Tag: Quetta

  • سانحۂ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کل کوئٹہ جائیں گے

    سانحۂ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کل کوئٹہ جائیں گے

    کراچی/لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں نواز شریف اور مریم کے ترجمان محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گی۔

    مریم نواز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کر دیں، مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

    ذرایع بلاول ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے، بلاول ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے میں شریک ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہم راہ ہوں گے۔

    ‘ہوسکتا ہے وزیراعظم آج رات یا کل کوئٹہ آجائیں’

    خیال رہے کہ کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے کو 4 دن بیت چکے ہیں، مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے میں ورثا لاشوں سمیت احتجاج کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں 3 جنوری کو  11 کان کنوں کو بہیمانہ طور پر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد نہ صرف بلوچستان بلکہ کراچی میں بھی مظاہرے اور دھرنے شروع ہو چکے ہیں۔

    آج وزیر اعظم عمران خان نے مچھ واقعے کے لواحقین سے اپنے پیاروں کی تدفین کی دراخوست کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلد کوئٹہ آ کر شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کروں گا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے وزیر اعظم آج رات یا کل کوئٹہ جائیں۔

     

  • ‘ شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8بجے بند کردیئے جائیں گے’

    ‘ شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8بجے بند کردیئے جائیں گے’

    کوئٹہ : کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کوئٹہ کے تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کردیئے ، شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8 بجے بند کردیئے جائیں گے

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس میں تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تجارتی مراکز کے اوقات کار پر احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مال اورمارکیٹس رات 8 بجے بند کردیئے جائیں گے جبکہ شادی ہالز رات 11 بجے، پارکس شام 6 بجے بند ہوں گے، اوقات کار کی خلاف ورزی پر سختی سےنمٹا جائے گا۔

    خیال رہے 24گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کورونا سے مزید ایک مریض انتقال کرگیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 164ہوگئی جبکہ کورونا کے 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں سے کورونا کے مزید 5کیسز رپورٹ ہوئے ، بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں ابتک981 کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سردی مزید بڑھ گئی

    ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سردی مزید بڑھ گئی

    کوئٹہ / چلاس : بابو سر ٹاپ اور نانگا پربت سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد روئی کے گالوں سے برف پوش وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا، شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہر جاری ہے۔

    ملک کے بالائی علاقے برف سے ڈھک گئے،سردی بڑھ گئی مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں برف کی چادربچھ گئی شانگلہ میں برفباری سے بشام سوات روڈ پرٹریفک معطل ہوگیا، گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی برف ہی برف اسکردو میں پارہ منفی7استورمیں منفی6تک گرگیا

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے، برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے اور راستے برف سے اٹ گئے، مانسہرہ میں ہرسو سفیدی نظر آرہی ہے، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں نے ہر منظر دلکش بنادیا۔

    چاروں طرف بچھی سفید چادرسے قدرتی حسن نکھر گیا۔ وادی شانگلہ میں بھی کوہساروں نے آسمان سے گرتے روئی کے گالے اپنے دامن میں سمیٹ لئے، شدید برفباری سے بشام سوات روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

    دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔بابوسر ٹاپ پر رات سے اب تک 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جب کہ نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسکردو اور مضافات میں بھی موسم ابر آلود ہے جب کہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس کے بعد اسکردو کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب نیلم آزاد کشمیر میں اٹھ مقام، گریس، کیل اور شاردہ میں برفباری ہوئی جب کہ کنڈل شاہی، باڑیاں اور جورا میں بارش جاری ہے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں بھی برف نے پہاڑوں اور راستوں کو ڈھانپ لیا ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی سات، استور میں منفی چھ تک گرگیا۔ شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہربرقرار ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک،قلات اورزیارت میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔

  • کوئٹہ اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ: شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، شہری کلمہ طیبہ کاورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے پشین، ہرنائی، زیارت اور دکی میں محسوس کئے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت5.1 اور اس کا مرکز کوئٹہ سے38کلومیٹر مشرق میں تھا جب کہ زیر زمین گہرائی 10کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اب تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں موصول ہوئی ہے۔

    زلزلہ کے بعد عوام میں خوف وہراس پھیل گیا  اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔

    واضح رہے کہ ماضی میں 31 مئی 1935 میں جو خوفناک زلزلہ آیا تھا ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت سات اعشاریہ چھ بتائی گئی تھی۔ اس زلزلے میں جیولاجیکل سروے آف پاکستان کے مطابق ساٹھ ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کوئٹہ شہر کا بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔

  • بلوچستان حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو سستے داموں آٹے کی فراہمی

    بلوچستان حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو سستے داموں آٹے کی فراہمی

    کوئٹہ : بڑھتی ہوئی مہنگائی اور آئے دن آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے اس مشکل صورتحال میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ سستا آٹا پوائنٹس عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

    کوئٹہ شہر میں حالیہ مہنگائی کی لہر عام آ دمی کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھیننے کے درپے ہے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1280روپے تک جا پہنچا اور آٹا غریب آدمی کی قوت خرید کا امتحان بنتا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں بلوچستان حکومت نے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے مختلف مقامات پر سستا آٹا پوائنٹس قائم کردیئے ہیں جہاں سے عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اس ہوشربا مہنگائی کی صورتحال میں صوبائی حکومت کی جانب سے سستا آٹا پوائنٹس قائم کرنا ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، سستا آٹا پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کرکے ان کی مشکلات مزید کم کی جاسکتی ہیں۔

    اس حوالے سے ڈی جی فوڈ بلوچستان مظفر ذیشان کا کہنا ہے کہ شہر کے 9 مختلف مقامات پر یہ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور 20کلو آٹے کا بیگ 930 روپے میں فراہم کیا جارہا ہے۔

    حکومت اگر سستے داموں گندم کی خریداری کرکے مل مالکان کو فراہم کر دے تو آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں استحکام لایا جایا سکتا ہے۔

  • کوئٹہ، کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، مریم نواز

    کوئٹہ، کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، مریم نواز

    کوئٹہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ اور کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، بلوچستان کے اس حال کی یہی وجہ ہے کہ ووٹ کو عزت نہیں ملتی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کوئٹہ میں (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عوام کی حاکمیت کا سورج طلوع ہونے کو ہے، ووٹ کو عزت دینی ہوگی، کسی کو ووٹ سے کھیلنے کا حوصلہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا کو ہم نے پنجاب یونیورسٹیز میں اسکالر شپ دی تھیں، بلوچستان کے طلبا کی اسکالر شپس ختم کردی گئیں، امید کرتی ہوں ان بچوں کی اسکالرشپس بحال ہوں گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ بلوچی لباس پہننے کا مقصد بلوچستان کے عوام سے محبت کا اظہار ہے، یہ سمجھتے ہیں بلوچستان کے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق نہیں ہے، پنجاب کی طرح ہمیں بلوچستان کے بچے بھی عزیز ہیں۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا حلف کی پاسداری کرو، قانون کا احترام کرو، کوئٹہ کے عوام بتائیں کیا آج تک قائداعظم کی اس تلقین پر عمل ہوا، قائداعظم کی روح بھی دیکھ رہی ہےکہ ان کی تلقین کو مٹی میں ملا دیا گیا۔

    مریم نواز نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، توہین آمیز خاکوں سے دکھ ہوا، ہم سب مل کر اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔

  • عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ’کمرے کی چوکیداری‘ سنبھال لی

    عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ’کمرے کی چوکیداری‘ سنبھال لی

    کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کوئٹہ میں مریم نواز کے کمرے کی چوکیداری سنبھال لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے کمرے کی چوکیداری سنبھال لی، مریم نواز کل کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ جلسے کے حوالے سے جس کمرے میں مریم نواز مقیم ہیں اس کی سیکیورٹی کے فرائض عظمیٰ بخاری کے سپرد کردئیے گئے ہیں۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ’کمرے کا تالا بہت مضبوط ہے، امید ہے سلامت رہے گا اور آئی جی صاحب بھی چھٹی پر نہیں جائیں گے، اگر کسی نے اس طرف دیکھنے کی کوشش کی تو یاد رکھیں ہم سب بہت چوکنا ہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ اب یہ دروازہ انشا اللہ سلامت رہے گا، اگر کسی کو ایڈونچر کا شوق ہے تو آجائے ہم یہیں پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کل کوئٹہ میں حکومت مخالف جلسہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خطاب کریں‌ گے۔

    یاد رہے کہ جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کوئٹہ پہنچ گئی ہیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج رات کوئٹہ کے لیے روانہ ہوں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

  • کوئٹہ :زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملہ،14 افراد زخمی

    کوئٹہ :زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملہ،14 افراد زخمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے ، حملے کے زخمیوں میں 5 مزدور اور2 راہگیربچے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ پر دستی بم حملہ ہوا ، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر پھینکا گیا۔

    پولیس کے مطابق دستی بم حملے کے زخمیوں میں 5 مزدور اور2 راہگیربچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ بم ڈسپوزل ٹیم اسمنگلی روڈ پر جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    یاد رہے رواں سال اگست میں کوئٹہ میں بروری روڈ پر دکان پر دستی بم حملے میں بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا۔

  • پولیو سے معذور ہونے والی باہمت طالبہ اور مصورہ شازیہ بتول

    پولیو سے معذور ہونے والی باہمت طالبہ اور مصورہ شازیہ بتول

    کوئٹہ : دو بوند پولیو ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی شازیہ بتول زندگی بھر کے لئے معذوری کا شکار ہوگئی لیکن اس نے ہمت نہ ہاری اور آگے بڑھتی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو جیسے موذی مرض نے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں زندگیوں کو معذوری کے اندھے کنویں میں دھکیل دیا ہے ان ہی میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی شازیہ بتول بھی شامل ہیں۔

    بچپن میں دو بوند پولیو ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے دونوں پیروں سے معذور ہونے والی اس لڑکی نے ہمت کا دامن ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا، اسکول ،کالج، یونیورسٹی تک اس معذوری کے سبب معاشرے کا نارواں سلوک بڑی دیدہ دلیری سے برداشت کیا۔

    مصورہ شازیہ بتول نے معذور افراد کے مسائل کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا ہے، انہوں نے خوش نما رنگوں کو کینوس پر اس طرح اتارا کہ اپنی جیبوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کو پولیو ویکسین کی اہمیت کا اندازہ بھی کروایا۔

    آ ے آر وائی نیوز کی نمائندہ عطیہ اکرم کی رپورٹ کے مطابق مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی شازیہ بتول کا پیغام ہے کہ پولیو ویکسین ہی پولیو کے خاتمے کا واحد ذریعہ ہے۔

    شازیہ کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ معاشرے میں معذور افراد بھی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کے لیے صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

    شازیہ بتول نے تمام والدین سے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو انسداد پولیو مہم کے دوران دو بوند پولیو ویکسین ضرور پلائیں اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

  • بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، پارٹی امور، سیاسی صورتحال و دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ نے پارٹی عہدیداروں کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ملک کسی انتشار یا افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والے عناصر کا کوئی مستقبل نہیں، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ یہ عناصر صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں عوامی خدمت میں رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔