Tag: پنجاب

  • تحریکِ طالبان پنجاب نے ہتھیارڈال دئیے

    تحریکِ طالبان پنجاب نے ہتھیارڈال دئیے

     پشاور: کالعدم تحریک ِ طالبان پنجاب نے ملک بھر میں عسکری کاروائیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ، تجزیہ نگاروں کے مطابق آُپریشن ضرب ِعضب کے نتیجے میں حاصل ہونے والی یہ اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

    اے آر وائی نیوز پشاور کے بیورو چیف ضیا الحق کے مطابق تحریک طالبان پنجاب کے امیر عصمت اللہ معاویہ نے ملک بھرمیں عسکری کاروائیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سرینڈر کردیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق عصمت اللہ معاویہ کے ہمراہ تحریک ِ طالبان پنجاب کی پوری قیادت نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا ہے، اوراب تحریکِ طالبان پنجاب دعوت و تبلیغ کا کام انجام دے گی اورساتھ ہی ساتھ سیلاب زدگان کے لئے جاری امدادی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے گی۔

    عصمت اللہ معاویہ کاکہنا ہے کہ ملا فضل اللہ غیر شرعی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور وہ بھتہ خوروں کی سرپرستی بھی کرتے ہیں اسی بناء پر ان سے علیحدگی اختیار کی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ علماء اور عمائدین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور ساتھ ہی انہوں دیگر طالبان گروہوں سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ بھی عسکری کاروائیاں بند کر کے دعوت و تبلیغ کا کام شروع کریں۔

    ممتاز تجزیہ نگار حسن عسکر ی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضرب ِ عضب کے نتیجے میں حاصل ہونے والی اب تک کی یہ سب سے بڑی کامیاببی ہے اور یہی جمہوری طریقہ ہے کہ اگرکوئی گروہ کسی فکر کا قائل ہے تو اس کا عوام میں پرچار کرے اوررائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرکے پارلیمنٹ میں آئےاور اپنے مطالبات پر عمل درآمدکروائے۔

  • حکمران ہیلی کاپٹرمیں آتے ہیں،نیچے آتے ہیں تولوگ گلاپکڑتے ہیں،پرویزالٰہی

    حکمران ہیلی کاپٹرمیں آتے ہیں،نیچے آتے ہیں تولوگ گلاپکڑتے ہیں،پرویزالٰہی

    گجرات:مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا ہےکہ حکمران دورے ہیلی کاپٹرمیں کرتے ہیں، جب نیچے آتے ہیں تولوگ گلاپکڑ لیتےہیں،ان حکمرانوں کے جا نے کےبعد ہی مسائل حل ہوں گے۔

    پاکستان مسلم لیگ ق کےرہنما چوہدری پرویزالہیٰ نےگجرات میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، چوہدری پرویز الہیٰ نے سیلاب متاثرین میں راشن اور دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں تقسیم کیں، چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ شریف برادران ہیلی کاپٹرز میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں، نیچے آتے ہیں تو لوگ ان کا گلا پکڑتے ہیں۔

    چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ حکمرانوں کو لوگوں کےاصل مسائل نظرنہیں آتے، موجودہ حکمرانوں نے سارا پیسہ جنگلہ بس سروس پر لگا دیا۔

    چوہدری پرویزالہیٰ نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب میں دیئے گئے چیک بھی ابھی کیش نہیں ہوئے۔

  • ملک کے بالائی حصے میں سیلاب،تھر میں خشک سالی کا راج

    ملک کے بالائی حصے میں سیلاب،تھر میں خشک سالی کا راج

    کراچی:تھرپارکرمیں خشک سالی کا راج برقرار ہے،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چھاچھرو اسپتال کا دورہ کیا

    ملک میں ایک جانب اتناپانی برسا کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی،اور دوسری جانب تین سال سےصحرائےتھر پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے،تھرمیں پہلے بچے بھوک سے بلکتے ہیں اور پھر پانی کوترستے ہیں اور پھراُنہیں موت آلیتی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ آج تھر پہنچے اورچھاچھرواسپتال کا دورہ کیا،اس موقع پر اُنہوں نےدعویٰ کیا کہ قحط زدہ عوام کی ہرممکن مدد کی ہے،وزیراعلیٰ نے پہلے یہ کہا کہ ہم تھرپارکرکی سولہ لاکھ آباد ی کی امیدہیں اورپھرساتھ ہی اپنی مجبوری بھی بیان کی ،کہنے لگے تھرمیں آر او پلانٹ لگانےکا اعلان کیا تھا مگر ٹھیکیدارنےخلاف ورزی کی اور کام چھوڑگیا۔

    اب کسی دوسرے کو ٹھیکہ دیں گے تھرمیں جاں بحق بچوں کے ورثا کو دودولاکھ روپے امداد دینا چاہتےہیں اوراس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رپورٹ کا انتظار ہے،قائم علی شاہ نے سرکٹ ہاؤس میں مختصر قیام کیااورواپسی کی راہ لی۔

  • دریائے چناب اورجہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

    دریائے چناب اورجہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

    لاہور: پنجاب میں دریائے چناب اور جہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرآب آ گئی ہے۔

    دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ قادر آباد کے مقام پر 6 لاکھ70 ہزار کیوسک کا ریلا گزررہا ہے جو آج شام چنیوٹ کی حدود میں داخل ہو گا۔ جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔

    دریائے جہلم میں ہیڈ رسول کے مقام پر 4 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جس سے منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا اور خوشاب کے دیہات بری طرح متاثر ہوں گے۔ 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا کل شام کسی بھی وقت جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پہنچے گا۔

    حکومت نے جھنگ، چنیوٹ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب اور شورکوٹ میں ہائی الرٹ کر دیا ہے اور دریاؤں کے کناروں پر آباد لوگوں کو منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام سے 55 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس سے آبادیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے

  • سیلاب کے تھم جانےکے بعد دھرنوں کا دوبارہ آغازکیا جائے،الطاف حسین

    سیلاب کے تھم جانےکے بعد دھرنوں کا دوبارہ آغازکیا جائے،الطاف حسین

    کراچی :ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے پنجاب میں طوفانی بارشوں،سیلاب اور قدرتی آفات کے باعث انقلاب اور آزادی مارچ کےدھرنےکو فی الفورملتوی کرنے کی درد مندانہ اپیل کردی۔

    اپنےایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں اورشدید ترین سیلابی ریلوں کے باعث ملک قدرتی آفات کا شکار ہے بارشوں سےکمزورمکانات سیلابی ریلوں میں ریت کی طرح بہہ رہے ہیں۔

    الطاف حسین نے اپیل کی ہےکہ تمام تراختلافات کو بالائےطاق رکھ کر سب یکجاہوجائیں اورامدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں،انہوں نے کہا کہ بارشیں اور سیلابی ریلوں کے تھم جانےکے بعد احتجاجی دھرنوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام جماعتیں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے متحد ہوکر جہدوجہد کریں۔

    ایم کیوایم کے قائد کا کہنا ہے کہ حکومت گرفتار کئے جانے والے مظاہرین کو رہا کرےاور دیگر امور سےتوجہ ہٹا کر سیلاب زدگان اورانسانی جانوں کےتحفظ پرمرکوز کرے،الطاف حسین نے کہا کہ پاک افواج کے افسران اور جوان سیلاب زدگان کی ہرممکنہ مدد کررہے ہیں۔

  • ایم پی اے رانا شعیب تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    ایم پی اے رانا شعیب تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

     فیصل آباد: پولیس تھانے پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے والے ایم پی اے رانا شعیب ادریس کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    پولیس تھانہ پر حملہ کرکے پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی۔

    پولیس نے عدالت کو درخواست دی کہ ملزمان سے تھانے پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنا ہے جس کیلئے ملزمان کو ریمانڈ پر دیا جائے، انسداد دہشتگردی کی عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حملے کے مرکزی کردار رکن صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما شعیب اردیس کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    عدالت نے مرکزی ملزم شعیب ادریس کے ساتھ دیگر سات ملزمان کا بھی جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔

  • چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال: ڈوہمن کے علاقہ تکیہ شاہ مراد میں برساتی نالے میں طغیانی کے نتیجہ میں مسافر وین ڈوب گئی جس کے نتیجہ میں وین میں سوار ایک خاتون سمیت سات افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔

    کئی گھنٹوں کے بعد ضلعی انتظامیہ اورامدادی ٹیموں نے ریسکیو کرکے خاتون سمیت چھ افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ کافی تگ ودو کے بعد ریلے میں بہہ کرڈوب کر جاں بحق ہونے والے عاطف نامی نوجوان کی نعش نکال لی گئی ۔

    زندہ بچ جانے والے افراد کو بنیادی مرکز صحت ڈوہمن پہنچایا گیا،جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ڈوبنے والی بد قسمت وین اسکول وین تھی اور بارش کی وجہ سے  بچے آج اس میں سوار نہ ہو سکے

  • شہبازشریف نے بارش متاثرہ علاقوں کادورہ کیا

    شہبازشریف نے بارش متاثرہ علاقوں کادورہ کیا

    لاہور: وزیرِاعلیٰ شہباز شریف نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب  نے شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سیالکوٹ، کشمیر روڈ، ماڈل ٹاﺅن ،چائنہ ٹاﺅن،لاری اڈہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

    وزیرِاعلیٰ نےعوام سے ان کی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا اوران کی شکایات حل کرنے کے لئےموقع پر ہی ہدایات جاری کیں-انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسیِ آب میں کوئی کوتاہی یاغفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

      پی ڈی ایم اے کے ڈائرکٹر جنرل ظہیرعباس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پربارشوں سے متاثرہ دس شہروں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین ، نارروال، چنیوٹ،  خانیوال اور ننکانہ صاحب انتظامیہ کو چھوٹی بڑی موٹر بوٹس ،خیمے اور لائف جیکٹس فراہم کر دی ہیں۔

  • پاک آرمی کا سیلاب زدہ دیہات میں ریسکیوآپریشن جاری

    پاک آرمی کا سیلاب زدہ دیہات میں ریسکیوآپریشن جاری

    راولپنڈی: پاک آرمی کا دریائے چناب کے ملحقہ دیہات میں ریسکیو آپریشن جاری ہے ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے سینکڑوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے سوہدرہ میں پاک آرمی کی دستے رسیکیو آپریشن کررہے ہیں، رسیکیو آپریشن میں ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے جارہے ہیں جبکہ پاک آرمی کی درجنوں بوٹس اور ماہرغوطہ خور بھی اس آپریشن میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

    آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ پاک آرمی کے جوان دریائے چناب کے ملحقہ دیہات میں امدادی کاموں کئے جارہے ہیں اور اب تک سیلاب میں پھنسے سینکڑوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیاہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں تباہ کن بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصان کے علاوہ بے شمار لوگ باش کے پانی میں گھرے ہوئے ہیں ،جن کی امداد کیلئے پاک فوج کے جوان اپنی خدمات انجام دے رہےہیں

  • راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرگئی

    راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرگئی

    راولپنڈی:راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کی انتہائی حد سے تجاوز کرگئی ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جاری موسلا دھار بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ ڈیموں میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے جب کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبورکرگئی ہے۔

    راول ڈیم میں پانی کی سطح کو اعتدال میں لانے کے لئےایک گھنٹے بعد ڈیم کے اسپل ویز کھول دئے جائیں گے، متعلقہ اداروں کی جانب سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں رہنے والےشہریوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے اندرمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

    مھکمہ ِ موسمیات کے مطابق آج دریائے چناب سے چارلاکھ کیوبک فٹ پانی کا ریلہ گزرے گا جس سے متعدد علاقوں میں سیلابی صورت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے موجودہ صورتھال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے ہونے والی ہلاکتیں متعلقہ اداروں کی نا اہلی کا نتیجہ ہیں۔