Tag: qamer zaman

  • نواز شریف تم نے ہمارا احتساب کیا اب اپنا کراؤ، کائرہ

    نواز شریف تم نے ہمارا احتساب کیا اب اپنا کراؤ، کائرہ

    لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف کوئی مہم جوئی ہوئی تو اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور نواز شریف کو پسپا کر دیں گے۔

    لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہے، وہ اب کچھ بھی کرلیں بچ نہیں سکتے۔

    انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ سے اب لڑو یا جے آئی ٹی کو بدنام کرو جو مرضی کرو اب نہیں بچو گے، بلاول بھٹو نے کہہ دیا ہے پیپلز پارٹی اس لڑائی میں آئینی اداروں کا دفاع کرے گی۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف کوئی مہم جوئی ہوئی تو اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور نواز شریف کو پسپا کر دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ احتساب کا سامنا اور اداروں کا ناجائز سلوک تک برداشت کیا ، پیپلز پارٹی نے یہ ادارے بنائے اور ان کے لیے قربانی دی ہے، نواز شریف کو اپنے خاندان کو احتساب سے بچانے کے لیے ادارے تباہ نہیں کرنے دیں گے، ہم نے ادارے بنائے ہیں تو ان کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف شریفوں کا گلو بٹ رویہ برداشت نہیں کریں گے،نواز شریف تم نے ہمارا احتساب کیا اب اپنا کراؤ، چیخو مت اور سامنا کرو، شریف خاندان کو اب دنیا کی کوئی طاقت احتساب سے نہیں بچا سکتی۔

  • دعا ہے پاناما کیس میں پی ٹی آئی کو انصاف مل جائے، کائرہ

    دعا ہے پاناما کیس میں پی ٹی آئی کو انصاف مل جائے، کائرہ

    لاہور: پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ثبوتوں کے باوجودن لیگ کے خلاف فیصلے نہیں آتے، اللہ کر ے پاناما کیس میں تحریک انصاف کو انصاف مل جائے۔

    پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لاہور میں ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زماں کائرہ نے کہا کہ بھٹو کے سیاسی فلسفے کو بڑھانے کی ضرورت ہے، بھٹو کے افکار کو پروان چڑھایا جائے، اس وقت اس کی ضرورت ہے۔

    قمر زماں کائرہ نے بلدیاتی اداروں کو بیورو کریسی کے حوالے کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر تنقید کی اور کہا کہ پاناما لیکس میں مسلم لیگ ن کے خلاف کرپشن کے ثبوت موجود ہیں مگر ثبوتوں کے باوجودن لیگ کے خلاف فیصلے نہیں آتے، اللہ کر ے پاناما کیس میں تحریک انصاف کو انصاف مل جائے۔

    قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی طرف سے خوشحالی کے دعوے کے باوجود اسپتالوں میں مریض ٹھنڈے فرش پر مررہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ایک دو روز میں پنجاب آئیں گے۔