Tag: quetta blast

  • کوئٹہ ہزار گنجی میں دھماکا ، 4 افراد زخمی

    کوئٹہ ہزار گنجی میں دھماکا ، 4 افراد زخمی

    کوئٹہ: ہزارگنجی میں سبزی منڈی کے گیٹ پر دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے ، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بارودی مواد ٹائم ڈیوائس کے ذریعے نصب کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ ہزارگنجی میں سبزی منڈی کے گیٹ پر دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، دھماکہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    پولیس اور دیگرسرکاری حکام جائے وقوع پہنچ گئے ہیں اور شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بارودی موادٹائم ڈیوائس کےذریعے نصب کیا گیاتھا، دھماکےمیں ایک کلوبارودی مواداستعمال کیاگیا جبکہ دھماکے میں 4 افرادزخمی ہوئے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ایئر پورٹ روڈ پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ‏دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • پاکستان کو غیر مستحکم کرنےکی غیر ملکی کوششیں ہورہی ہیں، وزیر داخلہ

    پاکستان کو غیر مستحکم کرنےکی غیر ملکی کوششیں ہورہی ہیں، وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کوغیر مستحکم کرنےکی غیر ملکی کوششیں ہورہی ہیں، عظیم فوج، ایجنسیاں اور 22 کروڑ عوام کی مدد سے دشمن کے عزائم کو ناکام کرکے ان پر قابو پالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دھماکا خود کش تھا، اور خود کش حملہ آورگاڑی میں بیٹھا رہا، دھماکے میں 60 سے 80 سے کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، واقعے میں خود کش حملہ آور کے علاوہ 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دھماکے کےبعد کوئٹہ سےایف سی کی چوکیاں ختم کرناممکن نہیں رہا، اس سے قبل ہم نے13چوکیوں کی کمان پولیس کودےدی تھی۔

    وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، گوادر ملک کی ترقی کا دروازہ ہے، دشمن کو پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہو رہی، اور پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوششیں جاری ہیں۔

    شیخ رشید   نے نیوز  کانفرنس میں کہا کہ کوئٹہ دھماکے چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے، بائیس اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے، عظیم فوج اور ایجنسیاں ہماری طاقت ہے، عظیم فوج، ایجنسیاں اور بائیس کروڑ عوام کی مدد سے دشمن کے عزائم کو ناکام کرکے ان پر قابو پالیں گے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے تو اس کا علم نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے مگر پاک فوج اور عوام مل کر شکست دیں گے۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دس روز کے دوران تین لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھلے جو بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا کا حل نکالنے جارہے ہیں جلد قانون لائیں گے۔

  • کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    کوئٹہ : سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افرادکیخلاف درج کرلیا گیا ، مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزہوٹل میں ہونیوالادھماکاخودکش تھا، خودکش دھماکے کی مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ رات کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے تھے، زور دار دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں دھماکے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا۔

    خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی تھی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔

  • کوئٹہ دھماکہ : ‘دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے’

    کوئٹہ دھماکہ : ‘دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے’

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں کل قابل مذمت اور بزدلانہ دہشت گردحملہ ہوا، حملے میں معصوم جانوں کےضیاع پر بے حد رنجیدہ ہوں، ہماری قوم نے دہشت گردی کو پچھاڑنےکیلئےغیرمعمولی قربانیاں دیں، دہشتگردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ، ہم مکمل چوکس اورتمام داخلی وخارجی خطرات پر نگاہ رکھےہوئے ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی تھی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے تھے، دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی تھی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

  • کوئٹہ : سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکا ،  4 افراد زخمی

    کوئٹہ : سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکا ، 4 افراد زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے بعد موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی، پولیس اور ریسکیوٹیمیں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدای کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا

  • کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

    کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

    کوئٹہ : سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کے مدرسہ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مدرسہ دارالعلوم الشرعیہ میں دھماکے کے بعد فضا سوگوار ہے، خود کش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ اوسیٹلائٹ ٹاون کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی، قتل اقدام قتل و دیگر دفعات شامل ہیں۔

    سیٹلائٹ ٹاون کے علاقے اسحاق آباد میں مدرسے کے اندر ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کو سونپ دی گئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق مدرسے کو سیل کردیا گیا، تفتیشی حکام آج بھی جائے وقوع کا معائنہ کریں گے اور مزید شواہد بھی اکھٹے کئے جائیں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے اسحاق آباد میں واقع مدرسہ دارالعلوم شریعہ کی مسجد میں مغرب کی نماز کی ادائیگی کے دوران خود کش دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ،امام مسجد سمیت15نمازی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

  • کوئٹہ، مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ، مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کوئٹہ مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے، کوئٹہ مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سرحد پر باڑ لگانا شروع کردی ہے، باڑ لگانے سے بلوچستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    میرضیا لانگو نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کررہا ہے، سی پیک کی وجہ سے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان اور امام مسجد سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی کاموں میں پولیس، سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کیا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

  • کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، تین اہلکار شہید

    کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، تین اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک بائی پاس روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس میں 3اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے کچلاک بائی پاس روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پر شہید ہوگئے واقعہ میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیزمواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

    واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق موٹر سائیکل میں نو کلو باروددی مواد نصب تھا جس کو گاڑی کے قریب آنے پر دھماکے سے اڑادیا گیا۔

  • کوئٹہ، تھانے کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی

    کوئٹہ، تھانے کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد تھانے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ خروٹ آباد تھانے کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں اور بچے سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    پی ایم سی اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپنی روڈ دھماکے میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ ایک بچہ زیر علاج ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے پولیس وین پر حملے کی مذمت کی اور دھماکے میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہل کار شہید

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔

    واضح رہے کہ 15 اکتوبر کو کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہر کے وسطی علاقے ڈبل روڈ پر اس وقت زور دار دھماکا ہوا جب پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی اہل کاروں کو لے کر گزر رہی تھی۔

  • دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں میڈیکل کالج میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار کی شہادت پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

    انہوں نے لورالائی میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی میں سیکیورٹی اہلکارکی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، ہم دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، دہشت گردی کیخلاف فورسز کا حوصلہ وعزم قوم کیلئے قابل فخر ہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے لورالائی میڈیکل کالج کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا.

    ایگل اسکواڈ کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا.

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں ایگل اسکواڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، ایگل اسکواڈ کے قریب پہنچ کر ایک حملہ آور نے خود کو اڑایا۔