Tag: Quetta

  • کورونا کا مقابلہ کریں گے، عوام کی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں، جام کمال

    کورونا کا مقابلہ کریں گے، عوام کی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں، جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں، کورونا کے چیلنج کا سامنا کریں گے، ینگ ڈاکٹرز کے تحفظات جائز ہیں،ان کی حمایت کرتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپوزیشن جماعتوں سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کا معاملہ انتہائی اہم ہے، ہمارے لیے عوام کی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں.

    انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں اورحکومت مل کر کورونا کے چیلنج کا سامنا کریں گے، کورونا ایک ایسی عالمی وبا ہے جس کے سامنے طاقتور ترین ممالک بھی بےبس ہوگئے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ چین سمیت مختلف ممالک سے طبی سامان مل رہاہے جو اسپتالوں کو فراہم کیا جارہاہے۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے مستحقین کو راشن کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے

    اس سلسلے میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو4ماہ کی رقم ادا کی جارہی ہے، اس کے علاوہ گندم کےحوالے سے کمی کو بھی پورا کیا جارہا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں یکجا ہوکر کام کریں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کے تحفظات جائز ہیں، پہلے دن سے اس کی حمایت کررہا ہوں۔

  • کروناوائرس: بلوچستان حکومت نے سرکاری دفاتر کی تعطیلات میں توسیع کردی

    کروناوائرس: بلوچستان حکومت نے سرکاری دفاتر کی تعطیلات میں توسیع کردی

    کوئٹہ: کروناوائرس کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے سرکاری دفاتر کی تعطیلات میں توسیع کردی، 7 کے سوا تمام محکموں کے دفاتر تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تعطیلات سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صحت، داخلہ، سی ایم آئی ٹی، خزانہ اور پی اینڈ ڈی، اطلاعات اور ایس اینڈ جی اے ڈی کے دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ اس کے علاوہ دیگر محکمے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ صوبائی حکومت نے اعلان کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ 7محکمے 30فیصد اسٹاف کو دفاتربلائیں، جبکہ 70 فیصد ملازمین گھروں میں رہیں اور نئی ہدایت کا انتظار کریں۔

    سپریم کورٹ نے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں

    دوسری جانب بلوچستان میں انجمن تاجران نے کل سے کاروبار اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ دودھ، گوشت کی دکانیں اور میڈیکل اسٹور کھلی رہیں گی۔

    شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرونا سے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے گھروں میں رہیں۔

  • بلوچستان : پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا, مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی

    بلوچستان : پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا, مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی

    کوئٹہ : بلوچستان میں موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں موسم کی صورتحال مزید سرد ہوتا جارہا ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11 تک ہوگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، محکمہ مواصلات کی مشینری اور عملہ شاہراہوں پر تعینات کردیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرغون خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے کل بلوچستان کا دورہ کریں گے، حساس اضلاع میں محکمہ مواصلات اور این ایچ اے کی بھاری مشینری پہلے سے موجود ہے۔

    علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11اور زیارت میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8ڈگری، ژوب میں کم سے کم منفی 2 دالبندین میں منفی 4 ڈگری، پنجگور میں درجہ حرارت ایک، نوکنڈی میں صفر، بارکھان میں 2سینٹی گریڈ، اوماڑہ میں درجہ حرارت 9،جیونی میں7،گو ادر میں 10ڈگری جبکہ تربت میں درجہ حرارت ایک ،سبی میں5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار میں کم سے کم درجہ حرارت 2،پسنی میں 9ڈگری سینٹی گریڈ ہے اس کے علاوہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتراضلاع میں بارش اور برفباری کا قوی امکان ہے۔

  • برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    کوئٹہ: بلوچستان میں برف کے طوفان میں شہری سلیمان خان نے انسانیت کی ایک قابل قدر مثال پیش کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 30 سال کے سلیمان خان نے بلوچستان کے شہر ژوب میں برف میں پھنسے سو سے زیادہ مسافروں کی جان بچائی، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، وزیر اعظم عمران خان بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق برف سے اٹے راستے میں 100 سے زائد افراد پھنسے ہوئے تھے، شدید برف باری سے کوئٹہ ژوب شاہراہ بند ہو گئی تھی، کچلاک کلی قاسم کے تیس سالہ سلیمان کو خبر ملی تو اس سے رہا نہ گیا اور فوراً اپنی جیپ نکالی اور مدد کو پہنچ گیا۔

    سلیمان خان نے بچے، خواتین، بزرگوں سمیت سو سے زائد افراد کو اکیلے ہی برف کے طوفان سے نکالا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا، برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو بھی وہاں نہیں چھوڑا، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، سلیمان کا نام اور کام وزیر اعظم عمران خان کے کانوں تک پہنچا تو ٹویٹ کر کے نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو سلیمان خان پر فخر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی سلیمان خان کو ایوارڈ سے نوازا۔ سلیمان خان کا کارنامہ انٹرنیشنل میڈیا پربھی شہ سرخیوں میں رہا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان کا کہنا تھا کہ میری ماں نے مجھے دوسروں کی مدد کرنا سکھایا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    کوئٹہ: پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ میں ڈی آئسنگ کا ساز و سامان نہ ہونے کی وجہ سے پھنس گیا، طیارہ چوبیس گھنٹے سے زائد وقت سے پھنسا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ پر برف ہٹانے کے آلات کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کے طیارے کو پھنسے 24 گھنٹے سے زائد ہو گئے ہیں، کوئٹہ ائیر پورٹ پر برف باری سے فضائی آپریشن بھی بری طرح متاثر ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کے پاس ائیر پورٹ پر جمی ہوئی برف ہٹانے کے آلات موجود نہیں ہیں، جدہ سے کوئٹہ آنے والی فلائٹ اتری تو برف باری شروع ہو گئی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں ڈی آئسنگ (جہاز اور انجن پر سے برف اتارنا) کی ضرورت پڑتی ہے جو کہ کوئٹہ ائیر پورٹ پر مہیا نہیں کی گئی، اسی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز وں کا شیڈول بھی متاثر ہو چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹس پر یہ سہولت مہیا کرنا سول ایوی ایشن کا کام ہے، طیارہ پھنسنے سے نقصان علیحدہ اور مسافروں کو پریشانی علیحدہ ہوتی ہے، ساتھ ہی پی آئی اے کا دیگر شیڈول بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔

    ترجمان عبد اللہ خان نے بتایا کہ پھنسے ہوئے طیارے کے مسافروں کو ہوٹل فراہم کر دیے گئے ہیں اور پی آئی اے ان کو صورت حال سے آگاہ کر رہی ہے، برف اور ضروری سامان اور کیمیکلز کی کوئٹہ ائیر پورٹ پر غیر موجودگی کے باعث پی آئی اے نے دیگر پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں، موسم بہتر ہوتے ہی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

    منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی کے 325/326 اسلام آباد کوئٹہ اسلام آباد، پی کے 310/311 کراچی کوئٹہ کراچی اور پی کے 8363 کوئٹہ کراچی شامل ہیں۔

  • شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    کوئٹہ: دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں وزیر داخلہ، آئی جی ایف سی، پولیس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

    گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد میں دھماکے میں 15 افراد شہید ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے پرامن ماحول میں دہشت گردی کا یہ ایک بڑا واقعہ تھا، جس کے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

    سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں نماز مغرب کے دوران دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور امام مسجد بھی شہید ہوئے تھے، جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے تھے، جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں، شہید افراد میں سے 6 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے.

    کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

    واقعے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے بھی مذمت کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، انھوں نے امدادی کاموں میں پولیس اور سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، جام کمال

    احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، حکومتوں کو ذاتی خواہشات اور سیاسی مقاصد کیلئے نہیں چلایا جاسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں نمایاں کمی آئی ہے، عدم استحکام پیدا کرنے کی خواہش رکھنے والی طاقتوں کو ناکامی ہوئی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، جس کی بدولت عالمی پلیئرز کا دباؤ ختم کرنے میں مدد ملی، جام کمال نے کہا کہ احساس محرومی کی بڑی وجہ وسائل کی غیر متوازن تقسیم ہے، ٹیکنالوجی و سوشل میڈیا نے عوام کو زیادہ فعال بنادیا ہے،

    انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو ذاتی خواہشات اور سیاسی مقاصد کیلئے نہیں چلایا جاسکتا، جام کمال نے کہا کہ7ڈویژن میں کوئی کمشنر سیاسی بنیادوں پر تعینات نہیں کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ سیکریٹری اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر تعینات کئے گئے ہیں، بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کیلئے ایکٹ میں ترامیم کی جارہی ہیں، ریکوڈک پر جذباتی فیصلوں سے6ارب ڈالر ہرجانے کا سامنا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کہا کہ چند مفادات کی خاطر صوبے کے وسائل پر معاہدے نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کا مستقبل یہاں کے وسائل سے وابستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ بلوچستان کو مین اسٹریم میں لائیں۔

    جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کے تمام فیصلے بلوچستان میں ہی ہوں گے، بلوچستان میں سیاسی تبدیلی سیاسی جماعتیں ہی لائیں گی۔ کسی قسم کی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چند مفادات کی خاطر صوبے کے وسائل پر معاہدے نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کا مستقبل یہاں کے وسائل سے وابستہ ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بہت حد تک گڈ گورننس کو بحال کیا گیا ہے۔ صوبے کے پی ایس ڈی پی کا 65 فیصد حصہ ٹینڈر ہوچکا ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی بلوچستان کا پہلا اسمارٹ سٹی گوادر ہوگا۔

  • عدلیہ میں کسی قسم کی بدعنوانی اور نااہلی براشت نہیں کی جائے گی، چیف جسٹس بلوچستان

    عدلیہ میں کسی قسم کی بدعنوانی اور نااہلی براشت نہیں کی جائے گی، چیف جسٹس بلوچستان

    کوئٹہ : چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ عدلیہ میں کسی قسم کی بدعنوانی غفلت اور نااہلی براشت نہیں کی جائے گی، سستا اور فوری انصاف مہیا کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائی جائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانو زئی میں زیر تعمیرجوڈیشل کمپلکس کے معائنے اور مسلم باغ میں وکلاء اور جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    چیف جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے خطاب میں ہدایت کی کہ ہرجوڈیشل آفیسر اور وکلاء پر فرض ہے کہ وہ سستا اور فوری انصاف مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اور مقدمات نمٹانے میں تاخیر کے تمام اسباب کو ختم کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں.

    انہوں نے کہا کہ جوڈیشل افسران کو ہر قسم کی سہولت بہتر انداز میں فراہم کی گئی ہے لہذا کسی قسم کی بدعنوانی، غفلت اورنااہلی براشت نہیں کی جائے گی۔

    اس موقع جوڈیشل افسران اور وکلاء نے چیف جسٹس جمال مندوخیل کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جن کے حل کی چیف جسٹس نے یقین دہانی کروائی۔

  • بلوچستان اسمبلی کا اجلاس : مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف اپوزیشن کا علامتی واک آوٹ

    بلوچستان اسمبلی کا اجلاس : مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف اپوزیشن کا علامتی واک آوٹ

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان فلاحی وعطیاتی اداروں کی رجسٹریشن کا مسودہ قانون منظور کر لیا گیا، مبینہ غیر قانونی بھرتیوں پر کمیٹی نہ بنانے پر اپوزیشن اراکین نے علامتی واک آوٹ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ایک گھنٹہ تیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

    پوئنٹ اف آرڈر پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن رکن ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام آئین کے خلاف ہے، ان کا کہنا تھا کہ سینڈک پروجیکٹ کے فیصلے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ ہماری تین نسلیں بھی ریکوڈک فیصلے کے پیسے نہیں دے پائیں گی، علاوہ ازیں محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں پر کمیٹی نہ بنانے پر اپوزیشن اراکین نے علامتی واک آوٹ کر دیا۔

    اسپیکر میرعبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے پوائنٹ آف آرڈر پربات کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم آئی ٹی ٹیم بے قاعدگیوں پر کام کررہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کچھ غلط ہوا تھا تو ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس دس اکتوبر سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔