Tag: Quarantine

  • کیا آپ اس فنکار کو پہچانتے ہیں؟

    کیا آپ اس فنکار کو پہچانتے ہیں؟

    کراچی: معروف بینڈ اسٹرنگز کے گلوکار بلال مقصود نے اسنیپ چیٹ کے فلٹر میں اپنی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پہچاننے کی کوشش کی۔

    مشہور میوزیکل بینڈ اسٹرنگز کے گلوکار بلال مقصود قرنطینہ کے دنوں میں اسنیپ چیٹ فلٹرز کے استعمال سے اپنے مداحوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    Sohniye🤭

    A post shared by Bilal Maqsood (@bilalxmaqsood) on

    بلال انسٹاگرام پر کبھی گلوکاری کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی لائیو اسکیچنگ، انہوں نے اپنے والد انور مقصود کے ساتھ لائیو سیشن بھی کیے ہیں۔

    حال ہی میں انہوں نے اسنیپ چیٹ کا ایک فلٹر استعمال کرتے ہوئے سونھڑیے گانا گایا جو ان کے مداحوں نے بہت پسند کیا۔

    اس سے قبل انسٹاگرام پر انہوں نے ’اکڑ بکڑ‘ گاتے ہوئے ویڈیو شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ یہ وہ گانا ہے جسے میں بچپن میں گایا کرتا تھا، اسکول کے اساتذہ مجھے یہ گانا سننے کے لیے کلاس رومز میں بلایا کرتے تھے۔

    علاوہ ازیں انہوں نے دونوں ہاتھوں سے بیک وقت انتہائی مہارت کے ساتھ ایک پوٹریٹ بھی بنائی تھی جس میں انھوں نے لاک ڈاؤن کی صورتحال کو پیش کیا تھا۔

  • گھر میں رہنے سے بور ہوئے بچوں نے 46 گاڑیاں چرا لیں

    گھر میں رہنے سے بور ہوئے بچوں نے 46 گاڑیاں چرا لیں

    امریکا میں آئسولیشن سے تنگ آئے ہوئے چند نوجوانوں نے 40 سے زائد گاڑیاں چرا لیں، کم عمری کی وجہ سے پولیس انہیں گرفتار نہیں کرسکتی۔

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں لوگ گھروں میں رہتے ہوئے مختلف سرگرمیاں اپنا رہے ہیں وہیں چند کھلنڈرے نوجوانوں نے گاڑیاں چرانا شروع کردیں۔

    امریکی ریاست نارتھ کیرولینا سے تعلق رکھنے والے 19 نوجوان جن کی عمریں 9 سے 16 سال کے دوران ہیں، تفریحاً گاڑیاں چرا رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد گھر میں آئسولیشن سے بور ہوچکے تھے جس کے بعد انہوں نے گاڑیاں چرانے کا ایک مقابلہ طے کیا۔ سب سے زیادہ چرائی ہوئی گاڑیوں کے ساتھ تصاویر کھینچنے والا اس مقابلے کا فاتح قرار پاتا۔

    پولیس نے 46 چوری شدہ گاڑیوں میں سے 40 برآمد کرلی ہیں جن میں آڈی، فورڈ، ہونڈا اور شیورلیٹ وغیرہ شامل ہیں، ان کی مالیت 1.1 ملین ڈالر ہے۔

    ان تمام ملزمان کی عمریں نہایت کم ہیں لہٰذا پولیس انہیں گرفتار نہیں کرسکتی اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا جاسکتا ہے۔

  • مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے انتقال پر ان کے جنازے میں شریک ہونے کے لیے جا پہنچا، پولیس نے مذکورہ شخص کو پکڑ کر واپس قرنطینہ پہنچا دیا۔

    مقامی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا کا مریض الشرقیہ صوبے کے قرنطینہ سینٹر سے فرار ہوا تھا، وزارت کے مطابق مریض ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا جہاں اس کے 6 مزید ساتھیوں میں کرونا وائرس کے جراثیم موجود ہونے پر فیکٹری کو بند کر دیا گیا تھا۔

    متاثرہ مریض کو جب چچا کے انتقال کی خبر ملی تو وہ قرنطینہ سے فرار ہو کر نماز جنازہ میں شرکت کے لیے چلا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ بھی دیا۔

    بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نماز جنازہ و تدفین میں شریک تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا اور پورے علاقے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا گیا ہے۔

    واضح رہے مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 188 نئے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 32 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 224 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    رملہ: فلسطین کا ایک نوجوان منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہو کر اس کے گھر پہنچ گیا، فورسز نے نوجوان کو حراست میں لے کر منگیتر اور اس کے گھر والوں سمیت قرنطینہ منتقل کردیا۔

    کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی اور بہری ہوتی ہے، یہ کہاوت فلسطینی شہر بیت اللحم کے اس نوجوان پر پوری طرح صادق آتی ہے کہ جسے کرونا وائرس سے متاثر ہونے پر قرنطینہ بھیج دیا گیا تھا۔

    فلسطینی نوجوان منگیتر کو دیکھنے کی خواہش میں بھول گیا کہ قرنطینہ سے اس کا نکلنا خود اس کے اور اس کی منگیتر کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قرنطینہ میں زیر علاج فلسطینی شہری آنکھ بچا کر قرنطینہ ہی نہیں بلکہ شہر سے نکل کھڑا ہوا اور الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ اپنی منگیتر سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا۔

    سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو جیسے ہی اس کا علم ہوا وہ فوری طور پر حرکت میں آگئے اور مفرور نوجوان کو حراست میں لے کر دوبارہ قرنطینہ پہنچا دیا۔

    فورسز نے اس کی منگیتر اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں داخل کردیا، قرنطینہ سے فرار کا یہ واقعہ فلسطین بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    خیال رہے کہ فلسطینی حکومت نے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کیے ہیں، فلسطین میں ایسے تمام مقامات کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے جہاں گنجان آبادی ہے۔

    فلسطین میں اب تک کرونا وائرس کے 208 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 اموات بھی ہو چکی ہیں۔

  • سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سیلف آئسولیشن کے دوران دماغی و جسمانی طور پر فٹ رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے جم میں نظر آرہے ہیں۔

    اپنی پوسٹ میں علی ظفر نے کہا کہ اپنے گھر میں جو بھی مشین آپ کو میسر ہے اس سے ورزش ضرور کریں، آپ کو آن لائن بہت سے ٹیوٹوریلز مل جائیں گے جو بتائیں گے کہ قرنطینہ یا سیلف آئسولیشن کے دوران فٹ کیسے رہا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس وبا سے کسی سپر ہیرو کی طرح لڑیں گے، آپ کا فیورٹ سپر ہیرو کون سا ہے؟

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ دنیا بھر میں لوگ گھروں میں بند ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں، ایسے میں فنکاروں سمیت ہر شخص نئے نئے مشغلے اپنا کر اور اپنے مختلف شوق پورے کر کے اپنا وقت گزار رہا ہے۔

  • سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، قرنطینہ میں موجود افراد کو مہمانوں جیسا درجہ دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لے کر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    مشاری الجمیل کا کہنا ہے کہ قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کرونا میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے اور اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے، انفلوئنزا سے علاج کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    صحت عامہ کے انچارج کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی، اگر کوئی بچہ کرونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے، مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں اور انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انچارج نے بتایا کہ اسپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے، وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے، تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ قرنطینہ میں اعلیٰ درجے کا لانڈری بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات 24 گھنٹے مہیا ہوتی ہیں، بعض مریضوں نے اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔

  • قرنطینہ سے فرار بھارتی شہری نے عمر رسیدہ خاتون کو کاٹ‌ لیا

    قرنطینہ سے فرار بھارتی شہری نے عمر رسیدہ خاتون کو کاٹ‌ لیا

    قرنطینہ سے فرار بھارتی شہری نے عمر رسیدہ خاتون کو کاٹ‌ لیا

    نئی دہلی : کرونا وائرس کے مریض نے قرنطینہ سے بھاگ کر عمر رسیدہ خاتون کو قتل کردیا، قاتل کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو میں یہ افسوس ناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں قرنطینہ کیے گئے مریض نے فرار ہوکر خاتون کو کاٹ لیا، جو خاتون کو موت کے منہ میں لےگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل 35 سالہ مانی کندن ہے جو کچھ روز قبل ہی سری لنکا سے بھارت پہنچا تھا، مذکورہ شخص کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا ہوا کہ ایک دن اچانک وہ برہنہ حالت میں گھر کی چھت سے نیچے کود گیا۔

    ملزم نے چھت سے کودتے ہی گھر کے باہر بیٹھی ہوئی 80 سالہ خاتون کو کاٹ لیا،حادثے کے دوران خاتون کو گردن پر زخم آیا، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اسے 2010 میں دماغی اسپتال میں بھی داخل کرایا گیا تھا تاکہ اس کا علاج کیا جاسکے۔

    مذکورہ شخص کے اہل خانہ کے مطابق ملزم کی دماغی حالت کاروبار میں نقصان کے باعث خراب ہوگئی ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

  • بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے، پولیس نے سراغ لگا کر تینوں کو پکڑ لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں افراد کا تعلق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ سے تھا اور یہ ممبئی میں حکومت کے قائم کیے ہوئے قرنطینیہ میں دن گزار رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق تینوں افراد 20 مارچ کی صبح دبئی سے ممبئی پہنچے تھے، ان میں سے 2 دبئی میں بطور الیکٹریشن کام کرتے تھے جبکہ تیسرا ان سے ملنے اور کچھ روز قیام کے لیے دبئی گیا تھا تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تینوں بھارت لوٹ آئے۔

    ایئرپورٹ پر تینوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تاہم حکام نے انہیں الگ الگ ہوٹل میں قیام کرنے کے لیے منتقل کردیا جو ان دنوں قرنطینیہ میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔

    حکام انہیں جھاڑکھنڈ ان کے گھر واپس بھیجنے کے لیے بھی انتظامات کر رہے تھے تاہم اس سے قبل ہی تینوں ہوٹل سے فرار ہو کر قریبی علاقے میں ایک دوست کے گھر جا چھپے۔

    پولیس کے مطابق پڑوسیوں نے ان کے ہاتھ پر لگی قرنطینیہ کی مہریں دیکھ لیں اور پولیس کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر اپنی حراست میں لے کر انہیں دوبارہ قرنطینیہ منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ان تینوں افراد نے دیگر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں جس پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹرز نے مذکورہ افراد کو مزید کچھ روز قرنطینیہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے، پولیس کے مطابق ان کے دوبارہ فرار کے خدشے کے تحت ان کی نگرانی کے لیے مسلح گارڈز بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

  • پاکستان میں کورونا کے892 مریض،5 کی حالت تشویشناک ہے،ڈاکٹر ظفرمرزا

    پاکستان میں کورونا کے892 مریض،5 کی حالت تشویشناک ہے،ڈاکٹر ظفرمرزا

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کےآٹھ سو بانوے مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے،78 فیصد کی سفری دستاویز میں ایران شامل ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں تین سوننانوے اور پنجاب میں دو سو انچاس کیس جبکہ بلوچستان101،گلگت میں80کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    مختلف قرنطینہ سینٹرز میں موجود ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد میں سے چوبیس فیصد کے ٹیسٹ مثبت آنے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹے میں89مریض آئے جن میں63فیصد مرد،37فیصد خواتین شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ  78فیصد کی ٹریول ہسٹری میں ایران شامل ہے، ملک میں مجموعی طور پر کورونا کے7ہزار736مشتبہ کیس ہیں، 635زیرعلاج مریضوں میںسے پانچ مریضوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کورونا کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کررہی ہیں، جو سخت کئے جارہے ہیں اس سے کورونا کم پھیلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کوشش کررہی ہیں کہ عوام گھروں تک محدود رہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ،سخت اقدامات کے بعدامید ہے جلد کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کورونا سے بچاﺅ کیلئے فرنٹ لائن پر ہے، این ڈیم ایم اے مطلوبہ آلات کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے ،لوگوں کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کیلئے رابطے کئے جارہے ہیں،این ڈی ایم اے تمام امدادی سامان وصول کرے گا۔

  • کورونا وائرس : پاپ گلوکار جسٹن بیبر اہلیہ کے ساتھ ازخود قرنطینہ میں چلے گئے

    کورونا وائرس : پاپ گلوکار جسٹن بیبر اہلیہ کے ساتھ ازخود قرنطینہ میں چلے گئے

    اوٹاوا : کینیڈین پاپ اسٹار اور اداکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ماڈل ہیلی بالڈوین نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدام کے تحت خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مشہور پاپ میوزک گلوکار اور اداکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ نے عوام کو کرونا وائرس سے آگاہی اور حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو ایک کمرے تک محدود کرلیا ہے۔

    انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں جس میں یہ دونوں ایک دوسرے کو بوسہ دے رہے ہیں، اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے اپنی اہلیہ کو قرنطینہ کا ساتھی قرار دیا۔

    انسٹا گرام پرا نہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خود کو مصروف رکھنے کیلئے دونوں میاں بیوی رقص کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاپ اسٹار جسٹن بیبر نے عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سوشل میڈیا پر کئی مشورے بھی دیے تھے۔

    واضح رہے کہ کینیڈا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 727 ہوچکی ہے، اس مرض سے 9 افراد ہلاک بھی ہوئے جبکہ اب تک نو مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

    کینیڈین وزیراعظم نے جسٹن ٹروڈو نے 18مارچ کو کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملک کی تمام سرحدیں اور فضائی روٹس بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے آپ کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹ کیا کہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہا ہوں جس کے باعث مصروفیات کا سلسلہ جاری ہے۔