Tag: quaid e azam trophy

  • کرکٹر احمد شہزاد نے شکایات کے انبار لگادیے

    کرکٹر احمد شہزاد نے شکایات کے انبار لگادیے

    لاہور : پاکستان قومی ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک خط ارسال ہے جس میں انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی ٹیم کے کوچنگ پینل کے حوالے سے شکایات کی ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کی جانب سے لکھے گئے خط میں انہوں نے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات سے پی سی بی کو بھی اگاہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق خط کے متن میں احمد شہزاد نے سینٹرل پنجاب کے کوچنگ پینل کے خلاف شکایت کی ہے۔ یاد رہے کہ احمد شہزاد رواں سیزن کے لیے سینٹرل پنجاب کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی کھیلنے کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچنگ پینل سے شکایت کے باعث احمد شہزاد نے قائدِ اعظم ٹرافی کے لیے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو جوائن نہیں کیا۔

    ذرائع کے مطابق خط میں احمد شہزاد نے سینٹرل پنجاب کے کوچ کی جانب سے غیر پیشہ ورانہ سلوک کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے تاحال احمد شہزاد کو خط کا جواب نہیں دیا گیا تاہم سینٹرل پنجاب کے کوچنگ پینل میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق اور پال فرینکس شامل ہیں۔

  • قائداعظم ٹرافی: فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا

    قائداعظم ٹرافی: فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا

    کراچی: انتظامی نااہلی کے باعث قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کا بائیوسیکیور ببل ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کےپریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کا فائنل کھیلنے والی ٹیموں کو ہوٹل انتظامیہ نے باہر نکال دیا، جس کے باعث ایونٹ کی فائنلسٹ سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کےکھلاڑیوں کو سامان سمیت سڑک پر آنا پڑا۔

    ہوٹل انتظامیہ کے مطابق دونوں ٹیموں کی 22 دسمبر تک بکنگ تھی، بکنگ کا وقت ختم ہونے پر ٹیموں کو باہر جانے کا حکم دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: قائداعظم ٹرافی: فائنل میں پہنچنے والی ٹیم پر جرمانہ عائد

    ، بعد ازاں پی سی بی انتظامیہ حرکت میں آئی اور ٹیموں کے لئے مقامی ہوٹل میں قیام کا بندوبست کیا گیا، اس عمل کے سبب دونوں ٹیموں کا بائیو سیکور ببل ٹوٹ گیا۔

    واضح رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ بھی اسی ہوٹل میں مقیم ہیں، قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کا آغاز ہفتے سے ہوگا۔

  • قائد اعظم ٹرافی 2020: کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار

    قائد اعظم ٹرافی 2020: کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے کئی کھلاڑی بدلتے موسم کے ساتھ بیمار ہوگئے، کئی کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے جن میں سے اب تک 5 کھلاڑیوں کا رزلٹ منفی آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنے والے کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار ہوگئے جس کے بعد کھلاڑیوں اور براڈ کاسٹنگ ٹیم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان ٹیم کے وکٹ کیپر بسم اللہ خان کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے، بسم اللہ خان کو بخار اور کمزوری کے باعث ڈرپ لگائی گئی ہے۔

    دوسری جانب سندھ ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ بخار کے باعث گھر چلے گئے تھے۔

    ٹورنامنٹ کے متعلقہ افراد کے لیے قائم کردہ بائیو سیکیور ببل سے باہر ہونے کے باعث کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اب تک 5 کھلاڑیوں کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آچکی ہے۔

    براڈ کاسٹرز میں شامل ایک آفیشل کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد احتیاط کے طور پر کچھ براڈ کاسٹرز کو کام سے روک دیا گیا۔

  • فاسٹ بولر سر پر گیند لگنے سے زخمی

    فاسٹ بولر سر پر گیند لگنے سے زخمی

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچ میں فاسٹ بولر بلاول بھٹی سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر بلاول بھٹی بلوچستان کے خلاف میچ کے دوران بولر خرم شہزاد کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوگئے۔

    بلاول بھٹی کو سر پر گیند لگنے کے باعث ڈاکٹر کے معائنے کے بعد انہیں میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹی کچھ دیر بعد دوبارہ بیٹنگ کے لیے تو میدان میں اترے تو انہیں چکر آنے لگے جس پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کا سی ٹی اسکین کرایا جائے گا جس کے بعد ہی معاملہ مزید واضح ہوسکے گا۔

    سدرن پنجاب کی ٹیم میں بلاول بھٹی کی جگہ فاسٹ بولر محمد عباس کو شامل کرلیا گیا ہے، بلوچستان کے خلاف میچ میں محمد عباس بلاول بھٹی کی جگہ سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹی نے پاکستان کی نمائنددگی کرتے ہوئے 2 ٹیسٹ، 10 ون ڈے انٹرنیشنل اور 9 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے ہیں، انہوں نے تینوں فارمیٹ میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

    فاسٹ بولر نے پاکستان کے لیے آخری میچ مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوینٹی کھیلا تھا۔

  • سینٹرل پنجاب کو اننگز ڈیکلیئر کرنا مہنگا پڑ گیا، سندھ کے ہاتھوں شکست

    سینٹرل پنجاب کو اننگز ڈیکلیئر کرنا مہنگا پڑ گیا، سندھ کے ہاتھوں شکست

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں سرفراز احمد کی سندھ نے اظہر علی کی سینٹرل پنجاب کو شکست دے دی، میچ کے چوتھے روز سینٹرل پنجاب نے 239 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کی اور سندھ کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    سندھ نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے دیا جانے والا 212 رنز کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، عمر بن یوسف نے 44 اور سعود شکیل نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    دوسرے میچ میں یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کی بدولت بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے شکست دے دی، یاسر شاہ نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

    خیبرپختونخوا کو میچ کے چوتھے روز جیت کے لیے 280 رنز درکار تھے، کے پی کی ٹیم 413 رنز کے تعاقب میں 226 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    بلوچستان کے فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بسم اللہ خان نے فرسٹ کلاس کیریئر کی تیسری سنچری بنائی، کاشف 98 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

     گزشتہ روز قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میچ میں زاہد محمود کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سدرن پنجاب نے ناردرن کو شکست دی تھی، زاہد محمود نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

  • زاہد محمود نے تباہی مچادی، سدرن پنجاب کے ہاتھوں ناردرن کو شکست

    زاہد محمود نے تباہی مچادی، سدرن پنجاب کے ہاتھوں ناردرن کو شکست

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میچ میں زاہد محمود کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سدرن پنجاب نے ناردرن کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو اننگز اور 96 رنز سے شکست دے دی، ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں 246 رنز پر ڈھیر ہوگئی، زاہد محمود نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔

    گزشتہ سال کی رنر اپ ٹیم ناردرن نے تیسرے روز 31 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا، زاہد محمود نے آصف علی اور فیضان ریاض کو بالترتیب 39 اور 36 رنز پر پویلین روانہ کیا۔

    آل راؤنڈر حماد اعظم کی 79 رنز کی اننگز بھی ناردرن کو شکست سے نہ بچاسکی، حماد کی اننگز میں 8 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، کپتان نعمان علی 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    واضح رہے کہ دوسرے روز آل راؤنڈر حسین طلعت نے شاندار 253 رنز کی اننگز کھیلی تھی، کپتان شان مسعود 185 گیندوں پر 134 رنز بنائے، شان مسعود کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔

    قبل ازیں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز 507 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، نادرن کی ٹیم پہلی اننگز میں 165 اور دوسری اننگز میں 246 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    32 سالہ فاسٹ بولر زاہد محمود نے پہلی اننگز میں 41 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دوسری اننگز میں انہوں نے 57 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کرسکے.

  • فخر زمان نے ناقدین کو جواب دے دیا

    فخر زمان نے ناقدین کو جواب دے دیا

    کراچی: قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے تنقید کیے جانے پر خاموشی توڑ دی۔

    اے آر وائی نیو زکی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں کافی عرصے بعد ون ڈے کرکٹ کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ناقدین کی تنقید کا برا نہیں لگتا بلکہ ان کے ہونے سے کارکردگی میں نکھار آتا ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں اچھی پرفارمنس دکھانے کا خواہشمند ہوں۔

    فخر زمان نے کہا کہ ٹیم میں میری شمولیت ہو یا کسی اور کی ہر کھلاڑی کا مقصد ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔

    اوپنر بیٹسمین نے مزید کہا کہ کیریئر کے دوران اپنی کامیابی سے زیادہ ناکامیوں سے سیکھ چکا ہوں۔

    مزید پڑھیں: زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا

    واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پریکٹس میچز کا آغاز کردیا ہے۔

    دو روز قبل کھیلے جانے والے دوسرے پریکٹس میچ میں پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان وائٹ کی جانب سے دیا جانے والا 290 رنز کا ہدف پاکستان گرین نے 45.5 اوورز میں حاصل کرلیا، امام الحق 77 اور عابد علی 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    سیریز کا شیڈول:
    تیس اکتوبر: پہلا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
    یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
    تین نومبر: تیسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
    سات نومبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ،راولپنڈی
    آٹھ نومبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ،راولپنڈی
    دس نومبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، راولپنڈی

  • قائد اعظم ٹرافی، فاسٹ بولر تابش خان نے تباہی مچادی

    قائد اعظم ٹرافی، فاسٹ بولر تابش خان نے تباہی مچادی

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل ہوگیا، سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنالیے، سندھ کے تابش خان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں تابش خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پہلے روز سندھ کا پلڑا بھاری رہا، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 86 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنالیے ہیں۔

    سندھ کے فاسٹ باؤلرتابش خان نے 44 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اب تک 38 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد 69 اور محمد سعد 51 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

    اس سے قبل میچ کا ٹاس سندھ نے جیتا تھا جنہوں نے سنٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

    دوسری جانب این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنالیے۔

    پہلے روز کھیل کے اختتام پر شان مسعود 80 جبکہ حسین طلعت 53 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے اسپنرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 48.4 اوورز میں 165 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔

    زاہد محمودنے 4 اور سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فیضان ریاض اور عمر امین 29، 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان نے کھیل کے اختتام پر 89 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنالیے ہیں۔

    بسم اللہ خان 102 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 160 رنز کی شراکت قائم کی۔ کاشف بھٹی 98 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کے پی کے جنید خان، عمران خان سینئر اور احمد جمال 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، بلوچستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

  • پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کیلئے قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا

    پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کیلئے قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا

    لاہور : قائداعظم کرکٹ ٹرافی 14ستمبر سے شروع ہوگی، ایونٹ کے31میچ ملک بھر کے چھ شہروں کے نومختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے، کوئٹہ11سال بعد قائداعظم ٹرافی کے میچز کی میزبانی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن کیلئے قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق قائداعظم ٹرافی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے میچز 14ستمبرکو شروع ہوں گے۔

    ایونٹ کے31میچز6شہروں کے9مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئٹہ11سال بعد قائداعظم ٹرافی کے میچزکی میزبانی کرے گا۔

    پی سی بی شیڈول کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ کے چار میچوں کی میزبانی بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کو سونپی گئی ہے جبکہ سیکنڈ الیون کے چار میچ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    پی سی بی کے مطابق قائداعظم ٹرافی کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کا پہلامرحلہ14ستمبر سے8اکتوبر، دوسرا28اکتوبر سے13دسمبر تک ہوگا، قائداعظم فرسٹ الیون کا فائنل 9سے13دسمبرتک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔

    سیکنڈ الیون کا فائنل 29نومبرسے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، ایونٹ کے6میچز کی میزبانی ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا۔

    شیڈول کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں 5، 5 میچزکھیلے جائیں گے، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں3میچز کھیلے جائیں گے، اس کے علاوہ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ، اسٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں1، 1میچ کھیلا جائے گا۔

     

  • قائد اعظم گیمز کی اختتامی تقریب آج ہوگی

    قائد اعظم گیمز کی اختتامی تقریب آج ہوگی

    اسلام آباد: قائد اعظم گیمز کی اختتامی تقریب آج ہوگی۔ فتح کا تاج پنجاب سپورٹس بورڈ اپنے سر پر سجانے کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کا شاندار انعقاد ہوا۔ قائد اعظم گیمز کا تاج پنجاب سپورٹس بورڈ اپنے سر پر سجانے کو تیار ہے۔

    پنجاب اب تک 59 گولڈ، 33 سلور اور 23 برونز میڈلز کے ساتھ گیمز کی ٹرافی لے جانے کو بے تاب ہے۔ خیبر پختونخوا 18 گولڈ، 16 سلور اور 36 برونز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔

    واضح رہے کہ قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کا آغاز گزشتہ برس سے کیا گیا تھا جس میں مختلف کھیلوں کی علاقائی ٹیمیں اور کھلاڑی انفرادی طور پر شرکت کرتے ہیں۔

    بلوچستان 17 گولڈ، 19 سلور اور 29 برونز، سندھ 13 گولڈ، 20 سلور اور 27 برونز میڈل حاصل کرچکا ہے۔

    دوسری طرف فاٹا کے میڈلز کی تعداد 6 گولڈ، 10 سلور، 17 برونز، اسلام آباد کے 4 گولڈ، 11 سلور، 28 برونز، اور گلگت بلتستان کے میڈلز کی تعداد 6 سلور اور 14 برونز میڈلز ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔