Tag: Rafah

  • رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت پہنچ گیا

    رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت پہنچ گیا

    نیویارک: جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت انصاف پہنچ گیا۔

    عرب نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ نے رفح میں اسرائیل کا زمینی آپریشن رکوانے کے لیے عالمی عدالت انصاف میں ہنگامی درخواست دائر کر دی ہے، جس میں جنوبی افریقہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا جائزہ لے۔

    یہ ہنگامی درخواست جنوبی افریقہ نے منگل کے روز دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس بات پر غور کرے کہ اسرائیل رفح میں جو فوجی آپریشن کرنے جا رہا ہے، کیا اس سے فلسطینیوں کے حقوق کی مزید خلاف ورزیاں ہوں گی، اور کیا عدالت کو اس سلسلے میں اپنے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

    جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں، مزید نقصان اور تباہی ہوگی، اور یہ آپریشن عالمی عدالت کے 26 جنوری کے دیے جانے والے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگا۔

    واضح رہے کہ بے گھر فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ رفح حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آ چکا ہے، جہاں روزانہ کے حساب سے 100 فلسیطینی مارے جا رہے ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے پیر کو متنبہ کیا تھا کہ رفح میں کوئی بھی حملہ ’’خوفناک ہوگا، اور اس میں زیادہ تر عام شہری، اور ان میں بھی زیادہ تر بچے اور خواتین مارے جانے کا امکان ہے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے جاری کردہ احکامات اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے، اور جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اس کا نوٹس لیا جانا اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے۔

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید 67 فلسطینی شہید، 3 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید 67 فلسطینی شہید، 3 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت تھمنے کا نام نہیں لے رہی، مزید 67 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید سڑسٹھ فلسطینی شہید ہو گئے، حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بمباری میں مزید 3 اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق نصیرات کیمپ پر صہیونی فوج کی بمباری میں 5 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ غزہ میں زمینی لڑائی کے دوران 3 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو گئے ہیں، غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 28,340 فلسطینی شہید اور 67,984 زخمی ہو چکے ہیں۔

    رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں

    اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح کو نیا ہدف بنا لیا ہے، فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائی کی بھی تیاری کر لی ہے، رفح میں بے گھر فلسطینی بڑی تعداد موجود ہیں، جن پر اسرائیلی فوج بم برسا رہی ہے۔

  • رفح میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت قابل افسوس ہے، نگراں وزیر خارجہ

    رفح میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت قابل افسوس ہے، نگراں وزیر خارجہ

    اسلام آباد: نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیل کی حالیہ بمباری اور جارحیت کو قابل افسوس قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ نے رفح میں صہیونی فورسز کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں اسرائیل کی حالیہ بمباری اور جارحیت قابل افسوس ہے۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جارحیت بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، ہم فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں کی مذمت اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    جلیل عباس کا کہنا تھا کہ دنیا ایسے اقدامات سے نظریں اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

    واضح رہے کہ عالمی برادری نے اسرائیل کو جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں فوجی آپریشن میں توسیع کے خلاف خبردار کر دیا ہے، تاہم صہیونی فورسز کی جانب سے رفح پر وحشیانہ فضائی اور سمندری بمباری جاری ہے، جس سے رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔

  • رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں

    رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں

    غزہ: عالمی برادری نے اسرائیل کو جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں فوجی آپریشن میں توسیع کے خلاف خبردار کر دیا ہے، تاہم صہیونی فورسز کی جانب سے رفح پر وحشیانہ فضائی اور سمندری بمباری جاری ہے، جس سے رفح میں روزانہ اوسطاً 100 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق گزشتہ متعدد دنوں سے رفح میں شدید بمباری جاری ہے، گزشتہ رات بھی شدید بمباری کی گئی، دوسری طرف امدادی تنظیمیں اور حکومتیں جنوبی غزہ کے شہر میں زمینی فوج بھیجنے کے منصوبے کے خلاف اسرائیل کو خبردار کر رہی ہیں، کیوں کہ رفح میں اس وقت 14 لاکھ سے زیادہ فلسطینی پناہ گزیں ہیں۔

    اگرچہ اسرائیل کی زمینی افواج نے ابھی تک 64 مربع کلومیٹر (25 مربع میل) پر واقع رفح پر ’بھرپور‘ زمینی حملہ نہیں کیا ہے، تاہم وہاں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو مسلسل بدترین فضائی حملوں کا سامنا ہے، جس میں روزانہ اوسطاً 100 افراد شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    رفح کو ’محفوظ زون‘ قرار دیا گیا تھا لیکن اب اسرائیل کی جانب سے اس علاقے میں جو بے گھر فلسطینیوں کے لیے آخری پناہ گاہ ہے، مکمل پیمانے پر حملے کے منصوبے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، اسرائیل کے اتحادیوں نے بھی اس پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    امریکا کا لہجہ بھی پہلی بار بدل گیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو سے فون پر بات کی اور دو ٹوک لہجے میں کہا کہ رفح میں فوجی آپریشن ایک قابل اعتبار اور قابل عمل منصوبہ بندی کے بغیر آگے نہیں بڑھنا چاہیے، تاکہ 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی حفاظت اور مدد کو یقینی ہو۔

    رفح میں رات بھر آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے 2 یرغمالی چھڑا لیے

    سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی چند دن قبل رفح پر اسرائیل کے حملے کے ’انتہائی خطرناک نتائج‘ کے خلاف خبردار کیا ہے، جب کہ مصر نے ’سنگین نتائج‘ اور شہر میں ’انسانی تباہی‘ کے مزید گہرے ہونے سے خبردار کیا ہے۔ اتوار کے روز عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانوم گیبریئس نے بھی کہا کہ رفح میں اسرائیل کے منصوبہ بند حملے کی اطلاعات ’انتہائی تشویش ناک‘ ہیں۔ انھوں نے ایکس پر لکھا کہ اس منصوبے کے نتائج 14 لاکھ فلسطینیوں کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں جن کے پاس جانے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں ہے، اور جن کے پاس صحت کی دیکھ بھال کے لیے تقریباً کوئی جگہ باقی نہیں بچی ہے۔

  • رفح میں رات بھر آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے 2 یرغمالی چھڑا لیے

    رفح میں رات بھر آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے 2 یرغمالی چھڑا لیے

    غزہ: جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں رات بھر آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے 2 یرغمالی چھڑانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کا کہنا ہے کہ یرغمال بنائے جانے کے 128 دن بعد فورسز نے غزہ سے دو اسرائیلی شہریوں کو خصوصی آپریشن میں بازیاب کرا لیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے پیر کو کہا کہ اس نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں رات بھر خصوصی آپریشن کیا، یرغمالیوں میں 60 سالہ فرنینڈو سائمن مارمن اور 70 سالہ لوئس ہار شامل ہیں، جنھیں 128 دن قبل حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے قیدیوں کی بازیابی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج رفح سے دو یرغمالیوں کی بازیابی پر طویل عرصے سے کام کر رہی تھی، تاہم آپریشن انجام دینے کے لیے حالات مناسب نہیں تھے، اس لیے موافق وقت کا انتظار کیا جا رہا تھا، کیوں کہ رفح کے قلب میں ہدف تک پہنچنا بہت پیچیدہ تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج رفح کے شبورا محلے میں واقع عمارت پر صبح 1 بجے کے قریب پہنچی اور اندر گھسی، جب یرغمالیوں کو نکالا جا رہا تھا تو ملحقہ عمارتوں میں مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

    اسرائیلی حکام نے بتایا کہ دونوں یرغمالیوں کی طبی حالت بہتر ہے، اور انھیں تل ہاشومر کے شیبا میڈیکل سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے، حکام نے کہا مشترکہ کارروائی فوج، اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسی اور اسرائیلی پولیس نے مشترکہ طور پر کی۔

    ادھر اسرائیل نے 2 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے، اسرائیلی فوج نے کہا کہ اتوار کو لڑائی میں اس کے دو فوجی مارے گئے ہیں، دونوں کی عمریں 21 سال تھیں اور میگیلان یونٹ سے ان کا تعلق تھا، یہ فوجی جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران مارے گئے۔

  • رات بھر رفح پر اسرائیلی فضائی و سمندری حملے، 63 فلسطینی شہید

    رات بھر رفح پر اسرائیلی فضائی و سمندری حملے، 63 فلسطینی شہید

    غزہ: فلسطینی شہر رفح پر صہیونی فورسز کے حملے جاری ہیں، خطے کے اسٹیک ہولڈرز اور امریکا و برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کے زمینی مشن کی مسلسل مخالفت کے باوجود صہیونی تیاری عروج پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملے کو 129 واں دن ہے، غزہ میں وزارت صحت کے مطابق رات بھر رفح پر اسرائیلی فضائی اور سمندری حملوں میں کم از کم 63 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

    صہیونی فوج کے اہلکاروں نے مساجد اور گھروں کو نشانے پر رکھ لیا، رفح کے مضافات میں گولہ باری سے عمارتیں کھنڈر بن گئیں، غزہ میں بھی اسرائیلی بربریت کی انتہا ہو گئی ہے، تل الحوا اور ریمال سے 100 شہید فلسطینیوں کی لاشیں ملی ہیں، جنھیں سروں پر گولیاں مار کر شہید کیا گیا ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 112 فلسطینی شہید اور 173 زخمی ہوئے ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 28 ہزار 176 ہو گئی ہے، جب کہ 67,784 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہو چکے ہیں۔

    الاقصیٰ ٹیلی ویژن چینل نے اتوار کے روز حماس کے ایک سینئر رہنما کے حوالے سے بتایا کہ رفح پر اسرائیل کی منصوبہ بند زمینی کارروائی کے بعد قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات نہیں ہوں گے، ادھر یو این ادارے UNRWA کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اشدود بندرگاہ پر غزہ کے لیے خوراک کی ایک ماہ کی سپلائی کو روک دیا ہے۔

  • رفح پر اسرائیلی حملہ، سعودی عرب اور مصر نے خبردار کر دیا

    رفح پر اسرائیلی حملہ، سعودی عرب اور مصر نے خبردار کر دیا

    ریاض/قاہرہ: سعودی عرب اور مصر نے اسرائیل کو جنوبی غزہ کی پٹی میں واقع فلسطینی شہر رفح پر حملے کے سلسلے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطرناک نتائج کا باعث بنے گا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح شہر پر اسرائیل کا حملہ انتہائی خطرناک نتائج کا باعث بنے گا، مصر نے بھی تل ابیب کو وارننگ دے کر کہا ہے کہ اگر فلسطینیوں کو بے گھر کر کے مصر منتقل کیا گیا تو دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ معطل ہو جائے گا۔

    اسرائیلی اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اردن بھی جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کے منصوبہ بند فوجی آپریشن پر خطرے کی گھنٹی بجانے والے ممالک میں شامل ہو گئے ہیں۔ ابوظبی کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے آپریشن کے بارے میں ’گہری تشویش کا اظہار کیا ہے‘ اور کہا کہ اس کے نتیجے میں سنگین انسانی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    سعودی عرب نے ہفتے کے روز کہا کہ گنجان آباد رفح میں اسرائیل کا منصوبہ بند فوجی آپریشن ’انسانی تباہی‘ کا باعث بنے گا، اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ مملکت نے رفح میں آپریشن کے انتہائی خطرناک نتائج سے خبردار بھی کیا اور اس کی سخت مذمت کی۔

    دوسری طرف وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق مصری، قطری، امریکی اور اسرائیلی حکام کی ملاقات منگل کو قاہرہ میں ہوگی جس میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔

    غرہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، رفح میں اسرائیلی فضائی بمباری جاری ہے، جس سے گزشتہ روز 25 فلسطینی شہید ہوئے، فضائی بمباری کے بعد اسرائیل زمینی آپریشن کی بھی تیاری کر رہا ہے، اسرائیل نے رفح سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے اور زمینی حملے کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، واضح رہے کہ رفح میں 15 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔