Tag: Quetta

  • کوئٹہ : اخترمینگل حکومت سے ناراض، جہانگیرترین منانے پہنچ گئے

    کوئٹہ : اخترمینگل حکومت سے ناراض، جہانگیرترین منانے پہنچ گئے

    کوئٹہ : تحریک انصاف کی حکومت کی مشکلات بڑھنے لگیں، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے افغان مہاجرین کو شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کردیا، جہانگیر ترین منانے پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بی این پی مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل حکومت سے ناراض ہوگئےجس کے بعد جہانگیرترین انہیں منانے پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کو افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں جس پر انہوں نے حکومت سے ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔

    صورتحال کی نزاکت دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ان کو منانے کیلئے وفد کے ساتھ کوئٹہ پہنچ گئے، وفد میں پرویز خٹک اور اسپیکر اسد قیصر بھی شریک تھے۔

    ذرائع کے مطابق سردار اخترمینگل سے ملاقات میں جہانگیر ترین نےان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی، جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانیوں کی شہریت سے متعلق قومی اسمبلی میں جامع تقریرکی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مل کر تمام مسائل حل کیے جائیں، میں آپ کی بات وزیراعظم تک پہنچاؤں گا۔

    مزید پڑھیں: افغان مہاجرین سے متعلق وزیراعظم نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، سینیٹرحاصل بزنجو

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر متعدد حلقوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اس حوالے سے سینیٹر حاصل بزنجو نے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئےمہاجرین کی وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • افغان مہاجرین سے متعلق وزیراعظم نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، سینیٹرحاصل بزنجو

    افغان مہاجرین سے متعلق وزیراعظم نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، سینیٹرحاصل بزنجو

    کوئٹہ : سینیٹرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو شہریت دینے سے متعلق وزیر اعظم نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، مہاجرین کی واپسی یقینی بنانے کیلئےاقدامات کیے جائیں۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مہاجرین کی واپسی کا معاہدہ طے ہوا ہے۔

    افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، حکومت کو چاہیے کہ وہ مہاجرین کو شہریت دینے کے بجائے ان کی وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے مؤثراقدامات کرے۔

    ایک سوال کے جواب میں سینیٹرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے کو بڑھایا جائے، این ایف سی ایوارڈ کو آئینی تحفظ حاصل ہے، 18ویں ترمیم پرعملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر زیر گردش تھی کہ حکومت نے غیر رجسٹرڈ افغانی اور بنگالیوں کو پاکستانی شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا اور وزارت داخلہ نے بھی صوبوں سے ان مہاجرین کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا۔

    دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے اسمبلی سے خطاب میں اس بات کی وضاحت کی کہ افغانی اور بنگالیوں کو رجسٹرڈ کرنے کی تجویز زیر غور ہے ابھی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا گیا ہے کابینہ سے مشورے کے بعد آگاہ کردیا جائے گا۔

  • بلوچستان: 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    بلوچستان: 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں 265 علیحدگی پسند اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کر کے قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے، عسکریت پسندوں نے اس موقع پر قومی تعمیر و ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔

    کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے عکسریت پسندوں سے ہتھیار لے کر قومی پرچم اور تحائف دیے۔

    عسکریت پسندوں نے بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں بڑی تعداد میں اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کیے، ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ اوربلوچستان کے وزیراعلیٰ دہشت گردی کی روک تھام پرمتفق


    وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’آپ نے اس قومی دھارے میں آ کر اپنے دوستوں اپنے بھائیوں اور اپنے نظام پر جو اعتماد کیا ہے، یہ ہم پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا ’ہماری حکومت ان معاملات کو پوری سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کی ناراضگیوں کو آہستہ آہستہ دور کریں۔‘

  • کوئٹہ: ایف آئی اے کی انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی، 19 افراد گرفتار

    کوئٹہ: ایف آئی اے کی انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی، 19 افراد گرفتار

    کوئٹہ: بلوچستان میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کے خلاف اہم کارروائی کی جس کے باعث غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 19 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عباس بلوچ کا کہنا ہے کہ اس اہم کارروائی میں ایجنٹ اور سہولت کار بھی گرفتار ہوئے ہیں۔

    عباس بلوچ کا کہنا تھا کہ کوچ کی چھت پر خفیہ خانے قائم کرکے مسافروں کو بٹھایا گیا تھا، خفیہ خانے میں پانی اور ہوا کی سہولت نہ ہونے سے اموات کا خطرہ تھا۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر جواد حسین کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد براستہ ایران یورپ جارہے تھے۔

    لاہور:انسانی اسمگلنگ کرنے والےگروہ کے دوملزمان گرفتار

    اس سے قبل مئی 2016 میں لاہور میں پولیس نے انسانی اسگلنگ کرنے والے گروہ کے سرغنہ مجاہد حسین اور اس کے ساتھی محمد امین کو گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے کہ ملزمان گزشتہ کئی سالوں سے انسانی اسمگلنگ کا کاروبار کر رہے تھے، دونوں ملزمان ایف آئی اے کو مطلوب تھے ملزمان کے قبضہ سے ملکی وغیر ملکی پاسپورٹس دولاکھ سے ذائد نقدی ویزا کارڈز اور شناختی کارڈز برآمد ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • پولوٹورنامنٹ فائیو کور کراچی نے جیت لیا، سدرن کمانڈ کوئٹہ کو شکست

    پولوٹورنامنٹ فائیو کور کراچی نے جیت لیا، سدرن کمانڈ کوئٹہ کو شکست

    کوئٹہ : بلوچستان میں پانچ روز سے جاری پولو ٹورنامنٹ فائیو کور کراچی نے جیت لیا،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاک فوج کے اقدامات کی بدولت صوبے میں کھیلوں کو فروغ مل رہاہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے زیر اہتمام کوئٹہ کے پولو گراؤنڈ میں پانچ روز سے جاری پولو ٹورنامنٹ کا فائنل فائیو کور کراچی اور سدرن کمانڈ کوئٹہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں فائیو کور کراچی نے سدرن کمانڈ کوئٹہ کو دو گول سے شکست دے دی۔

    ٹورنامنٹ کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور شائقین پولو کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد بہت بڑاقدم ہے، پاک فوج کی بدولت بلوچستان میں کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو خصوصی سوینئر پیش کیا۔

  • صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کریں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کریں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح پاکستان تحریک انصاف کا وفد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچا۔ وفد میں صدارتی امیدوار عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، اور جہانگیر ترین شامل تھے۔

    تحریک انصاف وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے بعد مشترکہ بریفنگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد کی آمد پر مشکور ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ اچھے ماحول میں حکومتی سازی کا حصہ بنے۔ بلوچستان پاکستان کا زمینی لحاظ سے بڑا صوبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پسماندگی کے لحاظ سے بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ بلوچستان کے حالات کی تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کے اتحادی بنے، پیکج، ترمیم یا مذاکرات کے ذریعے بلوچستان تبدیل نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ نئے بلوچستان کے لیے محنت کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    صدارتی امیدوار عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کرنے پر مشکور ہوں۔ بلوچستان کے نمائندے کہتے تھے وعدہ ہوتا ہے لیکن عمل نہیں ہوگا۔ عمران خان کو جانتاہوں وعدہ کرتے ہیں تو پورا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بدلنے کے لیے تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کوشاں ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ بلوچستان کے حالات تبدیل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو حصہ مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حالات ایسے ہوں گے کہ وفاق بلوچستان میں حصہ ڈالے گا۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پروٹوکول میں دوستوں کی گاڑیاں ہوتی تھیں۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال وزیر اعلیٰ رہا 2 گاڑیوں میں گھوما کرتا تھا۔ پروٹوکول سے متعلق اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔ پروٹوکول کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہونی چاہئیں۔

  • مجھ پر نیب کا کوئی کیس نہیں، وزیراعظم کا مشکورہوں، امیر محمد جوگیزئی

    مجھ پر نیب کا کوئی کیس نہیں، وزیراعظم کا مشکورہوں، امیر محمد جوگیزئی

    کوئٹہ : نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا ہے کہ میرےخلاف نیب میں کوئی کارروائی نہیں چل رہی، اپنی نامزدگی پر عمران خان، پی ٹی آئی اور دوستوں کا مشکور ہوں۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد خان صاحب کے وژن کو لے کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان میں صحت پرخاص توجہ دی جائے گی۔

    بلوچستان میں تعلیم اور صحت پر مزید کام کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کے وژن پرمکمل عمل کروں گا،امیرمحمد جوگیزئی نے واضح کیا کہ میرے خلاف نیب میں کوئی کارروائی نہیں چل رہی، اس حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کیا ہے، اس اعلان کے بعد میڈیا پر ان کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کررہی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ نامزد گورنر بلوچستان کیخلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور ان کیخلاف جلد ریفرنس دائر کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم نے ڈاکٹرامیر محمد جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی پر بحیثیت سی ای او کڈنی سینٹر کے طبی آلات اور سامان کی خریداری کے فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے۔

  • وزیراعظم نے ڈاکٹرامیر محمد جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا

    وزیراعظم نے ڈاکٹرامیر محمد جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے گورنر کے لئے ڈاکٹرامیر محمد جوگزئی کو نامزد کردیا، نیب نے رواں سال ہی نامزد گورنر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب،سندھ اور خیبر پختونخواہ کے بعد اب بلوچستان کے گورنرکو بھی نامزد کردیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد جوگزئی کا نام فائنل کرلیا ہے اور  اس حوالے سے وزیراعظم  نے ڈاکٹر امیر محمد خان کے نام کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔

    نامزد گورنر بلوچستان ابم بی بی ایس کی ڈگری رکھتے ہیں وہ ہیلپ بلوچستان ادارے کے پریزیڈنٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے علاوہ سی ای او کڈنی سینٹر رہ چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ چائلڈ اسپیشلسٹ امیر محمد خان جوگزئی سول اسپتال شعبہ اطفال کے سربراہ بھی رہے ہیں، ڈاکٹر امیرمحمد خان جوگزئی کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سے ہے،امیر محمد خان جوگزئی سابق گورنر سردارگل محمد جوگزئی کے بھائی ہیں۔

    علاوہ ازیں نامزد گورنر بلوچستان امیر محمد جوگزئی کیخلاف نیب میں کیس دائر ہو چکا ہے جس میں ان پر کڈنی سینٹر کے لیے زائد قیمت پر مشینری خریدنے کا الزام ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹرامیر محمدجوگزئی کے خلاف قومی احتساب بیورو ( نیب ) میں تحقیقات جاری ہیں، نیب نے رواں سال نامزد گورنر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

    مزید پڑھیں: عمران اسماعیل سندھ کے33ویں گورنرمقرر، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے چوہدری سرور کو پنجاب، عمران اسماعیل کو سندھ اور شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخواہ نامزد کیا ہے۔

  • کوئٹہ، کراچی اور اٹک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی، درجنوں ملزمان گرفتار

    کوئٹہ، کراچی اور اٹک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی، درجنوں ملزمان گرفتار

    کراچی/کوئٹہ/اٹک: سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں درجنوں ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کوئٹہ میں کارروائی کی گئی جہاں سے تین ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان ہنڈی کا کاروبار کرتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق بخاری سینٹر میں کارروائی ایف آئی اے بینکنگ سرکل نے کی، گرفتار ملزمان سے امریکی ڈالر سمیت دیگر کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔

    دوسری جانب شہر قائد میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے اوتھل چیک پوسٹ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے منشیات ضبط کر لیے، منشیات ٹرک کے ذریعے بلوچستان سے کراچی منتقل کی جارہی تھی۔


    سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، کراچی میں پولیس مقابلہ، دو دہشت گرد

    گرفتار


    ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ٹرک کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے، منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 5 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔

    علاوہ ازیں لیاری احمدشاہ بخاری روڈ پر ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، پولیس اور ملزمان کے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

    پنجاب کے شہر اٹک میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کی اور دس رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا، ملزمان 20 کلو منشیات کے پی سے اسلام آباد اسمگل کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد ہوئی ہے، جبکہ ان کے خلاف 8 مقدمات درج ہیں، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    کوئٹہ: تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان ہونے والے مذاکرات کام یاب ہوگئے، بی این پی مرکز میں عمران خان کی حمایت کرے گی، دونوں جماعتوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آج ہونے والے پی ٹی آئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مذاکرات کام یاب ہوگئے، تحریکِ انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے بی این پی سربراہ اختر مینگل کے ساتھ 6 نکاتی معاہدے پر اتفاق کر لیا۔

    پی ٹی آئی اور بی این پی کے درمیان معاہدہ تحریکِ انصاف کی مرکز میں ایک بڑی کام یابی ہے، معاہدے پر دستخط سے قبل عمران خان سے بھی فون پر منظوری لی گئی، کام یاب مذاکرات کے بعد دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

    سردار اختر مینگل


    بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا ’بلوچستان کی حکومت کو ہمیشہ وفاق کے لیے قربان کیا گیا، آج گوادر میں پینے کے لیے پانی اور مکران میں تین ماہ سے بجلی نہیں ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کوئٹہ بلانا انا کا مسئلہ نہیں بلکہ مسائل اور حقائق سے روشناس کرانا تھا۔

    پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    بلوچستان 70 سال سے مشکلات کا شکار ہے، آج ہمارے دکھ درد کو غور سے سنا گیا، ہم نے ماضی میں دیگر جماعتوں کے سامنے بھی اپنے نکات رکھے، عمران خان کے ساتھ دو دن سے رابطے میں ہوں، اب بلوچستان کے لوگوں کے زخموں کو بھرنے کا وقت آ گیا، پی ٹی آئی بلوچستان کا احساسِ محرومی ختم کر سکتی ہے۔‘

    شاہ محمود قریشی


    تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا ’ہم نے تفصیلی نشست میں ایک دوسرے کا نقطۂ نظر سمجھنے کی کوشش کی، بلوچستان وفاق کی اہم اکائی ہے، آگے بڑھنا ہے اور بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے ہیں، یہ ملاقات مسائل کے حل کی جانب بہت بڑا قدم ہے، ہم معاہدہ کرنے میں کام یاب ہوگئے ہیں، بی این پی کی قیادت وفاق میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے ہمیں سپورٹ کرے گی۔

    عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا

    پی ٹی آئی وفاق کی علامت ہے، وفاقی سوچ لے کر کوئٹہ آئے، سی پیک قومی منصوبہ ہے، بلوچستان کی اہمیت تبدیل ہو جائے گی، تمام فیصلے مشترکہ اتفاق رائے سے ہوں گے، دونوں جماعتیں مشترکہ منشور پر عمل درآمد کریں گی، نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل درآمد ہونا چاہیے، بلوچستان میں پانی کی قلت کے مسئلے کا حل ہمارے منشور کا حصہ ہے۔‘

    قبل ازیں کام یاب مذاکرات کے دوران دونوں جماعتوں میں مختلف نکات پر اتفاق رائے ہوا اور بعد ازاں مفاہمتی یادداشت پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسائل پر اس کا مکمل اختیار پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔