Tag: qehwa

  • خشک کھانسی سے چھٹکارے کیلئے انتہائی مفید قہوہ

    خشک کھانسی سے چھٹکارے کیلئے انتہائی مفید قہوہ

    موسمِ سرما کے دوران تقریباً ہر گھر کا کوئی نہ کوئی فرد خشک کھانسی کے سبب گلے میں خراش، بلغمی کھانسی، نزلہ، زکام اور بخار میں مبتلا نظر آتا ہے، اس تکلیف دہ کھانسی سے ہر کوئی جَلد از جَلد جان چھڑانا چاہتا ہے۔

    خشک کھانسی سردی یا فلو، گلے میں گدگدی کے احساس جبکہ دائمی خشک کھانسی دیگر بیماریوں کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے، جس کا باقاعدہ علاج کرانا بے حد ضروری ہے بصورت دیگر یہ خطرناک صورت بھی اختیار کرسکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے خشک کھانسی اور نزلہ زکام سے فوری نجات کیلئے بہترین نسخہ تجویز کیا اور اس حوالے سے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ خشک کھانسی کے علاج کیلئے ایک چمچ بنفشہ کے پتوں کا چُورا اور خاکسیر آدھا چائے کا چمچ سوا کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں، اس قہوے کو دن میں ایک بار کسی بھی وقت اور دو سے تین دن پی لیں آپ کو یقینی افاقہ ہوگا۔

    ایک اور نسخہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سردی سے سینہ جکڑ جائے اور کھانسی کے دوران شدید تکلیف بھی محسوس ہورہی ہو تو پانچ دانے کالی کشمش اور ایک چمچ بانسہ کے پتوں کا چورا سوا کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں۔

    اس قہوے کو صبح و شام دو مرتبہ پئیں، اس نسخے کو بھی دو سے تین دن پئیں سینہ کتنا ہی جکڑا ہوا کیوں نہ ہو مریض کو اس سے آرام مل جائے گا۔ یہ قہوہ 5 سال سے بڑی عمر کے بچوں کو بھی پلاسکتے ہیں جس کی مقدار صبح شام دو دو چمچ ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • سردی میں قہوہ آزمائیں بیماریاں بھگائیں

    سردی میں قہوہ آزمائیں بیماریاں بھگائیں

    موسم سرما کی آمد آمد ہے اس موسم میں اکثر لوگ قہوے کا استعمال کثرت سے کرتے ہیں کیونکہ سردیوں میں اسے پینے کا لطف ہی الگ ہے۔

    دیگر مشروبات کی بہ نسبت قہوہ ہر فرد آسانی سے پی سکتا ہے، اس کے پینے سے سردی سے چھٹکارے کے ساتھ ساتھ سستی اور کاہلی کو بھگانے کا عنصر بھی شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم محمد اجمل اسماعیل نے ناظرین کو قہوے کے بیش بہا فوائد سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ لونگ اور دارچینی کا قہوہ سردیوں میں انتہائی فائدہ مند ہے، اور ذائقے کیلئے اس میں شہد شامل کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ پودینے اور ادرک سے بنائے گئے قہوے میں گڑ یا شہد شامل کرکے دن رات استعمال کریں اس سے آپ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔

    کھانسی اور بلغم کا علاج بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خشک کھانسی کیلیے ’لعوق سپستاں‘اور بلغم والی کھانسی کیلئے ’لعوق خیار شنبر‘بہترین دوا ہے۔

  • جادوئی قہوہ : وزن کم کرنے کا حیرت انگیز طریقہ

    جادوئی قہوہ : وزن کم کرنے کا حیرت انگیز طریقہ

    حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ صبح ایک کپ قہوہ پینا جسم کے لیے کئی فوائد کا حامل ہوتا ہے، اس سے وزن اور بڑھے ہوئے پیٹ کم ہونے کے علاوہ صحت بھی بہتر رہتی ہے۔

    کھانے سے چند گھنٹے قبل قہوہ پینا بھوک کو کم کرنے میں معاون ہوتا ہے اور کیلوریز کو زیادہ جلانے کا کام کرتا ہے، قہوہ میٹابولزم اور چربی جلانے کی شرح میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    قہوہ کے اینٹی آکسڈینٹ مواد کی وجہ سے جیسے ’پولیفینولز‘ جو پودوں میں پائے جانے والی خوردبینی غذائیں ہیں، دماغ کی صحت کو بہتر کرتی ہیں جو کینسر، قلبی امراض اور ذیابیطس کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

    آج کل بڑھا ہوا وزن صرف خواتین نہیں بلکہ مرد حضرات کے لیے بھی انتہائی پریشان کن ہے کیونکہ اس سے ناصرف آپ کی شخصیت پر اثر پڑتا ہے بلکہ بہت سی بیماریاں بھی لاحق ہوجاتی ہیں جن میں ذیا بیطس، بلڈ پریشر، گھٹنوں جوڑوں کا درد اور کولیسٹرول وغیرہ شامل ہیں۔

    ایک معروف ماہرِ غذائیت ڈاکٹر عائشہ عباس نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے لوگوں کو ہر گھر کے کچن میں موجود اشیاء سے قہوہ بنانے کا طریقہ بتایا جس سے جسم کو بغیر نقصان پہنچائے آسانی سے وزن کم کیا جاسکتا ہے۔

    قہوہ بنانے کا نہایت آسان طریقہ

    اجزاء :
    کلونجی، زیرا، دار چینی، چھوٹی الائچی اور سونف اپنے اندازے کے مطابق لٰیں اور انہیں پیسیں اور پاؤڈر بنالیں پھر اس پاؤڈر کی ایک چٹکی ایک گلاس پانی میں اچھی طرح پکا کر قہوہ بنالیں۔

    ڈاکٹر عائشہ کے مطابق اس پانی کو سارا دن عام پانی کی جگہ پئیں، اس سے جسم میں طاقت ملے گی اور ساتھ ہی زیادہ بھوک بھی نہیں لگے گی، یہ قہوہ ان افراد کے لیے بھی انتہائی مفید ہوگا جو ہر وقت قبض کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص اس وقت تک وزن کم نہیں کرسکتا جب تک اس کی قبض ختم نا ہو لہٰذا یہ قہوہ بہت سی بیماریوں کا علاج ہے۔