Tag: Qaima committee ka ijlas

  • ویلنٹائن ڈے پراجلاس کیوں رکھا؟ رکن قومی اسمبلی اٹھ کرچلے گئے

    ویلنٹائن ڈے پراجلاس کیوں رکھا؟ رکن قومی اسمبلی اٹھ کرچلے گئے

    اسلام آباد : ویلنٹائن ڈے پر اجلاس کیوں رکھا؟ گھر سے بیوی کے فون آرہے ہیں، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اجلاس چھوڑ کرچلتے بنے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس جاری تھا کہ رکن قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی نےاعتراض کیا کہ ویلنٹائن ڈے پر اجلاس کیوں منعقد کیا گیا؟ آئندہ اجلاسوں کی تاریخ کا تعین کرتے ہوئے خیال رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ میں یہاں اجلاس میں موجود ہوں اور بیگم کے بار بار فون آرہے ہیں، اس موقع پر کمیٹی کی رکن تہمینہ دولتانہ نے انہیں خبردار کیا کہ اب اسلام آباد میں ویلنٹائن ڈے کا نام نہ لینا ہائیکورٹ نے پابندی لگا رکھی ہے۔

    سید علی حسن گیلانی نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ کس نے پابندی لگائی ہے،انہوں نے استفسار کیا کہیں میں نے توہین عدالت تونہیں کردی؟ انہیں بتایا گیا کہ عدالت نے ویلنٹائن ڈے کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگائی ہوئی ہے۔

    یہ سن کرعلی حسن گیلانی نے کہا پھر تو مجھے فوراً اسلام آباد چھوڑ کر اپنے علاقے میں چلے جانا چاہیئے۔ بعد ازاں مذکورہ رکن قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چھوڑ کر ویلنٹائن ڈے منانے چلے گئے۔

  • پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا

    پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ ختم کر دیا، عمران خان نے پارٹی ایم این ایز کو کمیٹی اجلاس میں جانے کی اجازت دے دی تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔ اجلاس میں شریف فیملی کے خلاف بنائی جانے والی دستاویزی فلم سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی قیادت کا اہم اجلاس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں منعقد ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پانامہ لیکس کے معاملے پر حکمت عملی بھی زیر غوررہی۔

    اس دوران عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن پر مبنی دستاویزی فلم کا جائزہ لیا اور سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    مذکورہ فلم میں شریف خاندان کی مبینہ کرپشن اور سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے قطری شہزادے کے خط کو دکھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی عمران خان اپنے کئی جلسوں میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے متضاد بیانات کی دستاویزی فلم چلا چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس کےبائیکاٹ کا فیصلہ

    پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ ختم کرنے سے متعلق مشاورت کی، جس کے بعد پارٹی ایم این ایز کو آئندہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں شرکت کی اجازت دے دی گئی،تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز پہلے ہی سینیٹ کی قائمیہ کمیٹیوں میں شرکت کر رہے ہیں۔