Tag: پنجاب

  • پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا

    پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا

    لاہور: حکومت نے تحریک انصاف کے لاہور شٹ ڈاؤن کو ناکام بنانے کے لیے حکمت عملی طے کرلی ہے ۔

    ذرائع کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کو صبح 7 بجے دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کا کہا گیا ہے، جبکہ دفاتر میں نہ پہنچنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

     سرکاری ملازمین کو موبائل فونز پر ایس ایم ایس کے ذریعے دفاترپہنچنےکے پیغامات دیے جارہے ہیں،موبائل ایس ایم ایس میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام کی طرف سے ہدایت ہے کہ ملازمین پیرکے روز اپنی حاضری کویقینی بنائیں ۔

     موبائل ایس ایم ایس کے متن کے مطابق تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحتوں کو بھی یہ حکم نامہ دیں ۔

  • بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں درج حرارت گرنے سے میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے۔ بلوچستان کے بیشترعلاقے سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ کوئٹہ میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے اور درجہ حرارت منفی سات ڈگری تک گرگیا۔ جس پرلوگوں نے گرم چادریں، کوٹ، سویٹر اور جیکٹس کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ کوئٹہ میں سردی بڑھنے سے کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں ہیں۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے لگیں ہیں جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر مقامات پر موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    ادھر شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جلائے جانے والی لکڑی اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے۔

    دوسری جانب منگورہ میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گہرے بادل چھانے کی وجہ سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے موسمی بیماریاں بھی بڑھ گئیں۔

  • پنجاب: انسدادِ پولیو مہم 3 روز سے بڑھا کر 5 دن کردی گئی

    پنجاب: انسدادِ پولیو مہم 3 روز سے بڑھا کر 5 دن کردی گئی

    پنجاب: پولیس نفری کی کمی کے باعث تین روزہ انسدادِ مہم کو پانچ روز میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ بھر میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم جاری ہے ۔

    پنجاب میں جاری انسدادِ پولیو مہم کو تین روز سے بڑھا کر پانچ دن تک کرنے کا اعلان کردیا ہے، پولیو مہم بڑھانے کا فیصلہ پولیس کی نفری میں کمی کے باعث کیا گیا، ای ڈی او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ اتنی پولیس نفری موجود نہیں کہ ہر پولیو ورکر کےساتھ پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں، لہذا اس معاملے سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تین روزہ مہم پانچ روز تک کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب سندھ بھر میں تین روزہ پولیو مہم آج دوسرے روز بھی جاری ہے، کراچی کی حساس یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، ڈی سی سنیٹرل کے مطابق سندھ بھر میں اسی لاکھ سے زیادہ بچوں کو جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر بائیس لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مکمل کرنا ہے۔

  • حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عارف علوی کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عدم استحکام کا شکار ہے لہذا اسے گھر چلے جانا چاہئیے اور تحریک ِ انصاف اس مطالبے پر قائم رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے گلوبٹ چار دن سے آج بد امنی پھیلانے کے لئے تیاری کررہے تھے اور آج انہوں نے طاقت کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

    عارف علوی نے بتایا کہ جس شخص کی فائرنگ سے کارکن جاں بحق ہوئے اسے پولیس نے گھیرا لیکن رانا ثنا اللہ اسے اپنے ساتھ لے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں مدعا اٹھائیں گے کہ جب تک کارکنوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوجاتے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کئے جائیں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ پرویزرشید کہتے ہیں کہ تحریکِ انصاف لاشوں کی سیاست کرتی ہے لاشیں تو مسلم لیگ ن خود ہمارے کارکنوں کی گراتی ہے۔

  • شریف برادران کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا، میاں محمود

    شریف برادران کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا، میاں محمود

    فیصل آباد: پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب کے صدر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ شریف برادران کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا۔

    میاں محمود الرشید فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک پرمرکزی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھے اور انہوں نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب یہ تحریک گھرگھرجائے گی۔

    انہوں نے مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں پرحملے اورکارکنوں کی شہادت کی شدید مذمت کی۔

    انہوں نے کہا کہ کارکن عمران خان کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پھیلائیں اور گھر گھر اس تحریک کو لے کر جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب یہ احتجاجی تحریک وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور وزیرِاعظم میاں نوازشریف کے استعفیٰ دینے تک جاری رہے گی۔

    انہوں نے اس موقع پر پنجاب بھر میں یومِ سوگ کا بھی اعلان کیا۔

  • چہلم امام حسینؓ: لاہورمیں ڈبل سواری پرپابندی رہے گی

    چہلم امام حسینؓ: لاہورمیں ڈبل سواری پرپابندی رہے گی

    لاہور : چہلم امام حسین کے موقع پر لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی اور موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی، تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نےسکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت سے چہلم امام حسین کے موقع ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے اور موبائل فون سروس معطل کرنے کی درخواست کی تھی .

     پولیس کی درخواست کو پنجاب حکومت نے منظور کرلیا ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے شہر میں ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس کی معطلی مرکزی جلوس کے مخصوص مقامات پر ہی ہوگی جبکہ باقی تمام شہر میں ڈبل سواری اور موبائل فون سروس بحال رہے گی۔

  • فیصل آباد: پی ٹی آئی کی ہڑتال ناکام بنانے کیلئے حکومت سرگرم

    فیصل آباد: پی ٹی آئی کی ہڑتال ناکام بنانے کیلئے حکومت سرگرم

    فیصل آباد : حکومت نے پیر کو فیصل آباد میں پی ٹی آئی کا شٹر ڈائون ناکام بنانے کیلئے اہم فیصلے کرلئے۔ آٹھ دسمبر کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،تاجروں اور صنعت کاروں کو بھی رام کرنے کیلئے حکومت سرگرم ہوگئی ۔

    حکومت پنجاب نے تحریک انصاف کاآٹھ دسمبر کو فیصل آباد میں احتجاج روکنے کے لیے حکومتی حکمت عملی تیارکرلی، ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے جھنگ، چنیوٹ، لاہور، جڑانوالہ، سمندری اور ستیانہ جانے والی سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

    آٹھ دسمبر کو فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پیر کے روز بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس اقدام کامقصد ٹیکسٹائل ملز سے مزدوروں کو تحریک انصاف کے احتجاج میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے کیا گیا۔

    فیصل آباد میں دیگر اضلاع سے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی، جبکہ تاجروں اور فیکٹری مالکان کو احتجاج سے روکنے کے لیے صنعتی تنظمیوں کے صدور سے حکومتی ارکان نے رابطے شروع کر دئے ہیں۔

    سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ ور عابد شیر علی تحریک انصاف کا احتجاج ناکام بنانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔

  • میجر شبیرشریف کا تینتالیسواں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

    میجر شبیرشریف کا تینتالیسواں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

    لاہور: پاک بھارت 71کی جنگ میں دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے والے میجر شبیرشریف کا تینتالیسواں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے۔ آرمی چیف کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ہے۔

    دشمن کے خلاف سینہ سپر ہوکر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ملک کے بہادر سپوت میجرشبیرشریف شہید کا تینتالیسواں یومِ شہادت آج پورے فوجی اعزاز اورعقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔

    نشان حیدر پانے والے میجرشبیرشریف شہید کے لاہور میں مزار پر فرنٹیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور اس موقع پر میجر شبیرشریف شہید کے صاحبزادے تیمورشریف اور شہید کی ہمشیرہ نے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

    شبیر شہید کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ سب کو انکے بھائی کی طرح وطن کیلئے قربانی کا جذبہ بیدار رکھنا چاہیئے۔ میجرجنرل سجاد علی اورجنرل آفسیر کمانڈنگ میجرجنرل فدا حسین نے آرمی چیف کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    انیس سو اکہترکی جنگ میں میجرشبیرشریف کی قیادت میں رجمنٹ نے سلیمانکی ہیڈورکس پردشمن کے دانت کھٹے کئے تھے۔ میجر شبیر شریف نےاس معرکے میں دشمن کے تینتالیس سپاہیوں کو ہلاک کیا اور اٹھائیس قیدی بنالئے تھے۔ انہوں نے دشمن کے چار ٹینک بھی تباہ کئے تھے۔ انھوں نے چھ د سمبر انیس سواکہتر کودشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

    میجرشبیرشہید کو تین اعلیٰ فوجی اعزاز مل چکے ہیں ان میں اعزازی شمشیر، ستارہ جرات اور پاکستان کا سب بڑا قومی اعزاز نشانِ حیدر بھی شامل ہے۔ میجرشبیرشریف میجرعزیزبھٹی شہید کے بھانجے جبکہ موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی ہیں۔

  • طاہرالقادری اورعمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی

    طاہرالقادری اورعمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی

    لاہور: لانگ مارچ اور دھرنے دینے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اورعمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت لاہورہائیکورٹ نے نو دسمبر تک ملتوی کردی۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزاروں نے کہا کہ عدالت نے لانگ مارچ اور دھرنے روکنے کے احکامات جاری کیے مگر اس کے باوجود عوامی تحریک اورتحریک انصاف نے لانگ مارچ اوردھرنے بھی دیئے جو توہین عدالت ہے۔

    لہٰذا عدالت عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف کارروائی کرے۔ اس کے علاوہ اشتعال انگیز تقاریر پر عمران خان کے خلاف بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

    درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ ملکی املاک پر حملے اور اشتعال انگیز تقاریر پر پاکستان عوامی تحریک پر پابندی عائد کی جائے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے وکلاء مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نےکیس کی سماعت نو دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • ملتان:کیپری سینما کے قریب  جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی

    ملتان:کیپری سینما کے قریب جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی

    ملتان میں کیپری سینما کے قریب جھگیوں میں اچانک آگ لگ گئی، درجنوں جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں درجنوں لوگ گھر بار سے محروم ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے غریبوں کی جانیں بچ گئیں۔

    ملتان میں کیپر ی سینما کے قریب واقع جھگیوں میں اچانک اگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں جنہوں نے ڈیڑھ گھنٹے کی جد و جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا،خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا لیکن درجنوں لوگ چھت سے محروم ہو گئے۔

    ریسکیو زرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ یا انگھیٹی سے جلنا ہوسکتا ہے،آگ اتنی شدید تھی کہ مکینوں کو اپنا سامان نکالنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔

    سخت سردی کے موسم میں سائبان سے محروم ہو جانے والے کھلے آسمان تلے بیٹھے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔