Tag: qahira

  • بحری جہاز پر چھاپہ : لاکھوں مالیت کی چرس اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام

    بحری جہاز پر چھاپہ : لاکھوں مالیت کی چرس اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام

    قاہرہ : مصری پولیس نے لاکھوں پونڈ مالیت منشیات کی بڑی کھیپ پکڑ کر اسمگلنگ کی بڑی کاروائی ناکام بنادی، بندرگاہ پر کھڑے جہاز کی تلاشی پر 6 ٹن چرس برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں چرس اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی۔ اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی نے6 ٹن چرس ضبط کر کے اسمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    مصری ذرائع ابلاغ نے مصدقہ حوالے سے خبر دی ہے کہ مصر کے ساحلی شہر دمیاط کی بندرگاہ پرلنگر انداز جہاز کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں چرس برآمد ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز مختلف ممالک سے ہوتا ہوا دمیاط پہنچا تھا جہاں اس کی تلاشی لی گئی تو لکڑی کے بلاکس میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی چرس برآمد ہوئی۔

    دوسری جانب مصری ذرائع کا کہنا تھا کہ جہاز جس پر چرس اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی شام سے دمیاط کی بندرگاہ پر پہنچا تھاجہاں سے اسے سوڈان کی جانب روانہ ہونا تھا۔

    چرس کی مالیت 480 ملین مصری پونڈ بتائی جاتی ہے، مصری پولیس نے اسمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے

    دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے

    قاہرہ : مصر میں خوفناک آتشزدگی کے بعد متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں، واقعہ تیل کی پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑکنے سے پیش آیا، حادثے میں متعدد لوگوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں گزشتہ رات قاہرہ اسماعیلیہ صحرا روڈ پر العاشر بن رمضان شہر کی پارکنگ میں تیل پائپ لائن میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے، ذرائع ابلاغ کے مطابق فائر بریگیڈ کی بیس گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

    اس حوالے سے مصری وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آگ قابو میں ہے، جس پائپ لائن میں آگ لگی وہ مبینہ طور پر کیمیکل کے لیے استعمال میں تھی، مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث السلام شہر سے العبور شہر کے روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    سوشل میڈیا پر آتشزدگی کی ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں گاڑیاں آک کی لپیٹ میں ہیں۔الیوم السابع کے مطابق پٹرول پائپ کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ آگ اسماعیلیہ کے صحرائی روڈ پر تیل کی پائپ لائن میں رساؤ کی وجہ سے لگی ہے۔

    آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔ اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، سکائی نیوز کے مطابق آتشزدگی کی لپیٹ میں آجانے والی متعدد گاڑیوں کے ڈرائیور جھلس گئے، مصری وزیر پٹرولیم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    مصری محکمہ ٹریفک نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اژدحام کے پیش نظر اسماعیلیہ شاہراہ سے دور رہیں۔ محکمے نے متاثرہ علاقے جانے والے تمام راستے بند کردیے۔

    مصر کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک 8 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ممکن ہے کچھ لوگ آگ سے متاثر ہوکر ہلاک بھی ہوگئے ہوں۔

    آتشزدگی کے اسباب جاننے کے لیے تکنیکی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ سیکیورٹی اداروں کو پیش کرے گی۔

  • ماں کا قتل، بیٹے کی ویڈیو نے باپ کو پکڑوا دیا

    ماں کا قتل، بیٹے کی ویڈیو نے باپ کو پکڑوا دیا

    قاہرہ : بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو اس کے نو سالہ بیٹے نے ڈرامائی انداز میں پکڑوادیا، ناقابل تردید ثبوت دیکھ کر شوہر نے اعتراف جرم کرلیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصری ڈیلٹا کے الدقھلیہ صوبے میں اندھے قتل کی واردات ہوئی ہے جس نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا، مصر میں شوہر نے انتہائی چالاکی اور صفائی سے اپنی بیوی کو قتل کرکے واردات کو چھپانے کی کوشش کی، جسے سن کر کسی ٹی وی سیریل کا گمان ہوتا ہے جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی ہوگیا۔

    مصر کے سیکیورٹی اہلکار تمام تر تجربے کے باوجود حیران تھے کہ اس گتھی کو کس طرح سلجھائیں، الدقھلیہ کی پولیس کو طلخا تحصیل کے قصبے کے ایک مکان سے ایک عبیر نامی خاتون کی لاش ملی تھی، جس کی رپورٹ خاتون کے بھائی نے درج کرائی تھی۔

    ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ موت طبعی ہے لیکن پوسٹ مارٹم کے بعد انکشاف ہوا کہ خاتون کو قتل کیا گیا ہے کیونکہ مقتولہ کے چہرے اور گردن پر نیلے نشانات تھے اس کے علاوہ نکسیر پھوٹنے کے نشانات بھی واضح نظر آرہے تھے ۔

    پولیس کو جائے وقوعہ سے کسی قسم کا کوئی ثبوت بھی نہیں مل رہا تھا گھر کے تمام دروازے اور کھڑکیاں درست حالت میں تھیں، جس سے اس بات کو تقویت مل رہی تھی کہ قاتل باہر سے نہیں آیا گھر کے اندر ہی موجود تھا۔

    بعد ازاں پولیس نے قتل کے واقعہ کی گتھی سلجھانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے تفتیش کرکے مقتولہ کے شوہر کو قتل کے واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا۔

    ملزم شوہر کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ قتل کا سارا منظر اس کے نوسالہ بیٹے نے اپنے موبائل کیمرے میں ریکارڈ کیا ہوا تھا۔ بیٹے نے تفتیشی ٹیم کے سامنے یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا کہ میرا باپ ہی میری ماں کا قاتل ہے اور اپنے موبائل سے وڈیو کلپ نکال کر پولیس کے سامنے رکھ دی، ناقابل تردید ثبوت دیکھ کر ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔

  • تم کیسے زندہ ہوگئیں ؟ خاتون کو دیکھ کر دوست کی چیخیں نکل گئیں

    تم کیسے زندہ ہوگئیں ؟ خاتون کو دیکھ کر دوست کی چیخیں نکل گئیں

    قاہرہ : بیوی کو مردہ ظاہر کرکے بینک کا قرضہ معاف کرانے اور انشورنس کی رقم حاصل کرنے والے شخص کو 20سال قید کی سزا  سنائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کی ایک عدالت نے جعل سازی کے الزام میں ایک شخص اور اس کے ساتھی کو 20 بیس سال قید کی سزا دی ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنی اہلیہ کو مردہ ظاہر کرتے ہوئے بیمہ کمپنی سے بڑی رقم حاصل کی اور بیوی کے نام سے

    بینک سے حاصل کیا جانے والا قرضہ بھی معاف کرایا۔ عدالت نے خاتون کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے ملزم کو بھی 20 سال قید بامشقت کی سزا دی ہے۔

    مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق قاہرہ کے جنوبی علاقے میں مقیم ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر اس کے نام سے بینک سے60 ہزار مصری پونڈ کا قرض لیا جبکہ30 ہزار پونڈ کی بیمہ پالیسی بھی حاصل کی۔

    بیمہ پالیسی حاصل کرنے کے کچھ دن بعد ملزم نے اپنے ایک واقف کار کے ساتھ مل کر اہلیہ کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرایا جس میں لکھا تھا مریضہ کینسر میں مبتلا تھی جو بائی اوپسی ٹیسٹ کے بعد جانبر نہ ہو سکیں۔

    ملزم نے اسپتال کی جعلی رپورٹ کی بنیاد پر اپنی زندہ اہلیہ کو مردہ ثابت کر تے ہوئے لائف انشورنس میں کلیم داخل کردیا جہاں سے اسے 30ہزار مصری پونڈ ملنے کی امید تھی۔

    دوسری جانب ملزم نے بیوی کے نام سے بینک سے60 ہزار پونڈ قرض بھی لے رکھا تھا،جسے معاف کرانے کے لیے اس نے اہلیہ کی موت کا سرٹیفکیٹ بینک میں جمع کرا دیا۔

    ملزم اپنی جانب سے تمام کاغذی کارروائی مکمل کرچکا تھا تاہم قسمت اس کے ساتھ نہیں تھی، اتفاق سے بیوی کی سابق ساتھی خاتون کی ملاقات بازار میں اس سے ہو گئی جسے دیکھتے ہی اس نے شور مچاتے ہوئے کہا یہ تو زندہ ہے۔

    خاتون کا شور سن کر وہاں لوگ جمع ہو گئے تاہم اس دوران خود ساختہ مردہ خاتون کو بھیڑ سے بھاگنے کا موقع مل گیا۔ کاغذوں میں مردہ خاتون کی ساتھی نے اس بات کا انکشاف اپنے دفتر میں بھی کر دیا جہاں سے بات انشورنس کمپنی تک جا پہنچی۔ بعد ازاں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

  • مصر میں وعدہ پورا نہ کرنے پر خادم نے چرچ کے اندر پادری کو قتل کردیا

    مصر میں وعدہ پورا نہ کرنے پر خادم نے چرچ کے اندر پادری کو قتل کردیا

    قاہرہ : مصر میں سیکورٹی اداروں نے قاہرہ کے شمال میں شبرا الخیمہ کے علاقے میں ایک چرچ کے اندر فائرنگ سے ایک پادری کے قتل کی تفصیلات اور وجوہات کا انکشاف کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القلیوبیہ کے سیکورٹی ڈائرکٹریٹ نے بتایا کہ سیکورٹی حکام کو اطلاع ملی کہ سینٹ مارک چرچ کے اندر فائرنگ ہوئی ہے اور ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔ ب

    عد ازاں معائنے اور جانچ سے یہ بات سامنے آئی کہ چرچ کے ایک 54 سالہ خادم کمال نے اپنے پاس موجود آتشین ہتھیار سے چرچ کے نگراں 65 سالہ پادری مقار سعد کو کئی گولیاں ماریں۔ ایک گولی پادری کے سر میں لگی جس کے نتیجے میں وہ فوری طور پر دم توڑ گیا۔

    ڈائرکٹریٹ نے انکشاف کیا کہ یہ واقعہ فریقین کے درمیان اختلافات کے سبب پیش آیا۔ مقتول پادری نے چرچ کے قاتل خادم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس کی بیٹیوں کی شادی پر مدد کرے گا اور خادم کو مالی رقوم بھی دے گا۔

    تاہم پادری نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا، دو روز کے دوران پادری نے قاتل خادم کو صرف ایک ہزار مصری پاؤنڈ پکڑا دئیے۔ ملزم نے مزید رقم کا مطالبہ کیا مگر پادری نے انکار کر دیا۔ اس پر دونوں افراد کے بیچ تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد قاتل نے پادری پر چار گولیاں چلا دیں۔

    بعد ازاں قاتل نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ اس نے جرم کا اعتراف کر لیا کیوں کہ پادری نے مالی مدد کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا تھا۔ مقتول پادری نے سینٹ مارک چرچ میں 25 برس تک اپنی خدمات انجام دیں۔

  • مصر: قاہرہ میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی، چار افراد ہلاک

    مصر: قاہرہ میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی، چار افراد ہلاک

    قاہرہ : مصرکے دارالحکومت قاہرہ کے قریب سڑک کنارے بم دھماکے میں تین سیاح اوران کا گائیڈ ہلاک ہوگیا، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب غزہ کے عجائبات کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کی بس سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔

    جس کے نتیجے میں بس میں سوار ویتنام کے دو سیاح اور ان کا گائیڈ موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا سیاح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    خبررساں ایجنسی کے مطابق مصری سیکورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بس ڈرائیور نے جس مقررہ راستوں سے سیاحوں کو لیکر جانا تھا وہاں سے نہیں گیا، نہ ہی انتظامیہ کو اس کی خبردی گئی۔

    حکام کے مطابق سڑک کنارے یہ بم کس نے رکھا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگیا تاہم ماضی میں اس قسم کے حملوں باالخصوص سیاحوں کو نشانہ بنانے میں عسکریت پسند تنظیم داعش ملوث رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مصر سیاحت کے لیے اہم ملک سمجھا جاتا ہے، یہاں کے تاریخی مقامات کو دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح رخ کرتے ہیں۔

  • تیسری منزل سے گرنے والے بچے کو دلیر پولیس اہلکارنے مہارت سے کیچ کرلیا

    تیسری منزل سے گرنے والے بچے کو دلیر پولیس اہلکارنے مہارت سے کیچ کرلیا

    قاہرہ : مثل مشہور ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے کے مصداق مصر میں پولیس اہلکار نے تیسری منزل سے گرنے والے پانچ سالہ بچے کو کیچ کرکے زخمی ہونے سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصرمیں پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے بچے کی جان بچا لی، قاہرہ میں واقع ایک عمارت کی تیسری منزل کی بالکونی سے گرنے والے بچے کو بچانے کی تدابیر کی جارہی تھیں کہ اس دوران بچہ گرگیا۔

    بچے کو بہادر اہلکار نے لپک کر کیچ کر لیا، اوپر سے گرنے والا بچہ اہلکار کے منہ پر آگر گود میں آگیا، اہلکار نے خود گرنے کے باوجود بچے کو بچا لیا، واقعے میں پولیس اہلکار کو چہرے پر کافی گہری چوٹ بھی آئی جسے طبی امداد کیلئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بعد ازاں واقعے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے میں عکس بند ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مصر کی وزارت داخلہ نے مذکورہ پولیس اہلکار کی بروقت کارروائی اور بچے کی جان بچانے کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔

  • فرعون کے مجسمے کا تین ٹن وزنی دھڑنکال لیا گیا

    فرعون کے مجسمے کا تین ٹن وزنی دھڑنکال لیا گیا

    قاہرہ : مصرمیں ’فرعون رعمسیس دوئم‘ کے مجسمے کا دھڑ نکال لیا گیا. مصری اور جرمن ماہرین آثار قدیمہ کی ایک ٹیم نے گذشتہ ہفتے یہ مجسمہ دریافت کیا تھا، جس کا وزن تین ٹن ہے۔

    مصر میں ممکنہ طور پر تین ہزار سال قدیم ایک بڑے مجسمے کا دھڑ کیچڑ سے کرینوں کی مدد سے نکالا گیا، مجسمے کے بارے خیال ہے کہ یہ فرعون کا مجسمہ ہے۔

    mumy-post-01

    اس مجسمے کا سر اور دیگر حصے گذشتہ ہفتے نکالے گئے تھے، یہ باقیات شمال مشرقی قاہرہ میں رعمسیس دوئم جو عظیم رعمسیس کےمندر کے پاس سے نکالی گئیں۔

    mumy-post-02

    ماہرین کو لگتا ہے کہ یہ مجسمہ رعمسیس کا ہو سکتا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ مجسمے کے ٹکڑوں کو مرکزی قاہرہ میوزیم میں لے جا کر جوڑا جائے گا۔

    mumy-post-03

  • مصری عدالت نے سعودی عرب کو جزیرے نہ دینے کا فیصلہ سنا دیا

    مصری عدالت نے سعودی عرب کو جزیرے نہ دینے کا فیصلہ سنا دیا

    قاہرہ : سعودی عرب کی جانب سے مصر کے دو جزیرے اسکے حوالے کرنے کے منصوبے سے متعلق مقدمے میں مصر کی اعلیٰ عدالت نے ذیلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ سنا دیا، فیصلہ سنتے ہی کمرہ عدالت تالیوں سے گوج اٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کی ایک اعلیٰ عدالت نے بحیرۂ احمر کے دو جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے نہ کرنے کے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

    مصر کی اعلیٰ انتظامی عدالت (ہائی ایڈمنسٹریٹو کورٹ) نے یہ فیصلہ حکومت کی اس اپیل پر سنایا ہے جس میں مصری حکومت نے استدعا کی تھی کہ ایک ذیلی عدالت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس میں عدالت نے حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ تیران اور صنافیر نامی جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کے منصوبے کو روک دے۔

    پیر کو جب جج نے یہ فیصلہ سنایا کہ مصری حکومت یہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے کہ مذکورہ دو جزیرے دراصل سعودی عرب کی ملکیت تھے، تو کمرہ عدالت تالیوں سے گونج اٹھا۔

    ان جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کے منصوبے پر جب گذشتہ سال اپریل میں دونوں ممالک کی جانب سے دستخط کیے گئے تھے تو مصر میں اس کے خلاف احتجاج بھی ہوا تھا۔ مصری یا سعودی حکومت کی جانب سے عدالت کے اس فیصلے پر کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اس بارے میں صدر عبدالفتح السیسی کا کہنا تھا کہ یہ جزیرے ہمیشہ سے سعودی عرب کی ملکیت تھے اور سعودی عرب نے سنہ 1950 میں مصر سے درخواست کی تھی کہ ان جزیروں کی حفاظت کے لیے وہ وہاں پر اپنے فوجی تعینات کر دے۔ لیکن اس بیان کے بعد السیسی پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ ملکی آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور اصل میں وہ یہ جزیرے سعودی عرب کو ’فروخت‘ کر رہے ہیں جس کے جواب میں وہ سعودی عرب سے اربوں ڈالر کی امداد لے رہے ہیں۔

    ناقدین کے بقول سعودی عرب کے شاہ سلمان نے اپنے قاہرہ کے دورے کے موقع پر جس امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا وہ ان ہی جزیروں کی منتقلی کے جواب میں تھا۔

  • حسنی مبارک اور 2 بیٹوں کو کرپشن کیس میں 3سال قیدکی سزا

    حسنی مبارک اور 2 بیٹوں کو کرپشن کیس میں 3سال قیدکی سزا

    قاہرہ : مصر کے سابق صدرحسنی مبارک اور ان کے دو بیٹوں کو کرپشن کے الزام میں تین سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی گئی۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق حسنی مبارک اوران کے بیٹوں پرریاست کے لاکھوں ڈالرزکے فنڈز خوردبرد کرنے کا الزام تھا۔ یہ پیسے صدارتی محل کی تزئین وآرائش کے لئے مختص کئے گئے تھے۔

    تاہم سرکاری صدارتی محل کے بجائے تمام فنڈز حسنی مبارک اوران کے بیٹوں کی نجی رہائش گاہوں پرخرچ کئے گئے۔ حسنی مبارک کے مقدمے کی سماعت قاہرہ کے نواحی علاقے میں پولیس اکیڈمی میں ہوئی۔

    حسنی مبارک کوگزشتہ مہینے مختلف الزامات میں بیس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔