Tag: Quetta

  • بلوچستان : خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی ، 22 افراد جاں بحق 100 زخمی

    بلوچستان : خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی ، 22 افراد جاں بحق 100 زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید زلزلہ کے باعث 22 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوگئے، ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا۔

    صوبے کے مختلف علاقوں کوئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ ، چمن، زیارت اور ژوب سمیت کئی علاقوں میں رات 3 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    فوٹو: سوشل میڈیا

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ہرنائی سے 15 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا، دو سو سے زائد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    پروو نشل ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث مکانات کے ملبے تلے دب کر 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔

    فوٹو: سوشل میڈیا

    ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا کہنا ہے کہ ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کی مدد کیلئے روانہ کر دی گئیں ہیں اور لوگوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اےنصیرناصر نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق افراد میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے، ہرنائی شہر کےمضافات میں زیادہ نقصان ہواہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پراسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہرنائی ٹو سنجاوی روڈ پہاڑی تودہ گرنے سے بند ہوگئی، پانچ میل ندی کے مقام پر متاثرہ سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے چند گھنٹوں میں راستے بحال کردیئے جائیں گے۔

    وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے بتایا کہ زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ہرنائی کے علاقے میں ہوا ہے، منہدم مکانات میں اب بھی بہت سےافراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ضیالانگو کا کہنا ہے کہ 100زخمیوں میں سے15سے20افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں بھی نقصانات ہوئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والے 50فیصد راستوں کو کھول دیا گیا ہے، امدادی کام جاری ہے۔

  • کوئٹہ: آن لائن داخلہ ٹیسٹ کے خلاف میڈیکل طلبہ کا احتجاج، مسلح گارڈز کی فائرنگ

    کوئٹہ: آن لائن داخلہ ٹیسٹ کے خلاف میڈیکل طلبہ کا احتجاج، مسلح گارڈز کی فائرنگ

    کوئٹہ: آن لائن داخلہ ٹیسٹ کے خلاف میڈیکل طلبہ نے پریس کلب پر احتجاج کیا، ریڈ زون کی طرف جاتے ہوئے ٹی این ٹی چوک پر مسلح گارڈز کے ساتھ تصادم ہوا، گارڈز نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پریس کلب پر احتجاج کے بعد آن لائن داخلہ ٹیسٹ کے خلاف نکلنے والے طلبہ نے ریڈ زون کی طرف مارچ کیا۔

    احتجاجی طلبہ ریڈ زون کے قریب ٹی این ٹی چوک پہنچے، تو چوک پر گاڑیاں روکے جانے پر مسلح گارڈز کا احتجاجی طلبہ سے جھگڑا ہوا، مسلح گارڈز ہوائی فائرنگ کر کے چلے گئے، تاہم اس غیر قانونی حرکت پر پولیس دیکھتی رہ گئی۔

    احتجاجی طلبہ نے وزیر اعلیٰ اور گورنر ہاؤسز کے قریب چوک پر دھرنا دیا، طلبہ میڈیکل کے آن لائن داخلہ ٹیسٹ کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ احتجاج کے دوران پولیس نے طلبہ پر بے رحمانہ تشدد کیا تھا، پولیس شیلنگ سے ایک طالبہ ہانی بلوچ انتقال کر گئی تھیں۔

    دوسری طرف ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شکایات سے متعلق پاکستان میڈیکل کمیشن کو 2 مراسلے بھجوائے جا چکے ہیں۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اسٹوڈنٹس کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے، صرف کوئٹہ نہیں اس وقت طلبہ کی شکایات پورے ملک میں رپورٹ کیے گئے ہیں، اسلام آباد میں 10 روز سے اسٹوڈنٹس احتجاج کر رہے ہیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں آج پھر میڈیکل اسٹوڈنٹس نے احتجاج شروع کر دیا ہے، پی ایم سی اسٹوڈنٹس کے جائز مطالبات کے حل کے لیے اقدامات کرے۔

  • کوئٹہ میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مستونگ روڈ پر نواحی علاقے میں دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر دستی بم حملہ ہوا تھا جس میں 1 شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے۔

  • کوئٹہ کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم

    کوئٹہ کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت یونیورسٹیاں بہت کم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سہولیات میں اضافہ کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت ڈھائی ارب سالانہ یونیورسٹیوں پرخرچ کر رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ریکوڈک سے 10 ہزار لوگوں کو روزگار ملتا، ماضی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج ریکوڈک بند ہے۔

  • کوئٹہ : سی ٹی ڈی سے مقابلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : سی ٹی ڈی سے مقابلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے، دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کرلیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

    اطلاعات کے مطابق مشرقی بائی پاس کے قریب دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پیر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مغربی بائی پاس کے علاقے میں آپریشن کیا گیا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔

    قبل ازیں مشرقی بائی پاس پر قائم ایک دکان پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔

    ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والا شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔ادھر سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • کوئٹہ: سرینا چوک کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    کوئٹہ: سرینا چوک کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سرینا چوک پرہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور  آٹھارہ  افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    امن دشمن عناصر نے ایک بار پھر بزدلانہ وار کرتے ہوئے کوئٹہ میں خون کی ہولی کی ناکام کوشش کی ہے، ایک بار پھر وطن عزیز کے محافظوں نے اپنی جانوں کا ںذرانہ دیکر مادر وطن کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سرینا چوک کے قریب دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہے، بزدلانہ حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے، متاثرہ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ شہید پولیس اہلکار اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سریناچوک پر پولیس وین کےقریب دھماکا ہوا، :دھماکےمیں دو پولیس اہلکارشہید جبکہ اٹھارہ  افراد زخمی ہیں،زخمیوں میں بارہ پولیس اہلکار جبکہ چھ شہری شامل ہیں  دھماکا خیزمواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا

    لیاقت شاہوانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، پرامن بلوچستان کی حالات خراب کرنےوالوں کوکیفرکردارتک پہنچائیں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سریناہوٹل کےقریب دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردعناصرصوبے کا امن تباہ کرناچاہتےہیں،دہشت گردوں کومذموم مقاصدمیں کبھی کامیاب نہیں ہونےدیں گے،دہشتگردی کی عفریت کےخاتمےکیلئےعوام اپنےفورسزکےساتھ ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نےمتعلقہ حکام سےواقعےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کوعلاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    دھماکا ٹائم ڈیوائس تھا، ڈی آئی جی پولیس

    ڈی آئی جی پولیس اظہراکرام نے جائے حادثے کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کےمطابق دھماکاٹائم ڈیوائس تھا،پولیس اہلکارڈیوٹی پرتھےان کے قریب موٹرسائیکل میں نصب دھماکاہوا،دھماکےکی تحقیقات کاآغازکردیاہے، زخمیوں میں تین افرادکی حالت تشویشناک ہے۔

    ڈی آئی جی پولیس اظہراکرام نے اعتراف کیا کہ تھریٹ تھےاورہم الرٹ تھے۔

     

  • نصیرآباد بڑی تباہی سے بچ گیا، مبینہ دہشت گرد گرفتار

    نصیرآباد بڑی تباہی سے بچ گیا، مبینہ دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نصیرآباد کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق نصیرآباد کےعلاقے میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد سے بارہ کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا جبکہ پراما کارڈ بھی برآمد ہوا، مبینہ دہشت گرد مسافر وین کے زریعے کوئٹہ سے نصیرآباد جارہا تھا،مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    اسی طرح کی ایک اور کامیاب کارروائی گذشتہ سال اپریل میں سی ٹی ڈی کراچی نے کی تھی، جہاں پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے قریب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور رینجرز نے جامشورو کے قریب کارروائی کی، کارروائی کے دوران ایک گروپ کے پانچ دہشت گرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشت گردوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بظاہر دہشتگرد کراچی میں حملے کی ریکی کرچکے تھے ، یہ دہشتگرد حملے کیلئے کراچی واپس آئے تھے اور ملزمان کی نقل وحرکت پہلے بھی کراچی میں رہی ہے، دہشت گردوں سے دوخودکش جیکٹ، 6دستی بم،3ایس ایم جی برآمد کئے گئے تھے۔

  • کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کے نصب مجسمے کا افتتاح کردیا گیا

    کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کے نصب مجسمے کا افتتاح کردیا گیا

    کوئٹہ : بلوچستان کے دالحکومت کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کے نصب مجسمے کا افتتاح کردیا گیا، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ اسحاق لہڑی نے عبدالستار ایدھی کا 18فٹ مجسمہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عبد الستار ایدھی کی پانچویں برسی پر کوئٹہ میں عبدالستارایدھی کے مجسمے کے لئے افتتاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ، پروگرام میں فیصل ایدھی نے عبد الستار ایدھی کے مجشمے کا افتتاح کیا۔

    مجسمے کے افتتاحی پروگرام میں وزیر داخلہ ضیا لانگو نے شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ بلوچستان کی عوام عبد الستار ایدھی سے بے پناہ محبت کرتے تھے عبدالستار ایدھی نے کسی بھی مشکل گھڑی میں بلوچستان کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی مشن کو آگے بڑھائیں گے اوردکھی انسانیت کی خدمت جاری رہے گا، عبدالستار ایدھی نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کی خدمت کی اور عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب کرنا ان سے محبت بے لوث محبت کا دلیل ہے۔

    خیال رہے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ اسحاق لہڑی نے عبدالستار ایدھی کا 18فٹ مجسمہ بنایا ، جسےریڈ زون کے قریب عبدالستار ایدھی چوک پر نصب کیا گیا تھا۔

    یاد رہے دکھی انسانیت کے مسیحا، ہزاروں یتیموں کے والد، بے سہاروں کا سہارا، بابائے خدمت، فخر پاکستان اور ایدھی فاوٴنڈیشن انٹرنیشنل کے بانی عبد الستار ایدھی کو بچھڑے پانچ برس بیت گئے، عبدالستار ایدھی نے زندگی میں کئی چیلنجز کاسامنا کیا مگران کی صاف نیت اور مستقل مزاجی نے انہیں ہرمیدان میں کامیابی سے ہمکنارکیا۔

  • کوئٹہ: فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سریاب کے علاقے گوہر آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے آپریشن کیا، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 1 دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشت گرد کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملہ کیا گیا، دستی بم دھماکے کے باعث سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد کالعدم تنظیم کا اہم رکن تھا اور فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

    ترجمان کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔

  • کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کی جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے اغبرگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید نفری طلب کی تھی۔ بھرپور فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دہشت گردوں کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، چاروں دہشت گرد فورسز پر حملوں میں ملوث تھے اور مزید تخریب کار کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔