Tag: qatar visit

  • نیول چیف کی دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں

    نیول چیف کی دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں

    دوحہ: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں کیں اور جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خصوصی خطاب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں کورس کے شرکا سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں نیول چیف نے دنیا اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا اور اس تناظر میں باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    نیول چیف نے اپنے خطاب میں کردار کی پختگی، اللہ پر کامل یقین اور سنت رسول کی پیروی کو مسلم امہ کے بلند مقام کے دوبارہ حصول سے مشروط کیا۔

    اس سے قبل اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے بھی خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیول چیف نے قطری چیف آف اسٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وار فیئر اینڈ ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

  • ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کردیا، ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر کے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم نے دورے کے پہلے دن قطری ہم منصب سے ملاقات کی۔

    قطری وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پربات چیت ہوئی، اس کے علاوہ وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    وزیراعظم نے کاروباری اور تاجر برادری سے ملاقات میں قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارتوانائی، پٹرولیم، فارماسوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

    اس کے علاوہ زراعت، ریسرچ، ثقافت، سیاحت اورتعلیم کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی، وزیر اعظم نے قطرکی سرکاری اور نجی کمپنیوں کےوفود سےبھی ملاقاتیں کیں،سرمایہ کاروں کوہاؤسنگ منصوبے میں پارٹنر بننے کی پیشکش کی۔

    اعلا میہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قطرایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرے گا، وزیراعظم نے ملازمتیں فراہم کرنے پر قطری حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان سے افرادی قوت بلانے کی درخواست بھی کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطرکو دورہ پاکستان کی دعوت امیر قطر نے قبول کرلی، سفارتی سطح پر رابطوں کے بعد دورے کی تاریخ طے کی جائے گی۔

  • وزیر خارجہ کا دورہ قطر، دو طرفہ روابط پر تبادلہ خیال

    وزیر خارجہ کا دورہ قطر، دو طرفہ روابط پر تبادلہ خیال

    وحہ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے جہاں انہوں قطری وزیر خارجہ سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی روابط بڑھناے پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ قطر کے موقع پر قطری نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن ثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قطری وزیر سے رابط میں فروغ سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی۔

    قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن ثانی نے کہا کہ جلد پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت کے مواقع فراہم کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطری نائب وزیر اعظم نے علاقائی استحکام کےلیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں وزراء خارجہ نے دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر قطر سے معاونت کرے گا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تجارت میں ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطری نائب وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جبکہ ظہرانے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ڈپٹی امیر قطر، وزیر اعظم قطر سے ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ قطر روانہ ہونے کے لیے بغیر پروٹوکول کے ائیرپورٹ پہنچے، شاہ محمود قریشی ائیرپورٹ پرعام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے۔

    شاہ محمود قریشی بورڈنگ پاس لینے کے لیےعام مسافروں کی طرح مراحل سے گزرے، مسافروں نے وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    وزیر خارجہ نے اپنے 4 ملکی دورے کو شٹل دپلومیسی کا نام دے دیا

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے حالیہ 4 ملکی دورے کو شٹل ڈپلومیسی کا نام دیا تھا۔

    شٹل ڈپلومیسی ایک ثالث کی جانب سے دو یا زائد فریقین کے درمیان شروع کیے گئے مذاکرات ہوتے ہیں جو براہ راست بات چیت کے لیے ناگزیر ہیں۔