Tag: quit

  • نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    امریکا میں نیٹ فلکس میں بطور انجینیئر کام کرنے والے مائیکل لین نے کمپنی کو اس لیے چھوڑ دیا کیونکہ وہ اس کام سے بیزار ہوگئے تھے۔

    مائیکل لین سنہ 2017 میں سینئر سافٹ ویئر انجینیئر کے طور پر نیٹ فلکس کا حصہ بنے تھے اور اس سے قبل ایمازون کمپنی میں کام کرتے رہے تھے۔

    مائیکل لین کے مطابق جب وہ نیٹ فلکس کی ملازمت چھوڑ رہے تھے تو ان کے ذہن میں تھا کہ کیا اس سے بہتر ملازمت مل سکے گی جہاں مفت طعام اور تنخواہ کے ساتھ لامحدود چھٹیاں مل سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین بھی ملازمت چھوڑنے کے لیے خلاف تھے، مائیکل لین کے دوستوں کو بھی فکر تھی کہ ان کو کسی اور جگہ اچھی ملازمت نہیں مل سکے گی۔

    ان کا خود کہنا ہے کہ نیٹ فلکس میں کام کرتے ہوئے انہوں نے کافی کچھ سیکھا مگر کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد انہیں اپنا کام اس وقت برا لگنے لگا جب انہیں دفتر کے بجائے گھر سے کام کرنے کا کہا گیا۔

    مائیکل لین نے اپنے عہدے کو بدلنے کی درخواست بھی دی مگر اسے مسترد کردیا گیا۔

    اس موقع پر انہیں لگنے لگا کہ تنخواہ تو اچھی مل رہی ہے مگر ان کا کیریئر مزید آگے نہیں بڑھ سکتا جس سے ان کا کام بھی متاثر ہوا۔

    کمپنی کی جانب سے انہیں اپریل 2021 میں وارننگ بھی دی گئی جس کے 2 ہفتے بعد مائیکل نے استعفیٰ دے دیا، اس موقع پر مائیکل لین کا خیال تھا کہ اس فیصلے سے ان کی سماجی زندگی اور کیریئر متاثر ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا۔

    اب ان کا کہنا ہے کہ ملازمت کو چھوڑے ہوئے 8 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور وہ اپنے لیے کام کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ابھی آغاز ہے اور ابھی آمدنی کا کوئی قابل بھروسہ ذریعہ بھی نہیں مگر انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں سب اچھا ہوگا۔

  • امریکا اسرائیل کی حمایت میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدہ

    امریکا اسرائیل کی حمایت میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدہ

    واشنگٹن: فلسطین میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کرنے والے ملک اسرائیل کی حمایت میں امریکا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدہ ہوگیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اسرائیل کے خلاف محاذ بنالیا ہے، انسانی حقوق کونسل اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین، کیوبا اور  وینزویلا انسانی حقوق کی پامالی میں خود ملوث ہیں، انسانی حقوق کونسل منافقت پر مبنی قراردادیں لارہی ہے، کونسل کے رکن ممالک خود بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔


    سلامتی کونسل نے اسرائیل کے حق میں امریکی قرارداد مسترد کردی


    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں، رکن ممالک کا خود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونا ہرگز درست نہیں ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف 5 قراردادیں منظور کی گئیں، اسرائیل کو علیحدہ کر کے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔


    اقوام متحدہ: غزہ میں فلسطینیوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور


    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے کونسل میں تبدیلیوں کا مطالبہ نہیں سنا گیا انہی تمام صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ دو جون کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کے حق میں امریکی قرار داد مسترد کردی تھی، امریکا نے اپنی قرارداد میں غزہ میں تشدد کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جرمنی میں سیاسی پناہ سے متعلق تیار کردہ نیا منصوبہ تاخیر کا شکار

    جرمنی میں سیاسی پناہ سے متعلق تیار کردہ نیا منصوبہ تاخیر کا شکار

    برلن : جرمنی کے وزیر داخلہ کی جانب سے مائیگریشن قوانین سے متعلق تیار کیا گیا نیا منصوبہ انجیلا مرکل اور ہورسٹ زیہوفر میں اختلاف کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک جرمنی میں ایک روز قبل تارکین وطن کی سیاسی پناہ سے متعلق نیا منصوبہ پیش کیا جانا تھا جسے آخری اوقات میں پیش کرنے سے روک دیا گیا۔

    غیر ملکی خب رساں ادارے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کی جانب سے تیار کردہ نئے منصوبے کے مؤخر ہونے کا باعث ہورسٹ زیہوفر اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے اختلافات کو قرار دے رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملک کے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر جرمنی کی قدامت پسند جماعت سی ایس یو کے سربراہ ہیں، جنہوں نے ’مائیگریشن کے حوالے سے نیا ماسٹر پلان‘ تیار کیا تھا جسے تاحال مؤخر کردیا گیا ہے۔

    جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر مائیگریشن کے منصوبے کو پیش نہ کرنے کی کوئی خاص وجہ بیان نہیں کر پائے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئے مسودے میں کچھ سطروں پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، لہذا ان پر کام کرنا باقی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ قدامت پسند وزیر داخلہ کی جانب سے جرمنی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے 63 نکات پر منبی نیا مسودہ انجیلا مرکل نے منظور کرنا ہے جس کے بعد اسے پارلیمنٹ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    جرمن میڈیا کے مطابق ہورسٹ زیہوفر اور انجیلا مرکل کے درمیان مذکورہ نکتے پر اختلاف ہوا ہے کہ’کوئی بھی تارک وطن جرمنی کےلیے علاوہ کسی اور یورپی ملک میں پناہ کی درخواست دے چکا ہو، تو اسے جرمنی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

    وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جرمنی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کی سیکیورٹی کا ذمہ دار ی میرے اوپر ہے، مائیگریشن پلان کو مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونے دوں گا‘۔

    ہورسٹ زیہوفر کا کہنا تھا کہ ’جرمن عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کرنے کے لیے مہاجرین کی سیاسی پناہ سے متعلق قوانین کا ازسر نو جائزہ لینے  اور ترتیب دینے کی ضرورت ہے‘۔

    خیال رہے کہ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کی حکمران جماعت سی ڈی یو اور سی ایس یو کے اتحاد کے ساتھ حکومت کررہی ہیں اور انجیلا مرکل کی اتحادی جماعت سی ایس یو تارکین وطن سے متعلق سخت قانون ترتیب دینا چاہتی ہے۔

    دوسری جانب جرمن چانسلر کی دوسری اتحادی جماعت ایس پی ڈی کی جانب سے ہورسٹ زیہوفر کے تیار کردہ نئے مسودے کو ’تباہ کن‘ قرار دیتے ہوئے مائیگریشن قوانین سے متعلق نیا مسودہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں