Tag: Quetta

  • کوئٹہ: درجہ حرارت منفی 5ڈگری ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور

    کوئٹہ: درجہ حرارت منفی 5ڈگری ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور

    کوئٹہ : شمالی اور بالائی بلوچستان میں شدید سردی نے عوام کو ٹھٹھرنے پر مجبور کردیا ، بلوچستان میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرا رہے۔

    کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی پانچ سینٹی گریڈ ہوگیا، تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے پانچ درجے سینٹی گریڈ گرگیا۔

    دوسری جانب  قلات اور زیارت میں درجہ حرارت منفی آٹھ درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ،کوئٹہ میں سردی کے باعث گیس پریشر کم ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

    شہر کی دکانیں اور مارکیٹیں سرشام بند ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں سنسان نظرآتی ہیں ،محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

  • وزیر اعظم نواز شریف کے اعتماد پر پورا اتروں گا، نواب ثناء اللہ زہری

    وزیر اعظم نواز شریف کے اعتماد پر پورا اتروں گا، نواب ثناء اللہ زہری

    کوئٹہ : بلوچستان کے نامزد وزیر اعلی نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو مسلم لیگ کا قلعہ بنارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ پہنچنے پر اپنی رہائش گاہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    قبل ازیں بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نواب ثناءاللہ زہری وزیراعلیٰ نامزدگی کے بعد پہلی بار ہفتہ کی شام اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے تو مسلم لیگی صوبائی وزراءاراکین اسمبلی اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزراءسرفرازبگٹی شیخ جعفر مندوخیل قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اور مسلم لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ان پر جو اعتماد کیا ہے اس پر وہ شکرگزارہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وزیر اعظم کی جانب سے کئے جانے والے اعتماد پر پورا کرلیں ،انہوں نے والہانہ استقبال پر مسلم لیگ کے کارکنوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ والہانہ استقبال ان کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

    واضح رہے کہ نواب ثناءاللہ زہری نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جگہ بلوچستان میں سہ جماعتی اتحاد کی جانب سے صوبے کے نئے وزیراعلیٰ نامزد ہوئے ہیں توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے.

  • کوئٹہ جوائنٹ روڈ پرچیک پوسٹ پر بم حملہ، 2اہلکارزخمی

    کوئٹہ جوائنٹ روڈ پرچیک پوسٹ پر بم حملہ، 2اہلکارزخمی

    کوئٹہ/ پشاور : جوائنٹ روڈ پرصبح سویرے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر بم حملہ سے دو اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ فقیرآباد میں نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جانزادہ خان کونشانہ بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے،جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب نصب کئے گئے بارودی مواد کوریموٹ کنٹرول سے اڑا یا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں پانچ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیاتھا۔

    علاوہ ازیں پشاور میں نامعلوم افراد نے فقیر آباد کے علاقے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جانزادہ خان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔

    ڈی ایس پی کو شدید زخمی حاکلت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

  • کوئٹہ میں دستی بم حملہ، تین زخمی

    کوئٹہ میں دستی بم حملہ، تین زخمی

    کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پرہونے والے بم دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے نجی اسپتال کے قریب دستی بم کا دھماکاکیا گیا جس کی زد میں آکرتین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں نےجائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردئیے ہیں۔

    بلوچستان کےصوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اس موقع ان کا کہنا تھا دہشت گردوں کوان کے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

  • سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پرزائرین کا کوئٹہ میں دھرنا

    سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پرزائرین کا کوئٹہ میں دھرنا

    کوئٹہ: زیارتوں کیلئے ایران جانے والے زائرین نے بلوچستان حکومت کا سیکیورٹی سے متعلق فیصلہ ماننے سے انکارکرتے ہوئے کوئٹہ میں دھرنا دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے زیارتوں کے لئے جانے والے زائرین کی بسوں پر پیش آنے والے دہشتگردی کے پے در پے واقعات کے بعد بلوچستان حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ مہینے میں دو روز آنے جانے کے لئے زائرین کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

    تاہم بلوچستان شعیہ کانفرنس کے رہنما کے مطابق اس حکومتی فیصلے کے بعد گزشتہ دو ماہ کے دوران زیارتوں کے لئے زائرین نہیں جاسکے اور سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق حکومتی احکامات کے انتظار میں ہیں۔


    بلوچستان نے شیعہ زائرین کی نقل وحمل پرپابندی لگادی


    زائرین کے ساتھ اس حکومتی رویے کے خلاف اور سفر کی اجازت نہ ملنے پر زائرین کا احتجاج گزشتہ روز شروع ہوا اورآج بھی جاری ہے۔

    زائرین کے دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں۔

    زائرین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں زیارتوں کے لئے جانے کی اجازت دی جائے ، بصورت دیگر اُن یہ دھرنا جاری رہے گا۔

  • بلوچستان نے شیعہ زائرین کی نقل وحمل پرپابندی لگادی

    بلوچستان نے شیعہ زائرین کی نقل وحمل پرپابندی لگادی

    کوئٹہ:بلوچستان کے محمکہ داخلہ نے اہلِ تشیع زائرین پرمحکمے کے متعلقہ حکام سے اجازت حاصل کئے بغیرنقلِ و حمل پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے زائرین کی نقل وحرکت پر فوری پابندی عائد کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو اس سلسلے میں فوکل پرسن مقرر کیا ہے اور زائرین کی نقل وحرکت کے لئے فوکل پرسن کو اطلاع دینا ضروری قرار دیا ہے۔

    بلوچستان شیعہ کانفرنس نے زائرین کی نقل وحرکت پرپابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے فی الفورختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ،کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنما سید مسرت آغا کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کو جاری کئے جانے والے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ زائرین کی نقل وحرکت زیادہ ہونے کے باعث ان کی سیکورٹی ممکن نہیں ہے۔

    مراسلے میں زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیگر صوبوں سے کوئٹہ آنے کے لئے حکومت بلوچستان کی جانب سے مقرر کئے جانے والے فوکل پرسن سے رابطہ کریں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخواسے بلوچستان آنیوالی زائرین کی بائیس بسیں دانہ سربارڈر ژوب اوردس بسوں کو سندھ بلوچستان سرحد کے مقام پر بلوچستان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

    آغا مسرت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کوئٹہ میں پھنسے زائرین کی پچپن بسوں کی روانگی کا انتظام کرے اوراگرحکومت نے سیکورٹی کیلئے انتظام نہ کیا تو زائرین کو سیکورٹی کے بغیرروانہ کریں گے۔

  • جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونیوالا بم ناکارہ بنادیاگیا

    جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونیوالا بم ناکارہ بنادیاگیا

    کوئٹہ: بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا، چار کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا، احمد وال ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردون نے راکٹوں سے حملہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونے والے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

    پولیس کاکہناہےکہ جوائنٹ روڈکےقریب ایک مشتبہ ڈبےکی اطلاع ملنےپر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق برآمد ہونے والا بم چار کلو وزنی تھا جو ریموٹ کنٹرول تھا۔

    دوسری طرف گذشتہ رات نوشکی کے قریب احمد وال ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا۔

    ایف سی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی پردہشت گرد فرار ہو گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

     

  • کوئٹہ:4اہم کمانڈر نے 24ساتھیوں سمیت ہتھیارڈال دئیے

    کوئٹہ:4اہم کمانڈر نے 24ساتھیوں سمیت ہتھیارڈال دئیے

    کوئٹہ: فراریوں کے چار اہم کمانڈرز نے چوبیس ساتھیوں سمیت ہتھیارڈال دیئے.

    بلوچستان کے چا ر اہم کمانڈرز اور ان کے چوبیس ساتھیوں نے مری قبیلے کے سربراہ اورمسلم لیگ ن کے صوبائی وزیر نواب چنگیز مری کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ،ہتھیار ڈالنے والے کمانڈرزکے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق دو کالعدم تنظیموں سے ہے. .

    مری قبیلے کے سربراہ نے نوابزادہ براہمدغ بگٹی کے حالیہ بیان کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اقدامات سے صورتحا ل میں تبدیلی آرہی ہے.

    نواب چنگیز مری کا کہنا تھا کہ اب تک ان کے سامنے جتنے کمانڈرزاور فراریوں نے ہتھیار ڈالے ہیں ان کا تعلق ان کے ہی علاقے اور قبیلے سے ہے

  • مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ، 3 افراد جاں بحق

    مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ، 3 افراد جاں بحق

    مستونگ : بلوچستان کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے سے 3 افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کےعلاقےدشت میں ریلوےٹریک پردھماکا سے3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ دھماکے سے ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جاں بحق ہونے والے والے تینوں افراد ریلوے کے ملازم تھے

    واقعے میں 7 افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیاہے،جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    لیویزذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے صبح 9 بجے راولپنڈی روانہ ہونے والی جعفرایکسپریس جیسے ہی دشت کے قریب پہنچی تو نامعلوم دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو ریموٹ کنٹرول سے اڑادیا، جس سے انجن کے پیچھے موجود پہلی بوگی میں بیٹھے 12 مسافر زخمی ہوگئے ۔

    دھماکے سے ریلوے ٹریک اور ٹرین کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی لیویز اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، پولیس اور لیویز اہلکاروں کی بھاری نفری کوجائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا ہے۔

    متعلقہ حکام دھماکے کی نوعیت کا تعین کررہے ہیں، کہ آیا یہ دھماکہ ریلوے لائن پر ہوا یا ٹرین کی بوگی میں ہوا ہے ؟

  • کوئٹہ : سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں تین افراد جاں بحق

    کوئٹہ : سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں تین افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مضافاتی علاقے مارواڑمیں دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سیٹلائٹ ٹاوٗن میں ہونے والے دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    لیویزذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے شمال مشرقی علاقے مارواڑ کے پہاڑی سلسلے میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا جس کے زد میں آکرگاڑی میں سوارتین افراد موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔

    سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اورواقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    دوسری جانب دھماکے کے نتیجے میں چارافراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم لیویز حکام نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تصدیق نہیں کی۔

    ، دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاوٗن میں موٹرسائیکل پرسواردو نامعلوم افراد منی مارکیٹ میں دو مقامات پردستی بم پھینک کرفرارہوگئے تاہم دونوں دھماکوں میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس اورایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کرملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلئے گئے، آخری اطلاعات آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔