Tag: Qatari Foreign Minister

  • قطری وزیرخارجہ کی عمران خان سے ملاقات، وزیراعظم کی قطر کو سرمایہ کاری کی دعوت

    قطری وزیرخارجہ کی عمران خان سے ملاقات، وزیراعظم کی قطر کو سرمایہ کاری کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے قطری وزیرخارجہ نے ملاقات کی ، جس میں‌ باہمی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری پر  تبادلہ خیال ہوا.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم کی قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی.

    قطری وزیر خارجہ نے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کی اور قطری امیر کی جانب سے وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا گیا.

    قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ امیر قطر پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں، ہم دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی مضبوطی چاہتے ہیں، پاکستانیوں‌ کو ملازمتیں فراہم کریں‌ گے.

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان قطرکے ساتھ باہمی تعلقات کوفروغ دینے میں کردار ادا کرے گی.


    مزید پڑھیں: ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا، وہ دشمن بھی نہیں کرتے: وزیراعظم


    عمران خان نے کہا کہ قطرکے ساتھ تجارت بڑھانے کے لئے پرامید ہیں، ایک لاکھ پاکستانیوں کوروزگارکی پیش کش کاخیرمقدم کرتے ہیں، پاکستانیوں کو روزگارکی فراہمی کےفیصلے پر جلد عمل در آمد کے خواہاں ہیں.

    وزیراعظم نے قطری سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قطری سرمایہ کار  زراعت اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں.

    قطری وزیرخارجہ نے پرتپاک استقبال پروزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، قطری وزیرخارجہ کی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی.

  • قطری وزیرِ خارجہ دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن روانہ

    قطری وزیرِ خارجہ دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن روانہ

    اسلام آباد: قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی پاکستان کا دو روزہ دورہ کرکے واپس قطر روانہ ہوگئے ہیں‘ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر ِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے‘ جہاں انہوں نے سعودی قطر تنازعے کے حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور بالخصوص اور خطے کی صورت ِحال پربالعموم تبادلہ خیال کیا‘ اس موقع پر مشیر ِ خارجہ سرتاج عزیز سمیت کابینہ کے اہم ارکان بھی موجود تھے۔

    قطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد سعودی عرب کے مطالبات سے وزیراعظم نواز شریف کوآگاہ کیا جب کہ امیر کویت کی قطرسعودی عرب کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پرقطری وزیرخارجہ نے خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں پرشکریہ ادا کرتے ہوئے پاک قطرتعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔


    قطر کے وزیر خارجہ پاکستان کیوں آئے؟


     خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب اور مصر سمیت 7 عرب ممالک نے سیکیورٹی وجوہات پر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نے قطر پر القاعدہ اور داعش کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔

    پاکستان کے مشیرِخارجہ سرتاج عزیز نے اس حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی قطر تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار رہنے کی پالیسی پر کاربند ہے اور رہے گا۔

    قطری خط اور سپریم کورٹ


    یہاں یہ بھی یاد رہے کہ رواں ماہ قطری شہزادے نے پاکستان اور سفارت خانے آنے سے انکار کردیا تھا اور وزیر اعظم نواز شریف کو بھیجے گئے خط کی تصدیق کے لیے پاناما جے آئی ٹی کو دوحہ آنے کی دعوت دی تھی۔

    پاناما جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے 19 مئی کو خط لکھ کر 25 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم شہزادہ حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • قطر کے وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

    قطر کے وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی پاکستان پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق قطری وزیر خارجہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی سے ملاقاتوں میں قطر سعودی عرب تنازعے سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ ملاقات کے دوران قطری شہزادے کے خط سے متعلق بھی گفتگو کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب اور مصر سمیت 7 عرب ممالک نے سیکیورٹی وجوہات پر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نے قطر پر القاعدہ اور داعش کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب سمیت 7 عرب ممالک کے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع

    گزشتہ ماہ مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ پاکستان قطر سعودی تنازعے میں غیر جانبداری کی پالیسی پر کاربند ہے اور دونوں ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔

    یہاں یہ بھی یاد رہے کہ رواں ماہ قطری شہزادے نے پاکستان اور سفارتخانے آنے سے انکار کردیا تھا اور وزیر اعظم نواز شریف کو بھیجے گئے خط کی تصدیق کے لیے پاناما جے آئی ٹی کو دوحہ آنے کی دعوت دی تھی۔

    پاناما جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے 19 مئی کو خط لکھ کر 25 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم شہزادہ حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔