Tag: Quarantine

  • چین نے غیر ملکیوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

    بیجنگ: چین نے غیر ملکیوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    بیجنگ سے چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے قرنطینہ کرنے کی پابندی 8 جنوری سے ختم ہو جائے گی۔

    چین کی جانب سے اپنی سرحدیں کھولنے کی جانب یہ ایک بڑا قدم ہے، جو 2020 کے اوائل سے بڑے پیمانے پر بند ہیں، ہیلتھ اتھارٹی نے پیر کو بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کیوں‌ کہ کرونا وائرس کی شدت اب بہت کم رہ گئی ہے اور یہ سانس کے ایک عام انفیکشن میں بدل رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 4 روز سے کووِڈ کے باعث چین میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، تاہم بیجنگ اور شنگھائی میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتال بھر گئے ہیں۔

    برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چین میں کرونا کیسزکی تعداد 25 کروڑ تک جا پہنچی ہے۔

    واضح رہے کہ سرحدیں بند کرنے سے لے کر بار بار لاک ڈاؤن تک تین سال کے سخت ترین اقدامات نے چین کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، اور پچھلے ماہ پابندیوں سے مایوس ہو کر عوام نے مظاہرے شروع کیے۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد مریض قرنطینہ میں

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد مریض قرنطینہ میں

    اسلام آباد: ملک بھر میں اس وقت کرونا وائرس کے 63 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ 3 ہزار سے زائد قرنطینہ میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے زیر علاج اور قرنطینہ مریضوں کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں، ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 333 مریض قرنطینہ میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے 18 سو 13، پنجاب میں 11 سو 55، پختونخواہ میں 107 اور بلوچستان میں 6 مریض قرنطینہ میں ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 240، آزاد کشمیر میں 10 اور گلگت بلتستان میں 2 مریض قرنطینہ میں ہیں۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے 63 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، پختونخواہ میں 21، پنجاب میں 18، سندھ میں 16 اور اسلام آباد میں 8 مریض زیر علاج ہیں، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض زیر علاج نہیں۔

    اس وقت صرف صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کا ایک مریض وینٹی لیٹر پر ہے، ملک بھر میں 43 مریض ہائی فلو اور 14 لو فلو آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔

  • کورونا وائرس : نیوزی لینڈ جانے والے مسافروں کی بڑی مشکل آسان

    کورونا وائرس : نیوزی لینڈ جانے والے مسافروں کی بڑی مشکل آسان

    نیوزی لینڈ نے کورونا ایس او پیز میں نرمی اختیار کرتے ہوئے شہریوں کے لیے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔فیصلے کے تحت فضائی مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے نیوزی لینڈ آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کی جارہی ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویکسین شدہ مسافروں کے لیے نیوزی لینڈ پہنچنے پر ایک ہفتے کا قرنطینہ کرنے کی شرط بدھ کو ختم ہوجائے گی۔

    آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سفری پابندی ختم کردی

    انہوں نے کہا کہ ابتداء میں یہ تبدیلی صرف واپس آنے والے نیوزی لینڈ کے شہریوں کے لیے ہوگی جبکہ سیاحوں کو ابھی بھی آنے کی اجازت نہیں ہے۔

    قرنطینہ کی شرط ختم ہونے کے بعد بھی مسافروں کو ملک کے لیے سفر کرنے سے پہلے اور پہنچنے کے بعد کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کی ضرورت ہوگی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ یہ بیرون ملک موجود ہمارے لوگوں کے لیے خوشی کی خبر ہوگی، جو جلد از جلد گھر آنے اور احباب سے ملنے کے لیے بیتاب ہیں۔

    حکومت کی جانب سے کی گئی ان تبدیلیوں پر سیاحتی شعبے نے مسرت کا اظہار کیا ہے البتہ رہنماؤں نے سیاحوں کی واپسی ہونے کے متعلق مزید یقین دہانی مانگی ہے۔

    واضح رہے کہ بین الاقوامی سیاحت کی مد میں نیوزی لینڈ 20 فیصد آمدنی کماتا ہے جو عالمی وباء کے آنے سے اب تک تقریباً ختم ہوچکی ہے۔

  • قومی ویمن کرکٹ ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی

    قومی ویمن کرکٹ ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی

    کراچی: اومیکرون کا پھیلاؤ، پاکستان کرکٹ ویمنز ٹیم آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز کو ادھورا چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز راؤنڈ قبل ازقت ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے سے کراچی پہنچ گئی۔

    پی سی بی کے مطابق قومی وومن ٹیم کےکھلاڑی تین روز تک قرنطینہ میں رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر منسوخ

    واضح رہے کہ ایونٹ کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے باعث ختم کیا گیا جو کہ میزبان ملک زمبابوے اورجنوبی افریقا میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

  • کویت آنے والے مسافروں سے متعلق حکومت کا نیا فیصلہ

    کویت آنے والے مسافروں سے متعلق حکومت کا نیا فیصلہ

    کویت سٹی : کورونا ویکسین لگوا کر کویت آنے والے مسافروں کو اب ہوٹل میں نہیں رہنا پڑے گا، ملک میں واپس آنے والوں کے لیے بڑی خبر کی تصدیق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت حکومت کی جانب سے23 فروری کو مقامی روزنامہ کی جانب سے شائع کی جانے والی خبر کی تصدیق کردی گئی ہے کہ کورونا ویکسین لگوا کر کویت آنے والے افراد ادارہ جاتی قرنطینہ سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کویتی سوشل میڈیا سینٹر نے ایک اعلان کیا کہ ملک میں آنے والے مسافروں کی 3 اقسام جو کورونا وائرس کی ویکسین لے چکے ہیں ادارہ جاتی قرنطین سے مستثنیٰ ہوں گے۔ وہ تین اقسام مندرجہ ذیل ہیں۔

    پہلے وہ لوگ جو دو خوراکیں وصول کرچکے ہیں اور دوسری خوراک لینے کے بعد دو ہفتے گزار چکے ہیں ان پر ادارہ جاتی قرنطینہ لاگو نہیں ہوگا۔

    دوسرے وہ جن افراد کو ویکسین کی ایک خوراک موصول ہوئی تھی اور خوراک لینے کے بعد 5 ہفتے گزر چکے ہیں انہیں ادارہ جاتی قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    اس کے علاوہ تیسری قسم وہ افراد کورونا وائرس کے انفیکشن کے بعد شفایاب ہو چکے ہیں اور انہوں نے ایک خوراک وصول کرلی ہے اور پہلی خوراک کے بعد دو ہفتے گزر چکے ہیں ایسے افراد پر بھی ادارہ جاتی قرنطینہ لاگو نہیں ہوگا۔

    مرکز نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں گھر میں قرنطینہ کا اطلاق 7 دن کی مدت کے لئے کیا جائے گا اور کویت آمد کے ساتویں دن پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لئے یونیورسٹی سے جاری رجسٹریشن اور رجسٹریشن کا ایک سرٹیفکیٹ کافی ہے جو ادارہ جاتی قرنطینہ سے استثنیٰ کے لئے پیش کیا جائے گا۔

  • کورونا میں مبتلا وزیراعظم عمران‌ خان کی نئی تصویر سامنے آگئی

    کورونا میں مبتلا وزیراعظم عمران‌ خان کی نئی تصویر سامنے آگئی

    اسلام آباد : کورونا میں مبتلا وزیراعظم عمران‌ خان کی نئی تصویر سامنے آگئی ، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم صحت مند اور گھر سے کام کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ کے دوران نئی تصویر سامنے آگئی ، تصویر میں وزیراعظم کی طبیعت کافی بہتر نظر آرہی اور انہیں کورونا کی معمولی علامات ہیں جبکہ  قرنطینہ کےتیسرےروز بھی گھر سے دفتری امور سرانجام دے رہے ہیں۔

    اس حوالے سے سینٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا وزیر اعظم عمران خان صحت مند اور گھر سے کام کررہے ہیں۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم،خاتون اول کیلئے آپ سب کی نیک خواہشات ،دعاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دونوں آپ کی شفقت آمیزباتوں سے بہتر اور اچھا محسوس کررہے ہیں،الحمدللہ۔

    یاد رہے وزیراعظم آفس کے اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا ہے، عملے میں سے تاحال کسی کا کورونا پازیٹو نہیں آیا تاہم اسٹاف کے بعض افراد کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔

    خیال رہے ہفتے کے روز وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ ہفتے کو مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

  • امریکی سیکریٹری خارجہ بھی کرونا سے متاثر

    امریکی سیکریٹری خارجہ بھی کرونا سے متاثر

    واشنگٹن: امریکا میں کرونا کے وار شدت کے ساتھ جاری ہے، امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو بھی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو سے کووڈ سے متاثرہ شخص نے ملاقات کی تھی، جس کے باعث انہوں نے حفاظتی اقدام کے تحت خود کو قرنطینہ کیا۔

    محکمہ اسٹیٹ ڈیپارنمنٹ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ رازداری کی وجوہات کی بنا پر ہم اس فرد کی شناخت ظاہر نہیں کرسکتے، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قرنطینہ میں جانے سے قبل مائیک پومپیو کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جس کا نتیجہ منفی آیا ہے، تاہم کووڈ گائیڈ لائن کے تحت وہ قرنطینہ میں رہیں گے اور ان کی صحت سے متعلق نگرانی جاری رہے گی۔Mike Pompeo quarantines after COVID-19 contactمیڈیا رپورٹ کے مطابق بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ پومپیو کا متاثرہ فرد کے ساتھ کب اور کیسے رابطہ ہوا؟۔

    دوسری جانب امریکا میں کرونا کے باعث صورت حال مزید بدتر ہوگئی ہے، جہاں عالمی وبا کے باعث ایک ہی دن میں تین ہزار سات سو افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کورونا وبا، عالمی ادارہ صحت کی اہم پیشگی اطلاع

    اسی طرح چوبیس گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 612 جبکہ بھارت میں کرونا کے باعث ایک ہی دن مں 355 اموات ہوئیں ہیں۔

  • عمان پہنچنے والے سیاحوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والے سیاحوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    مسقط: سلطنت عمان کی وزارت ثقافت و سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ عمان آنے والے سیاحوں کو کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ اور 14 روزہ قرنطینہ کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے موصول کردہ نئی ہدایات کے پیش نظر یہ ممکن ہو چکا ہے کہ سلطنت عمان میں آنے والے سیاحوں کو آنے سے قبل لازمی کرونا وائرس پی سی آر ٹیسٹ، اور پہنچنے پر 14 روزہ قرنطینہ گزارنے سے مستثنیٰ کردیا جائے۔

    وزارت کے مطابق تاہم سیاحوں کے پاس ہیلتھ انشورنس ہونی چاہیئے جو کووڈ 19 کا شکار ہوجانے کی صورت میں اس کے علاج کے اخراجات کور کر سکے۔

    وزارت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سیاح عمان پہنچنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کے لیے خود کو رجسٹر کروائیں جو عمان پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہوگا، اس ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک سیاحوں کو الگ تھلگ رہنا ہوگا۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زمینی راستوں سے عمان پہنچنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے کروایا گیا پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا جو نیگیٹو ہونا چاہیئے، زمینی راستوں کے چیکنگ پوائنٹس پر طبی معائنے کی سہولیات کی کمی ہے۔

    مزید ہدایات کے مطابق عمان آنے والے سیاح 2 ہفتے سے زیادہ سلطنت میں قیام نہیں کرسکیں گے، ہر شخص یا ہر خاندان کو ہوٹل یا ریزورٹ میں علیحدہ کمرہ لینا ہوگا۔

    سیاحوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ ایئرپورٹ پر ہونے والے کووڈ ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک وہ کمرے سے باہر نہ نکلیں اور زیادہ لوگوں سے گھلنے ملنے سے پرہیز کریں، ٹیسٹ منفی آجانے کے بعد باہر نکلنے پر سیاحوں کو تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جیسے ماسک پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا، اور ہاتھوں کو سینی ٹائزڈ کرتے رہنا۔

    سلطنت کے تمام ہوٹلز اور ریزورٹس ہیلتھ سروسز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل فار ڈیزیز سرویلنس سے رابطے میں ہوں گے۔ سلطنت میں اپنے قیام کے دوران اگر سیاح کھانسی، نزلہ زکام، بخار، سر درد، ڈائریا یا سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں تو وہ فوری طور پر ہوٹل انتظامیہ کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے جس کے بعد انہیں طبی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس عرصے کے دوران انہیں کمرے میں رہنا ہوگا۔

    وزارت سیاحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عمان پہنچنے والے سیاح اس بات کو دھیان میں رکھیں کہ وہ جس ایئر لائن سے سفر کر رہے ہیں اس کی تمام طبی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

  • عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس قرنطینہ میں چلے گئے

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس قرنطینہ میں چلے گئے

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس کے رابطے میں رہنے والا ایک شخص کرونا وائرس کا شکار ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹر ٹیڈ روس بھی قرنطینہ میں چلے گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے بتایا کہ حال ہی میں ان سے رابطے میں رہنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے احتیاطاً خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈاکٹر ٹیڈ روس کا کہنا تھا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی طے کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر اپنا رہے ہیں اور ساتھ ہی گھر سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی جانیں بچانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 515 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 لاکھ 5 ہزار 321 ہوگئی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 61 ہزار 347 ہے، ان میں سے 85 ہزار 362 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ 56 ہزار 847 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 97 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 3 فیصد ہے۔

    اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • وزیرمملکت شہر یارآفریدی کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ میں چلے گئے

    وزیرمملکت شہر یارآفریدی کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ میں چلے گئے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے موذی مرض نے اب تک کئی حکومتی وزیروں اور اراکین پارلیمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور دن بدن کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جن میں سے اکثریت صحت یاب ہوکر اپنے گھروں پر ہیں۔

    وزیر مملکت شہریار آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

    شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور میں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنے آپ کو گھر پر آئسولیٹ کرلیا ہے، رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وباء سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں۔ آمین۔

    اس سے قبل پاکستان کی کئی  اہم سیاسی شخصیات پی پی رہنما سعید غنی، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور، ن لیگی رہبنما سینیٹر نہال ہاشمی اور دیگر بھی اس وائرس سے متاثر ہوکر اپنا علاج کروا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے اپنے پنجے گاڑ لئے ہیں پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 1395 ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 66,457تک پہنچ گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق کرونا وائرس کی عالمگیر وبا میں پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 مملک میں مزید ایک نمبر کی تنزلی کے بعد دنیا کا 18 واں ملک بن گیا ہے۔