Tag: Quetta

  • کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    کوئٹہ: فاطمہ جناح روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے، جاں بحق اہلکاروں میں1 پولیس اور 3 ایف سی کے اہلکار شامل تھے جبکہ فائرنگ سے ایک راہ گیر زخمی ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوا، فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کو کوئٹہ سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق منتقل کیے گئے 6 میں سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے ایک پولیس جبکہ تین ایف سی کے اہلکار ہیں جبکہ ایک شخص زخمی ہے جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔

    فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے جبکہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم تفتیش کے بعد تفصیلی بیان جاری کیا جائےگا۔


    پڑھیں: ’’ کوئٹہ، مستونگ میں فائرنگ 4 افراد جاں بحق ‘‘


    پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے نے ناکے پر کھڑے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے خول بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

    خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رواں سال سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں کئی اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں نے عوامی مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔


    مزید پڑھیں: ’’ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ،62 اہلکار شہید، 118 زخمی ‘‘


     یاد رہے گزشتہ ماہ کوئٹہ میں فائرنگ سے تین ایف سی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے جبکہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 2 مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے تاہم رواں ماہ دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کر کے 62 کیڈیٹس کو نشانہ بنایا تھا۔
  • کوئٹہ: پولیس کا نہتے معذور مظاہرین پر بہیمانہ تشدد

    کوئٹہ: پولیس کا نہتے معذور مظاہرین پر بہیمانہ تشدد

    کوئٹہ: پولیس نے بے حسی کی حد کردی، احتجاج کرنے والے معذور افراد کو منتشر کرنے کے لیے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے، اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر معذور افراد کو گھسیٹا اور تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بے روزگار معذورافراد نے غربت اور تنگ دستی سے تنگ آکر انتظامیہ کے خلاف دھرنا دیا، ریڈ زون سے ملحق ہاکی چوک پرمعذور افراد نے ٹائر جلائے اور نعرے بازی کرتے ہوئے کوٹے کے مطابق ملازمتیں‘ خصوصی گرانٹ اور ٹرائی موٹرسائیکلوں کی فراہمی کا مطالبہ کررہے تھے

    اس دوران احتساب عدالت کے جج کی گاڑی وہاں پہنچی تو مظاہرین نے انہیں بھی جانے نہ دیا اور گاڑی کے سامنے لیٹ گئے، جج نے گاڑی سے اتر کر پولیس کو راستہ کھولنے کا کہا جس پر پولیس نے مظاہرین پر تشدد کرکے گاڑی کے سامنے لیٹنے والے شخص کو گھسیٹ کر دور کردیا۔

    اس موقع پر کوئٹہ پولیس نے بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے مظاہرین پر ڈنڈے اور لاٹھیاں برسا دیں، مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے کوئٹہ پولیس معذورافراد پر ٹوٹ پڑی، کسی کو گھیسٹا اور کسی کو مارا۔

    پولیس کے رویے کے خلاف معذور افراد نے شدید احتجاج بھی کیا، احتجاجی دھرنے کے باعث زرغون روڈ ، پرنس روڈ بلاک ہونے سے وسط شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    معذور افراد کے دھرنے کے دوران راستہ نہ دینے پر شہریوں اور مظاہرین کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار کو بھی مظاہرین نے زدوکوب کیا، دھرنے کے باعث شہر کے وسطی علاقوں میں ٹریفک شدید جام رہا جس سے شہری اور خصوصاً طلباءو طالبات کو مشکلات سامنا کرنا پڑا.

    پانچ گھنٹے طویل دھرنا دینے کے بعد معذور افراد نے ڈپٹی کمشنر عبدالواحد کاکڑ کی جانب سے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔

  • اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے کے لیے بلایا گیا، ورثا کا انکشاف

    اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے کے لیے بلایا گیا، ورثا کا انکشاف

    کوئٹہ: سانحہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں زخمی و جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے پیاروں کو پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد اسلام آباد میں دھرنے کے لیے واپس بلایا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز الیونتھ آور کے میزبان وسیم بادامی سانحہ کوئٹہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں سے خصوصی بات چیت کرنے اسپتال پہنچے تو انہیں حال ہی میں پاسنگ آؤٹ ہونے والے کیڈیٹ نے کہا کہ ’’دو روز قبل ہماری ٹریننگ مکمل ہوگئی تھی تاہم سنیئر پولیس آفیسر نے ہمیں واپس بلوایا‘‘۔

    11th Hour 25th October 2016 by arynews

    علاوہ ازیں گزشتہ روز نشانہ بننے والے ایک اور اہلکار کے اہل خانہ نے انکشاف کیا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے کے لیے واپس آنے کے احکامات دئیے گئے، انہوں نے بتایا کہ واپس بلائے گئے اہلکاروں کو 2 نومبر کے دھرنے میں بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں‘‘۔

    قبل ازیں وزیر داخلہ بلوچستان نے وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے اہلکاروں کو واپس بلوانے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، اس معاملے میں جو بھی ملوث ہوا اُسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

  • کوئٹہ : ایف سی سے مقابلہ، ایک دہشت گرد ہلاک، اہلکار زخمی

    کوئٹہ : ایف سی سے مقابلہ، ایک دہشت گرد ہلاک، اہلکار زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے تمپ اور مند میں ایف سی اور حساس اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ سر چ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق تمپ اور مند کے علاقے کوہار اور گوبرد کے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے اطلاع پر ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا۔

    ہلاک ہونے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، سر چ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

    اسلحہ میں چار آر پی جی رونڈز دو ایس ایم جیز اور تین شارٹ گن شامل ہیں، اسلحہ کے علاوہ تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید تحقیقات کی جارہی ہے، دوسری جانب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بھی ایف سی اورپولیس کا کومبنگ آپریشن جاری ہے، مذکورہ آپریشن دہشت گردوں کی تلاش میں کیا جارہا ہے۔

     

  • کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی پانچ خواتین کے قتل کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ روز بس میں 5 خواتین کوفائرنگ کرکے قتل کئے جانے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا،۔

    مظاہرین میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شریک ہوئیں، شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور خواتین کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردارتک پہنچایا جائے، واقعہ کے خلاف حرمت نسواں فاﺅنڈیشن کے عہدیداروں کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی، جس میں انہوں نے خواتین کے قتل کو صوبے کے روایات کے منافی اوردشمن کی جانب سے سازش قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے سیکورٹی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق

     کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پودگلی چوک فائرنگ واقعہ میں جاں بحق خواتین کے لواحقین اور ہزارہ عمائدین سے امام بارگاہ نیچاری میں ملاقات کی اور مقتول خواتین کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ واقعہ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘دشمن ہم میں نفاق ڈالنا چاہتا ہے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیں گے۔

     

  • مسئلہ کشمیر کا واحد حل آزادی ہے، سراج الحق

    مسئلہ کشمیر کا واحد حل آزادی ہے، سراج الحق

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل آزادی ہے ،ملک میں اسٹیٹس کو کا نظام ختم کرنا ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی وجہ سے بھارت تقسیم ہو رہا ہے، وہ ہوش کے ناخن لیں ،بھارتی وزیر اعظم کی جنگ کی خواہش ان ہی کے گلے پڑ جائے گی۔

    سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے عوام آج بھی پانی کے لیے ترس رہے ہیں ،صوبے میں باغات خشک ہو گئے ،قدرتی وسائل ہونے کے باوجود بلوچستان مسائل کا شکار ہے.

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام ایک سے دوسری جگہ ہجرت کرنے پر مجبور ہے لیکن تمام تر مسائل کے باوجود بلوچستان کے عوام پاکستان کے وفادارہیں.

    مزید پڑھیں : مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کی درخواست

     اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی غریب آدمی اس سسٹم میں حکومت کا حصہ نہیں بن سکتا، موجودہ قیادت سے بھی بے روز گاری اور مسائل کے حل کی کوئی توقع نہیں ہے.
     ان کا کہنا تھا کہ بے روز گاری اور دیگر مسائل کی وجہ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں ،ملک میں طبقاتی نظام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

     

  • دہشت گردوں کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، ثناء اللہ زہری

    دہشت گردوں کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، ثناء اللہ زہری

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں ،انہوں نے ڈاکٹروں کو خبردار کیا کہ وہ احتجاج کی راہ نہ اپنائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے اتوار کو یارو تا پشین دو رویہ سڑک کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی شاہراہیں محفوظ بنادی گئی ہیں، انہوں نے اس موقع پرانکشاف کیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔

    دہشت گرد انہیں قتل کرکے دوبارہ منظم ہونا چاہتے ہیں ،لیکن ہم کسی قسم کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔

    نواب ثناء اللہ زہری نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ٹراما سینٹرکا افتتاح بھی کیا، افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ڈاکٹروں کو خبردار کیا کہ وہ احتجاج کی راہ پنانے کی بجائے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

    باون بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر میں تین آپریشن تھیٹر بنائے گئے ہیں جن میں دو مکمل طور پر فعال ہیں اس حوالے صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کا کہنا ہے کہ سینٹر میں مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی جلد ٹینڈر کئے جائیں گے۔

     

  • مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، لیاقت بلوچ

    مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، لیاقت بلوچ

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، بیرونی سازشوں کے خلاف پاکستانی قوم متحد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ہر سطح پر قربانیاں دے رہی ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی فوج کی بربریت کا سامنا کررہی ہے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران اور پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مؤثر پالیسی بنانی چاہئیے، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستان کیلئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، ملک کے خلاف بیرونی سازش کے خلاف پوری قوم یکسو و متحد ہے۔

    سارک سربراہ کانفرنس میں بنگلہ دیش کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ واجد بھارت کی کٹھ پتلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ کرپشن مافیا عوام کے خون پسینے کی کمائی بے دردی سے لوٹ رہی ہے۔

    بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔

     

  • قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ :  وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ، دہشت گردوں سے ڈرنے والے سابقہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیئے،صوبے میں قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں چیمبرآف کامرس بلوچستان کے جنرل باڈی اجلاس کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نہ کسی سے ڈرتاہوں اور نہ صوبے کے امن پر سمجھوتہ کروں گا، اپنے بیٹے، بھائی اور بھتیجے کی شہادت کے دن یہ تہیہ کیا تھا کہ بلوچستان کو ہر صورت میں امن دوں گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ وقت گیا جب تاجروں سمیت ہر طبقہ کے لوگ خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی بسرکرتے تھے۔

    بلوچستان میں ماضی قریب کی نسبت امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے، انہوں نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کے لئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ سی پیک کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کرکے کام کریں ،انہوں نے بھارتی جارحیت اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے اس نے کسی جارحیت کی کوشش کی کہ تو اسے منہ کی کھانی پڑیگی۔

     

  • کوئٹہ : ایف سی کی کارروائی، فراری کمانڈر ظفربگٹی مارا گیا

    کوئٹہ : ایف سی کی کارروائی، فراری کمانڈر ظفربگٹی مارا گیا

    کوئٹہ : ایف سی نے کوئٹہ میں کارروائی کرکے دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کا فراری کمانڈر ظفر بگٹی کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف سی کمانڈنٹ کرنل ذوالفقار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کا فراری کمانڈر ظفر بگٹی ایف سی کی کارروائی میں مارا گیا۔

    کوئٹہ میں ایف سی کے کمانڈنٹ سبی اسکاﺅٹس کرنل ذوالفقار نے ڈی آئی جی نصیر آباد شرجیل کھرل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کالعدم تنظیم کاظفر بگٹی نامی فراری کمانڈرگزشتہ رات ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، جو سیکورٹی اہلکاروں کے قتل‘ تھانوں اور چیک پوسٹوں پر حملہ سمیت 55 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث تھا۔

    ایف سی اور پولیس حکام کے مطابق مارا جانے والا فراری کمانڈر سفاک دہشت گرد تھا جس نے 11نومبر 2014 کو انجینئر معراج عمرانی نامی شہری کو اس کے پورے خاندان سمیت قتل کیا تھا۔

    اس واقعہ میں انجینئر معراج عمرانی کی زندہ بچ جانے والی والی بچی بھی پریس کانفرنس میں موجود تھی جس نے واقعہ کی تفصیلات بیان کیں۔

    سیکورٹی حکام نے فراری کمانڈر کی ہلاکت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ظفر بگٹی کے مارے جانے کے بعد سے اب تک کالعدم تنظیم کے متعدد فراریوں نے سرنڈر کرنے کی پیشکش کی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد مزید اہم کامیابیاں بھی ملیں گی۔