Tag: Qasba Colony

  • کراچی: بھائی کے ساتھ مدرسہ جانے والا بچہ جاں بحق

    کراچی: بھائی کے ساتھ مدرسہ جانے والا بچہ جاں بحق

    کراچی کے علاقے قصبہ کالونی اسلامیہ کالونی میں گلے پر تیز دھار چیز لگنے سے 9 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسلامیہ کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 9 سالہ بچے کا گلا کٹ گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی شناخت نو سالہ مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، بچہ اپنے بھائی کے ساتھ مدرسے جارہا تھا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے ابتدائی اطلاع کے مطابق کچرے میں آگ لگی ہوئی تھی، کچرے میں موجود شیشے کی بوتل پھٹی جو بچے کی گردن میں لگ گئی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کیسے پیش آیا پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں، لیکن ورثا بغیر کارروائی کے بچے کی لاش لے گئے ہیں۔

  • قصبہ کالونی پولیس مقابلے میں مارے گئے 2 نوجوان ڈاکو تھے یا نہیں؟ ہلاکت معمہ بن گئی

    قصبہ کالونی پولیس مقابلے میں مارے گئے 2 نوجوان ڈاکو تھے یا نہیں؟ ہلاکت معمہ بن گئی

    کراچی : اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت کیخلاف لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی بہت بڑی تعداد نے اورنگی ٹاؤن 5نمبر پر واقع ایس پی اورنگی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے لڑکوں کے حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزمان بلاول اور نقاش ڈکیتی کی نیت سے ایک گھر میں گھسے اور بعد ازاں مقابلے میں مارے گئے۔

    دوسری جانب ہلاک ہونے والے بلاول کے کزن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ڈاکو نہیں تھے ہم اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہیں، وقوعہ کے روز بلاول کمپنی سے دوپہر کا کھانا کھانے گھر آیا تھا کہ اس دوران اس کا دوست ملنے آیا۔

    کچھ دیر بعد اس کی کال آئی کہ وہ منگھوپیر تھانے میں ہے لیکن پھر اطلاع ملی کہ بلاول اور نقاش قصبہ کے علاقے میں پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے دونوں لڑکوں کو گرفتار کیا تھا، جنہیں بعد میں مبینہ مقابلے میں مار دیا گیا، اہلخانہ کے مطابق دونوں لڑکوں کے جسموں پر تشدد، جلانے اور چاقو کے وار کے نشانات ہیں۔

    اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ منگھوپیر پولیس نے نہ تو ان سے کوئی اسلحہ برآمد کیا اور نہ ہی ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ ہے۔

    اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں احتجاجی دھرنے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، اہل خانہ اور مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ’قصبہ کالونی گھر میں آگ نشے کے عادی افراد کی جلائی آگ سے لگی‘

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قصبہ کالونی میں نشے کے عادی افراد کی جلائی آگ سے گھر خاکستر ہو گیا، اور 3 معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قصبہ کالونی کے ایک گھر میں آگ لگنے سے تین بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے، آتش زدگی کا واقعہ فرنٹیئر کالونی کی پہاڑی پر واقع گھر میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی عمریں 8 سال سے کم ہیں۔ جاں بحق بچوں میں 5 سالہ عظمیٰ، 6 سالہ اقصیٰ اور 7 سالہ محمد شامل ہیں۔

    اہل علاقہ کے مطابق رات کے اوقات میں نشہ کرنے والے افراد پہاڑی پر قائم گھروں کے ساتھ آگ جلاتے ہیں، نشہ کرنے والوں کی لگائی گئی آگ گھر تک پھیل گئی، جس کی وجہ سے گھر بھی مکمل طور پر جل گیا۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال سے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر رات میں منشیات فروش اس علاقے میں موجود ہوتے ہیں، لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، مکینوں نے یہ بھی بتایا کہ آگ لگنے کے بعد کچھ بچے گھر سے نکل گئے تھے لیکن 3 اندر سوتے رہ گئے۔

    دوسری طرف گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آگ لگنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ اسلامیہ میانوالی کالونی میں پیش آنے والا واقعہ نہایت افسوس ناک ہے۔