Tag: Quetta

  • مشتاق رئیسانی کے گھرسے کروڑوں مالیت کی کرنسی و زیورات برآمد

    مشتاق رئیسانی کے گھرسے کروڑوں مالیت کی کرنسی و زیورات برآمد

    کوئٹہ : قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کے گھر سے ’’خزانہ‘‘ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ لو کل گورنمنٹ کے سرکاری فنڈز میں اربوں روپے کی خورد برد کے الزام میں گرفتار بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔

    نیب کی ٹیم نے جی او آر کالونی میں سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپہ مار کر 63 کروڑ مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی،4کروڑ مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کرلئے ہیں،جب کہ سیکریٹری خزانہ کی گاڑی سے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد کئے گئے ہیں۔

    چھاپے کے دوران ان کے گھر سے نوٹ گننے والی چارمشینوں کے علاوہ دیگر دستاویزات بھی قبضے میں لی گئیں ہیں، نوٹوں سے بھرے بیگوں سے ملنے والی رقم کو گننے کے لئے نیب حکام کو کئی گھنٹے لگے۔

    یاد رہے کہ آج صبح نیب نے محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پرچھاپہ مارکرسیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتارکر کے اور تمام دفتری ریکارڈزکو اپنی تحویل میں لے کر دفتر سِیل کردیاتھا۔

    مشتاق احمد رئیسانی اس سے قبل دیگر محکموں میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائزرہ چکے ہیں اورگذشتہ آٹھ سال سے سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے عہدے پر براجمان ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق محکمہ خزانہ میں بے ضابطگیوں کے خلاف تین سال سے تحقیقات کا عمل جاری تھا۔آج ہو نے والی کاروائی مروجہ طریقہ کا اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کی گئی۔جس کے لئے اسلام آباد میں حکام بالا کو پہلے ہی اعتماد میں بھی لیا گیا تھا۔

    ان کی گرفتاری کے معاملے پرحکومتی و سیاسی حلقے تاحال خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

  • ژوب سے دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں برآمد، پشین سے افغانی گرفتار

    ژوب سے دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں برآمد، پشین سے افغانی گرفتار

    ژوب / کوئٹہ : سیکورٹی فورسز نے سباکزئی ڈیم کے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں برآمد کر لیں، جبکہ پشین کے علاقے سے افغان پولیس کے اہلکارکو حساس ادارے نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ژوب کے نواحی علاقے سباکزئی ڈیم کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے میں تخریب کاری کے لئے بھاری تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور سرنگیں ذخیرہ کی ہوئی ہے۔

    سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے 12سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد 74عدد ڈیٹونیٹر60 میٹر ایکسپلوزیو تار اور بیٹریاں برآمد کر لیں۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق  تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، علاقے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ اپریشن جاری ہے۔

    علاوہ ازیں حساس ادارے کے اہلکاروں نے ضلع پشین کی کلی تراٹہ کے قریب موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے افغان پولیس کے اہلکارکو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے ایک افغان انٹیلی جنس کے اعلیٰ اہلکار کو گرفتار کیا گیا تھا ۔

     

  • فٹبالرمیسی کا کمسن ’پلاسٹک شرٹ‘ مداح پاکستان پہنچ گیا

    فٹبالرمیسی کا کمسن ’پلاسٹک شرٹ‘ مداح پاکستان پہنچ گیا

    کوئٹہ : معروف فٹبالر میسی کا 5 سالہ ننھا مداح مرتضیٰ احمدی اپنے والدین کے ہمرا ہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گیا ۔ غربت سے تنگ آکر احمدی کے والدنے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاون میں رہائش اختیار کرلی ہے۔

    messi-post-4
    سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے مشہور ہونے والے ننھے پرستار اُس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنے کہ جب انہوں نے اپنے بڑے بھائی ہمایوں کے ہاتھ سے تیار کردہ پلاسٹک کے تھیلے کی ٹی شرٹ پہن کر تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کیں، ننھے مداح کے شوق سے متاثر ہوکر ارجنٹائن کے معروف فٹبالر نے اپنے دستخط والی اصلی ٹی شرٹ اپنے پرستار کو بھجوائی اور ساتھ ہی ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

    messi-post-1
    واضح رہے کہ مرتضیٰ کے والد افغانستا ن کے صوبے غزنی میں بطور کسان کام کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ غربت اور تنگدستی کے باعث وہ اپنے بچے کی خواہشات پوری نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب میسی کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اس ننھے مداح کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

    messi-post-3
    افغانستا ن فٹبال فیڈریشن کے مطابق نامور کھلاڑی سے رابطے میں ہیں اور وہ بہت جلد اپنے فین سے ملاقات کریں گے، تاہم ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ میسی افغانستان کا دورہ کریں گے یا 5 سالہ پرستار کو اسپین بھیجا جائیگا ۔ مقام اور وقت کا تعین ہوتے ہی باضابطہ اعلان کردیا جائیگا۔

    میسی کے ننھے پرستار مرتضی احمدی نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں اپنے پاس بلا لیں۔

  • ذکیہ جمالی پاکستان نیوی کی پہلی کمیشن آفیسر بن گئیں

    ذکیہ جمالی پاکستان نیوی کی پہلی کمیشن آفیسر بن گئیں

    کوئٹہ : پاک نیوی کی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ذکیہ جمالی نے پاکستان نیوی کی پہلی کمیشن آفیسر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی نے 2012 میں پاکستان نیوی کے ایجوکیشنل برانچ میں بحیثیت سب لیفٹیننٹ شمولیت اختیار کی۔

    لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی بنیادی تربیت مکمل کرنے کے بعد اورماڑہ میں پاک بحریہ کے زیر انتظام چلنے والے کیڈٹ کالج میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی پاکستان کا فخر اور بلوچستان کی خواتین کے لئے عزم اور حوصلے کی زندہ مثال ہیں۔

    ذکیہ جمالی کا تعلق بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے علاقہ اوستہ محمد سے ہے، لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی اردو میں ایم اے کیا ہے جبکہ بلوچستان یونیورسٹی سے گریجویشن میں گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکی ہیں۔

     

  • قلات آپریشن میں عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند ہلاک

    قلات آپریشن میں عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند ہلاک

    کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ سرفرازبگٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ قلات آپریشن میں کالعدم یو بی اے کے مرکزی کمانڈر عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند مارے گئے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ترجمان بلوچستان حکومت کے ہمراہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کی۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ قلات کے علاقے جوہان میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا گیا، تین دن جاری رہنے والی اس کارروائی میں کالعدم تنظیم کے محفوظ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔

    آپریشن میں کالعدم تنظیم کا کیمپ کمانڈر بھی مارا گیا جوسابق جج جسٹس نواز مری کے علاوہ گزشتہ برس مئی میں رونما ہونے والے سانحہ کھڈ کوچہ میں مسافرو ں کے قتل میں ملوث تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اللہ نذر مارا جاچکا ہے تاہم اگر وہ زندہ ہے تو اس کی موجود ہ تاریخ کے ساتھ ویڈیو منظر عام پر آنی چاہئے۔

    پریس کانفرنس کے بعد جوہان آپریشن میں پکڑا جانے والا اسلحہ بھی میڈیا کے نمائندوں کو دکھایا گیا جن میں ایل ایم جی ‘ایس ایم جیز‘آ ر پی جی سیون سمیت 77سے زائد چھوٹے بڑے ہتھیار4بم 25کلو بارودی مواد ‘بڑی تعداد میں گولیاں دیگر تخریبی سامان، سونا اور ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

     

  • را کے ایجنٹ کی گرفتاری: بلوچستان اسمبلی میں تحریک التواء منظور

    را کے ایجنٹ کی گرفتاری: بلوچستان اسمبلی میں تحریک التواء منظور

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی نے صوبے سے را کے ایجنٹ کی گرفتاری سے متعلق اپوزیشن لیڈر کی تحریک التواء بحث کے لئے منظور کرلی۔

    اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی کی زیرصدارت ہونے والے اسمبلی اجلاس میں تحریک التواء پیش کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے کہا کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری سے واضح ہوگیا ہے کہ بھارت بلوچستان میں براہ راست مداخلت کررہا ہے۔

    تحریک کو رائے شماری کے بعد آئندہ اجلاس میں دوگھنٹے بحث کے لئے منظور کرلیا گیا۔

    جمعیت علماء اسلام کی رکن اسمبلی شاہدہ رؤف نے پوائنٹ آف آرڈر پر شہباز تاثیر کی بازیابی کے سلسلے میں ترجمان بلوچستان حکومت کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد بازی میں بیانات دینے سے ملک اور صوبے کی جگ ہنسائی ہوتی ہے۔

    جس پر صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایوان کو یقین دلایا کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کی تمام محرکات سے متعلق آئندہ اجلاس میں اسمبلی کو آگاہ کیا جائے گا۔

    اسمبلی نے تحفظ گواہان کا بل بھی منظور کرلیا جبکہ قومی مالیاتی کمیشن کی رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد اسمبلی کا اجلاس انتیس مارچ تک ملتوی کردیا گیا۔

     

  • کوئٹہ اورمکران ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان

    کوئٹہ اورمکران ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان

    کراچی / کوئٹہ / اسلام آباد / کوئٹہ اور مکران ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے مگر کراچی میں شدید گرمی پڑے گی، اور درجہ حرارت سینتیس ڈگری تک جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بار پھر بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے بلوچستان، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوگا ۔ اس دوران گندم کی کاشت کے بارانی اور نہری علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلا ئنڈینگ کا خدشہ ہے۔

    آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کوئٹہ اور مکران ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

     

  • سکیورٹی فورسزکی کارروائی، بی ایل اے کمانڈراسلم عرف اچھوسمیت چھ ہلاک

    سکیورٹی فورسزکی کارروائی، بی ایل اے کمانڈراسلم عرف اچھوسمیت چھ ہلاک

    کوئٹہ : سبی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے کالعدم بی ایل اے کے کمانڈر اسلم عرف اچھو کو ہلاک کردیا، مقابلے میں اسلم عرف اچھو کے 6سے زائد ساتھی بھی مارے گئے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سبی کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا. آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سےسکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس سے 2سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

    سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈراسلم اچھو بھی شامل ہے جبکہ آپریسن کے دوران بھاری مقدارمیں دھماکہ خیزمواد اوراسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    اسلم عرف اچھو پی ایم ڈی سی کے مزدوروں کے قتل میں بھی ملوث تھا، بلوچستان کی حکومت کےترجمان انوار الحق کاکڑ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسلم اچھو صوبے میں تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کے سر کی قیمت 60لاکھ روپےمقرر تھی۔ وہ بی ایل اے میں حر بیار مری کا نائب تھا۔اس کے خلاف دو درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

    اسلم عرف اچھو ،میرک بلوچ کےنام سےصحافیوں کوکارروائیوں سے آگاہ کرتاتھا، اسلم عرف اچھو کےسر کی قیمت 60لاکھ روپے مقرر تھی۔

    ذرائع کے مطابق اسلم عرف اچھو کاحیربیارمری سےبراہ راست رابطہ تھا، اس کوحیربیار کا جانشین بھی کہاجاتا تھا۔

     

  • ملک کے بیشترشہروں میں بارشیں، موسم خوشگوارہوگیا

    ملک کے بیشترشہروں میں بارشیں، موسم خوشگوارہوگیا

    کوئٹہ : بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ کوئٹہ میں ہونے والی ژالہ باری اور بارش نے موسم کی دلکشی کو اور بڑھا دیا، سکھرمیں تیز آندھی اور بوندا باندی نے گرمی کا زور توڑدیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔کوئٹہ میں بادل کھل کر برسے ، کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

    محکمہ موسمیات نے قلات،سبی، نصیر آباد اور کوئٹہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کی مزید پیشگوئی کی ہے۔

    چمن میں رات گئے موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔سکھر اورلاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ ہونے والی بارش نے موسم خوشگوارکردیا۔

     

  • بلوچستان میں بارشیں، سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

    بلوچستان میں بارشیں، سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

    کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، پی ڈی ایم اے نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے چارڈویژنز میں سیلاب سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سبی اور نصیر آباد ڈویژنز میں جمعرات کی صبح سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئٹہ ،نصیرآباد، سبی اور مکران ڈویژنز میں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں کی پیش گوئی پر پراؤنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو تیار رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ کے علاوہ ،کیچ،پنجگور،نصیر آباد،خضدار،سبی ،ہرنائی قلات ،بولان ،جھل مگسی اور ہرنائی میں تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے.