Tag: quarrel

  • دوران پرواز پائلٹ اور معاون میں ہاتھا پائی، پھرکیا ہوا؟

    دوران پرواز پائلٹ اور معاون میں ہاتھا پائی، پھرکیا ہوا؟

    پیرس : طیارے کے پائلٹ اور اسسٹنٹ کے درمیان دوران پرواز تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے بعد ایئر فرانس انتطامیہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔

    ایئر فرانس کے طیارے میں واقعے کے بعد انتظامیہ نے دونوں پائلٹس کو معطل کردیا، یہ واقعہ جنیوا اور پیرس کے درمیان طیارے کی پرواز کے دوران پیش آیا۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹ اور اس کے ساتھی معاون پائلٹ کے درمیان جھگڑا طیارہ کے ٹیک آف کے فوراً بعد ہاتھا پائی میں بدل گیا۔

    درایں اثنا ایئر فرانس کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کیبن کے ارکان نے کاک پٹ میں شور سنا اور پائلٹ اور اس کے شریک پائلٹ کے درمیان جگھڑے کوحل کرنے کے لیے مداخلت کی۔ یہ واقعہ گذشتہ جون میں پیش آیا تھا مگر اس کا انکشاف ہفتے کے روز کیا گیا۔

    An Air France Boeing on the tarmac

    انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کو فوری طور پر حل کر لیا گیا اور پرواز معمول کے مطابق آگے بڑھتی رہی۔ پائلٹ اپنے "مکمل طور پر نامناسب رویے” کے حوالے سے انتظامیہ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

    سول ایوی ایشن آفس نے کہا ہے کہ اسے حادثے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ کیونکہ پیرس میں پرواز کے اترنے سے قبل ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی تھی۔

    دونوں پائلٹوں کے جھگڑے کا انکشاف فرانسیسی سول ایوی ایشن سیفٹی انویسٹی گیشن اتھارٹی کی منگل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد ہوا ہے۔

  • جھنڈا کیوں لگایا؟ جماعت اسلامی اور پی پی کارکنان آمنے سامنے

    جھنڈا کیوں لگایا؟ جماعت اسلامی اور پی پی کارکنان آمنے سامنے

    کراچی : ناظم آباد میں تعمیر پارک کے افتتاح کے موقع پر دو سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تلخ کلامی ہوگئی جس کے نتیجے میں تقریب میں بد نظمی دیکھنے میں آئی۔

    اس موقع پر جماعت اسلامی اور پی پی کارکنان آمنے سامنے آگئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی موجودگی میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

    جماعت اسلامی کے کارکنان نے اعتراض کیا کہ اس جگہ آپ نے پیپلزپارٹی کے جھنڈے کیوں لگائے؟ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی جھنڈا اتارنے پر تلخ کلامی ہوگئی۔

    جیالوں کا مؤقف تھا کہ یہ ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا پروگرام ہے لہٰذا جھنڈا پی پی کا بھی لگے گا جبکہ جماعت اسلامی کارکنان کا کہنا تھا کہ پارک ہماری محنت کے بعد بنا ہے اس لیے یہاں پی پی کا جھنڈا نہ لگایا جائے۔

    اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کارکنان کو سمجھایا کہ لڑائی لڑائی معاف کریں ، سب مل کر اللہ کا گھر صاف کریں اور سب مل کرعلاقے اور شہر کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

  • یونس خان اور حسن علی کے درمیان تلخ کلامی کیوں ہوئی؟

    یونس خان اور حسن علی کے درمیان تلخ کلامی کیوں ہوئی؟

    لاہور : دورہ جنوبی افریقہ کے دوران سابق  بیٹنگ کوچ یونس خان اور حسن علی میں کیوں جھگڑا ہوا؟ تفصیلات سامنے آگئیں، دونوں کے بیچ بچاؤ کیلئے ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو آنا پڑا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ یونس خان کے مستعفی ہونے کے بعد ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کوچ کی ایک بالر سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ یونس خان اور بالر حسن علی کے درمیان ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے موقع پر شدید تلخ کلامی ہوئی جس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوصی کھیل شعیب جٹ کے مطابق یونس خان کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف پر کھری کھری سنا رہے تھے تو اس دوران حسن علی نے انہیں جواب دیا کہ ڈسپلن آپ کا کام نہیں، جس پر تلخ کلامی ہوئی۔

    دونوں کے درمیان معاملے کو ٹھنڈا کرنے اور بیچ بچاؤ کیلئے ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو آنا پڑا،  تلخ کلامی کے بعد یونس خان نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا اور کسی بھی کوئی بات نہیں کی۔

    مزید پڑھیں : یونس خان کیوں مستعفی ہوئے؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگالیا

    بعد ازاں سینئر کرکٹرز کے سمجھانے پر حسن علی معذرت کیلئے گئے ان کے پاس گئے لیکن یونس خان نے حسن علی سے بات کرنے سے صاف انکار کردیا اور پورے دورے کے دوران یونس خان اور حسن علی میں بات چیت بند رہی۔

    واضح رہے کہ یونس خان کو گزشتہ برس نومبر میں دو سالہ کانٹریکٹ پر آئی سی سی مینز ٹی 2022 ورلڈ کپ تک کے لیے کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    یونس خان کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ یونس کی صلاحیتوں اور تجربے کے ماہر سے محروم ہونا افسوسناک ہے۔

  • بھارتی فوجی آپس میں ہی لڑنے لگے، فائرنگ سے دو ہلاک تیسرا زخمی

    بھارتی فوجی آپس میں ہی لڑنے لگے، فائرنگ سے دو ہلاک تیسرا زخمی

    چھتیس گڑھ : بھارتی فوجی ذہنی الجھن، نیند کی کمی اور دباؤ کی وجہ سے نہ صرف خودکشیاں کر رہے ہیں بلکہ اپنے ہی ساتھیوں کو بھی مار رہے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں دو فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

    بھارتی فوج مسلسل چار ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے محلوں، مارکیٹوں اور مساجد کا محاصرہ کیے ہوئے ہے۔ اس وجہ سے وادی کشمیر اور جموں و لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے۔

    بھارتی فوجی بھی اب محاصرے اور کرفیو سے تنگ آچکے ہیں، وہ کشمیر سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 72 کمپنیاں کشمیر میں بے یقینی کی صورتحال کو دیکھ کر واپس آنے کو تیار ہیں، ان حالات میں بھارتی فوجی ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں، اور آپس میں ہی جھگڑنا شروع کردیا اور ایک دوسرے کی جان کے دشمن بن گئے۔

    اسی حوالے سے بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک واقعہ پیش آیا ہے، نارائن پور گھاٹی کیمپ میں تعینات فوجیوں کے مابین جھگڑے میں ایک جوان نے ساتھی جوانوں پر فائرنگ کردی جس سے دو جوان ہلاک اور ایک جوان شدید طور پر زخمی ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق فوجیوں کے مابین تنازعہ معمولی بات پر ہوا تھا جس میں ایک پلاٹون کمانڈر اور ایک حوالدار کی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک پلاٹون کمانڈر کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لئے رائے پور روانہ کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے میڈیا کے مطابق دراصل معاملہ سی اے ایف نویں بٹالین کا تھا، گذشتہ رات فوجیوں کے مابین کسی بات پر جھگڑا ہوگیا تھا۔ بات تلخ کلامی سے ہوتی ہوئی ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور معاملہ اس حد تک ہوگیا کہ ایک جوان نے اپنی سروس رائفل سے ساتھی فوجیوں پر فائرنگ کردی۔

    گولی لگنے کی وجہ سے دو جوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ ایک جوان بری طرح زخمی ہوا ہے، زخمی جوان کو بہتر علاج کے لئے رائے پور ریفر کردیا گیا ہے۔

  • بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نافذ کیے گئے اضافی ٹیکس کے باعث ایئر پورٹس پر عملے اور بیرون ملک  جانے والے مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بڑھنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر ٹیکس نافذ کر دیا انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور سیکیورٹی کے نام پر ٹیکس کی وصولی سے متعلق پی آئی اے سمیت تمام ایئر لائنز کو ہدایت جاری کردی گئیں۔

    بیرون ملک جانے والے مسافروں سے تین سو اڑسٹھ روپے ٹیکس کی مد میں وصول کئے جائیں گے جس کا نفاذ 15دسمبر2018 سے ہوگیا ہے۔ ائیرپورٹس پر مسافروں سے ٹیکس کی مد میں رقم وصولی پر ائیرلائن عملے اور مسافروں میں تلخ کلامی اور احتجاج کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹ پر بعض مسافروں نے اضافی ٹیکس کی رقم دینے سے انکار کردیا جس پر ائیرلائن عملے سے تلخ کلامی ہوئی، عملے نے بورڈنگ پاس جاری نہ کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد مسافروں اور عملے کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹیکس کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے120روپے کا اضافہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لاینز کا کہنا ہے کہ مسافروں نے ایک ایک ماہ پہلے اپنی ٹکٹیں بک کروائی ہوئی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پندرہ دسمبر سے پہلے بک کی گئی ٹکٹوں پر بھی اضافی رقم وصول کی جارہی ہے جس سے ائیرلائن کے عملے کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    مسافر اضافی ٹیکس کی رقم ادا نہیں کررہے جس پر مختلف ائیرپورٹس پر مسافر و عملے کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • بلوچستان اسمبلی اکھاڑہ بن گئی، ہنگامہ آرائی، تلخ جملوں کا تبادلہ

    بلوچستان اسمبلی اکھاڑہ بن گئی، ہنگامہ آرائی، تلخ جملوں کا تبادلہ

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں مولانا عبدالواسع اور خالد لانگو کے درمیان بدعنوانی کے الزامات پر گرما گرمی ہوگئی، ہنگامہ بڑھنے پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا، ایوان کی لڑائی ایوان سے باہر بھی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران مولانا عبدالواسع اور خالد لانگو کے درمیان بدعنوانی کے الزامات پر گرما گرمی ہوگئی۔ ہنگامہ بڑھنے پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔

    بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہوا جب جمعیت علماء اسلام کے رکن اور سابق اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کورم کے معاملے پر اپنی تقریر کے دوران بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عوام کے لئے پانی کے ٹینکر بنائے گئے جبکہ مخالفین بدعنوانی کرکے پانی کی ٹینکیوں کو پیسوں سے بھرتے رہے.

    ٹینکیوں کا ذکر ہوتے ہی سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو شدید برہم ہوگئے اور معاملہ تلخ جملوں کے تبادلے تک جا پہنچا،اس دوران جے یوآئی ف کے مفتی گلاب بھی میر خالد لانگو سے الجھ گئے، اسپیکر کی ہدایت پر مائیک بند کروانے کے باوجود میر خالد لانگو بولتے رہے جس پر اسپیکر راحیلہ حمید درانی نے اسمبلی کا اجلاس تیس مارچ تک ملتوی کرنا پڑا.

    معاملہ یہیں ختم نہ ہوا بلکہ اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کے بعد خالد لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں جمعیت علماء اسلام پر شدید تنقید کی گئی، پریس کانفرنس میں خالد لانگو نے خبردار کیا کہ آئندہ جس رہنما نے پانی کے ٹینکرز میں نوٹوں کا ذکر کیا وہ کھرا او ر موثر جواب سننے کو بھی تیا رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کورٹ میرج کیس کی سماعت، فریقین کا جھگڑا، تین ملزمان گرفتار

    کورٹ میرج کیس کی سماعت، فریقین کا جھگڑا، تین ملزمان گرفتار

    کراچی : ملیر کورٹ میں پسند کی شادی کیس کی سماعت کے سلسلے میں پیشی پر آئے افراد آپس میں جھگڑ پڑے، عدالت کا احاطہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنے والے پریمی جوڑے کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لڑکا اور لڑکی کے لواحقین آپس میں جھگڑ پڑے.

    فریقین نے ایک دوسرے پر مکوں اور لاتوں کی برسات کردی، کراچی کا ملیر کورٹ میدان جنگ بن گیا، کورٹ میرج سے متعلق سماعت کے موقع پر جھگڑے کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوئے۔

    لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جھگڑے کی وجہ سے عدالت کی کھڑکیوں کے ششیے بھی ٹوٹ گئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا۔

    عدالت نے پولیس کوگرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔