Tag: Quetta

  • جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، صوبے میں ٹیم ورک سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے رخصت ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

    عشائیے میں عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جنرل عاصم سلیم باجوہ کی صوبے کیلئے خدمات کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیم ورک سے امن و امان بہتر ہوگیا ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ کا بڑے منصوبوں کی منظوری میں اہم کردار ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان والوں کا خلوص و محبت نہیں بھلاسکتا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بلوچستان اولین ترجیح ہے، بلوچستان کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    واضح  رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 ستمبر کو لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا تھا انہیں جنرل عاصم سلیم باجوہ کی 23 ستمبر 2019 کو ہونے والی ریٹائرمنٹ کے پیش نظر کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    کوئٹہ : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افسوس ہے کشمیریوں پر ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے لیکن ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیرت مند بلوچ اور پشتون دشمن کو پاش پاش کرنے کو تیار ہیں، ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے کوئی بھی باہر نہیں نکل سکتا، کشمیر کے عوام نماز جمعہ ادا نہیں کر سکتے، مساجد اور اسکول بند ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بے حد افسوس ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے،42دن سے کرفیو کےباوجود کوئی کچھ نہیں کررہا، کشمیر میں لوگ پیاروں کی گھروں میں تدفین پر مجبور ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ70سال سے کشمیر کےلوگ آزادی کے لیےترس رہے ہیں، کشمیر پاکستان کے لیےزندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کے عوام بے بسی کی تصویر بنے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، عملی طور پر ہماری حکومت نے سوائے بیانات کے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا،43دنوں سےکشمیریوں کویرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔

  • بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے بلوچستان میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود نظام کو بہتر نہیں کریں گے نظام بہتری کی جانب نہیں جائے گا۔

    ہم نے صوبے کی ضروریات اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے تاکہ ایک موثر نظام پوری طرح فعال رہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، امن و امان کی خراب صورتحال نے صوبے میں تعلیم کاحصول مشکل بنا دیا تھا۔

    آج جن قربانیوں کی بدولت حالات بہتر ہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتاہوں، ہم سب کومل کر صوبے کی ترقی کے لیےکام کرنا ہوگا۔

    جام کمال نے کہا کہ ٹیم ترقیاتی اسکیموں تک خود کو محدود نہ رکھے بلکہ مجموعی طور پر تمام انتظامی معاملات سے بھی خود کو ہمہ وقت باخبر رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم ہر قسم کی سیاسی دبا سے بالاتر ہے، محکموں اور اضلاع کی بہترین انسپکشن سے صوبے کی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم سجاد احمد بھٹہ نے بریفنگ دی اور ٹیم کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔

  • کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دو خودکش حملہ آوروں سمیت چھ دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دو خودکش حملہ آوروں سمیت چھ دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کے دوران دو خود کش حملہ آوروں اور خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید تین زخمی ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے اطلاع دی ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر لیبر کالونی میں واقعہ گودام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کاروائی کا آغاز کیا گیا ۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ا س موقع پر گودام میں موجود د ایک مبینہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں نے گودام سے فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا،اس دوران سکیورٹی فورسز کے4 اہلکار زخمی ہوئے، آپریشن کے دوران ہی انہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران ِعلاج ایک پولیس اہلکار سیف اللہ شہید ہوگیا ، زخمی پولیس اہلکاروں میں سلمان ،معصوم ابوبکر شامل ہیں۔

    سکیورٹی فورسز نے جوابی کاروائی آغاز کرتے ہوئے گوام میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایک اور خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے بعد فورسز کی اضافی نفری کو طلب کر کے آپریشن کا آغاز کیا گیا ۔سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت مزیدچار افرادہلاک ہوئے ۔

    ترجما ن سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن کے دوران دو خود کش حملہ آور اور ایک خاتون سمیت کل 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ہونے والی خاتون اور ایک دہشت گرد نے خود کش جیکٹیں بھی پہن رکھی تھیں جنہیں بعد ازاں ناکارہ بنادیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق آپریشن تقریبا 5 گھنٹے تک جاری رہا سکیورٹی فورسز نے گودام سے اسلحہ و گولہ بارود، کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد کیا جبکہ آپریشن کے مکمل ہونے پر سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت کے لئے سول ہسپتال منتقل کردیا ۔

    دریں اثناءڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے پر انہیں مبارک باد دی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دو روز قبل پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں۔

  • بلوچستان: مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

    بلوچستان: مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مختلف حادثات و واقعات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مکان کی چھت کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے سے چھت پر کھیلنے والا محصوم زین زندگی کی بازی ہار گی۔

    حب کے علاقے گوٹھ دودا میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے چار سالہ بچی ہلاک ہوگئی اسی طرح پشین خلیل اڈہ کے چوکیدار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردی جس کی شناخت گل محمد کے نام سے کی گئی۔

    اسی طرح لورالائی میں ڈیرہ روڈ پر کلی لاہور کے قریب 2 ٹرکوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص شربت خان ہلاک عبدالقیوم، محمد اکبر، عبدالقدوس اور کلیم اللہ زخمی ہوگئے۔

    چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بلوچستان کے شہر چمن اور پنجاب کے شہر خانیوال میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت 10 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری، مریض رُل گئے

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری، مریض رُل گئے

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری ہے، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کے باعث مریض رل گئے ہیں، حکومت نے ہڑتالیوں کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں، مطالبات پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیشرفت نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز نے عید الاضحیٰ سے قبل سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں ہسپتالوں میں تحفظ دینے کے ساتھ مریضوں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام سہولیات کے فقدان کے باعث ان پر اپنا غصہ نہ نکالیں۔

    سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ سول ہسپتال کوئٹہ سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جس کے باعث مریض اور ان کے تیماردار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

    دوسری جانب حکومت نے ہڑتال کرنے والوں کیخلاف قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت کہنا ہے کہ اب مزید ینگ ڈاکٹرز کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔

    صحت کے شعبے سے وابستہ افراد مسیحا ہیں، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث سول ہسپتال سمیت دیگر میں روزانہ علاج معالجہ کے لیے آنے والے ہزاروں مریض مشکلات سے دوچار مایوس لوٹ جاتے ہیں۔

  • کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے قریب ایک قصبے کچلاک میں ایک مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران ہوا، جب مسجد میں بے شمار نمازی موجود تھے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر پہنچ کر زخمیوں کو مفتی محمود اسپتال منتقل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نہایت زوردار تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    دھماکے کے بعد مزید دھماکہ خیز مواد کی تلاش کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کرلیا گیا، اس دوران علاقے کو عام افراد سے خالی کروالیا گیا۔ بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد محراب کے ساتھ ہی نصب کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا۔

    سندھ میں سیکیورٹی سخت

    کوئٹہ دھماکے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے صوبے میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات انتہائی چوکنا اور مستعد رکھے جائیں۔

    اس سے قبل 6 اگست کو بھی کوئٹہ ٹک ٹک گلی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے سے ایک دکان تباہ ہوئی جبکہ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خریدار بن کر آئے اور بارودی مواد دکان میں رکھ گئے، دہشت گردوں نے کوئٹہ کے عوام کو نشانہ بنایا ہے۔

    بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ دشمن ملک کی پشت پناہی حاصل ہے، دہشت گردی کی لہر گزشتہ 2 دہائیوں سے چل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہمسایہ دشمن ملک دہشت گرد بلوچستان میں بھیج رہا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز ہر وقت چوکنا ہے، دہشت گردی کی جڑ تک پہنچ چکے ہیں جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔

  • کوئٹہ دھماکا: عوام کی جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ دھماکا: عوام کی جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مشن روڈ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

    اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کے جام ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔ جام کمال نے آئی جی پولیس کو کوئٹہ شہر کے سیکیورٹی پلان پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے مزید موثر اور کارگر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعلیٰ نے پولیس اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور بدامنی پیدا کرنے کے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے۔

    کوئٹہ، شو مارکیٹ میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 9 زخمی

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناکر بربریت کا مظاہرہ کیا، دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور قوم قبیلہ نہیں یہ صرف قاتل ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔

    وزیراعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے جبکہ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایس ڈی پی او کینٹ سرکل ڈی ایس پی یونس رضا کی قیادت میں ایس ایچ او اور دیگر عملے نے ہنہ بائی پاس پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔

    ڈیس ایس پی یونس رضا کے مطابق کارروائی کے دوران 17موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے جبکہ تین گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کی گئی۔

    دریں اثنا ڈی ایس پی یونس رضا نے کہا کہ ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانا خود کشی کے مترادف ہے والدین کو بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں نہیں دینا چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی کئی بار کارروائیاں کیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا لیکن اس مہم میں اساتذہ والدین کا کردار انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ آج کل والدین نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں دے دیتے ہیں جوغیرقانونی عمل ہے۔

  • کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ :  بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ہمیشہ سے اہمیت رہی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کی قربانی بلوچستان کو نہیں بڑی جماعتوں کو دینی چاہیے کیونکہ کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    اس طرح کے معاملات پر ہمیشہ سے بلوچستان نے قربانی دی، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے پر سینیٹرز کی اکثریت متفق نہیں۔

    اے این پی سے مطالبہ کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر اپنے قائدین بات کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جذبات میں آ کر فیصلے سے ریکوڈک پر ہرجانےکا دعویٰ کیا گیا۔

    ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، مستقبل کیلئے ریکوڈک پر وزیراعظم سے مل کر لائحہ عمل بنائیں گے، افغان امن کیلئے مہاجرین کی وطن واپسی پر بھی بات چل رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد : ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں گے، جام کمال خان

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد لانے جارہی ہے کوشش ہوگی کہ ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں انہیں کہا ہے کہ بلوچستان کو سیاست کا محور نہ بنائیں آخر کیا وجہ ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ کو ہٹایا جارہا ہے۔