Tag: Quetta

  • کوئٹہ:ایف سی اورحساس ادارے کی کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

    کوئٹہ:ایف سی اورحساس ادارے کی کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

    کوئٹہ : ایف سی اور حساس ادارے نے چاغی کے علاقے میں کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں چاغی کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کی ، کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے، برآمد ہونے والے اسلحے میں43دستی بم، 3ایل ایم جی،3 کلاشنکوف اور 1خودکش جیکٹ شامل ہیں ۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں راکٹ کے13 گولے،2 دیسی ساختہ، 3رائفل، راکٹ لانچر، مشین گن،5بارودی سرنگیں، گولیاں ودیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اسلحہ بھارت اور افغانستان سے پہنچایا گیا تھا۔

    ملک کے مختلف شہروں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں

    دوسری جانب ملک کےمختلف شہروں میں جرائم پیشہ عناصرکےخلاف کارروائیوں کےدوران دہشتگردوں کے دو سہولت کاروں سمیت انہتر افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    مردان میں پولیس نے ساڑوشاہ میں کومبنگ آپریشن کے دوران پینسٹھ افراد کو حراست میں لے کراسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کےمطابق زیرحراست افراد میں دوسہولت کار بھی شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی نےدیرمیں کارروائی کے دوران دستی بم اور راکٹ برآمد کرلیا جبکہ گوجرانوالہ میں سرچ آپریشن کے دوران چارمشتبہ افراد کو حراست میں لیکراسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد کرلی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ملک بھرمیں مردم شماری کا آغاز، آصف باجوہ نے افتتاح کیا

    ملک بھرمیں مردم شماری کا آغاز، آصف باجوہ نے افتتاح کیا

    کراچی / لاہور / پشاور/ کوئٹہ / گلگت بلتستان : ملک بھر کی آبادی کے درست تعین کیلئے انیس سال بعد خانہ و مردم شماری کاآغاز ہوگیا۔ چیف شماریات آصف باجوہ نے ضلع اٹک اور شہباز شریف نے لاہور میں مردم شماری کا افتتاح کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف شماریات آصف باجوہ نےضلع اٹک سے چھٹی مردم شماری کا افتتاح کردیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےاپنی رہائش گاہ کی خانہ شماری خود کرکے لاہورماڈل ٹاؤن میں مردم شماری کا افتتاح کیا، صوبہ پنجاب کواسی ہزاربلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہرشمار کنندہ کے ساتھ ایک اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے گا۔

    کراچی سمیت سندھ کےچھ اضلاع میں مردم شماری کا آغاز وقت مقررہ پر ہوا۔ عملے کو سینٹرز سے بلاک تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں چودہ ہزارچار سو چورانوے بلاک بنائے گئے ہیں۔

    پشاورکےتیرہ اضلاع قبائلی ایجنسی اورکزئی میں بھی خانہ شماری سخت سیکیورٹی میں جاری ہے۔ عملے نے گھر گھر جاکر معلومات لینا شروع کردی۔ خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر دوہزار دوسو تریسٹھ بلاک بنائے گئے ہیں۔

    کوئٹہ میں مردم شماری کیلئے پہلے مرحلےمیں بلوچستان کے پندرہ اضلاع کو چھ سوانتیس بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے۔ عملے کےچھ ہزارنو سو ترپن افراد کی سیکیورٹی کیلئے تین ہزار پانچ سو بتیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں مردم شماری متنازع ہونے کا خدشہ

    آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے پانچ پانچ اضلاع میں بسنے والوں کی بھی گنتی کا آغازہوگیا ہے۔ انیس سال بعد ہونے والی مردم شماری میں غلط معلومات فراہم کرنے والوں کو چھ ماہ قید اورپچاس ہزار روپے جرمانے یا پھر دونوں سزاؤں کو ایک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • کوئٹہ: سیکرٹری ہائی ایجوکیشن اغوا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے لیا

    کوئٹہ: سیکرٹری ہائی ایجوکیشن اغوا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے لیا

    کوئٹہ:سیکریٹری ہائرایجوکیشن عبداللہ جان کو علی الصبح اغوا کرلیا گیا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بدھ کے روز سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن عبداللہ جان کو گھر سے دفتر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے‘ تاحال مغوی کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

    پولیس کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ بروری روڈ پر پیش آیا جب عبداللہ جان اپنے گھر سے دفتر جارہے تھے ان کی گاڑی وہیں بروری روڈ پر پائی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ نواب زہری کا نوٹس

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے اس ہائی پروفائل اغوا کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مغوی سیکرٹری کو جلد از جلد بازیاب کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    پولیس کے سامنے 3 افراد پر فائرنگ ، ملزمان باآ سانی فرار

    واضح رہے کہ تین روز قبل منان چوک پر تین افراد کو سرعام چھریاں ماردی گئیں، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے اور باپ بیٹے کو چھریاں مارتے رہے، پولیس قریب کھڑی تماشاد یکھتی رہی۔

  • کوئٹہ میں ڈمپرمکان پرگرنےسے8افرادجاں بحق

    کوئٹہ میں ڈمپرمکان پرگرنےسے8افرادجاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ریت سے بھرا ڈمپر مکان پر گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کےآٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    تفصیلات کےمطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے وسطی علاقے ڈبل روڈ پر زیر تعمیر عمارت کےلیے ریت لانے والا ڈمپر زمین میں دھنس جانے کے باعث کچے مکان پر الٹ گیا،جس سے مکان مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔

    مکان میں مجموعی طور پر تیرہ افراد موجود تھے جن میں سےآٹھ افرادجاں بحق ہوگئےجن میں دوخواتین، دومرد، تین بچیاں اور ایک بچہ شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کےمطابق دو افراد کوزخمی حالت میں مکان کے ملبے سےنکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیاہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نےافسوناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثہ،میونسپل کمیٹی قلات کےچیئرمین اور 3 کونسلز جاں بحق

    یاد رہےکہ گزشتہ سال اکتوبرمیں بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثے میں میونسپل کمیٹی قلات کےچیئرمین اور تین کونسلروں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئےتھے۔

    مزید پڑھیں:بلوچستان میں ویگن کھائی میں گرنے سے 10افراد جاں بحق

    واضح رہےکہ گزشتہ سال نومبر میں صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر ویگن کھائی میں گرنے سے10افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئےتھے۔

  • کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، دو بموں کو ناکارہ بنادیا گیا

    کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، دو بموں کو ناکارہ بنادیا گیا

    کوئٹہ : قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، سڑک کنارے رکھے گئے دو بموں کو بی ڈی ایس نے ناکارہ بنادیا۔

    پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے اسپنی روڈ پر ایس ایس پی ٹریفک کے دفترکے قریب سڑک کنارے مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

    بی ڈی ایس نے بیگ کو چیک کیا تو اس میں دو بم موجود تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد انسٹرکٹر گن کے ذریعے فائر کرکے دونوں بم ناکارہ بنادیئے، پولیس حکا م کا کہنا ہے کہ دونوں بم پانچ سے سات کلو وزنی تھے۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ اکثر و بیشتر دہشت گردانہ کارروائیوں کی زد میں آتا رہتا ہے۔ اس سے قبل یکم مارچ کو لنک سریاب روڈ پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر پر قابو پانے کے لیے آپریشن رد الفساد کا بھی آغاز کیا جا چکا ہے جس کے تحت روزانہ درجنوں مشتبہ افراد گرفتار کیے جارہے ہیں۔

    ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز و پولیس کی کارروائیوں میں اب تک کئی دہشت گرد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

  • کوئٹہ : پولیس کے سامنے 3 افراد پر فائرنگ ، ملزمان باآ سانی فرار

    کوئٹہ : پولیس کے سامنے 3 افراد پر فائرنگ ، ملزمان باآ سانی فرار

    کوئٹہ : منان چوک پر تین افراد کو سرعام چھریاں ماردی گئیں، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے اور باپ بیٹے کو چھریاں مارتے رہے، پولیس قریب کھڑی تماشاد یکھتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ منان چوک پرقانون کے رکھوالوں کے سامنے قانون کا خون ہوگیا۔ ضلعی عدالت کے قریب چاقو اور گولیاں چل گئیں۔

    عدالت روڈ پر پرانی دشمنی کی بنا پر کارسوار غنڈوں کے گروپ نے پیشی پرآنے والے باپ بیٹے پر قاتلانہ حملہ کردیا۔

    کار سوار ملزمان نے چن چن کر مخالف گروپ کے افراد پر گولیاں چلائیں اور چاقو کے وار کرکے لہو لہان کردیا۔ فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، زخموں سے چور افراد تڑپتے رہے کوئی ان کی مدد کو نہ آیا۔

    پاس ہی کھڑے پولیس اہلکاروں پر بھی بدترین بربریت کا کوئی اثر نہیں ہوا جو خاموش تماشائی بنے قانون پامال ہوتا دیکھتےرہے، ملزمان سرعام غنڈہ گردی کرکے اطمینان سے گاڑی میں بیٹھے اورفرارہوگئے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے کر موجود اہلکاروں کی معطلی کی ہدایت کردی ہے۔

  • ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری

    ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری

    اٹک / کوئٹہ / پشاور/ کراچی : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف چپے چپے کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ جرائم ہپیشہ افراد کی گرفتاری اوران سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ملک بھر میں آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری ہے۔ کوئٹہ کے علاقے بارکھان میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سےاسلحہ گولہ بارود برامد کرلیا، قبضے میں لئے گئے اسلحے میں سولہ مارٹر راؤنڈز، ساٹھ کلو بارود، پانچ مائینز، چالیس فیوز، چھیالیس ڈیٹو نیٹرزاور مختلف ساخت کے ہرازوں راؤنڈز شامل ہیں۔

    اٹک میں پولیس اور رینجرز اور حساس اداروں نے ضلع بھر میں ردالفساد کے تحت تین سو ترانوے افراد کو گرفتارکرلیا۔ گرفتارشدگان میں آٹھ غیر ملکی بھی شامل ہیں، بنوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کی فائرنگ کے تبادلے کے دروان ایک شدت پسند ساتھی سمیت گرفتار ہوگیا۔

    راولپنڈی میں سی ٹی ڈی نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے پانچ کلو دھماکا خیز مواد اور ڈیٹو نیٹر برامد کرلیں، پشاور میں اسپیشل یونٹ نے دہشت گرد عمل گل کو گرفتار کرلیا۔

    دہشت گرد نے دوہزار نو میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر کے طور پر خود کش حملہ آور تیار کرکے مومن ٹاؤن بھیجا تھا، کراچی کے علاقے فرئیر سے چار افغان باشندوں کو گرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • آپریشن ردالفساد جاری : بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    آپریشن ردالفساد جاری : بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    کوئٹہ/ سوات /سکھر/ چنیوٹ : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، بلوچستان میں کاہان کے علاقے چوٹھ کیمپ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرکے گولہ بارود برآمد کرلیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں چوبیس دستی بم چھوٹی مشین گن کی چار ہزارنو سو گولیاں، بارہ اعشاریہ سات ایم ایم گن کے چارسو تریپن راؤنڈز شامل ہیں۔

    دوسری جانب کوہلو کے علاقے نیساؤ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپائے گئے چھیانوے مارٹر گولے برامد کرلئے۔

    سوات پولیس نے آپریشن کے دوران دو روپوش دہشت گردوں سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسلم اور علی اکبر دھماکوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔

    چنیوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے مبینہ دہشت گرد احمد رضا مسعود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ اور اسلحہ برامد ہوا ہے۔

    سکھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرکے ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

  • بلوچستان نرسزایکشن کمیٹی کا پیرسے مکمل ہڑتال کا اعلان

    بلوچستان نرسزایکشن کمیٹی کا پیرسے مکمل ہڑتال کا اعلان

    کوئٹہ : بلوچستان نرسز ایکشن کمیٹی نے  13نکاتی مطالبات کے حق میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں پیر سے مکمل ہڑتال کرکے کام چھوڑنے کا اعلان کردیا، طالبات کی منظوری تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان نرسز ایکشن کمیٹی کی چیئرمین امیلیہ ولیم اور دیگر رہنماﺅں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں نرسنگ کے شعبہ کے ساتھ امتیاز برتا جارہا ہے۔

    سروس اسٹریکچر نہ ہونے سے نرسز کی ترقی نہیں ہوتی، تنخواہیں قلیل ہیں، رہائش کا مناسب انتظام نہیں اور نہ ہی الاﺅنسز دیئے جاتے ہیں۔

    نرسز رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ اپنے مطالبات کے حق میں وہ 23 جنوری سے ریلیاں اور مظاہروں کا انعقاد کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کراوا رہے ہیں مگر حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اس لئے اب ماسوائے ایمرجنسی، لیبر روم اور ٹراما سینٹر کے نرسز اور پیر 13 فروری سے کسی بھی شعبہ میں ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گی۔

    نرسز نے سروس اسٹرکچر، پروموشن، ہیلتھ پروفیشنل رسک الاﺅنس ومختلف وظائف دینے اور رہائشی انتظامات سمیت  13مطالبات پیش کئے۔

    نرسزرہنماؤں کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی، بعد ازاں انہوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

  • بارشوں سے بلوچستان میں تباہی، مکانات منہدم، 7 افراد جاں بحق

    بارشوں سے بلوچستان میں تباہی، مکانات منہدم، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری نے کئی علاقوں میں تباہی مچادی، حادثات میں کم ازکم 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، کئی گاڑیاں برساتی نالوں میں بہہ گئیں،متعدد علاقوں میں مکانات گرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اوربرف باری معمولی وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی، پہاڑ برف میں ڈھک گئے، برساتی نالے بپھر گئے، چمن میں سید حمید ندی میں بارش کے بعد شدید طغیانی کے باعث ایک خانہ بدوش خاندان پھنس گیا۔

    rain-post-1

    بارش کے باعث توبہ اچکزئی میں درجنوں گھر گرگئے، پشین سمیت مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں،فائبر آپٹک کیبل کٹ جانے سے مواصلاتی نظام شدید متاثرہوا۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں میں 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔

    متاثرہ اضلاع میں ساڑھے 9 ہزار خیمے، ساڑھے 6 ہزار کمبل، ساڑھے 4 ہزار پلاسٹک شیٹس تقسیم کی گئیں۔ تقریباً ساڑھے5 ہزار سلیپنگ بیگ، ساڑھے 8 ہزار ترپالیں اور ساڑھے 7 ہزار کھانے پینے کے سامان کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

    rain-post-2

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی ہے کہ دور درازعلاقوں تک امدادی سامان پہنچایا جائے،سامان صرف مستحق افراد کو دیا جائے، سامان کی تقسیم میں کسی قسم کا دباﺅ قبول نہ کیا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

    اسکردوکا زمینی رابطہ تاحال منقطع

    علاوہ ازیں اسکردو شہراور گردونواح میں برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا، اسکردو کا مضافاتی علاقوں  سے 2 روز بعد بھی زمینی رابطہ بحال نہ ہوسکا، سنگھوس کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    برف باری اور بارش رکنے تک  صوبائی حکومت نے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہری علاقوں میں درجہ حرارت  منفی8  جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔