کے متلاشی رکشہ ڈرائیور کو شکوہ تھا کہ اسے پیٹرول بلیک مارکیٹ سے خریدنا پڑ رہا ہے ساٹ ایک اور شہری نے بتایا کہ جہاں پیٹرول مل رہا ہے وہاں طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

    گوجرانوالہ میں تمام پیٹرول پمپ بند ہیں جبکہ ایک پیٹرول پمپ جہاں پیٹرول دستیاب ہے، وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی عدم دستیابی سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیرپیٹرولئیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیٹرول کا بحران مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ کے دعووں کے برعکس پی ایس او کے علاوہ باقی کمپنیوں کے پمپس پر بھی پٹرول دستیاب نہیں ہے۔ اور صورتحال معمول پر آنے میں مزید دن لگ سکتے ہیں۔

  • سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بارہ فروری تک بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں بلدیاتی انتتخابات سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نےالیکشن کمیشن کواگلی سماعت پر انتخابات کا حتمی شیڈول دینےکا حکم دیدیا جبکہ کنٹونمنٹ ایریاز میں میں انتخابات کےلئے سات روز میں قانون سازی کی ہدایت کی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئےکہ حکومت سندھ اور پنجاب انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتیں۔

    عدالت نے کہا کہ کمیشن آئندہ سماعت پر سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامات مکمل کرے ، بینچ نے سماعت بارہ فروری تک ملتوی کرتے ہوئے واضح ہدایت کی یہ آخری موقع ہے، آئندہ سماعت پر کوئی عذر قبول نہیں ہوگا۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی تھی، سماعت میں الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔

    جس میں عدالت کو یقین دلایا گیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے جلد حلقہ بندیوں کے لئے اقدامات کریں گی

    عدالت نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی تھی۔

  • تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کیلئے ڈیڈ لائن دیدی ہے، رانا مشہود

    تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کیلئے ڈیڈ لائن دیدی ہے، رانا مشہود

    لاہور : صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو 9جنوری تک سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ 12 جنوری سے پہلے کھلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    لاہور میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے تعلیم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ کالجز کی سیکیورٹی کے لیے 30.7ملین کا بجٹ دے دیا گیاہے۔

    تمام اسکولوں اور کالجز کو 9جنوری تک سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کیے ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے ۔ پانچ جنوری تک 70فیصد سیکیورٹی مکمل کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 12جنوری کو سکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے بعد تمام تعلیمی ادارے کھول دئیے جائیں گے۔

    رانا مشہود نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے نوجوانوں کی رضاکار ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیاہے۔ پنجاب بھر میں محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور نوجوان رضاکاروں کو کارڈ دیئے جائیں گے۔

    نوجوان حالات پر نظر رکھیں گے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں رپورٹ دینگے۔