Tag: Rad Ul Fasaad

  • آپریشن رد الفساد، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،10 دہشت گرد مارے گئے

    آپریشن رد الفساد، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،10 دہشت گرد مارے گئے

    صوابی : آپریشن رد الفساد کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی میں مزید دس دہشت گرد مارے گئے، صوابی میں دو روز کے دوران انجام کو پہنچنے والے ملزمان کی تعداد پندرہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کے تحت شہر شہر چھاپے اور گرفتاریاں جاری ہے، صوابی باجابائی پاس میں دہشت گردوں کے ساتھی کی اطلاع پر خفیہ ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی اس دوران آرمی اور پولیس سے مقابلے میں دس دہشت گرد مارے گئے۔

    کارروائی کے دوران تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، صوابی میں مختلف آپریشنز میں انجام کو پہنچنے والے ملزمان کی تعداد پندرہ ہوگئی۔


    مزید پڑھیں: صوابی میں آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک


    یاد رہے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

    دوسری جانب پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران بائیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی، مالاکنڈ میدان لال قلعہ سے پولیس پر حملے میں ملوث دہشت گرد ثناء پکڑا گیا۔

    کراچی اتحاد ٹاؤن سے پولیس کو مطلوب تین ملزمان جنت گل ،سعید اور دانش کو گرفتار کر لیا گیا، نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کی کچی آبادی سے غیرقانونی مقیم دو افغان اور ایک بنگالی شہری پکڑا گیا، اندرون سندھ کندکوٹ اورتنگوانی میں پولیس اور رینجرز نے کومبنگ آپریشن میں سات ملزمان گرفتار کر کےاسلحہ برآمد کرلیا۔

    شیخوپورہ سے سیکیورٹی اداروں نے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیشی مرکز منتقل کردیا، کوٹ مومن سے چھ مشکوک افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی، پتوکی میں بڑے کریک ڈاؤن کے دوران دس ملزمان گرفت میں آئے۔

  • آپریشن رد الفساد پر اہم اجلاس، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم

    آپریشن رد الفساد پر اہم اجلاس، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم

    اسلام آباد : سیاسی اور عسکری قیادت نے آپریشن رد الفساد پر سر جوڑ لئے،وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہداف کےحصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف جاری آپریشن ردالفساد کا جائزہ لیا گیا ، اہداف کے حصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرداخلہ چوہدری نثار،اسحاق ڈار ، جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیرقومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ بلارنگ و نسل دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا جبکہ دہشتگردی کےخاتمے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں : پاک فوج کا آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان


    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے اور ان کے سدباب کیلئے مربوط کارروائی کریں گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کی خاتمے کیلئے کیا جارہا ہے،آپریشن سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں فضائیہ، نیوی، سول آرمڈ فورسز بھی حصہ لیں گی۔