Tag: Qabrustan

  • ایک سال میں ہزار سے زائد مردے نکالے، گرفتار گورکن کا اعتراف

    ایک سال میں ہزار سے زائد مردے نکالے، گرفتار گورکن کا اعتراف

    کراچی: شہر قائد میں قبریں فروخت کرنے والا ایک اور گورکن گرفتار کرلیا گیا، پولیس شہری کی نشاندہی پر حرکت میں آئی،گروہ کا ایک کارندہ گزشتہ روز یاسین آباد قبرستان سے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں انسانوں کے بعد اب مردے بھی محفوظ نہیں، گورکنوں کا مردے نکال کر قبریں فروخت کرنے کاگورکھ دھندا جاری ہے ۔ پولیس نے ایک اور گورکن نعیم عرف کلو کو گرفتار کرلیا جو یاسین آباد قبرستان میں قبریں فروخت کرتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قبروں کی خرید و فروخت کرنے گروہ کا سرغنہ  کے ایم سی کا ملازم ہے، نعیم عرف کلو نے بتایا کہ گروہ کے سرغنہ جس قبر کو او کے کرتے تھے اس کو کھودا جاتا تھا۔


    پڑھیں: ’’ پولیس کی کارروائی، مکروہ دھندے میں ملوث گورکن گرفتار ‘‘


    ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ ایک سال میں ہزار سے زیادہ قبریں کھودیں، قبر سے مردوں کی ہڈیوں کی باقیات جمع کر کے ایک ایک قبر میں پانچ افراد کی باقیات چھپائی جاتی تھی۔

    خیال رہے شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد گزشتہ روز عزیزآباد انوسٹی گیشن پولیس نے یاسین آباد قبرستان میں کارروائی کرتے ہوئے قبروں کی فروخت میں ملوث گورکن کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے۔

    دریں اثنا جمعے کو گرفتار ہونے والے پہلے ملزم کی ضمانت منظور ہوگئی اس ملزم کی نشاندہی پر آج ملزم نعیم کالو کو گرفتار کیا گیا،  ملزم کے گروہ میں چھ افراد شامل ہیں، ملزمان 3 سال سے ایک درجن سے زائد قبرستانوں میں قبریں فروخت کررہے تھے۔

  • اسامہ بن لادن کی اراضی پرکنٹونمنٹ بورڈ اور صوبائی حکومت میں تنازعہ

    اسامہ بن لادن کی اراضی پرکنٹونمنٹ بورڈ اور صوبائی حکومت میں تنازعہ

    ایبٹ آباد: بلال ٹاؤن میں واقع اسامہ بن لادن کی اراضی پر ضلعی انتظامیہ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے لگائی گئی چار دیواری پر سفید رنگ کرکے بورڈ نصب کر دیا۔

    القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد کے بلال ٹاؤن میں واقع اراضی پر کینٹ بورڈ کی جانب سے چاردیواری لگا دی گئی، اسامہ اراضی پر کینٹ بورڈ کی جانب سے علاقہ کی عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس اعلان کے بعد کینٹونمنٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔

    کنٹونمنٹ بورڈ نے چند روزقبل اسامہ بن لادن کی اراضی کے چاروں اطراف دیوار لگا دی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی اور لگائی جانے والی چار دیواری پر سفید رنگ کر ڈالا، اس کیساتھ دیوار پر لکھائی بھی کر ڈالی اور کمپاؤنڈ اراضی پر بورڈ بھی نصب کر دیا کہ یہ اراضی صرف اور صرف صوبائی حکومت کی ملکیت ہے، اور اس کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    خیبر پختو نخواہ حکومت نے اسامہ اراضی کی دعویداری کیلئے اشتہار بھی جاری کیا تاہم کوئی دعویدار سامنے نہ آنے کے بعد چار کنال دس مرلہ اراضی صوبائی حکومت کے نام پر منتقل ہو گئی۔

    اے آروائی نیوز نے سب سے پہلے کمپاؤنڈ کی اراضی پر چار دیورای کی تعمیر کی خبر نشر کی تھی، صوبائی حکومت نے اس اراضی پر تفریحی پارک بنانے کا فیصلہ کیا تاہم پارک پر تاحال عمل درآمد نہ ہونے کے باعث کینٹ بورڈ انتظامیہ نے اس اراضی کے اطراف چار دیواری لگا کر یہاں علاقہ بلال ٹاؤن، لوہر جناح آباد کے عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ایبٹ آباد : اسامہ بن لادن کی رہائش گاہ کو قبرستان بنانے کا فیصلہ

    ایبٹ آباد : اسامہ بن لادن کی رہائش گاہ کو قبرستان بنانے کا فیصلہ

    ایبٹ آباد : القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد کے بلال ٹاؤن میں واقع اراضی پر کینٹ بورڈ کی جانب سے چاردیواری لگا دی گئی، اسامہ اراضی پر کینٹ بورڈ کی جانب سے علاقہ کی عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دو مئی دو ہزارگیارہ کو امریکی میرینز کی جانب سے اس کمپاؤنڈ پر فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس پر مبینہ طورپر اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا گیا تھا.

    واقعے کے بعد ایبٹ آباد کمیشن نے اس کمپاؤنڈ کا دورہ کیا اورمختلف زاویوں سے تحقیقات کیں جس کے بعد اس قلعہ نما کمپاؤنڈ کو کمیشن کے حکم پر مسمار کر دیا گیا۔

    خیبر پختو نخواہ حکومت نے اسامہ اراضی کی دعویداری کیلئے اشتہار بھی جاری کیا تاہم کوئی دعویدار سامنے نہ آنے کے بعد چار کنال دس مرلہ اراضی صوبائی حکومت کے نام پر منتقل ہو گئی، جہاں صوبائی حکومت نے تفریحی پارک بنانے کا فیصلہ کیا۔

    پارک پر تاحال عمل درآمد نہ ہونے کے باعث کینٹ بورڈ انتظامیہ نے اس اراضی کے اطراف چار دیواری لگا کر یہاں علاقہ بلال ٹاؤن، لویر جناح آباد کے عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری جانب آئندہ دنوں میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس اراضی پر کینٹ بورڈ اور ضلعی انتطامیہ کے درمیان تنازعہ بن سکتا ہے، کیونکہ اسامہ بن لادن کی اراضی صوبائی حکومت کی ملکیت ہے جبکہ علاقہ کی حدود کینٹ میں آتی ہے۔

     

  • کے ایم سی کے زیرانتظام قبرستان بھرگئے، تدفین کاعمل بند

    کے ایم سی کے زیرانتظام قبرستان بھرگئے، تدفین کاعمل بند

    کراچی : کے ایم سی کے قبرستانوں میں تدفین کا عمل بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں موجود غیر معمولی حالات میں تدفین کرنے میں شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔

    بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کے مطابق پرانے قبرستانوں میں پہلے ہی جگہ نہیں تھی جس کی وجہ سے انھیں بند کیا گیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کرچی کے ڈائریکٹر میونسپل مسعود عالم کے مطابق دو سو سینتیس قبرستانوں میں سے بانوے قبرستان کے ایم سی کی حدود میں آتے ہیں، اور ان کی ذمہ داری بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس ہے۔

    بلدیہ کراچی کے مطابق سخی حسن،سوسائٹی،یاسین آباد،عظیم پورہ ان قبرستانوں میں تدفین کیلئے جگہ ختم ہوچکی ہے ، جس کے باعث ان قبرستانوں میں اب مزید تدفین نہیں کی گنجائش نہیں ہے تاہم شہر کے مختلف قبرستانوں میں گنجائش نہ ہونے کے باوجود باآسانی گورکنوں کے ذریعے قبرتیار کروائی جاسکتی ہے۔

    تاہم اس کے پیسے ہزاروں میں طلب کیے جاتے ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھی اس صورتحال کا نوٹس لیا، اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں آنے والے قبرستانوں کی صورتحال کومانیٹر کریں اور قواعد کی خلاف ورزی پر متعلقہ عملے او ر گورکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

    ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے محمد شاہ قبرستان نیو کراچی اور صدیقہ قبرستان میں کیمپ قائم کردیئے گئے متعلقہ افراد فی قبر پانچ ہزار آٹھ سو پچاس روپے مقرر فیس ادا کریں۔

  • گوجرانوالہ :قبرستان سے لاوارث نومولود بچہ برآمد

    گوجرانوالہ :قبرستان سے لاوارث نومولود بچہ برآمد

    گوجرانوالہ: قبرستان سے نومولود بچہ لاوارث حالت میں  برآمد ،ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق صابری چوک قبرستان کے قریب کرکٹ کھیلتے ہوئے بچوں کو ایک شاپنگ بیگ ملا جس میں حرکت ہو رہی تھی جب انہوں نے اسے کھول کر دیکھا تو اس میں ایک نومولود بچہ موجود تھا جس پر انہوں نے علاقہ پولیس اور ریسکیواہلکاروں کو اطلاع کر دی۔

    ریسکیو اہلکاروں نے فوری موقع پر پہنچ کر نو مولود بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے بچے کو تشویشناک حالت کے پیش نظر آئی سی یو میں منتقل کر دیا ہے۔

    دوسری طرف دھلے پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔