Tag: Quetta

  • غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 328 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    گزشتہ روزافغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق ایف سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے۔

     ترجمان کے مطابق ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

     دریں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سے ایک مدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔

    چمن میں ایک سرکاری اہلکار نے فون پر بتایا کہ رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے۔

    کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہرکی گئی۔

     یہ گرفتاریاں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب چند روز قبل افغانستان کے صوبہ قندہار سے پاکستان کے سو سے زائد شہریوں کو واپس ملک بھجوایا گیا ہے۔

    چمن کے مقامی صحافیوں کے مطابق افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانی شہری وہاں محنت مزدوری کرتے تھے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ افغان حکام نے کسی جواز کے بغیر کے گرفتار کر کے بے دخل کیا ہے۔

  • سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے، سینیٹرسراج الحق

    سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے، سینیٹرسراج الحق

    ژوب : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے۔ مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔

    بلوچستان کے ضلع ژوب میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں۔

    بلوچستان کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر یہاں کے محب وطن عوام کی طرف سے جو شدید ردعمل آیا ہے اس نے ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے عوام پاکستان کی خا طر مرمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نے بیان دیا تو بلوچستان کے عوام نے ہی اس کا منہ توڑجواب دیا تھا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملک کے خلاف نہیں بلکہ ظلم اور ناانصافی کیخلاف ہیں اور میں ان کے ساتھ ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اورصوبے کے عوام کو تعلیم صحت اورروز گارسے محرورم رکھنا ظلم ہے ،اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو ملک دشمن قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا پاس کرتی تو یہاں سے اسلام آباد کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھتی، مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔

    سراج الحق نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ کے بعد میں نے وزیر اعظم کو تجویز دی تھی کہ کوئٹہ میں تمام سیاسی قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کیاجائے جس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہان اور آرمی چیف کو بھی بلایا جائے اور مل بیٹھ کر یہاں کے مسائل اور بدامنی کا حل تلاش کیا جائے لیکن مرکزی حکومت نے اس تجویز پر عمل نہیں کیا۔

    یہی وجہ ہے کہ مودی کو بھی جلتی پر تیل ڈالنے کا موقع ملا ،جس کا بلوچستان کے غیورعوام نے متحد ہوکر مودی کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

     

  • بلوچستان اسمبلی : قائد ایم کیو ایم کی تقریر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

    بلوچستان اسمبلی : قائد ایم کیو ایم کی تقریر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم کے بیان اور قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف مذمتی قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارتی وزیراعظم مودی کے بیان اور قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف قراردادیں پیش ہوئیں جنہیں ایوان نے اتفاق رائے منظور کر لیا۔

    ارکین اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان کے خلاف زبان درازی غداری کے زمرے میں آتی ہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    اراکین نے بھارتی وزیراعظم کے بیان پر بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ بلوچستان میں دہشتگردی بھارتی سرکار کروارہی ہے۔

    ، قائد ایم کیو ایم کا بیان پاکستان کی خود مختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ ایوان میں دونوں قراردادوں پرچار گھنٹے تک گرما گرم بحث ہوئی۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف زبان درازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جسے اس ملک میں رہنا ہے تو اُسے پاکستان زندہ باد کہنا ہوگا۔

     

  • ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے تحت کارروائیاں جاری

    ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے تحت کارروائیاں جاری

    اسلام آباد : ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے تحت سیکیورٹی اداروں کی پے در پے کارروائیاں جاری ہیں، کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ اور قبائلی علاقوں میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیکیورٹی اداروں کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہے، رات گئے سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کی، مقابلے میں ایک دہشتگرد ہلاک چار فرار ہوگئے، ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔


     

    مزید پڑھیں : راولپنڈی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن، سینکڑوں گرفتار


     

    چنیوٹ اور بھوانہ میں سرچ آپریشن کے دوران پندرہ مشکوک افراد گرفتار کر لئے گئے، سو سے زائد افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔

    سانحہ کوئٹہ کے بعد سے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد ملک کی سول اور ملٹری قیادت نے ایک مشترکہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


     

    مزید پڑھیں : کورکمانڈرز اپنے صوبوں میں بھرپور کومبنگ آپریشن کریں، راحیل شریف


     

    جنرل راحیل شریف نے تمام کور کمانڈرز کو اپنے صوبوں میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کی ہدایات جاری کیں

  • کومبنگ آپریشن جاری، کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشتگرد گرفتار

    کومبنگ آپریشن جاری، کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشتگرد گرفتار

    کوئٹہ / کراچی : دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی سے کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشت گرد گرفتار اور خیبر ایجنسی سے چارخود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    Nine arrested during combing operation in Karachi by arynews

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ دھماکے کے بعد کومبنگ آپریشن میں تیزی آگئی ہے، راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں اور گوجرخان سے کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، دیگر اسلحہ اور تیار آئی ڈیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    خیبرایجنسی میں کومبنگ آپریشن کے دوران چارخود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دہشت گرد چودہ اگست پرخود کش حملے کی تیاری کر رہے تھے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ خود کش جیکٹس اور دیگراسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، 1ایل ایم جی،600گولیاں،1آرپی جی سیون،2 راکٹ، آرپی جی سیون کے4 فیوز،ایک ایس ایم جی، میگزین ایس ایم جی کی 400 گولیاں،ٹرپل ٹو کی 200 گولیاں برآمد ہوئیں ہیں، اس کے علاوہ چھاپے کےدوران تین شارٹ گن بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    برآمد کیا گیا اسلحہ یوم آزادی پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لئے استعمال ہوناتھا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں سوارب کے علاقے سے زیرزمین چھپائی گئی اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی۔

    کوہلو میں کالعدم تنظیم کےچار کارندے ہلاک کردیئے گئے، کراچی میں بھی کومبنگ آپریشن جاری ہے، اورنگی ٹاؤن اور پیرآباد میں سرچ آپریشن کے دوران پینتالیس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

     

  • دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

    دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

    کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ دشمن یہ نہ سمجھے کہ وہ ہمارے حوصلے پست کردے گا، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتا رہتا ہے، دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں گزشتہ روز کے سانحے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کررہا ہے ،لیکن ہم تقسیم نہیں ہونگے، ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتا ہے، ہم بھی اس وقت اسی حالت سے گزر رہے ہیں۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف اندرونی اور بیرونی دشمن قوتیں کارفرما ہیں، اندرونی دشمن بہکے اور بکے ہوئے ہیں، ہم سب کو تمام تفرقات کا خاتمہ کرکے اکٹھے ہونا ہوگا۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمنوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے، سی ایم ایچ کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

     

  • کوئٹہ: چرس اور گٹکا کی بھاری تعداد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    کوئٹہ: چرس اور گٹکا کی بھاری تعداد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    کوئٹہ : پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں کارروائی کرکے کروڑوں روپے مالیت کی چرس اور مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پرجیوانی، گوادر(بلوچستان) کے ساحلی علاقے سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے دورانِ چیکنگ ساحل سمندر پر لنگر انداز ایک اسپیڈ بوٹ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 32 کلو گرام چرس اور 347 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر لیا۔ یہ منشیات پاکستان سے مشرق وسطیٰ اسمگل کی جا رہی تھی۔

    برآمد ہونے والی منشیات، اسپیڈ بوٹ اور گٹکا پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریباً پانچ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران منشیات کے خلاف کا روائیوں کے دوران تین ہزار کلو گرام منشیات کراچی اور بلوچستاں کے علاقوں سے پکڑی ہے۔

    ڈی جی کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعامات کااعلان کیا ہے۔

  • بلوچستان: مذہبی جماعتوں نے ’’امام‘‘ کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دےدیا

    بلوچستان: مذہبی جماعتوں نے ’’امام‘‘ کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دےدیا

    کوئٹہ : بلوچستان کی مذہبی جماعتوں نے نیا اتحاد تشکیل دے دیا، اتحاد ملت اسلامیہ محاذ (امام) کے نام سے قائم اتحاد میں سات مذہبی جماعتیں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی مذہبی جماعتوں نے امام کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دیدیا،اتحاد ملت اسلامیہ محاذ میں جمعیت علماء اسلام (ف) جماعت اسلامی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث، مجلس وحدت المسلمین اورجے یوآئی (س) کے علاوہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت بھی شامل ہیں۔

    اتحاد ملت اسلامیہ محاذ کے صدر جے یوآئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان شیرانی امام کو منتخب کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا علی محمد ابوتراب کو جنرل سیکرٹری مقرر کردیا گیا۔

    دیگر جماعتوں کے رہنما نائب صدور کے طور پر اتحاد کے لئے کام کریں گے ، کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام کے رہنماؤں نے مذہبی جماعتوں کے اتحاد کو وقت کی ضرورت قراردیا ۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں ہماری تقسیم کے درپے ہیں، اتحاد کا دوسرا اجلاس پچیس اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

    رہنماؤں کے مطابق ملک کی دیگر مذہبی جماعتوں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی.۔

     

  • کوئٹہ : مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق

    کوئٹہ : مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردوں کی کارروائیوں کا مرکز بن گیا ، کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے نواحی علاقے میں سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی عزیز الرحمان کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    زخمی اہلکار کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ آخری اطلاعات تک اس واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے تاہم پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ : سریاب روڈ پر فائرنگ،پولیس اہلکار زخمی

     

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے سریاب روڈ پر پولیس اہلکار پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔

    ایک اورکارروائی میں کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی،جس میں چارجوان شہید ہوگئے جبکہ منگل کو ہزارگنجی اور سریاب روڈ پر چار پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

     

  • صوبے میں 95فیصد امن قائم ہوچکا ہے، نواب ثناء اللہ زہری

    صوبے میں 95فیصد امن قائم ہوچکا ہے، نواب ثناء اللہ زہری

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان قائم ہوچکا ہے دہشت پھیلنے والے عناصر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں بصورت دیگر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

    کوئٹہ میں پنجاب سے آئے ہوئے طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک عرصے تک ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے ذریعے بے گناہ افراد کو شہید کیا گیالیکن ہماری فورسز نے دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں 95فیصد امن قائم ہوچکا ہے باقی پانچ فیصد دہشتگردوں باقی ہیں انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہمارا مقصد بھی تعلیم یافتہ بلوچستان ہے۔

    تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، کمانڈر سدرن کمانڈ لفٹنٹ جنرل عامر ریاض ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کے علاوہ فوجی اور سول افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب کے آخر میں طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے گئے۔