Tag: qalat

  • قلات میں ایف سی کےساتھ مقابلہ، 9 شرپسندہلاک

    قلات میں ایف سی کےساتھ مقابلہ، 9 شرپسندہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے قلات میں ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نو شرپسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

    ترجمان فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے مورگن ہربوئی میں حساس ادارے کی اطلاع پرایف سی نے سرچ آپریشن کیا۔

    آپریشن کے دوران ایف سی اہلکاروں اورشرپسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں نو شرپسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایف سی کے دو اہلکاربھی زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند پی پی ایل پروجیکٹ اور ہربوئی میں واقع ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، شرپسندوں سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • قلات میں ایف سی کی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

    قلات میں ایف سی کی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

    قلات : ایف سی کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

    فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر کے دشوار گزار مقام پر شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا جارہا تھا کہ وہاں موجود مسلح افراد کا ایف سی کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار شرپسند ہلاک ہوگئے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں خودکار ہتھیار برآمد کرلئے گئے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران شرپسندوں کے کمین گاہوں سے 5کلوبارود،150راکٹ اور1500ڈیٹونیٹرزقبضے میں لے لئے گئے، جنہیں بعد میں تباہ کردیا گیا۔

    کارروائی میں ایف سی کو وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹر کے مدد کی بھی حاصل تھی ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ شرپسندوں کا آخر تک اور ہرجگہ پر تعاقب کیا جائے گا صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔

  • کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک: قلات اور کرک میں مختلف حادثات پیش آئے، کرک میں ٹریفک حادثے میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب قلات میں ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی۔

    خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی زندگیاں نگل لیں، اطلاعات کے مطابق ٹریفک حادثے کا شکار مسافر کوچ  بنوں سے ٹل جارہی تھی کہ باندہ داؤد شاہ کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے گذشتہ روز بھی ایک وین اسی جگہ پر کھائی میں گر گئی تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    قلات میں بھی ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی، ذرائع کے مطابق حادثہ نیشنل ہائی وے پر پک اپ اور ٹرالر میں تصادم کے باعث پیش آیا، امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    اس سے قبل کشمور پخشا پور کے مقام پر کراچی سے پشاور جانے والی مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چھ افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ پینتالیس کے قریب افراد زخمی ہوگئے، جن کو کشمور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جائے حادثہ پر ضلع بھر سے ایمبولینس پہنچ گئیں، زخمیوں میں نو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔