Tag: Qatar

  • سیاحتی ویزا ، قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    سیاحتی ویزا ، قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : قطر نے پاکستانیوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی آن آرائیول سہولت کا اعلان کردیا،آن آرئیول ٹورسٹ ویزا کے لیے 100 قطری ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق قطر جانے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آگئی ، قطر نے پاکستانیوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی آن آرائیول سہولت کا اعلان کردیا۔

    قطری حکومت کی طرف سے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے پالیسی متعارف کرادی گئی ہے ، جس کے مطابق
    آن آرئیول ٹورسٹ ویزا کے لیے 100 قطری ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔

    پاکستانیوں پر 6 ماہ تک کا ویلڈ پاسپورٹ، ریٹرن ٹکٹ کی شرط ہوگی جبکہ کورونا ویکسی نیشن اور بچوں کے لیے پولیو ویکسین یشن کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔

    تحریری احکامات میں کہا گیا ہے کہ قطر میں جانے کے لیے کورونا منفی رپورٹ ساتھ لانی ہوگی۔

  • کورونا ویکسین، قطر کا پاکستان کیلئے بڑا  اعلان

    کورونا ویکسین، قطر کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : قطر نے پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان نے کورونا پر قابو پانے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے قطری سفیر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور قطر مذہب،بھائی چارے،برادرانہ تعلقات کے رشتوں میں بندھےہیں، مسلم امہ کےچیلنجز سے نمٹنےکے لیےمسلم ممالک میں یکجہتی ضروری ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف موثر آواز کیلئےمسلم امہ میں اتفاق واتحاد وقت کی ضرورت ہے، دونوں ممالک جغرافیائی اہمیت بروے کار لاکر معاشی استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

    اس موقع پر قطری سفیر نے کہا قطر پاکستان سے دوستانہ ،برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، قطر پاکستان کےساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے۔

    قطری سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ قطر پاکستان کو 10لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرے گا،پاکستان نے کورونا پر قابو پانے کیلئےبہترین حکمت عملی اپنائی۔

  • قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ کتنی مقرر؟

    قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ کتنی مقرر؟

    دوحہ: قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 43 ہزار پاکستانی روپے مقرر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں ورکرز کے لیے کم سے کم تنخواہ 275 ڈالر (تقریباً 43 ہزار پاکستانی روپے یا ہزار ریال) مقرر کر دی گئی ہے۔

    قطر کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم سے کم اُجرت کے قانون کا اطلاق آج سے لاکھوں تارکین وطن کارکنان اور مقامی اسٹاف کے لیے شروع ہو گیا ہے۔

    قطری حکومت نے آجرز کو پابند بنایا ہے کہ نہ صرف غیر ملکی کارکنوں بلکہ مقامی اسٹاف کو بھی ماہانہ کم سے کم تنخواہ 1000 ریال، فی گھنٹہ 1.30 ڈالر (تقریباً 203 پاکستانی روپے) ادا کرنا ہوگی۔

    آجرز پر یہ بھی لازم ہوگا کہ وہ اپنے ملازم کو رہائش اور کھانا فراہم کرے، یا خوراک اور رہائش کی مد میں اضافی 800 ریال ادا کرے، جس میں سے خوراک کے لیے 300 ریال جب کہ رہائش کے لیے 500 ریال شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عارضی طور پر کم سے کم ماہانہ تنخواہ 750 ریال (32 ہزار 136 پاکستانی روپے) مقرر تھی، قطر کی وزارت محنت کے مطابق نئی تنخواہ پر عمل درآمد کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔

    آج سے قطر کا نیا کم سے کم اجرت قانون لاگو ہونے سے یہ خطے کا پہلا ملک بن گیا ہے جس میں بلا امتیاز کم سے کم اجرت کو اپنایا گیا ہے۔ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے مطابق اس نئے قانون سے 4 لاکھ سے زیادہ کارکنان (یا نجی شعبے کا 20 فی صد) براہ راست فائدہ اٹھائیں گے۔

    قطر کے سرکاری مواصلات آفس کا کہنا ہے کہ 5 ہزار سے زائد کمپنیاں نئے قانون پر عمل درآمد کے لیے اپنے پے رول سسٹمز کو اپ ڈیٹ کر چکی ہیں۔

  • شیخ رشید اور قطری وزیر اعظم کی ملاقات، عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچا دیا

    شیخ رشید اور قطری وزیر اعظم کی ملاقات، عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچا دیا

    دوحہ: وزیر داخلہ پاکستان شیخ رشید احمد نے قطر کے وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ شیخ رشید نے انھیں وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی مراسلہ بھی پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید دو روزہ سرکاری دورے پر قطر میں موجود ہیں، آج انھوں نے قطری وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، جس میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

    شیخ رشید نے قطر میں پاکستانی مین پاور بڑھانے اور داخلی سلامتی کے امور پر وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو کی، انھوں نے کہا افغانستان کے پائیدار امن میں قطر کا کردار مثالی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور قطر کا دیرینہ مقصد ہے، افغان امن میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کا سہرا قطر کے سر ہے۔

    وزیر داخلہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

    قطری وزیر اعظم نے تجارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت بڑھانے کا بے پناہ اسکوپ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔

    دریں اثنا، شیخ رشید نے قطر کے وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچایا، اور قطر کے عوام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    واضح رہے کہ شیخ رشید گزشتہ روز قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، آج انھوں نے ملی پول (Milipol) قطر بین الاقوامی نمائش میں بھی شرکت کی، اور پاکستانی نمائشی اسٹال کا دورہ کیا۔

  • نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورہ پر پہنچ گئے، دوحہ نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہیں قطری بحریہ کی استعداد کار پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف سے اہم ملاقات بھی کی۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف نے کمانڈر قطر امیری ایئر فورس سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا، میزبان نے بھی خطے کی بحری سیکیورٹی یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

    سربراہ پاک بحریہ نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔

  • بحرین کا نامور باڈی بلڈر سمیع الحداد قطر میں کیوں گرفتار ہوا ؟

    بحرین کا نامور باڈی بلڈر سمیع الحداد قطر میں کیوں گرفتار ہوا ؟

    دبئی : بحرین کی اولمپک کمیٹی (اے این او سی) قطر میں زیر حراست باڈی بلڈر سمیع الحداد کی رہائی کے لئے کوشاں ہے، الحداد کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر قطری حکام نے حراست میں لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بحرینی اولمپک کمیٹی نے قطر میں زیرحراست اپنے باڈی بلڈر سمیع الحداد کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔

    اس حوالے سے عرب نیوز نے بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ الحداد کو رواں سال کے آغاز پر آٹھ جنوری کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ بحرین کی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔

    اتوار کو بحرین نے قطر کے کوسٹ گارڈز کی جانب سے باڈی بلڈر سمیع الحداد کی ساتھیوں سمیت گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر نے الحداد اور بحرین کے مچھیروں پر قطری سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ باڈی بلڈر چیمپیئن سمیع الحداد نے سال 2016 میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس (آئی ایف بی بی) موزولانی پرو کلاسیک اور2018میں ہونے والے آئی ایف بی بی پروسپین مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

  • سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے کل سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، قطر کے ساتھ تمام بری اور بحری سرحدیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عربین ایئر لائن (السعودیہ) نے پیر 11 جنوری سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    السعودیہ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دوحہ کے لیے پروازوں کی بکنگ اوپن ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، 3 روزہ ہاؤس آئسولیشن یا 7 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔

    پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت میں ہی قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی، سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے بھی پیر 11 جنوری سے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے ٹویٹ کیا ہے کہ پیر 11 جنوری سے ریاض کے لیے پروازیں بحال ہوں گی، اس کے بعد جمعرات 14 جنوری کو جدہ اور سنیچر 16 جنوری کو دمام کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    ریاض اور دمام سے روزانہ جبکہ جدہ سے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

  • قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    دوحہ: قطر نے اپنے شہریوں کے لیے مفت کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا آغاز ہو گیا، پہلے مرحلے میں 70 برس سے زائد عمر کے افراد، طبی عملے اور مختلف امراض میں مبتلا شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    قطر میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد قطر نے ملک بھر میں مفت ویکسی نیشن کا اعلان کیا تھا۔

    اس سلسلے میں قطر میں 7 مرکزی صحت مراکز بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو کرونا ویکسین کی خوراک 2 مرحلوں میں دی جائے گی، گزشتہ روز قطر کے 79 سالہ سابق صدر عبداللہ الکوبیسی کو پہلی ویکسین خوراک دی گئی تھی۔

    قطر صحت حکام کے مطابق کرونا ویکسی نیشن مہم کا پہلا مرحلہ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا، جب کہ اگلے برس کے دوران ملک کی پوری آبادی کو مفت میں ویکسین لگائی جائے گی، حکام کا کہنا تھا کہ قطر کے پاس کافی ویکسین موجود ہے۔

    کرونا ویکسی نیشن، بحرین کی حکومت نے غیرملکی شہریوں کی خواہش پوری کردی

    واضح رہے کہ قطر موڈرنا کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کے حصول کے لیے بھی ایک معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔

  • قطری باشندوں نے امریکہ کو ناپسندیدہ ملک قرار دے دیا، سروے رپورٹ

    قطری باشندوں نے امریکہ کو ناپسندیدہ ملک قرار دے دیا، سروے رپورٹ

    دوحہ : قطر میں ہونے والے حالیہ عوامی سروے میں مملکت کے شہریوں نے امریکی اقدامات کے پیش نظر اسے ناپسندیدہ ملک قرار دیا ہے۔

    عرب نیوز اور یو گوو کے تحت کیے گئے سروے میں 18 عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار 960 افراد کے سامنے مختلف سوالات رکھے گئے جن میں قطر کے شہری بھی شامل تھے۔

    مجموعی طور پر 56 فیصد جواب دہندگان کے خیال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدت پسندی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ بنے ہیں، جبکہ قطر سے 79 فیصد جواب دہندگان نے صدر ٹرمپ کو رکاوٹ قرار دیا۔

    قطر کا شمار امریکہ کے اتحادی ممالک میں ہوتا ہے جہاں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ قائم ہے اور امریکی فوجی ساز و سامان پر قطر عربوں ڈالر سالانہ خرچ کرتا ہے۔ تاہم عرب نیوز کے سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر کے عوام کی سوچ اس کی حکومت کی امریکہ نواز پالیسیوں کے برعکس ہے۔

    سروے رپورٹ کے مطابق قطر کے زیادہ تر شہری حالیہ امریکی اقدامات کے سخت خلاف ہیں، قطر کے عوام امریکہ کے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور مشرق وسطیٰ میں شدت پسندی کے خلاف جنگ میں کردار کی حمایت نہیں کرتے۔

    سروے میں حصہ لینے والے قطری شہریوں نے صدر ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کی بھی مخالفت کی ہے۔

    سال2017میں عرب ممالک کے قطر کے ساتھ بائیکاٹ کے بعد سے قطر نے امریکہ کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی غرض سے بیشتر اقدامات اٹھائے ہیں، ان اقدامات کا مقصد سفارتی سطح پر تنہا ہونے سے بچنا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق بائیکاٹ کے بعد سے قطر نے ایران کے ساتھ رابطے مختلف شعبوں میں بڑھا دیے ہیں جبکہ عرب ممالک کے مقابلے میں قطر کے شہری ایران سے متعلق قدرے نرم رائے رکھتے ہیں۔62 فیصد قطری جواب دہندگان کے خیال میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب، یمن اور عراق سے سروے میں اپنی رائے دینے والے شہریوں کے خیال میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سعودی عرب سے 68 فیصد، یمن سے 71 فیصد، جبکہ عراق سے57 فیصد جواب دہندگان کے خیال میں امریکہ حملہ مثبت ثابت ہوا ہے۔

    عوامی سروے میں شامل ہونے والے قطری شہریوں میں سے 55 فیصد کے خیال میں امریکہ کو ایران کا جوہری معاہدہ بحال کرنا چاہیے جبکہ 16 فیصد نے ایران پر امریکی معاشی پابندیوں کی حمایت کی ہے۔

  • کورونا وائرس کے اعداد و شمار: قطر کو بڑا نقصان ہوسکتا ہے!

    کورونا وائرس کے اعداد و شمار: قطر کو بڑا نقصان ہوسکتا ہے!

    قطر : کورنا وائرس سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات نے قطر میں 2022میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کو خطرے میں ڈال دیا، رپورٹ میں کرونا سے متعلق حقائق چھپانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    سال 2022میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے حوالے سے ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے جس کا سبب کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کے دوران بیماری کے پھیلاؤ کے بارے میں حقائق چھپانے کے الزام پر مبنی ایک رپورٹ بنی ہے۔

    مذکورہ رپورٹ مینجمنٹ کنسلٹنسی کارنراسٹون گلوبل ایسوسی ایٹ لندن نے جاری کی ہے،10 صفحات پر مشتمل دستاویزات کے اجرا کے بعد عالمی فٹبال ٹورنامنٹ کو قطر سے منتقل کرنے کے مطالبے نے زور پکڑ لیا ہے

    کنسلٹنسی کارنراسٹون گلوبل ایسوسی ایٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں سال اگست کے وسط تک قطر آبادی کے لحاظ سے دنیا میں سب سے زیادہ کورونا انفیکشن کی شرح کا شکار ہوا۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر میں فیفا پراجیکٹس پر کام کرنے والی ایک معروف تعمیراتی کمپنی کے ذریعے کرائے گئے ایک داخلی میمو نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ قطر میں کوویڈ 19 سے مثاثر ہونے والے بہت سے مزدور مبینہ طور پر ہلاک ہوئے لیکن اس کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی۔

    یہ خدشات انفیکشن کی تعداد اور شرح اموات کے مابین واضح تضاد کے بارے میں سوالات کے مطابق ہیں، داخلی میمو نے مبینہ طور پر کورونا سے مرنے والوں کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقے واپس بھیجنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل دنیا بھر میں صحت کے حکام کی سفارش کے خلاف ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ قطری حکام کوویڈ 19 اموات کی غلط اطلاعات دے رہے ہیں اوراس سے گلوبل ہیلتھ کیئر کیمونٹی کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

    کارنر اسٹون نے کہا کہ قطر کوویڈ 19 سے صرف 201 اموات کا دعویٰ کرتا ہے، تجویز کردہ شرح اموات 0.17 فیصد ہے۔ فرم کے صحت کے بارے میں ماہرین نے کہا ہے کہ اس طرح کی شرح مجموعی طور پر انتہائی کم دکھائی دیتی ہے۔

    کارنراسٹون نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور برطانیہ کینیشنل ہیلتھ سروس کو مشاورتی خدمات فراہم کی ہیں، کمپنی نے 2010 میں قطر کو 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی دیے جانے کے بعد سے قطر کی میزبانی والے ورلڈ کپ کے عمل کی نگرانی کی ہے۔

    یہ رپورٹ آئندہ دو سالوں بعد قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے اس کی پریشانیوں میں اضافہ کرے گی۔ اس سے قبل بھی دوحہ کو ان الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا کہ اس نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے فیفا کے عہدیداروں کو رشوت دی تھی۔