Tag: Quetta

  • کوئٹہ: شہر میں ایک مرتبہ پھر موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل

    کوئٹہ: شہر میں ایک مرتبہ پھر موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل

    کوئٹہ(30 اگست 2025): ہائیکورٹ کے حکم کے بعد بلوچستان کے شہر میں ایک مرتبہ پھر موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستاب کے شہر میں ایک مرتبہ پھر  موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی، گزشتہ ہفتے ہائیکورٹ کے حکم پر موبائل فون انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی تھی۔

    تاہم آج پھر سے انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس یکم  اگست سے معطل ہے۔

    موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، میڈیا، اسپتال اور واپڈا سمیت دیگر ایمرجنسی سروسز کے اداروں کو فرائض کی انجام دہی میں مشکلات درپیش ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/quetta-mobile-internet-service-21-aug-2025/

    اس سے قبل 21 اگست کو بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا، بلوچستان ہائیکورٹ میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش کے خلاف آئینی درخواست پر بحال کا حکم جاری کیا تھا۔

    چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے انٹرنیٹ بند کے خلاف درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم کے بعد کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس 2 ہفتے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ سیکیورٹی خدشات اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر حکام نے 6 اگست سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل ڈیٹا سروسز معطل کر دی تھیں۔

  • بلوچستان : 2 بچیوں کی بوری بند لاشیں ملیں، گلا گھونٹ کر مارا گیا

    بلوچستان : 2 بچیوں کی بوری بند لاشیں ملیں، گلا گھونٹ کر مارا گیا

    کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے قمبرانی روڈ سے 2 بچیوں کی بوری بند لاشیں ملی ہیں، جس کی عمریں 3 اور 7 سال ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے نمائندے عزیز الرحمان کی رپورٹ کے مطابق قمبرانی روڈ سے 2 بچیوں کی بوری بند لاشیں ملی ہیں، بچیوں کو گلاگھونٹ کر قتل کیا گیا اور لاشیں بوری میں بند کرکے پھینکی گئیں۔

    پولیس کے مطابق دونوں بچیوں کی لاشیں ایک زیر تعمیر مکان سے ملی ہیں، بچیوں کی شناخت3ساله میرب اور7سالہ یسرا کےنام سے ہوئی ہیں۔

    ڈاکٹرز نے بتایا کہ دونوں بچیوں کی بوری بند لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں، ایک بچی کے منہ میں چوسنی بھی تھی۔ بچیوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے کیا۔

    پولیس کے مطابق مرنے والی دونوں بچیاں آپس میں سگی بہنیں ہیں اور ان کے والدین کے درمیان طلاق ہوچکی ہے۔

    دونوں بچیاں اپنی والدہ کے ساتھ نانا کے گھر مقیم تھیں فیصلے کے تحت بچیوں کے باپ کو ہفتے میں ایک دن بچیوں کو اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت تھی۔

    چار روز قبل بچیوں کا چھوٹا چچا یہ کہہ کر بچیوں کو اپنے ساتھ لے گیا کہ گھر میں شادی ہے بچیاں کچھ روز پاب کے گھر میں ہی رہیں گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ بچیوں کے والد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    سریاب پولیس نے جرم کی سنگینی کی نوعیت کے پیش نظر مقدمہ سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ منتقل کر دیا ہے۔

  • کوئٹہ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور بھانجے کو قتل کردیا

    کوئٹہ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور بھانجے کو قتل کردیا

    کوئٹہ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہولناک قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ نے بھانجے اور بیٹی کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیاہ کاری کے الزام میں ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، قمبرانی روڈ پر باپ عبدالطیف نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی نازنین اور بھانجے قادر ظریف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالطیف فائرنگ کے بعد اپنے دو چھوٹے بچوں سمیت فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس سیریس کرائمزانوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے کیچی بیگ تھانے کی پولیس ٹیم چھاپے مار رہی ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

    دوسری جانب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر کے مبینہ بدترین جنسی تشدد کے بعد کوما میں جانے والی نئی نویلی دلہن انتقال کر گئیں۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق شوہر کے بہیمانہ جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی 19 سالہ شانتی 23 جولائی کی صبح 10 بج کر 45 منٹ پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئیں۔

    ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ایک اور اسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی میڈیکل معائنے میں جنسی تشدد کے شواہد ملے تھے۔

    بغدادی تھانے کے ایس ایچ او مجید علی نے بھی لڑکی کی موت کی تصدیق کی، ان کے مطابق شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک نامی شخص سے ہوئی تھی اور دو دن بعد شوہر نے ان پر غیر فطری انداز میں جنسی تشدد کیا، جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔

  • کوئٹہ : ایئرپورٹ روڈ پر چلتے ٹرک میں آگ لگ گئی

    کوئٹہ : ایئرپورٹ روڈ پر چلتے ٹرک میں آگ لگ گئی

    کوئٹہ: ایئرپورٹ روڈ پر ڈیزل ٹرک میں چلتے ہوئے آگ لگ گئی، آگ اس قدر شدید تھی کہ آس پاس کی دکانیں بھی لپیٹ میں آگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے نمائندے عزیز الرحمان کاکڑ کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ روڈ پر تیل بردار ٹرک میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق چلتے ڈیزل ٹرک میں اچانک لگنے والی خوفناک آگ نے پاس کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،

    اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔

    فائر بریگیڈ عملے کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی وجہ سے آگ کے شعلے مزید بڑھتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے اس پر قابو پانا مشکل ہورہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹرک میں جیسے ہی آگ لگی ڈرائیور باآسانی اتر کر چلا گیا باھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع بھی نہیں ملی ہے۔

    آگ پر قاپو پالیا گیا

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طور ناصر کے قریب ڈیزل ٹرک اور دکانوں میں لگنے والی آگ پر قاپو پالیا گیا ہے، فائربریگیڈ کی 6 گاڑیوں کے عملے نے آگ پر قابو پایا۔

  • کوئٹہ: ملازمین کے احتجاج کے پیش نظر گرینڈ الائنس کے مرکزی قائدین گرفتار

    کوئٹہ: ملازمین کے احتجاج کے پیش نظر گرینڈ الائنس کے مرکزی قائدین گرفتار

    کوئٹہ پولیس نے صوبائی ملازمین کے احتجاج کے پیش نظر گرینڈالائنس کے مرکزی قائدین کو گرفتار کرلیا۔

    گرینڈ الائنس کے مطابق گرفتاری احتجاج کے پیش نظر کی گئی، ملازمین نے وفاقی طرز پر مراعات نہ ملنے پر آج احتجاج  کا اعلان کیا تھا۔

    گرینڈ الائنس کی کور کمیٹی کا کہنا ہےکہ قائدین کو مذاکرات کے بہانے بلا کر حراست میں لیا گیا، اب احتجاج مزید سخت کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کا بجٹ میں تنخواہوں میں شرح میں کم اضافے کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس احتجاج کو وسیع کرتے ہوئے مظاہرین نے احتجاجاً تمام سرکاری دفاتر اور  سکولوں کو تالے لگا دیے ہیں اور حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

    دوسری جانب سرکاری دفاتر کی تالا بندی سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بالخصوص دور دراز سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے والے افراد رُل گئے۔

  • بائی پاس سے ملنے والی نامعلوم لاش کا معمہ حل، دوست قاتل نکلا

    بائی پاس سے ملنے والی نامعلوم لاش کا معمہ حل، دوست قاتل نکلا

    کوئٹہ میں ہنہ بائی پاس سے ملنے والی نامعلوم لاش کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے لاش کی شناخت اور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق کوئٹہ میں ہنہ بائی پاس سے ملنے والی نامعلوم لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ آگیا ہے، لاش فہد نامی نوجوان کی ہے جبکہ قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فہد کو اس کے دوستوں نے لین دین کے تنازع پر قتل کیا، ملزمان نے فہد کو قتل کرکے لاش ہنہ کے قریب پھینک دی تھی، سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے تحقیقات مکمل کرلیں، ایس سی آئی ڈبلیو نے بتایا والد مقتول فہد کو گمشدہ سمجھ رہا تھا۔

    اس سے قبل پولیس کو 7 جولائی 2022 میں کچلاک بائی پاس کلی کتیر کے میدان سے دو خواتین کی لاشیں ملی تھی لاشوں کی شناخت ریلولے کالونی جوائنٹ روڈ کے رہائشی اسدااللہ نے اپنی بہن حمید بی بی زوجہ غلام فاروق اور دوسری لاش کی شناخت بہن کے دیور کی بیٹی ماہ جبین کے ناموں سے کی تھی۔

    اسداللہ نے رپورٹ دی تھی کہ مقتولہ حمیدہ بی بی اور اسکے دیور کی بیٹی کچلاک میں کسی پیر سے دم کرانے گئی تھی جنہیں نامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعد لاشیں میدان میں پھینک دی تھیں، ان خواتین کا قاتل بی رشتےدار تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/khairpur-journalist-kidnapping-drop-scene/

  • کوئٹہ کا وسطی علاقہ ڈاؤن ٹاون قرار، الیکٹرک کاریں چلیں گی

    کوئٹہ کا وسطی علاقہ ڈاؤن ٹاون قرار، الیکٹرک کاریں چلیں گی

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے جائزہ اجلاس میں مرکزی شہر کو ڈاؤن ٹاؤن ڈکلئیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کا وسطی علاقہ ڈاؤن ٹاون قرار دیا گیا ہے، یہ فیصلہ ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، ڈاؤن ٹاؤن میں رکشوں کی بجائے محدود تعداد میں الیکٹرک کاریں چلائی جائیں گی۔

    اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک منیجمنٹ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وال چاکنگ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث سیاسی جماعتوں اور کمپنیوں کو قانونی نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ حکمراں جماعتوں سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت وال چاکنگ کی مرتکب ہو تو بلا امتیاز کارروائی کی جائے، کسی بھی جلسے یا سیاسی سرگرمی کے بعد پینا فلیکس اور تشہیری مواد ہٹا دیا جائے۔

    اجلاس کے ایک فیصلے کے مطابق غیر فعال سرکاری اسکولوں کو بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت چلایا جائے گا، جب کہ شجر کاری کے فروغ کے لیے محکمہ جنگلات کو جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    کیف بلدیہ کی تنظیم نو کے لیے سمری کی تاخیر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پر اظہار برہمی کیا، اور سست روی پر سیکریٹری بلدیات کی جواب طلبی کی، انھوں نے کہا مفاد عامہ کے منصوبوں میں کوئی حیل و حجت یا تاخیر قابل قبول نہیں۔

    اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے بریفنگ میں کہا کہ شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم جاری ہے، ایک ہفتے میں 15 سو بھکاریوں کو حراست میں لے کر بحالی مراکز میں داخل کیا گیا، انھوں نے بتایا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر گھومنے والے آوارہ بیل اور گائے ٹریفک میں خلل اور عوامی مشکلات کا باعث ہیں، گزشتہ 7 ایام میں ایسے 7 بیل پکڑ کر فلاحی اداروں کے حوالے کیے گئے ہیں۔

  • کوئٹہ : چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 4 لیویز اہلکار شہید

    کوئٹہ : چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 4 لیویز اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، اندھا دھند فائرنگ سے چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال نے بتایا کہ دہشت گردوں نے صمند چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود لیویز اہلکاروں نے ان کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 4 اہلکار موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگئے، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت مقبول ، خدا بخش ، اعجاز احمد اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    لیویز حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال 16 فروری کو بھی بلوچستان کے ضلع قلات میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا تھا کہ لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی، جس سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بحالی امن کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گرد عناصر کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • فلموں سے متاثر ہوکر 7 سالہ بچے کا لرزہ خیز قتل

    فلموں سے متاثر ہوکر 7 سالہ بچے کا لرزہ خیز قتل

    کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں فلموں سے متاثر ہوکر ملزم نے 7 سالہ بچے کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں جرائم پر مشتمل فلمیں دیکھنے کے بعد 17 سالہ ملزم نے 7 سال کے بچے ارمان علی کو بے دردی سے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق بچے کی جلی ہوئی لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی۔

    والد نے بتایا کہ بیٹا گھر سے باہر نکلا اور کافی دیر تک نہیں آیا، جب وقت زیادہ ہوگیا تو محلے داروں اور قریبی لوگوں سے پوچھا لیکن کہیں نہیں ملا تو مزید پریشان ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک بچے نے بتایا کہ پلاٹ میں ایک بچے کی لاش موجود ہے جب جاکر دیکھا تو ہمارا بیٹا ارمان علی ہی تھا۔

    ملزم مشتاق حسین عرف مہدی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول بچے سے اس کی کسی قسم کی دشمنی نہیں تھی اور نہ یہ اسے جانتا تھا۔

    ملزم نے بتایا کہ بچے کو پتنگ اڑاتا دیکھا تو جوس پلانے کا کہہ کر خالی پلاٹ میں لے گیا اور چار دیواری میں قتل کردیا۔

    ایچ ایس او کے مطابق ملزم نے بتایا کہ جرم چھپانے کے لیے لاش کو پیٹرول ڈال کر جلایا۔ مقتول بچے کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر والوں کی جانب سے صلح اور ملزم کو معاف کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔

  • کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکا

    کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکا

    کوئٹہ میں سریاب روڈ منیر مینگل چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت علی مدد جتک کی قیادت میں ریلی گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک محفوظ رہے ہیں، گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بظاہر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے، شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ میں جشن فتح جلسہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کے لیے پی پی رکن صوبائی اسمبلی کی قیادت میں ریلی گزر رہی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور دیگر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی قیادت پر حملے دراصل بلوچستان کے امن پر وار ہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہماری اجتماعی قوت ارادی کو متزلزل نہیں کر سکتیں،

    انہوں نے مزید کہا ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت اور نتیجہ خیز کارروائی ہو گی۔ اور امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا جبکہ ریاست دشمن عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔