Tag: Quetta

  • کوئٹہ کے عوام کو خوشی دینے میں کامیاب رہے: سرفراز احمد

    کوئٹہ کے عوام کو خوشی دینے میں کامیاب رہے: سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ خواہش تھی کوئٹہ کے عوام کو ٹرافی جیت کر خوشی دیں جس میں کامیاب رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فورکی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ، کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں کی شرکت، تقریب کے دوران کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فور کی جیت کی خوشی میں ایک بار پھر کوئٹہ کے عوام کو مبارکباد دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے ذریعے جیت حاصل ہوئی، ملک میں کرکٹ کے مزید فروغ پر کام کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دو روز قبل جامعہ کراچی کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور مضبوطی سمیت کئی پہلوؤں پر گفتگو کی تھی۔

    کرکٹ کو مزید مضبوط بنارہے ہیں: سرفراز احمد

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی اور پشاور زلمی کو باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کےسپرنٹنڈنٹ جاں بحق

    کوئٹہ میں فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کےسپرنٹنڈنٹ جاں بحق

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے۔

    پولیس کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ کو3 گولیاں لگیں، حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سمیت دیگر واقعات اور حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

    بلوچستان: نامعوم افراد کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زمران کے پہاڑی علاقوں میں لاشوں کی اطلاع ملی جس پر لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مارے جانے والے افراد منشیات ڈیلرتھے، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

  • کرکٹ کو مزید مضبوط بنارہے ہیں: سرفراز احمد

    کرکٹ کو مزید مضبوط بنارہے ہیں: سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے محنت کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جامعہ کراچی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور مضبوطی سمیت کئی پہلوؤں پر گفتگو کی۔

    پی ایس ایل فور ٹائٹل کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی جیت پر بہت پیار ملا، پورے ملک کا شکر گزار ہوں۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل اور انتھک محنت پر یقین رکھتے ہیں، کچھ عرصے قبل وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن آج کپتان ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان عملی زندگی میں آنے کے بعد اپنے مادرعلمی کو ہرگز نہ بھولیں۔

    دو روز قبل یوم پاکستان کے موقع پر کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کوئٹہ پہنچے اور پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ یوم پاکستان اور پی ایس ایل کی جیت کا جشن منایا۔

    کوئٹہ: سرفراز احمد نے منایا یوم پاکستان کا جشن پی ایس ایل کی ٹرافی کے ہمراہ

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی اور پشاور زلمی کو باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • کوئٹہ: گھرمیں گیس لیکج کے باعث دھماکا‘ 1 شخص جاں بحق‘ 4 زخمی

    کوئٹہ: گھرمیں گیس لیکج کے باعث دھماکا‘ 1 شخص جاں بحق‘ 4 زخمی

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں واقع مکان میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کاسی روڈ کے قریب مکان میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں باپ جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا۔

    مستونگ: گھرمیں گیس لیکج کے باعث دھماکا‘ 4 افراد زخمی

    اس سے قبل رواں سال جنوری میں بلوچستان کے شہر مستونگ میں مکان میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 29 جنوری کو صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں ایک گھر کے اندر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    بنوں میں گھر کے اندر دھماکا، میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا بارودی مواد کا ہے، گھر میں زنگ آلود مارٹر گولا موجود تھا۔

  • بلوچستان میں موسلادھار بارشیں اور برفباری، سردی میں اضافہ

    بلوچستان میں موسلادھار بارشیں اور برفباری، سردی میں اضافہ

    کوئٹہ : بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، بولان اور سبی میں بادل خوب جم کر برسے، قلات میں بارش کے ساتھ برفباری نے سردی بڑھا دی، موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، چمن، کوہلو، قلعہ عبداللہ اورقلات سمیت مختلف مقامات پر بادل خوب جم کر برسے، قلات میں بارش کے ساتھ برفباری نے سردی بڑھا دی، کوئٹہ والوں پر بھی قدرت مہربان رہی۔

    سرمئی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ رم جھم پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا، چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان، دوبندی اور جنگل پیرعلی زئی میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے سردی پھر بڑھ گئی۔

    موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ مستونگ، بولان، مچھ اور دکی میں بھی ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے سردی بڑھادی۔ قلات میں بارش کے ساتھ برفباری بھی ہوئی، ہربوی کے پہاڑوں پر ایک فٹ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج کوئٹہ، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، آج کراچی ڈویژن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے۔

    موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام عملے کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، پہاڑوں پر برفباری

    ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، پہاڑوں پر برفباری

    کوئٹہ / قلات/  کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں بارش نے جاتی سردی کو روک لیا، ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، مارچ میں بارش اور برفباری کا مارچ پاسٹ جاری ہے، جاتی سردی کو بریک لگ گیا، بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات کی وجہ سے مری اور مالم جبہ میں دو انچ تک برف پڑی۔

    پہاڑوں پر برفباری سے نظارے دلفریب ہوگئے، موسم بھی ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔ رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر شہروں میں گرجتے بادل خوب برسے، جس سے جاتی ہوئی سردی واپس لوٹ آئی.

    دنیا پور میں سرمئی گھٹاؤں کا راج رہا، چوک اعظم میں ٹپ ٹپ برستی بوندوں سے موسم سہانا کردیا، لیاقت پور میں بھی برکھا برسی تو جل تھل ایک ہوگیا۔ بلوچستان میں بادل خوب گرج کر برسے۔

    کوئٹہ قلات سمیت مختلف شہروں میں گہرے بادلوں کے ڈیرے رہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔

  • برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    بلوچستان ان دنوں تیز بارشوں اور برف باری کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے لیکن دو سال بعد ہونے والی برف باری کے سبب کوئٹہ کے شہری بے پناہ خوش ہیں۔

    بلوچستان میں اب کی بار موسم سرما طوالت اختیار کرچکا ہے اور اب کی بار ہونے والی برف باری نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ خود کوئٹہ شہر میں دوسال بعد برف باری ہوئی ہے۔

    کوئٹہ شہر میں آخری بار جنوری 2017 میں برف باری ہوئی تھی اور اس کے بعد آنے والے سالوں میں بارش بھی انتہائی کم ہوئی تھی جس سے شہری بے پناہ تشویش میں مبتلا تھے۔

    برف باری نہ ہونے اور کم بارشوں کے سبب شہر کے زیر زمین پانی کی سطح نیچے جارہی تھی جبکہ کوئٹہ کی عالمی شہرت یافتہ ہنہ جھیل بھی تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی تھی تاہم اس سال ہونے والی بارشوں نے اس جھیل کو لبالب بھر دیا ہے ، جس سے کوئٹہ میں ایک بار پھرسیاحت زور پکڑے گی۔

    کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم بھی بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کا منتظر رہتا ہے اور اب کی بار صورتحال یہ ہے کہ ڈیم بھرنے والا ہے جبکہ میرانی ڈیم بھی پانی سے بھرچکا ہے اور بھی صوبے کے چھوٹے بڑے ذخیروں میں پانی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

    نہ صرف یہ بلکہ پہاڑوں پر پڑنے والے برف کے سبب امید ہے کہ اب کی بار موسمِ گرما میں بھی پانی بھرپور مقدار میں میسر ہوگا جس سے تباہی کے دہانے پر پہنچی بلوچستان کی زراعت ایک بار پھر زور پکڑے گی اور بلوچستان میں بھی کھیت لہرائیں گے۔

    کوئٹہ میں ہونے والی برف باری کے سبب ارد گرد کے علاقوں سے جوق دردجوق مقامی سیاح شہر کا رخ کررہے ہیں ۔ جس سے شہر میں سیاحت کا کاروبار زور و شور سےچل رہا ہے۔

     برف باری کے سبب گاڑیاں پھنسنے اور راستوں کی بندش کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں تاہم پاک فوج کے جوان ایسی صورتحال میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔


    تصاویر بشکریہ : صادقہ خان ( کوئٹہ)۔

  • موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، شوکت یوسفزئی

    موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، شوکت یوسفزئی

    کوئٹہ : وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت علی یوسف زئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو  دیوالیہ ہونے سے بچالیا، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پریس کلب پہنچنے پر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراطلاعات نے پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔

    اپنی گفتگو میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کو30ہزار ارب روپے کاخسارہ ورثے میں ملا تھا، موجودہ حکومت نے انتھک محنت اور کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، حکومت کو مختصر مدت میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ محاذ پر قومی مؤقف اور بیانیے کو اجاگر کیا گیا، ملکی معیشت پر بھرپور توجہ دی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور آج سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی کی اسلام آباد سے گرفتاری سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری کو سندھ کے خلاف سازش قرار دینا قطعی غلط ہے، احتساب کا عمل ملک بھر میں جاری رہے گا، ہم نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

  • ڈھائی سالہ بچے پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ درج، دہشت گردی کی نو دفعات شامل

    ڈھائی سالہ بچے پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ درج، دہشت گردی کی نو دفعات شامل

    کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ ڈھائی سالہ بچے کیخلاف درج کرلیا گیا، ملزم بلال پردہشت گردی کی نو دفعات درج کی گئیں،  بلوچستان پولیس نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی، بچے کا باپ بیٹے کے مستقبل سے پریشان ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں میں ڈھائی سالہ بچے پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق مقدمے میں بلال پردہشت گردی کی9دفعات درج کر دی گئیں ہیں،۔

    پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ نیو سریاب میں مقدمہ درج کیا گیا، ننھے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے جس کے بعد بلال کی گرفتاری کیلیے اب تک3چھاپے بھی مارے جاچکے ہیں۔

    اس حوالے سے بلال کے والد کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال کا بچہ پولیس پر فائرنگ کیسے کرسکتا ہے؟ بلال تو اب تک چپس کھاتا اور جوس پیتا ہے، ہم نے بلال کے نام پر اسکول کھولا جس پر پولیس نے اسے بڑا آدمی سمجھ کر مقدمہ درج کردیا۔

    کیس کو ختم کرنے کیلئے کئی بار پولیس سے رابطہ کیا ہے مگراب تک معاملہ حل نہیں ہوسکا، مقدمہ درج ہونے پر بچے کے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہوں۔

    اعلی پولیس حکام نے بچے پر ایف آئی آر کا نوٹس لے لیا

    اس حوالےسے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میڈیا میں خبر نشر ہونے پر بلوچستان پولیس نے ڈھائی سالہ بچے پرایف آئی آرکا نوٹس لے لیا ہے، متعلقہ حکام سے ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ،حقائق کے مطابق کارروائی ہوگی، مقدمہ کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کےحکام کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

  • کوئٹہ میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور گرد ونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 3.0ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، مرکز سبی سے 75 کلومیٹر شمال مشرق تھا۔

    قبل ازیں گذشتہ ہفتے ہی کوئٹہ کے علاقے خاران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے کی شدت 3 ریکارڈکی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے

    واضح رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔