Tag: Quetta

  • کوئٹہ: ایم پی اے منظورکاکڑکا بھائی فائرنگ سے زخمی، ایک ہلاک

    کوئٹہ: ایم پی اے منظورکاکڑکا بھائی فائرنگ سے زخمی، ایک ہلاک

    کوئٹہ : نامعلوم مسلح افراد نے رکن صوبائی اسمبلی منظورکاکڑ کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ان کے بھائی سمیت سات افراد زخمی ہوگئے، ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں رکن صوبائی اسمبلی منظورکاکڑ کے بھائی سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    دوطرفہ فائرنگ میں سات افراد زخمی ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج ایک زخمی تاب نہ لاتے ہوئئے جاں بحق ہوگیا۔

    ابتدائی طور پر پولیس کا مؤقف ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔ تنازع پردو گروپوں نے ایک دوسرےپر فائرنگ کی۔

  • کوئٹہ: پانچ دن سے نجی پمپس کو پیٹرول کی فراہمی بند

    کوئٹہ: پانچ دن سے نجی پمپس کو پیٹرول کی فراہمی بند

    کوئٹہ: ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود نجی کمپنیوں کے پمپس کو پیٹرول کی ترسیل شروع نہ ہوسکی۔ پانچ روز سے اکثر پمپ بند ہیں, شہری پیٹرول کیلئے دربدربھٹک رہےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عید کے چوتھے روز سے نجی کمپنیوں کے تمام پٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہر میں پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    شہری دن بھر پٹرول کے حصول کے لئے مختلف علاقوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، شہر کے اکثر پٹرول پمپس بند ہونے کے باعث پی ایس او کے پمپس پر بے حد رش لگارہتا ہے۔

    پٹرول کی تلاش کے بعد لمبی قطاروں میں لگ کر طویل انتظار شہریوں کیلئے دوہری مصیبت سے کم نہیں، پٹرول پمپ مالکان کے مطابق عید کے بعد سے پٹرول کی ترسیل نہیں ہورہی جس کی وجہ سے انہیں پٹرول پمپ بند کرنے پڑے ہیں۔

    نجی کمپنیوں کے حکام کے مطابق سانحہ بہاولپور کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں آئندہ دو روز میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔

  • کوئٹہ :  سریاب کے علاقے میں اچانک زمین بیٹھنا شروع ہوگئی

    کوئٹہ : سریاب کے علاقے میں اچانک زمین بیٹھنا شروع ہوگئی

    کوئٹہ : سریاب کے علاقے میں اچانک زمین بیٹھنا شروع ہوگئی، جس کے باعث متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا سڑک میں بھی دراڑ پڑ گئی اور لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سریاب کے علاقے میں اچانک زمین دھسنا شروع ہوگئی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ طارق اسپتال کے قریب کلی لانگو آباد میں چاند رات سے زمین بیٹھنا شروع ہوگئی۔ جس سے گھروں میں دراڑیں پڑی اور آہستہ آستہ گھر زمین بوس ہونے لگے۔

    اب تک 5گھر مکمل طور پر گر چکے ہیں جبکہ 50 سے زائد گھر اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    علاقہ کے کونسلر کے مطابق گھروں کے نیچے سے خشک کاریز گزر رہا ہے، حالیہ دنوں سیوریج کا پانی کا رخ کاریز کی طرف موڑا گیا ہے جس سے زمین بیٹھنا شروع ہوگئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے لوگوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متبادل جگہ کا بندوبست کرلیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کوئٹہ دھماکہ کا ہدف آئی جی آفس تھا، گاڑی کراچی میں رجسٹرڈ ہے

    کوئٹہ دھماکہ کا ہدف آئی جی آفس تھا، گاڑی کراچی میں رجسٹرڈ ہے

    کوئٹہ : شہدا چوک پر دھماکے میں پچھتر کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔ جس کار سے دھماکا کیا گیا وہ کراچی میں رجسٹرڈ تھی۔ سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے دہشت گردوں کا ہدف آئی جی آفس تھا۔

    کوئٹہ میں خوفناک دھماکے کے بعد سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہداکٹھے کرناشروع کیے، سیکریٹری داخلہ بلوچستان بھی شہدا چوک آئے۔

    انہوں نےانکشاف کیا کہ دہشت گردوں کاممکنہ ہدف آئی جی آفس تھا۔ خودکش حملہ آور اندرگھس کر تباہی مچانا چاہتاتھا، آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم بھی جائےوقوعہ پرپہنچے۔

    ابتدائی رپورٹ میں دھماکہ خودکش قراردیا گیاہے، گاڑی میں پچھتر کلو دھماکا خیز مواد موجود تھا جس میں نٹ بولٹ اوربال بیرنگ استعمال کیے گئے۔


    مزید پڑھیں : کوئٹہ:جناح چیک پوسٹ کےقریب دھماکہ‘11افرادجاں بحق


    دھماکے میں تباہ ہونےوالی گاڑی کی نمبر پلیٹ درست حالت میں ہے گاڑی کانمبر،ٹی۔فور تھری ڈبل سیون ہےجو کراچی میں رجسٹرڈ ہے گاڑی کورنگی فائیو بی کے رہائشی جمیل الرحمان کے نام پر ہے۔

    انیس سو چھیاسی ماڈل کی گاڑی کاٹیکس آخری بارسال دوہزارآٹھ میں جمع کیاگیا اے آر وائی نیوز کی خبر پرآئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے گاڑی کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

  • چمن بارڈر: افغانی فوج کے وفد کی پاکستان آمد، افطاراورنمازمغرب ادا کی

    چمن بارڈر: افغانی فوج کے وفد کی پاکستان آمد، افطاراورنمازمغرب ادا کی

    کوئٹہ : چمن میں باب دوستی سے گزرکرافغان فوجیوں کا وفد پاکستان آیا، پاک فوج نے افغان فوجیوں کے لیے افطارکا اہتمام کیا، پاکستانی اورافغان فوجیوں نے ایک ساتھ نماز مغرب ادا کی، متنازع امور پرعید کے بعد بات چیت پراتفاق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے بعد برف پگھلنے لگی، افغان فوج کا وفد چمن میں پاک فوج کا مہمان بنا۔

    افغان کمانڈر کرنل محمد شریف اپنے افسروں اورسپاہیوں کے ہمراہ آئے تو پاک فوج کے کمانڈر نارتھ سیکٹر بریگیڈئیر ندیم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس موقع پر خوب گھل مل کر گفتگو ہوئی۔ پاک فوج کی جانب سے افطارکا اہتمام کیا گیا تھا، دونوں ملکوں کے فوجیوں نے ایک ساتھ افطار کی۔

    شانہ بشانہ کھڑے ہو کرنماز مغرب بھی ادا کی گئی۔ بعد ازاں بات چیت میں دونوں جانب سے یہ طے ہوا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین متنازع حدود کامعاملہ عید کے بعد حل کیا جائے گا۔

    خوشگوار ماحول میں مذاکرات کےبعد دونوں ملکوں کے فوجیوں کو تحائف پھول اورمٹھائی بھی دی گئی۔

  • کوئٹہ : ایف سی بلوچستان کی کارروائی، بی ایل اے کے دودہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : ایف سی بلوچستان کی کارروائی، بی ایل اے کے دودہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ / راولپنڈی : ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد کامیابی سےجاری ہے۔ فورسزکی کارروائیوں میں کوئٹہ میں دو دہشت گرد ہلاک اورجنوبی وزیر ستان سے بھاری ہتھیاراورگولہ بارود برآمد ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق (فرنٹئیر کانسٹیبلری) ایف سی بلوچستان نے کوئٹہ میں آپریشن ردالفساد کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک کارروائی کے دوران بی ایل اے کے دو مطلوب دہشتگردوں کو فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا۔

    مارے گئے دہشت گرد مسلح افواج پرحملوں، اغواء برائے تاوان سمیت بارودی سرنگیں نصب کرنے میں مطلوب تھے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

    یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقوں نیزخان خیل، رازین اور نذر خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئیں۔ برآمد کیے گئے اسلحہ میں مشین گنیں، دستی بم، مارٹر، راکٹ اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔

  • لیویز کا غیر معیاری اسلحہ، خریداری کی انکوائری کریں گے، ثنا اللہ زہری

    لیویز کا غیر معیاری اسلحہ، خریداری کی انکوائری کریں گے، ثنا اللہ زہری

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ لیویز فورس کے لیے ماضی میں غیر معیاری اسلحہ خریدا گیا جس کی تحقیقات کررہے ہیں سرکاری محکموں میں بوگس ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمر جنسی کنٹرول روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے نئی خریدی گئی 10 بکتر بند گاڑیاں‘ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس کے حوالے کیں، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے لیویز فورس کے لیے مزید 20 بکتر بند گاڑیاں خریدنے کا بھی اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ ماضی میں لیویز فورس کے لیے جو اسلحہ خریدا گیا وہ غیر معیاری تھا موجودہ حکومت فورس کے لیے اسلحہ و دیگر سامان کی خریداری میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھ رہی ہے۔

    خواہش ہے کہ اپنی فورسز کو مزید مضبوط کریں، صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا آئندہ بجٹ بھی عوام دوست ہوگا۔

    ہماری حکومت نے سرکاری محکموں میں بوگس ملازمین کی جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ کیا بوگس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • شہید ڈی ایس پی عمرالرحمان سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    شہید ڈی ایس پی عمرالرحمان سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کوئٹہ : دہشت گردوں کی فائرنگ سے گزشتہ روز شہید ہونے والے ڈی ایس پی عمرالرحمان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ جیل روڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

     تفصیلات کے مطابق تھانہ قائد آباد کے ڈی ایس پی عمر الرحمان کو گزشتہ رات افطاری کے بعد نامعلوم افراد نے بھتیجے سمیت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا ،عمر الرحمان بعد ازاں سی ایم ایچ میں زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئے تھے۔

    شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ جیل روڈ کے قبرستان میں ادا کی گئی جس میں آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ،ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت صوبے کے پولیس اور عسکری حکام کے علاوہ قبائلی معززین نے بھی شرکت کی،۔

    شہید ڈی ایس پی کو پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ،شہید عمرالرحمان کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ صدر کوئٹہ میں درج کرلیا گیاہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں فائرنگ‘ ڈی ایس پی شہید

    دوسری جانب ڈی ایس پی عمرالرحمان کو شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر پہنچائے جانے کے بعد ٹراما سینٹر کے نیورو کنسلٹنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی کی غیر حاضری پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ یاسر خان بازئی نے کمشنر کو مراسلہ لکھتے ہوئے متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف غیر ذمہ داری اور فرائض میں غفلت پر کارروائی کی سفارش کی ہے۔

    یاد رہے کہ شہید عمرالرحمان کے بڑے بھائی ڈی ایس پی شمس الرحمان آٹھ اگست دوہزار تیرہ کو پولیس لائن کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔

  • کوئٹہ سے 3 چینی باشندے اغوا

    کوئٹہ سے 3 چینی باشندے اغوا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے 3 چینی باشندوں کو اغوا کر لیا گیا۔ مزاحمت کے دوران فائرنگ سے سیکیورٹی پر تعینات گارڈ زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق جناح ٹاؤن سے اغوا کیے جانے والوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔

    اغوا کے دوران مزاحمت کرنے والا سیکیورٹی گارڈ مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔

    بعد ازاں گارڈ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اغوا کاروں کی تعداد 4 تھی۔ اغوا کار سلور رنگ کی کار میں آئے جس پر نمبر پلیٹ نہیں تھی۔

    گارڈ کے مطابق اس نے کار سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے فائر کیا۔

    زخمی گارڈ کا کہنا ہے کہ مغویوں میں ایک خاتون پاکستانی اور ایک غیر ملکی تھیں۔

    واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی جنہوں نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف بتائیں‌ ان کے بھارت میں‌ کیا مفادات ہیں؟ عمران خان، کوئٹہ جلسہ

    نواز شریف بتائیں‌ ان کے بھارت میں‌ کیا مفادات ہیں؟ عمران خان، کوئٹہ جلسہ

    کوئٹہ:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی اگر بھارت میں پکڑا جاتا تو وہ کبھی آئی سی جے نہیں جاتے، نواز شریف بتائیں ان کے بھارت میں کیا مفادات ہیں؟ اپنے کاروبار سامنے لائیں، ڈان لیکس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، سوشل میڈیا پر کوئی قدغن لگائی تو سڑکوں پر آجائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ ایوب اسٹیڈیم میں پانچ سال بعد کیے گئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسٹیج پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

     

    بلوچستان میں اتنی بے روزگاری کیوں ہے؟

    عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ کے لوگ باشعور ہیں،اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا لیکن یہاں بے روزگاری ہے، بلوچستان میں کیوں اتنی غربت اور بے روزگاری ہے؟  پاکستان کے شمالی علاقوں کے پہاڑ سوئٹزر لینڈ سے زیادہ خوبصورت ہیں،انگریز ہندوستان میں طویل حکومت کرکے سب سے امیر ملک بن گیا۔

    ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی تھی اور اب شریف فیملی لمیٹڈ کمپنی ہے

    انہوں نے کہا کہ  ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی تھی اور اب شریف فیملی لمیٹڈ کمپنی ہے،شریف فیملی کے ساتھ اور بھی کچھ خاندانوں کی کمپنیاں ہیں، یہ کمپنیاں امیر تر ہوتی جارہی ہیں اور قوم غریب تر، یہ کمپنیاں یہاں سے پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیج رہی ہیں اور کرپشن کرکے قوم کو تباہ کررہی ہیں۔

    منی لانڈرنگ اور کرپشن ہورہی ہے

    انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ حکومت کو جاتا ہے اور اقتدار والے چوری کرتے ہیں، یہ لوگ منی لانڈرنگ اور کرپشن کرکے پیسہ پاناما اور دبئی بھیجتے ہیں،قوم دو طرح سے نقصان اٹھاتی ہے،پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا جاتا ہے اور پھر ٹیکس لگا کر چوری کی جاتی ہے۔

    دبئی میں پراپرٹی خریدنے کے لیے یہاں سے 800 ارب روپے گئے

    انہوں نے کہا کہ  ملک کا زیادہ نقصان چوری کے پیسے کی منی لانڈرنگ سے ہوتا ہے،800 ارب روپے یہاں سے دبئی پراپرٹی خریدنے کے لیے گئے، ملک میں ہر سال ایک ہزار ارب روپے چوری ہوکر باہر جاتے ہیں، یہ سارا پیسہ اگر پاکستانیوں پر لگایا جاتا تو آج کا پاکستان بہت مختلف ہوتا۔

    حکمرانوں نے سب سے بڑا ڈاکا بلوچستان پر مارا

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سب سے بڑا ڈاکا بلوچستان پر مارا ہے، وفاق سے حصہ نہیں ملتا اور جو لیڈر بیٹھے ہیں وہ لوٹ رہے ہیں، مشتاق رئیسانی جیسے لوگ پیسہ چوری کرتے ہیں جو آپ کا پیسہ ہے، لوچستان کا ترقیاتی فنڈ عوام  کے پاس جاتا تو  یہ حالت نہ ہوتی۔

    پاکستانی بھارت میں پکڑا جاتا تو وہ کبھی آئی سی جے میں نہیں جاتے

    کلبھوشن کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی بھارت میں پکڑا جاتا تو وہ کبھی آئی سی جے میں نہیں جاتے، بھارت اس پاکستانی کو کب کا پھانسی پر لٹکا چکی ہوتی،نواز شریف اپنے ذاتی مفاد کےلیے کھڑے ہیں پاکستان کے مفاد کے لیے نہیں۔

    نواز شریف بتائیں ان کے بھارت میں کیا مفادات ہیں؟

    عمران خان نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  آپ کے بھارت میں کیا مفادات ہیں؟کاروباری شخص جندال آتا ہے اور کلبھوشن کو بچالیتا ہے،تحقیقات کی جائیں نواز شریف کے ملک سے باہر کیا مفادات ہیں؟ وہ اپنے کاروبار ڈکلیئر کریں۔

    ڈان لیکس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے

    انہوں نے ڈان لیکس پر کہا کہ  پاکستان قوم چاہتی ہےکہ نواز  شریف قوم سے سچ بولیں، نوازشریف آپ نے پاکستانی فوج سے غداری کی ہے،نوازشریف صاحب سن لیں، ہم  ڈان لیکس کے معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

    بلوچستان کی پولیس کو کے پی کے پولیس جیسا بنائیں گے

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پولیس والے کہتے ہیں ہمیں کے پی کے جیسا ایکٹ چاہیے،آج خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاروں کی لائن لگی ہوئی ہے،خیبرپختونخوا پولیس سے لوگ خوش ہیں وہاں سرمایہ کاری ہورہی ہے،انشااللہ بلوچستان کی پولیس کو بھی خیبرپختونخوا پولیس جیسا بنائیں گے۔

    سوشل میڈیا پر کوئی قدغن لگائی تو سڑکوں پر آجائیں گے

    سوشل میڈیا سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکمران سن لیں،  پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کو ہاتھ نہ لگائیں، ہم کسی صورت عوام کی آواز دبانےنہیں دیں گے،چھوٹے صوبوں کو جو ان کا حق ہے وہ ہی نہیں دیا جاتا،سوشل میڈیا پر کوئی قدغن لگائی تو سڑکوں پر آجائیں گے۔

    کے پی کے میں کرپشن ختم کردی

    انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن کافی حد تک ختم کردی گئی ہے، ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں کرپشن کا نام و نشان تک نہ ہو۔

    چین کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو روزگار ملے گا، شیخ رشید

    قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چین پر ہماری جان قربان ہے وہ ہمارابھائی ہے،چین کو تجارت کے لیے راستہ دے رہے ہیں،چین کے ذریعے بلوچستان  کے عوام کو روزگار ملے گا۔

    چین کے ذریعے غربت کی جنگ لڑیں گے

    ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کی جنگوں میں نہیں جانا چاہتے،ہماری جنگ غربت سے ہے، چین کے ذریعے ہم اس غربت کی جنگ سے لڑیں گے۔

    نواز شریف کی وجہ سے بھارت میں آج جشن منایا جارہا ہے

    انہوں نے کہا کہ بھارتی صنعت کار سجن جندال پاکستان آیا اور نواز شریف نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے بھارت میں آج جشن منایا جارہا ہے،جشن منانے والو سن لو، آج پاکستان متحد ہے،ہم سب ایک ہیں۔

    ہم دوستی چاہتے ہیں لیکن کشمیر میں ظلم برداشت نہیں

    انہوں نے کہا کہ ہم دوستی چاہتے ہیں لیکن کشمیر میں ظلم برداشت نہیں، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو تباہ کردیں گے، کپتان کے ساتھ اس لیے ہوں کہ پاکستان کی تقدیر بدلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی جے آئی ٹی سے ن لیگ کا سیاسی جنازہ نکلے گا۔

    کلبھوشن کیس کا فیصلہ عالمی عدالت میں نہیں مری کی پہاڑیوں پر ہوا، شاہ محمود قریشی

    اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئٹہ پہنچے تو دیگر سیاسی جماعتوں کے جلسے ملتوی ہوگئے، کلبھوشن کیس کا فیصلہ دی ہیگ میں نہیں،مری کی پہاڑیوں پر ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں 70 سال کی ناانصافی ہو وہاں غربت نہ ہوگی تو کیا ہوگا، پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہوگا تو مستقبل محفوظ ہوگا، بلوچستان کو ہمیشہ احساس محرومی میں رکھا گیا،ہم تمام صوبوں کی لڑائی لڑیں گے،پاکستان کی عظمت کی لڑائی لڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ملی تو بلوچستان کے قدرتی وسائل آپ کےلیے استعمال ہوں گے،  70 برس کی محرومیاں ختم کرکے آپ کو حق ملے گا،بلوچستان کے وسائل سب سے پہلے بلوچستان کے لیے استعمال ہوں ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج کہتے ہیں کہ کون بچائے گا بلوچستان، عمران خان عمران خان،اچکزئی خود کو پختونوں کا لیڈر سمجھتے ہیں اور بندکمرے میں آرام کرتے ہیں، بلوچستان میں غربت زیادہ ہے تو یہاں غیرت بھی زیادہ ہے، محمود خان اچکزئی فاٹا اصلاحات بل کی مخالفت کر رہے ہیں، عمران خان بلوچستان کے حقوق پر کسی کو ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پی ٹی آئی کا یہ جلسہ پانچ برس بعد ہوا، جلسہ گاہ میں 40 ہزار افراد کے لیے کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ اطراف میں عمران خان کی تصاویر والے بینرز اور پوسٹر آویزاں کیے گئے۔

    جلسے کی سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کیے گئے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق جلسے کی حفاظت پر پولیس اور ایف سی کے5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ایف سی بلوچستان پولیس کو سیکیورٹی میں معاونت کا حکم دیا گیا۔


    مزید پڑھیں : تحریک انصاف جلسہ: عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے


    خیال رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان دیگر پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ جمعرات کو کوئٹہ پہنچے، ائیر پورٹ پر پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند دیگر رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

    ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے آئی سی جے کی جانب سے کلبھوشن کا فیصلہ آنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ممکن ہے یہ میچ بھی فکس کیا گیا ہو‘‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان انہیں پہلے آنا تھا تاہم پانامہ کی وجہ سے نہ آسکے ، پانچ سال بعد کوئٹہ میں جلسے کرنے جارہے ہیں جس کے لئے بے حد منتظر ہوں‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔