Tag: radio pakistan

  • افشاں احمد نے پہلا گانا کتنے سال کی عمرمیں گایا ؟

    افشاں احمد نے پہلا گانا کتنے سال کی عمرمیں گایا ؟

    سنہ 1980 کی دہائی میں پی ٹی وی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی پاکستان کی معروف گلوکارہ افشاں احمد جنہیں صرف تین سال کی عمر میں پی ٹی وی پر گلوکاری کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں گلوکارہ افشاں احمد نے شرکت کی اور مداحوں سے اپنی زندگی اور فن کے حوالے سے بہت سی باتیں شیئر کیں۔

    خوبصورت سُروں اور سریلی آواز کی مالک سینئر گلوکارہ افشاں احمد نے بطور چائلڈ آرٹسٹ پی ٹی وی پر کام کیا اور سب کے دل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے دو بھائی ہیں اور میں سب سے چھوٹی ہوں، ہم تینوں بہت اچھا گاتے ہیں بلکہ ان کو تو میوزک بجانا بھی آتا ہے لیکن شوق بس اپنی حد تک ہے، مجھے موقع ملا تو میں آگے بڑھ گئی۔

    افشاں احمد کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں نے ریڈیو پاکستان جانا شروع کیا، وہاں بچوں کا پروگرام تھا ’بچوں کی دنیا‘ اس میں کام کیا پھر ٹی وی سے آفر ہوئی تو ظاہر ہے اسکرین پر آنے کا شوق تو سب کو ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے والد بہت آزاد خیال اور لبرل قسم کے انسان تھے ان کا کہنا تھا کہ سب شوق پورے کرو لیکن اگر پڑھائی خراب ہوئی تو سارے کام بند کرا دوں گا۔

  • ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی، اسٹیشن ڈائریکٹر

    ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی، اسٹیشن ڈائریکٹر

    ریڈیو پاکستان پشاور میں 9 اور 10 مئی کو ایک دل خراش واقعہ بھی پیش آیا تھا جب جان بچانے کے لیے ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

    اسٹیشن ڈائریکٹر اعجاز خان نے افسوس ناک واقعے سے بتایا کہ ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، جو شدید زخمی ہو گیا، کور کمانڈر پشاور کی ہدایات پر زخمی کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

    اعجاز خان کے مطابق 9 مئی کی شام کو ایک سیاسی پارٹی کے ورکرز نے احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی دیوار کو تو ڑ دیا، شرپسندوں نے چاغی پہاڑ کے ماڈل کو بھی جلا کر راکھ کر دیا، یہ ماڈل اسلامی دنیا کے پہلے ایٹمی ملک ہونے کی علامت تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کے استقبالیہ بلاک کو بھی آگ لگا دی، شرپسند سیکیورٹی اہلکاروں کے ہتھیار بھی چھین کر لے گئے، انھوں نے 350 سیٹوں والے خوب صورت آڈیٹوریم کو بھی جلا کر راکھ کر دیا۔

    اعجاز خان کے مطابق ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ ایڈم بلاک کے ساتھ ٹرانسمیشن آپریشن کی سہولیات کو بھی جلا کر خاکستر کیا گیا، ریڈیو پاکستان کے عملے کی جانب سے قرآن پاک کے واسطے دیے گئے، لیکن نادان لوگوں نے کسی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سب کچھ راکھ کر ڈالا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ مالی نقصان کا ازالہ تو ہو جائے گا مگر نادر نسخوں کے نقصان کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا، 9 اور 10 مئی حملوں کے باوجود 11 مئی کو ریڈیو پاکستان نے اپنی ٹرانسمیشن جاری رکھیں۔

  • کور کمانڈر کا ریڈیو پاکستان پشاور کی سوختہ عمارت کا دورہ

    کور کمانڈر کا ریڈیو پاکستان پشاور کی سوختہ عمارت کا دورہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ریڈیو پاکستان کی جلائی جانے والی عمارت کی بحالی کا کام جاری ہے، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے عمارت کا دورہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔

    تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے ریڈیو پاکستان پشاور کی سوختہ عمارت کا دورہ کیا، کور کمانڈر کو ریڈیو پاکستان میں ہونے والے شرپسندی کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    کور کمانڈر نے عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڈیو پاکستان کی بحالی میں مزید تیزی لائی جائے۔

    فی الحال پاک فوج کا عملہ ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی اور صفائی میں مصروف عمل ہے۔

    یاد رہے کہ 10 مئی کے روز شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا اور آگ لگا دی تھی۔

    ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا، شرپسند ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھس کر نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچا دی۔

    بعد ازاں پاک فوج کی مدد سےایک دن بعد ہی ریڈیو پاکستان پشاور نے نشریات دوبارہ شروع کردی تھیں۔

  • فواد چوہدری نے صحافیوں کو خوشخبری سنا دی

    فواد چوہدری نے صحافیوں کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو مکمل ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، صحافیوں کو وہ سہولت دینے جا رہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی، ہم نے صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ ہم نے 20 سال دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، گزشتہ دنوں انفو لیب بھی پکڑی گئی۔ 845 جعلی ویب سائٹس بنائی گئیں جن سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انفو لیب کے ذریعے پاکستان مخالف اقدامات کیے گئے، یہ اصل لڑائی ہے کہ ہم اپنا بیانیہ کیسے پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو مستحکم کر رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اے پی پی،پی ٹی وی، ریلوے اور اسٹیل مل کو بٹھا دیا، آج عمران خان کو ہر عمارت کی بنیاد پھر سے رکھنا پڑ رہی ہے۔ ان اداروں کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگست کے پہلے ہفتےمیں پی ٹی وی مکمل ایچ ڈی ہوجائے گا، اے پی پی ورلڈ کلاس نیوز ایجنسی اگست میں اپنا کام شروع کرے گی، ریڈیو پاکستان کو مکمل ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ صحافیوں کی جانوں کو خطرہ ہے، ملکی تاریخ میں صحافیوں پر سب سے زیادہ حملے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے، مسلم لیگ کے دور میں 18 حملے ہوئے جن میں 14 صحافی جان کی بازی ہار گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو وہ سہولت دینے جا رہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی، ہم نے صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔

  • آج پوری دنیا میں ریڈیو کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

    آج پوری دنیا میں ریڈیو کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

    لاہور : آج پوری دنیا میں ریڈیو کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور دنیا بھر میں ریڈیو اسٹیشنز کی تعداد 51 ہزار 884 ہے۔ عالمی سطح پر (60فیصد) 31 ہزار 220 ریڈیو اسٹیشنز 10 ممالک امریکا ،اٹلی ،فرانس ،روس ، برازیل ، میکسیکو، ترکی ، فلپاین ، برطانیہ اور پیرو میں کام کر رہے ہیں، ایک چوتھائی (13ہزار769) ریڈیو اسٹیشنز اکیلے امریکا میں ہیں۔

    پاکستان میں ریڈیو اسٹیشنز کی تعداد 203 ہے۔ سرکاری ریڈیو اسٹیشنز کی تعداد 56 ہے جس میں سے 22 میڈیم ویوو اور 34 ایف ایم ریڈیوا سٹیشنز ہیں۔ اس کے علاوہ 147 پرائیوٹ ایف ایم اسٹیشنز کام کر رہے ہیں۔ 119 کمرشل جبکہ 28 مختلف یونیورسٹیوں کے ڈپارٹمنٹس میں نان کمرشل ایف ایم اسٹیشنز ہیں۔ مجموعی طور پر 181 ایف ایم اسٹیشنز کام کر رہے ہیں۔

    انٹر نیشنل ٹیلی کمیو نیکشن کے مطابق دنیا کی 90 فیصد آبادی تک ریڈیو سگنل کی رسائی ہے جبکہ ریڈیو سیٹس ڈھائی ارب ہیں، انٹرنیٹ اور موبائل فونز پر ریڈیو سننے کی اضافی سہولت نے ریڈیو سماعت کو ایک نئی جہت دی۔

    یونیسکو کے مطابق عالمی سطح پر 2000 سے 2006 کے دوران انٹر نیٹ پر ریڈیو سننے والوں کی تعداد میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صرف امریکا میں8کروڑ افراد ریڈیو سننے کے لیے انٹر نیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ ملک میں پرائیویٹ اور سرکاری ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز کے قیام اور ٹیکنالوجی کے استعمال نے ریڈیو کی بقاء میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

    برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کی جانب سے 2008 میں پاکستان میں 15 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد میں کئے گئے سروے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ریڈیو سننے والے 30 فیصد بالغ مرد اور 20 فیصد بالغ خواتین موبائل فون پر ریڈیو سنتے ہیں اور اسی طرح 4/ فیصدبالغ مرد اور 3 فیصد بالغ خواتین گاڑیوں میں سفر کے دوران ریڈیو سے محظوظ ہوتے ہیں۔

  • ریڈیو پاکستان کے ڈپٹی کنٹرول نیوز محمد الیاس پراسرار طور پر ہلاک

    ریڈیو پاکستان کے ڈپٹی کنٹرول نیوز محمد الیاس پراسرار طور پر ہلاک

    اسلام آباد : ریڈیو پاکستان کے ڈپٹی کنٹرول نیوز محمد الیاس پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ریڈیو پاکستان کے ڈپٹی کنٹرول نیوز محمد الیاس کی لاش اسلام آباد کے نواحی علاقے غوری ٹاﺅن فیز فائیو میں سڑک کنارے گاڑی میں ملی جسے پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق محمد الیاس کے جسم پر تشدد یا گلے پر نشانات نہیں پائے گئے۔

    لواحقین نے انتظامیہ کو درخواست دے کر پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا، جس کے بعد میت لواحقین کے حوالے کردی جائے گی۔

  • معروف گلوکار مجیب عالم کو گزرے 11 برس بیت گئے

    معروف گلوکار مجیب عالم کو گزرے 11 برس بیت گئے

    معروف پسِ پردہ گلوکار مجیب عالم کی آج 11 ویں برسی منائی جارہی ہے، دلوں کولبھالینے والی یہ مدھر آواز 2 جون 2004 کو ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی تھی۔

    ان کا شماران گلوکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے اردو ہندی کے دیومالائی فنکار محمد رفیع کے انداز کی پیروی کرتے ہوئے گلوکاری کا آغاز کیا، تاہم مجیب عالم نے بہت جلد ہی اپنی ایک الگ پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    فلموں میں ان کا ان کا پہلا مشہور گانا فلم ’’چکوری‘‘ کا تھا جو انہوں نے انیس سو سڑسٹھ میں گایا، اس گانے کی موسیقی روبن گھوش نے ترتیب دی تھی اوراس گانے پرمجیب کونگار ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    یہ گانا تھا ’وہ میرے سامنے تصویر بنے بیٹھے ہیں‘۔ اس کے بعد فلم شمع اور پروانہ کے لیے گائے ہوئے ان کے تمام گانے انتہائی مقبول ہوئے۔

    ان گانوں میں تیرے اجنبی شہر میں، ڈھونڈتا پھر رہا ہوں تجھے، دل تیری یاد سے جب گھبرائے گا، میں تیرا شہرچھوڑ جائوں گا، بادلوں کے تلے ہم،تم نے وعدہ کیا تھا اورہم کھوگئے تیرے پیارمیں شامل ہیں۔ آپ کے زیادہ تر گانے ندیم ،وحید مراد اور محمد علی جیسے مایہ ناز فنکاروں پر عکس بند کئےگئے۔

    اس کے بعد فلم گھراپنا گھر، آوارہ، انجان، ماں بیٹا، لوری اورمتعدد دوسری فلموں کے گانے شامل ہیں۔

    نجیب عالم کو 2 جون 2004 کو دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے، آپ کراچی میں آسودۂ خاک ہیں۔