Tag: quake

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 3 افراد ہلاک

    انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 3 افراد ہلاک

    جکارتہ : انڈونیشیا کے جزیرے جاوا اور بالی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں جزیرے جاوا میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ انڈونیشیا میں آنے والے زلزلوں کی تباہ کاریوں کا بوجھ ہلکا نہ ہوا تھا کہ آج پھر انڈونیشیا کے جزیروں بالی اور جاوا میں زلزے کے نتیجے میں کئی مکانات متاثر ہوئے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا تھا کہ جزیرے بالی اور جاوا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آج صبح آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، زلزلے کا مرکز بالی تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ شدید نوعیت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل آنے والے زلزلے اور سونامی کی وجہ سے اب تک 1763 افراد ہلاک جبکہ 5000 ہزار سے زائد شہری لاپتہ ہوئے ہیں، حکام نے لاپتہ افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 347 ہوگئی


    خیال رہے کہ رواں برس اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی ہے جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔


    مزید پڑھیں : انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے ‘ 2 افراد ہلاک


    خیال رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اور دنیا بھر تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔

    یاد رہے 8 ماہ قبل بھی انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سمیت گنجان آباد جزیرے جاوا میں زلرلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔