Tag: Qamar Javed Bajwa

  • عمران خان کا قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ

    عمران خان کا قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ کر سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے صدر مملکت کو ایک خط بھیجا ہے جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حلف کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

    عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ چند روزکے دوران عوامی سطح پر ہوش ربا انکشافات سامنے آئے، معلومات سے واضح ہے کہ قمر باجوہ حلف کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، انھوں نے صحافی جاوید چوہدری کے روبرو مجھ سے متعلق اعتراف کیا، اور کہا ہم عمران خان کو ملک کے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔

    عمران خان نے کہا ’’قمر باجوہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اگر عمران خان اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان ہوگا، قمر جاوید باجوہ کی جانب سے’’ہم ‘‘ کے لفظ کا استعمال تحقیق طلب ہے، تحقیق کی جائے کہ قمر باجوہ کی جانب سے استعمال کردہ ’’ہم‘‘ سے کیا مراد ہے؟‘‘

    عمران خان نے خط میں کہا کہ قمر باجوہ کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ منتخب وزیر اعظم کے اقتدار سے متعلق فیصلہ کریں، یہ فیصلہ صرف عوام کا ہے کہ وہ کس کو وزیر اعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں، قمر باجوہ کا اس ضمن میں خود کو فیصلہ ساز بنانا آئین اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ قمر جاوید باجوہ نے اپنی گفتگو میں نیب کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ بھی کیا، اس دعوے کی حقیقت سے قطع نظر قمر باجوہ نے تسلیم کیا کہ شوکت ترین کے خلاف انھوں نے مقدمہ ختم کرایا، ان کا یہ دعویٰ بھی حلف کی خلاف ورزی ہے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ قمر باجوہ نے ایک دوسرے صحافی آفتاب اقبال سے بھی گفتگو میں عتراف کیا، اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ گفتگو کی ریکارڈنگز موجود ہیں، صحافی آفتاب اقبال نے تفصیلات وی لاگ کے ذریعے قوم کے سامنے رکھی ہیں۔ قمر باجوہ کی جانب سے گفتگو کی ریکارڈنگز حلف اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    عمران خان نے خط میں سوال اٹھایا کہ ’’یہ سوال اہم ہے کہ قمر باجوہ کیوں اور کس حیثیت سے ریکارڈنگ کیا کرتے تھے؟‘‘

    خط میں چیئرمین نے کہا قمر باجوہ نے روس، یوکرین جنگ پر حکومت کی پالیسی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، انھوں نے 2 اپریل 2022 کو سیکیورٹی کانفرنس میں حکومتی پالیسی سے متضاد مؤقف اپنایا، حکومتی پالیسی وزارت خارجہ اور متعلقہ ماہرین نے اتفاق رائے سے مرتب کی تھی۔

    سابق وزیر اعظم نے لکھا کہ صدر مملکت اور سپریم کمانڈر کے ناطے آپ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، اور تحقیقات کی جائیں کہ قمر جاوید باجوہ نے حلف کی سنگین خلاف ورزیاں کیوں کیں؟

  • جب گرفتاریاں ہوں گی تو میں بھی گرفتاری دے دوں گا، عمران خان

    جب گرفتاریاں ہوں گی تو میں بھی گرفتاری دے دوں گا، عمران خان

    لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ قمرجاوید باجوہ نے مان لیا کہ انہوں نے رجیم چینج کی، جب گرفتاریاں شروع ہوں گی تو میں بھی گرفتاری دے دوں گا۔

    یہ بات سابق وزیراعظم نے زمان پارک لاہور میں غیرملکی صحافیوں ایک وفد سے خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کی خلاف ورزی پر اتر آئی ہے، ہم نے ملک میں عام انتخابات کیلئے صوبائی حکومتیں قربان کیں، یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں عوامی مینڈیٹ والی حکومت نہ آجائے۔

    الیکشن نہیں ہوئے تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا

    عمران خان کا کہنا تھا کہ قمرجاوید باجوہ کے دور میں یہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی، پاکستان میں الیکشن نہیں ہوئے تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا، یہ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ مجھے گرفتار کرکےنااہل کردیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب گرفتاریاں شروع ہوں گی تو میں بھی گرفتاری دے دوں گا، آئین کی خلاف ورزی ہو تو عدالت جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوتا۔

    قمر جاوید باجوہ نے حلف کی خلاف ورزی کی

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مریم نوازاور ن لیگ کا سوشل میڈیا عدالتوں پر دباؤ ڈال رہا ہے، مریم نواز نے چیف جسٹس پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا ہے لیکن اسے کوئی نہیں پوچھ رہا۔

    عمران خان نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ نے یہ مان لیا ہے کہ انہوں نے رجیم چینج کی، وہ آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کا بھی اعتراف کرچکے ہیں، قمر جاوید باجوہ نےحلف کی خلاف ورزی کی، انہوں نے خود تسلیم کیا کہ نیب کا ادارہ بھی ان ہی کے زیراثر تھا۔

    وزیراعظم کے فون کیسے ٹیپ کیے جاسکتے ہیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فون کیسے ٹیپ کیے جاسکتے ہیں؟ یہ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، قمرجاوید باجوہ کہتا تھا امریکا خوش نہیں ہے اور روس کی مخالفت میں بیان دیتا تھا حالانکہ ہمیں روس کے معاملے میں نیوٹرل رہنا چاہیے تھا۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ، عارف علوی اور میری ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے بات ہوئی تھی، تجربہ ہوگیا ہے کہ کسی کی مدت میں توسیع نہیں ہونی چاہیے۔

    فنانس بل کی بھر پورمخالفت کریں گے 

    انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار صدر سے اس لیے ملے تھے کہ صدر آرڈیننس پر دستخط کردیں، صدر عارف علوی فنانس بل پر رکاوٹ نہیں بنیں گے، پی ٹی آئی سینیٹ میں فنانس بل کی بھر پورمخالفت کرے گی۔

    عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بنانا مشکل فیصلہ تھا کیونکہ ہماری پارٹی میں بھی کئی امیدوار تھے، قمرجاوید باجوہ علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب لگانا چاہتے تھے، عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیتے تو ہم نیا وزیراعلیٰ نہیں بناسکتے تھے۔

  • "ریکوڈک معاہدے میں قمر باجوہ نے مجھے ہیرو قرار دیا تھا”

    "ریکوڈک معاہدے میں قمر باجوہ نے مجھے ہیرو قرار دیا تھا”

    کراچی : ایک کالم نگار کی جانب سے قمر جاوید باجوہ سے گفتگو پر مبنی تحریر کی اشاعت کے معاملے پر سابق وزیر خزانہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہے کہ قمرجاوید باجوہ نے ان سے ان خیالات کا اظہار کیا ہوگا۔

    اس حوالے سے اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی درستی کیلئے عوام کے سامنے کچھ حقائق عرض کرنا چاہتا ہوں،31مارچ2022کو ریکوڈک ڈیل فائنل کی تو قمرباجوہ نے مجھے ہیرو قرار دیا تھا۔

    شوکت ترین نے کہا کہ اس وقت دعویٰ کیا گیا کہ نیب کے8ارب کے مقدمے کے خاتمے میں فیض حمید نے میری مدد کی، قمرجاوید باجوہ کا یہ تاثر خلاف حقیقت اور کسی قدر مضحکہ خیر ہے،

    انہوں نے کہا کہ کالم نگار کے مطابق قمر باجوہ بطور وزیرخزانہ میری تعیناتی سے ناخوش تھے اور ان کو اعتراض تھا کہ میں چھوٹا بینک چلاتا ہوں اس لیے معیشت کو بٹھا دوں گا، تو عرض ہے کہ 46سالہ کیریئر کے دوران کئی ممالک میں بینک امور کی نگرانی کرچکا ہوں۔

    شوکت ترین نے کہا کہ میں نے 3سال کی قلیل مدت میں دیوالیہ پن کے شکار حبیب بینک کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کیا، میں نے 6برس کی مدت میں یونین بینک کی حالت کو بھی مکمل طور پر بدلا، قمر باجوہ شاید بھول چکے ہیں کہ سال 2008میں بھی ڈوبتی معیشت کو مستحکم کیا تھا۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ کسی مالی کرپشن کے الزام کے بغیر 4رینٹل پاورز کا معاملہ مجھ پر تھونپا گیا، میں نے رینٹل کمپنیز کو اضافی 7فیصد ایڈوانس کی فراہمی کی منظوری دی، میں پیپلزپارٹی کی رینٹل پاور پالیسی پر روز اول سے خلاف تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے اصرار پر اے ڈی بی کی جانب سے آڈٹ کیا گیا اور منصوبہ روکا گیا، اس وقت کے چیف جسٹس نے مجھے بھی تحقیقات میں شامل ہونے کی ہدایت کی، درحقیقت شرائط میں تبدیلی سے حکومت کے 292ارب روپے کے بچت کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سال 2019میں وزیراعظم نے ذمے داری سونپنے کا کہا تو میں نے معذرت کی، معذرت کا سبب یہ تھا کہ میرے خلاف مقدمے پر7سال سے کارروائی نہیں ہوئی تھی، میری واحد کوشش میرٹ پر کارروائی کو تیز کرنا تھا، مقدمات پر کارروائی آگے بڑھی تو صرف میں نہیں بلکہ دوسروں کو بھی ریلیف ملا۔

    شوکت ترین نے بتایا کہ جب میں نے ملکی معیشت سنبھالی تو یہ کورونا کے اثرات سے نکل رہی تھی، جب وزیرخزانہ بنا تو ملک میں معاشی نمو اور نوکریوں کی اشد ضرورت تھی، ہمارے اقدامات سے عالمی مہنگائی کے باوجود معیشت نے ہمہ جہت ترقی کی۔

    انہوں نے کہا کہ برآمدات، ٹیکسز، ترسیلات، فراہمی روزگار سمیت شعبہ جات میں ترقی ملی، عدم اعتماد سے پہلے زرمبادلہ ذخائر 16.4ارب، افراط زر 12.7فیصد تھا، پی ڈی ایم حکومت نے ہماری کارکردگی کو17سال کی بہترین کارکردگی قرار دیا اور سروے میں بھی چھاپا۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی کموڈیٹی سپرسائیکل کے باعث ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا، فروری 2022تک ہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو ماہانہ 700ملین ڈالر تک کم کر چکے، ہماری کاوشوں کے باعث افراط زر 12.7فیصد تک محدود ہوچکا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں علم تھا کہ کموڈیٹی سپرسائیکل کے اثرات آہستہ آہستہ ختم ہو جائیں گے، ہمیں یہ بھی علم تھا کہ روس سے سستے تیل، گیس اور گندم کی درآمدات سے بوجھ کم ہوگا، تیل کی قیمتیں بھی ہمارے دور میں110سے کم ہو کر 84ڈالرفی بیرل تک آچکی تھیں۔

    شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹیکس وصولیوں میں 42فیصد اضافہ براہ راست ٹیکسز سے کیا گیا، اس میں36فیصد سیلز ٹیکس اور اس سے کہیں کم کسٹم ڈیوٹی تھی۔

  • قمر جاوید باجوہ اب کسی شادی، تعزیت اور بازار جانے کے قابل بھی نہیں ،کیپٹن(ر) صفدر

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے داماد کیپٹن(ر) صفدر کا کہنا ہے کہ قمرجاویدباجوہ اب کسی شادی،تعزیت، بازارجانےکے قابل بھی نہیں، ان کی مداخلت نے ملک سے آٹا ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے داماد کیپٹن(ر) صفدر نے عدالت میں پیشی کا موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ادوار میں کی گئی مداخلت سے ملک کوناقابل تلافی نقصان ہوا، قمر جاوید باجوہ کی مداخلت نے ملک سے آٹا ختم کر دیا۔

    کیپٹن(ر) صفدر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف کی مداخلت سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، قمرجاویدباجوہ اب کسی شادی،تعزیت، بازارجانےکے قابل بھی نہیں۔

    انھوں نے سوال کیا کہ کیا ضیاالحق،پرویز مشرف،قمرجاوید باجوہ اور فیض حمیدنے ٹھیک کیا؟

    کیپٹن(ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ہماری حکومت کو ڈی ریل کیا ان پر آرٹیکل سکس لگے گا، جن ججز،جرنیلوں نے پاکستان کو اس حالت میں پہنچایا سب کو بے نقاب کریں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ مریم صفدر واپس آنے والی ہیں ،نواز شریف آمد پر شاندار استقبال ہوگا، 29جنوری کو مریم نواز شام 4 بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گی، مریم نواز پاکستان آکر سازش کرنے والوں کوبے نقاب کریں گی۔

  • آرمی چیف کا ہائبرڈ خطرات سےنمٹنےکےاقدامات پر زور

    آرمی چیف کا ہائبرڈ خطرات سےنمٹنےکےاقدامات پر زور

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرزکراچی کا دورہ کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرزکراچی کا دورہ کیا، کور ہیڈ کوارٹرز کراچی آمد پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نےآرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کوآپریشنل تیاریوں، تربیتی اور انتظامی امورپربریفنگ دی گئی ساتھ ہی آرمی چیف کو صوبے میں داخلی سیکیورٹی صورتحال سےبھی آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پرآرمی چیف نے ہائبرڈخطرات سےنمٹنےکےاقدامات پربھی زور دیا اور کہا کہ خطےکی تازہ پیشرفت کےتناظرمیں قومی ردعمل اپنانےکی ضرورت ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں فوجی معاونت سےآگاہ کیا گیا، جنرل قمر جاوید باجوہ کو بریفنگ دی گئی کہ ٹرانسفارمیشن  پلان ملک کےسب سےبڑے میٹرو پولیٹن کا معیاربلند کرنےکا منصوبہ ہے، جس کے تحت کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبےمکمل کیےجارہےہیں، آرمی چیف نے پلان پرعملدرآمد کیلئےکراچی کور کےکردار اور معاونت کو سراہا۔

    سیکیورٹی اداروں کےشہدا کےاہلخانہ سےملاقات

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے فوج، رینجرز،سیکیورٹی اداروں کےشہدا کے اہل خانہ سےملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف نےشہدا کےلواحقین سے خیریت دریافت کی، ملاقات میں آرمی چیف نے شہدا کےلواحقین کی فلاح وبہبود کیلئےفوری اقدامات کی ہدایت کی۔

    آرمی چیف کاخاتون پاکستان گورنمنٹ گرلزاسکول کا دورہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلزاسکول کراچی کا بھی دورہ کیا اور اسکول انتظامیہ کےمعیار اور سہولیات کی فراہمی کوسراہا، آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا کہ اسکول زندگی ٹرسٹ کے زیر انتظام کام کررہا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے، جہاں وہ برطانوی سینئر سول اور فوجی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سرکاری دورے پر لندن پہنچے ہیں، آرمی چیف برطانیہ کے سینئر سول اور فوجی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    آرمی چیف کے دورے میں جیواسٹریٹجک، دفاعی اور سیکیورٹی امور پر بات چیت ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اہم شخصیات سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور جیواسٹریٹجک ماحول پر گفتگو ہوگی، اس کے علاوہ ملاقاتوں میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

     

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر یاﺅ ژنگ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر یاﺅ ژنگ نے ملاقات کی، یہ ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔

    پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ ژنگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورعلاقائی صورتحال پربات چیت کی گئی، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری پر زور دیا گیا اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد پر اتفاق کیا۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا: چینی سفیر یاؤ ژنگ

    آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں چینی سفیر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے بھی ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی امیر قطر اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی امیر قطر اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی سے ملاقات کی ہے ملاقات میں باہمی سیکیورٹی تعاون کے امور بھی زیربحث آئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جو ان دنوں قطر کے دورے پر ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ قطر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی سیکیورٹی تعاون کے امور بھی زیربحث آئے، اس موقع پر امیر قطر نے خطے بالخصوص افغانستان کے استحکام کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا, آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے  مذاکرات کی حمایت اور قطر کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے قطر کے قومی دن کے حوالے سے پریڈ میں شرکت کی، آرمی چیف نے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کو شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیربن خلیفہ اور قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

  • فوج ہرطرح کے روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے:‌ آرمی چیف

    فوج ہرطرح کے روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے:‌ آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ردالفساد کے باوجود روایتی جنگ کی تیاریوں سے غافل نہیں رہ سکتے.

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  سیالکوٹ کور کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے سرمائی مشترکہ تربیتی مشقوں کامعائنہ کیا.

    پاک فوج کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ سرحدوں پرمادر وطن کا بھرپور دفاع کریں گے.

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ روایتی جنگ کی تیاریوں سےغافل نہیں، پاک فوج کی قیادت کرنے پر فخر ہے،  فوج ہرطرح کے روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے.

    https://www.facebook.com/OfficialDGISPR/videos/1930876897217644/

    انھوں‌نے کہا کہ پیشہ ورفوج بہترین ہتھیاروں سے لیس ہے، پاک فوج چیلنجزسےبہتراندازمیں نمٹ سکتی ہے.

    آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے کامیابی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔

  • آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کا دورہ

    آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کا دورہ

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کاؤنٹرٹیررازم سینٹر کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پاکستان اور روس کی خصوصی فورسز کی مشترکہ مشقیں دیکھیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کے اختتامی روزکاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نےدونوں ملکوں کی خصوصی فورسزکی مشترکہ مشقیں دیکھیں اور جوانوں کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ مشقیں باہمی روابط کوتقویت دینے کا بہترین ذریعہ ہیں، مشترکہ مشقوں سے دونوں ملکوں کی افواج کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق روس کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی اس موقع پرموجود تھے۔