Tag: Quetta

  • کوئٹہ کے طلباء نے گیس لیکیج ڈیٹیکٹر ایجاد کرلیا

    کوئٹہ کے طلباء نے گیس لیکیج ڈیٹیکٹر ایجاد کرلیا

    ہر سال ملک میں گیس لیکج کے باعث کئی انسانی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں، گزشتہ سال پیش آنے والے ایک واقعے میں گھر کے پانچ افراد دم گھٹنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    اسی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ کے تین ہنرمند نوجوان طلباء نے ’گیس لیکیج ڈیٹیکٹر‘ ایجاد کیا ہے، جس کے استعمال سے اس طرح کے واقعات کے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کوئٹہ یونیورسٹی کے طالب علم محمد زاہد خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنی اس ایجاد کے بارے میں ناظرین کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

    محمد زاہد خان نے کہا کہ بلوچستان میں سردیوں میں گیس لیکج سے ہونے والے دلخراش واقعات کثرت سے سامنے آتے ہیں، نومبر سے مارچ کے دوران اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس ڈیوائس کو مختلف مقامات پر انسٹال کروایا ہے جہاں یہ کامیابی سے چل رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ چیز مارکیٹ میں آئے اور ہر گھر تک پہنچ سکے۔

    زاہد خان نے بتایا کہ ہماری ٹیم کی اس کاوش میں میرے ساتھ نجیب اللہ اور عبداللہ بھی شامل ہیں ہم تینوں بی ایس کمپیوٹر سائنس کے اسٹوڈنٹس ہیں۔

    محمد زاہد خان کا کہنا تھا جیسے ہی اس ڈیٹیکٹر کے سینسرز کو گیس کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے، یہ الارم بجانا شروع کردیتے ہیں جس سے بروقت گیس لیکج کا پتہ چل جاتا ہے اس کے علاوہ موبائل ایپ کے ذریعے بھی پیغام مل جاتا ہے۔

  • کوئٹہ : تھانے پردستی بم حملہ، ایک اہلکار زخمی

    کوئٹہ : تھانے پردستی بم حملہ، ایک اہلکار زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان میں دہشت گردی کی واردات میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، نامعلوم شخص سول لائن تھانے پردستی بم پھینک کر فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سول لائن تھانے پر عید کے تیسرے روز نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بے نظیر پل سے دستی بم پھینکا جو تھانے کے اندر مین گیٹ کے قریب گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کو پل پر سے دستی بم پھینکتے دیکھا جاسکتا ہے، دھماکے کے بعد آگ کا شعلہ بھڑکتا ہوا بھی نظر آرہا ہے، حملہ آور کے فرار ہونے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    تھانے پر کیے جانے والے دستی بم حملے میں ایک پولیس اہلکار عبدالصبور اچکزئی زخمی ہوگیا،جسے طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • قاسم سوری کے بھائی نے بھی پی ٹی آئی سے ناطہ توڑ لیا

    قاسم سوری کے بھائی نے بھی پی ٹی آئی سے ناطہ توڑ لیا

    کوئٹہ : سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے بھائی نے نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قاسم سوری کے بھائی ہاشم سوری نے صحافیوں کو بتایا کہ نو مئی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، میرے بھائی قاسم سوری بھی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست پر یقین نہیں کرتے۔

    ہاشم سوری نے کہا کہ میرے بھائی قاسم سوری 9مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم پرامن شہری ہیں، ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد میرے بھائی بلال خان کو گھر سے گرفتار کیا گیا، میرا اور بڑے بھائی بلال خان کا سیاست اور پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حالات و واقعات سے ہمارا پورا خاندان شدید کرب میں مبتلا ہے، نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

  • پی آئی اے کی پہلی ہی حج پرواز 5 گھنٹے تاخیر کا شکار

    پی آئی اے کی پہلی ہی حج پرواز 5 گھنٹے تاخیر کا شکار

    کوئٹہ: پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز ہوچکا ہے تاہم کوئٹہ سے جانے والی پہلی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) حج پرواز 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے حج کے لیے روانہ ہونے والی پہلی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    عازمین کو پی آئی اے کی پرواز سے کوئٹہ سے پہلے کراچی لے جایا جانا تھا، کراچی سے عازمین نے دوسرے جہاز میں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔

    عازمین کو روانگی کے لیے صبح 8 بجے کا وقت دیا گیا تھا تاہم جہاز پہنچنے میں تاخیر کے باعث روانگی کا وقت تبدیل کر کے پہلے پونے 12 بجے کیا گیا۔

    تاہم پونے 12 بجے بھی پرواز روانہ نہ ہوسکی، کراچی کے لیے پرواز نے دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر ٹیک آف کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پہلی 6 پروازیں براہ راست مدینہ منورہ نہیں جائیں گی تاہم ساتویں پرواز براہ راست مدینہ منورہ جا سکے گی۔

  • نو مئی کے ملزمان کیخلاف مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں، سراج الحق

    نو مئی کے ملزمان کیخلاف مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں، سراج الحق

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات فوجی کی بجائے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں۔

    کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے خود کش حملے کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلٹ پروف گاڑی مسئلے کا حل نہیں عوام امن چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ژوب میں جلسے سے قبل ہمیں کوئی تھریٹ نہیں تھا، حکومت نے تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ نہیں کیا، ایک شہری کی حیثیت سے میں اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ مجھ پر خود کش حملہ کس نے اور کیوں کروایا؟

    سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈٰی ایم، پی ٹی آئی کی لڑائی، آئینی، معاشی اور سیاسی بحران ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں پاکستان کے حالات پر چائنا نے بھی مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اپنے رہنماؤں کو چننے کا اختیار عوام کو دیا جائے، اگست میں الیکشن کروا کر حکومت نئی قیادت کو سونپ دی جائے نو مئی کے واقعات کی پی ٹی آئی کی قیادت نے بھی مذمت کی ہے۔

  • کوئٹہ: تربوز کی تیار فصل خراب ہو گئی

    کوئٹہ: تربوز کی تیار فصل خراب ہو گئی

    کوئٹہ: کوٹ رئیسانی میں کئی ایکڑ پر محیط تربوز کی تیار فصل خراب ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کوٹ رئیسانی میں تربوز کی تیار فصل خراب ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے کاشت کار شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    کاشت کاروں نے کہا ہے کہ تربوز کی فصل خراب ہونے سے ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا ہے، انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کو فصل کے حوالے سے مسلسل آگاہ کیا جاتا رہا رہے لیکن کسی قسم کی مدد نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ نوشکی وغیرہ میں فصلوں کو پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہوتا رہتا ہے، اگر تربوز کی فصلوں کو مطلوبہ مقدار میں پانی نہ ملے، تو فصل خراب ہو جاتی ہے اور زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

    ادھر بلوچستان کے شہر رنگپور میں بھی محکمہ انہار تریموں کی جانب سے کسانوں کا استحصال جاری ہے، سپر بند کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضے کی ادائیگی میں رشوت خوری کا بازار گرم ہو گیا ہے۔

    کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، فوٹیج میں محکمہ انہار کے پٹواری کو کسان سے رشوت وصول کرتے دیکھا گیا۔

  • کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک

    کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک

     کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ہلاک ملزمان شہریوں سے موٹر سائیکل موبائل نقدی چھیننے میں ملوث تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان واردات کی نیت سے کھڑے تھے، ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان مارے گئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک اور گرفتار ملزمان شہریوں سے موٹر سائیکل نقدی اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ہلاک ملزمان کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، مزید کاروائی پشتون آباد پولیس تھانہ کر رہی ہیں۔

  • خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام چھ سال سے مفلوج

    خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام چھ سال سے مفلوج

    کوئٹہ : بلوچستان میں خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام گزشتہ چھ سال سے مفلوج اور عدم توجہی کا شکار ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آبادی کنٹرول کرنے سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا ایک بھی اجلاس تاحال نہ ہوا۔

    حکومت سپریم کورٹ کے احکامات اور مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد میں ناکام ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق مانع حمل کی ادویات کی شدید قلت ہے، اکثر فیملی ویلفیئر مراکز میں دستیاب ہی نہیں، ٹیکنیکل اسامیاں خالی ہونے سے محکمہ بہبود آبادی کے 191میں سے 60 فیملی ویلفیئر سینٹرز غیرفعال ہیں۔

    حکام بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ ادویات کا کئی سال سے بجٹ صرف 3 کروڑ روپے ہے، محکمہ صحت کی جانب سے خریداری بھی نہیں ہورہی۔

    دوسری جانب سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی عبداللہ خان کا مؤقف ہے کہ پانچ سال میں ٹاسک فورس کا اجلاس نہ ہونا بدقسمتی ہے،

    محکمہ کی سفارش پر وزیراعلیٰ نے ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، بھرتیاں بھی شروع کردیں۔

  • جعفر ایکسپریس گزرتے ہی پٹریوں‌ پر زوردار دھماکا، مسافر بال بال بچ گئے

    جعفر ایکسپریس گزرتے ہی پٹریوں‌ پر زوردار دھماکا، مسافر بال بال بچ گئے

    کوئٹہ: بلوچستان میں مشکاف ریلوے اسٹیشن کے قریب جعفر ایکسپریس گزرتے ہی پٹریوں‌ پر زور دار دھماکا ہو گیا، تاہم مسافر بال بال بچے۔

    تفصیلات کے مطابق مشکاف ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں پر دھماکا ہوا ہے، جس سے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا، ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا جعفر ایکسپریس گزرنے کے بعد ہوا۔

    کوئٹہ میں پولیس آپریشن : ملزمان کی فائرنگ سے 4 اہلکار جاں بحق

    ریلوے ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس مچھ سے لاہور جا رہی تھی، جس کے تمام مسافر محفوظ رہے، دھماکے سے ریلوے ٹریک پر ایک گڑھا پڑ گیا ہے۔

  • کوئٹہ میں فلور ملز کو گندم ملنی بند ہوگئی، آٹے کی قیمت آسمان پر

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 سو 60 سے 28 سو روپے میں فروخت ہورہا ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فلور ملز کو گندم ملنی گزشتہ 10 دنوں سے بند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتیں کم کرنے میں ناکام ہوگئی، شہر میں مہنگے داموں آٹا فروخت ہورہا ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 سو 60 سے 28 سو روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری سستا آٹا پوائنٹس لگنا بھی بند ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب صدر فلور ملز ایسوسی ایشن ناصر آغا کا کہنا ہے کہ فلور ملز کو گندم ملنی گزشتہ 10 دنوں سے بند ہے، محکمہ خوراک کی نا اہلی سے شہری پریشان ہیں۔