Tag: Qasim zia

  • قاسم ضیا کا نام اسٹاک مارکیٹ فراڈ کیس سے خارج

    قاسم ضیا کا نام اسٹاک مارکیٹ فراڈ کیس سے خارج

    لاہور : احتساب عدالت نے اسٹاک مارکیٹ فراڈ کیس سے پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کا نام خارج کرنے کا حکم دے دیا.

    قاسم ضیاء نے عدالت میں پیش ہوکر بیان دیا کہ ان کی نیب کے ساتھ پلی بارگیننگ ہوچکی ہے اور اس پر انھوں نے اسی لاکھ روپے واپس بھی کردیے ہیں جبکہ ایک کروڑ بائیس لاکھ روپے بھی جلدواپس کردیے جائیں گے، احتساب عدالت نے اسی بنیاد پر ان کی درخواست ضمانت منظور کی لہذا ان کا نام اسکینڈل کیس سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    نیب کے وکیل نے بیان دیا کہ قاسم ضیاء اور نیب میں معاہدہ ہوچکا ہے اور انھوں نے اسی لاکھ روپے کی پہلی قسط بھی ادا کردی ہے.

    عدالت نے وکلاء کے دلائل اور قاسم ضیاء کے بیان کے بعد اسٹاک مارکیٹ فراڈ اسکینڈل کیس سے نام خارج کرنے کا حکم دے دیا.

    واضح رہے کہ قاسم ضیاء کو اسٹاک مارکیٹ فراڈکے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا، رقم کی واپسی کے معاہدے پر انھیں رہا کردیا گیا تھا.

  • پی پی رہنماء قاسم ضیاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبرتک توسیع

    پی پی رہنماء قاسم ضیاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبرتک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فراڈ کیس کے ملزم پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کو سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ قاسم ضیاء کی ضمانت اور پلی بارگین کے حوالے سے معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں ہے جس کا فیصلہ آنے تک قاسم ضیاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ ؎

    عدالت نے نیب کی درخواست پر قاسم ضیاء کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبر تک توسیع کردی۔ واضح رہے کہ نیب پنجاب نے ایک ماہ قبل کروڑوں روپے فراڈ کے الزام میں پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کو گرفتار کیاتھا۔

    نیب پنجاب کے مطابق قاسم ضیاء کی کمپنی علی عثمان سکیورٹیز پر عوام سے کروڑوں روپے فراڈ کا الزام تھا، جس پر انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

    قاسم ضیاء پر اسٹاک ایکسچینج میں کروڑوں روپے کے گھپلے کا الزام ہے۔ قاسم ضیاء ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

  • قاسم ضیاء کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اعتزاز احسن

    قاسم ضیاء کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اعتزاز احسن

    لاہور : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہےاور پیپلز پارٹی پربے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ کرپشن کے نام پر پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    انتقامی اور امتیازی سلوک کیخلاف پیپلز پارٹی احتجاج کرتی رہے گی۔ ایل این جی اور میٹرو بس منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، وہ کسی کو کیوں نظر نہیں آتی؟۔

    انہوں نے کہا کہ رانا مشہود کی کرپشن کے ثبوت ٹی وی پر چلائے گئے، ان کیخلاف کیا ایکشن ہوا؟ ان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ نون لیگ نے ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت کی۔ نون لیگ کے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں لیکن وزیراعظم ان کے ہیں، اس لئے کارروائی نہیں ہو رہی۔

    علاوہ ازیں پی پی رہنماء قاسم ضیاء نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی سے قبل اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس کمپنی نے لاہوراسٹاک ایکسچینج میں فراڈ کیا اس میں نہ ان کے شئیر ہیں اور نہ ہی وہ اس کمپنی کے چیئرمین ہیں۔

    واضح رہے کہ نیب پنجاب نے ایک ماہ قبل کروڑوں روپے فراڈ کے الزام میں پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کو گرفتار کیاتھا۔

    نیب پنجاب کے مطابق قاسم ضیاء کی کمپنی علی عثمان سکیورٹیز پر عوام سے کروڑوں روپے فراڈ کا الزام تھا، جس پر انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

    قاسم ضیاء ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    قاسم ضیاء کی احتساب عدالت میں پیشی

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    لاہور کی احتساب عدالت نےآئندہ سماعت پر نیب سے قاسم ضیاء کیخلاف کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر تےہوئے سماعت دس ستمبر تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماء قاسم ضیاء کولاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ قاسم ضیاء کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔

    عدالت نے قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے قاسم ضیاء کیخلاف کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔

    سماعت سے قبل قاسم ضیا نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس کمپنی نے فراڈ کیا ہےاس سے میرا کوئی تعلق نہیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔