Tag: Quetta railway station blast

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کر لی

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کر لی

    کوئٹہ کے کمشنر کمشنر محمد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح 8 بج کر 25 منٹ میں کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 24 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ 5 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 22 افراد جاں بحق 51 زخمی

     کوئٹہ کے کمشنر کمشنر محمد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایاگیا، شہید ہونے والوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہل کار بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکا خودکش تھا جسکی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے، دہشتگرد واک تھرو کے راستے نہیں اسٹیشن کے کھلے داخلی راستوں سے آیا۔

    کوئٹہ کے کمشنر کا کہنا ہے کہ عوام صرف خون کے عطیات کے لئے اسپتال پہنچیں، عوام تماشہ دیکھنے کے لئے اسٹیشن اور اسپتال نہیں آئیں کیوں کہ دہشتگرد ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں۔

    کمشنر حمزہ شفقات کا مزید کہنا تھا کہ عوام بس اڈوں، اسٹیشن اور رش والی جگہوں پر جانےسےگریزکریں، خود کش بمبار کو روکنا انتہائی مشکل ہے۔

  • کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 26 افراد جاں بحق، 40 زخمی

    کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 26 افراد جاں بحق، 40 زخمی

    کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 26 افراد جاں بحق جب کہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، زخمی ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

     ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے آج 2 ٹرینیں روانہ ہونی تھیں، چمن پیسنجر نے چمن اور جعفر ایکسپریس نے پشاور روانہ ہونا تھا اور ان دونوں ٹرینوں کے مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے۔

    سول اسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر نور اللہ کے مطابق اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ریلوے پولیس کے مطابق بظاہر دھماکا خود کش لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    وزیرِ اعظم، قائم مقام صدر و دیگر کی مذمت

    قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا نہتے عوام کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے واقعےکی تحقیقات کا حکم دے دیا اور رپورٹ طلب کر لی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں، متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں، بلوچستان سے دہشتگردوں کا قلع قمع کریں گے۔

     وفاقی وزیرداخلہ نے کہا دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دشمن پاکستان میں عدم استحکام کے لیے بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے، قوم گھناؤنی سازش ناکام بنائے گی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں اور سہولتکاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔